All posts by Khabrain News

پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری، مارٹن گپٹل کی کراچی کنگز کے خلاف شاندار سنچری

کراچی: (ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مارٹن گپٹل نے پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری جڑ دی، وہ آخری گیند پر 117 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے 19 ویں اوور میں مارٹن گپٹل نے کراچی کنگز کے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی کیخلاف 30 رنز بنا ڈالے اور اسی دوران اپنی سنچری بھی مکمل کی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کراچی پولیس آفس کا دورہ

کراچی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گزشتہ روز دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کراچی پولیس آفس (کے پی او) کا دورہ کیا۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کے پی او کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور کور کمانڈر کراچی بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار اور ایک سویلین بھی شہید ہوا تھا۔
دوسری جانب کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

شہباز شریف کی ترکیہ زلزلہ زدگان کیلئے 1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے 1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم سے پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی، شہباز شریف نے خیموں کے معیار کے تعین کیلئے وزیر منصوبہ بندی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ بھیجے جانے والے خیموں کا بین الاقوامی معیار یقینی بنایا جائے، فوری طور پر ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پریزیڈنسی سے درکار خیموں کی خصوصیات کے حوالے سے مشاورت کی جائے، ترکیہ میں خیموں کی فوری ضرورت پوری کرنے کیلئے فضائی راستے سے خیمے بھیجے جائیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان سے بھیجے جانے والے خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی جائے، پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکار اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، انہوں نے اپیل کی کہ ترکیہ کے بہن بھائیوں کی مدد کی خاطر خیمہ سازی کے صنعتکار حکومت کو کم نرخوں پر خیمے فراہم کریں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے خوراک، گرم کپڑے اور خشک دودھ بھیج رہا ہے، پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات دہائیوں پر مبنی ہیں، پاکستان کی معاشی مشکلات کے باوجود ہم ترکیہ کے بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔

عدلیہ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، مریم اور وزراء کو بھی عدالت طلب کرے: اسد عمر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ آج عدلیہ پر بدترین الزامات لگائے جا رہے ہیں، عدالت مریم صاحبہ اور ان کے وزراء کو بھی توہین عدالت کیس میں طلب کرے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ لگ رہا ہے ملک کے اندر کوئی آئین اور قانون نہیں ہے، سپریم کورٹ غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، دیدہ دلیری کے ساتھ قانون کو توڑا جا رہا ہے، ملک کا وزیر داخلہ ٹیپ بارے خود اعلان کرتا ہے، ان کی مہم کا مقصد عدلیہ کے ادارے کو نشانہ بنانا ہے، یہ عدلیہ پردباؤ ڈال رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے مزید کہا کہ کوئی ابہام نہیں 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، جب مریم نواز کا عدالتی فیصلے پر پاسپورٹ بحال ہو جائے تو وہ عدالت ٹھیک ہوتی ہے، 26 نومبر کو میرے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ بنایا گیا تھا، میں نے پاکستانی کی حیثیت سےعدلیہ سے گلے کا اظہار کیا، میں نے کہا ارشد شریف کی والدہ کو انصاف نہیں مل رہا۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے گورنر سندھ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بین الصوبائی ہم آہنگی، سندھ اور پنجاب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے عوام کو فائدہ ہو گا، معاشی چیلنجز کے باعث ملک میں اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے کام کرنے کا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ رینجرز اور سندھ پولیس نے گزشتہ شب ملک دشمنوں کی سازش کو ناکام بنایا، ہم انتہائی نازک دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں ذاتی مفاد کو پس پشت ڈالنا ہوگا، یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔

انسٹاگرام نے براڈ کاسٹ چینلز نامی فیچر متعارف کرادیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مارک زکر برگ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر’براڈ کاسٹ چینلز‘ نامی فیچر متعارف کرادیا۔ فیچر متعارف کرائے جانے کے ساتھ ہی سربراہ میٹا نے ’میٹا چینل‘ بھی متعارف کرایا ہے۔
براڈ کاسٹ چینلز ’ون-ٹو-مینی(ایک ذریعے سے کئی تک)‘ پیغام رسانی کا ایک ایسا فیچر ہے جس کی مدد سے تخلیق کار اپنے فالوورز کے ساتھ ٹکسٹ، ویڈیو اور تصاویر شیئر کر سکیں گے۔اس کے ساتھ یہ ایپ میں ایک طرفہ پیغام رسانی کے ایک طریقے کا بھی اضافہ ہے۔
چینلز میں لکھے ہوئے پیغامات کے علاوہ، تصاویر، پولز، ری ایکشن اور دیگر فیچرز بھی شامل ہیں۔ یہ بالکل ویسے ہی ہے جیسے ابھی تخلیق کار اسٹوریز کا استعمال کرتے ہیں۔
تاہم، یہ فیچر ابھی امریکا کے کچھ تخلیق کاروں کے لیے آزمائشی بنیاد پر متعارف کرایا گیا ہے اور آئندہ مہینوں میں عام صارفین کے لیے اس فیچر کا متعارف کرایا جانا متوقع ہے۔
سربراہ میٹا کے مطابق کمپنی یہ فیچر میسنجر اور فیس بک پر متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک بار پھر ہزاروں روپے کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک روز کمی کے بعد ایک بار پھر ہزاروں روپے کا اضافہ ہو گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 2800 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 24 قیراط سونے کی قیمت ایک لاکھ 96 ہزار روپے تولہ ہو گئی ہے۔
10 گرام سونے کی قیمت 2400 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 54 ہزار 35 روپے ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 19 ڈالر اضافے کے بعد 1843 ڈالر فی اونس ہو گیا ہے۔

آڈیو لیک: نواز شریف کی سزا کا ازالہ عدلیہ کو خود کرنا پڑے گا، مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو کوئی ادارہ سپورٹ نہیں کررہا البتہ فیض کی باقیات اُس کی معاونت کررہی ہیں، آڈیو لیک کے بعد عدلیہ کو دو چار کرداروں کا احتساب کرنا ہوگا اور نواز شریف کی سزا کا ازالہ بھی خود کرنا ہوگا۔
لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم کی پارٹی کے بیٹ رپورٹرز سے ملاقات میں غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں موجود ’فیض‘ کی باقیات موجود ہیں وہ اب بھی عمران خان کو سپورٹ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’مسلمُ لیگ ن ہمیشہ سے مسلم لیگ ن تھی نوازشریف دور گئے تو پارٹی مشکلات کا شکار رہی، مسلم لیگ ن کو احساس ہوا کہ نوازشریف پارٹی کیلیے کتنے ضروری ہیں،
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اور دوسرے لوگ گریبان پکڑ کررہے ہیں، پی ٹی آئی بنکرز سے باہر نہیں نکل رہی وہ تیز نہیں چل رہے۔ عوام و معیشت کا بیڑا غرق تحریک انصاف نے کر دیا ہے ہم تعمیر نو کررہے ہیں، نوشتہ دیوار پر پی ٹی آئی کی شکست نظر آ رہی ہے، عمران خان بل میں چھپے ہوئے ہیں چوہے کی طرح باہر نہیں اور کورٹ میں بھی نہیں آ رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم میدان میں ہیں کہنے میں کوئی قباحت نہیں مہنگائی پر لوگوں کا اچھا رسپانس نہیں ملے گا، لوگوں کو چیزوں کا علم ہے چار سال عمران حکومت میں ایک بار جلسہ نہیں کر سکے، عمران خان اور ان کے ساتھی مکافات عمل کا شکار ہوئے ہمیں بھی معلوم تھا کیا کرتے رہے، عمران خان جیسے لوگوں کو احتساب سے نہیں چھوڑنا چاہئیے، احتساب انتقام کیلئے نہیں بلکہ ہمیں لائن ڈرا کرنا ہے اور آنے والے وقتوں میں لائحہ عمل بنانا ہے۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ گریٹ گیم نہیں رہی کردار قوم کے سامنے آ چکے ہیں، عدلیہ کو باور کروانا چاہتی ہوں احتساب سے ادارے کمزور نہیں مضبوط ہوتے ہیں، ایک یا دو کردار جس سے عدلیہ پر انگلیاں اٹھتی تو روک تھام و احتساب خود کرنا ہوگا، قوم کا اربوں روپے کبھی سوشل میڈیا پر نہیں لگایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اب نوازشریف کی سزا والا ازالہ عدلیہ کو خود کرنا پڑے گا اگر وہ داغ نہیں دھوئے گی تو مستقبل کا راستہ مشکل ہو جائے گا۔ نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے اور وہ باعزت بری ہوں گے کیونکہ فیصلے دینے اب خود بول پڑے ہیں کہ اُن سے فیصلے کروائے گئے۔ انصاف کا معیار پورا نہیں کریں گے تو مسائل ہوں گے۔
‘’ٹیریان ہو ہیرو کا کیس ہو یا فارن فنڈنگ کیس، ایک سو پانچ ملین پائونڈ جیب میں پیسے ڈالنے کا تو وہ اب بچ نہیں پائے گا، عمران خان عدالت میں نہیں جا سکتے پلاسٹر کا بہانہ بنانا پڑتا ہے، جتنی سہولت عدلیہ کی طرف سے عمران خان کو ملی کسی کو بھی نہیں دی گئی جبکہ وہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، انصاف کے دوہرے معیار سے بڑا ظلم کچھ نہیں ہو سکتا‘۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بھی عمران خان دھمکیاں دیتے ہیں کیونکہ انہیں عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کے بل بوتے پر چلنے کی ان کی عادت ہے، پی ٹی آئی پر جو الزامات ن لیگ پر ہوتے تو بہت برا حشر ہوتا، عمران خان کے ساتھ کیسے بیٹھ سکتے ہیں جس کا نظریہ شروع سے ہی غلط ہے اور وہ چاہتا اسٹیبلشمنٹ اس پر دستِ شفقت رکھے۔
مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ پرانی جماعت تھی روایتی جماعت کے سوشل میڈیا کی اہمیت کے بارے میں اب احساس ہوا ہے، ملک میں کونے کونے میں آواز پہنچانے کیلئے ملک میں سوشل میڈیا کو مضبوط کررہے ہیں، لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں کہ جواب پی ٹی آئی کو کیوں دیتے ہیں، آج مقابلہ ترقیاتی کاموں کا نہیں بلکہ گالیوں کا مقابلہ ہے ، ملک ترقی پذیر ہے اس کو فوکس ترقی پر کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’ایبٹ آیاد میں مجھے کہا گیا کہ ن لیگ پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرتی، ہماری جماعت کا ڈی این اے جذباتی نہیں ہے، لوگ مار دھاڑ نہیں گالی گلوچ کا جواب مانگتے ہیں، ن لیگ کا نظریہ پرفارمنس ہے واپس پاکستان کو اسی پر آنا پڑے گا، گالی گلوچ سے ملکی معیشت پر اثر ہوتا ہے، ہم سوشل میڈیا پر ملک اور پاکستان کا بھرپور دفاع کریں گے اور اس میدان کو خالی نہیں چھوڑیں گے‘۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے ایک بار پھر کہا کہ ’حکومتی ذمہ داری میری نہیں نہ پہلے نہ آج میرے پاس کوئی حکومتی عہدہ ہے، حکومت کا حصہ نہیں لیکن دعاگو ہوں کہ حکومت دن رات محنت کرے‘۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ نہ صرف ن لیگ بلکہ سب سیاسی جماعتوں کا ہوناُچاہیے، ہمارا بیانیہ ووٹ کو عزت دو اور وہ کہتے ہمیں حکومت دو، جھوٹ کی زندگی مختصر ہوتی ہے، پہلے بولے سازش امریکی نے کی تو محسن نقوی سے ہوتی ہوئی اختر لاوا تک پہنچ گئی۔
انہوں نے کہا کہ اداروں نے خود محدود کر دیا تو میں کیوں اُن سے لڑائی کروں گی اور اس وقت ملک کو مفاہمت کی زیادہ ضرورت ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ایک شخص جب اقتدار میں تھا کہ الیکشن وقت پر ہونے کی رٹ لگا کر رکھتا تبا، پھر اسمبلیوں سےاستعفی دئیے اب واپس لئے گئے، عمران خان کی مرضی سے ملک نہیں چل سکتا اس کا آئین طے کرے گا، اسمبلی پانچ سال کیلئے منتخب ہوتی ہیں تو وقت پورا ہونا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’جب بھی الیکشن ہوں تو بالکل تیار ہیں عوام کے پاس جا رہی ہوں، الیکشن جیتیں گے محنت کررہے ہیں۔ابھی پلان ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے کیسے بچانا ہے، اگر آئی ایم ایف کی بات مانیں تو پھنستے ہیں اور نہ مانیں تو پھنستے ہیں، سو فیصد یقین ہے شہباز شریف اور اسحاق ڈار چاہتے ہیں بحران سے ملک کو نکالیں، میری اور شہباز شریف کی آڈیوز آئی ہیں لیکن کوئی ایسی چیز نہیں جو ملک کے خلاف ہو، نیب سے کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں جس نے کچھ نہیں کیا اسے سکون سے رہنا چاہیے ، نیب ترامیم کے خلاف ہوں اور اپنی رہائی میں بھی نیب سے سہولت نہیں لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کچھ نہیں کیا جب ان کی باری آئی تو نیب ترامیم سے فائدہ ہوا جو جرم میں رنگے ہوئے ہیں، ہم نےجو نیب ترامیم کیں وہ عمران خان کے کام آ رہی ہیں، احتساب کے اداروں سے مسئلہ نہیں بلکہ اس کے غلط استعمال سے مسئلہ ہے۔

چین سلامتی کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے، وانگ ای

میونخ: (ویب ڈیسک) چین کی سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور سینٹرل فارن افیئرز کمیشن کے ڈائریکٹر وانگ ای نے کہا ہے کہ چین سلامتی کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔
وانگ ای نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے دوران پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، چینی میڈ یا کے مطا بق اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے سٹریٹجک پارٹنر ہیں اور فریقین کے درمیان دوستی چٹان کی مانند مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ سٹریٹجک اتفاق رائے پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور نئے دور میں بہترین معاشرے کی تعمیر کا خواہاں ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ چین سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور ترقی و احیا کے حصول میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اپنی صلاحیت کے مطابق پاکستان کو درپیش عارضی مشکلات پر قابو پانے میں مدد فراہم کرنے پر آمادہ ہے، ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے پاک چین تعلقات کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کا دوست ہے اور چین کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی اور سی پیک کی تعمیر کو فروغ دینا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا اور پاکستان میں چینی اداروں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، فریقین نے موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

تین سالہ ترک بچہ جو موٹرسائیکل اور کار چلاسکتا ہے

انقرہ: (ویب ڈیسک)ترکی کے غیرمعمولی بچے کا دنیا بھر میں چرچا ہے اور صرف تین سال کی عمر میں موٹرسائیکل چلاسکتے ہیں بلکہ قیمتی فیراری کار چلاکر اسے محفوظ انداز میں پارک بھی کرسکتے ہیں۔
زین سوفوگلو ترک موٹرسائیکل کھلاڑی کینان سوفوگلو کے بیٹے ہیں۔ زین نے آنکھ کھولتے ہی اپنے اطراف میں اسپورٹس بائیک اور کاریں دیکھیں۔ ان کے والد بھی اب تک ’سپراسپورٹس کے پانچ عالمی ٹائٹل‘ اپنے نام کرچکے ہیں۔
زین نے دوبرس کی عمر سے بچوں کی موٹرسائیکل چلانا شروع کیں اور اب وہ فیراری کار کچھ دور چلاکر بالکل درست انداز میں پارک کرسکتے ہیں جو اس ویڈیو میں بھی دیکھی جاسکتی ہے۔ اگرچہ وہ گاڑی کے اسکرین کے بار بھی نہیں دیکھ سکتے لیکن ڈیش بورڈ پر کیمرہ لگا کر اس کی براہِ راست ویڈیو ٹیبلٹ پر دیکھتے ہیں۔ اسی کی بدولت وہ بہت سکون سے کار چلاتے ہیں جس پر ان کی مہارت دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔
انسٹاگرام پر زین کے دس لاکھ مداح ہیں کیونکہ اس عمر کا بچہ زین جیسے کام کرنے کے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا۔ ایک ویڈیو میں وہ فیراری گاڑی گیراج سے نکالتے ہیں، اسے دائرے میں گھماتے ہیں اور دوبارہ تنگ گیراج میں پارک کرتے نظر آتے ہیں۔
تاہم بہت سے افراد نے زین کے والدین پر تنقید کی ہے کہ انتہائی کم عمر میں وہ ایک خطرناک کام کررہا ہے اور والدین اس کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ لیکن زین کے والدین اسے خاطر میں نہیں لاتے۔