All posts by Khabrain News

امریکی حکام سے مذاکرات کیلئے افغان طالبان کا وفد ناروے روانہ

کابل: (ویب ڈیسک) امریکا حکام سے مذاکرات کیلئے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی قیادت میں طالبان وفد ناروے روانہ ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کا وفد اوسلو میں امریکی حکام سے ملاقاتیں کرےگا، افغان طالبان ناروے کےحکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے، افغان طالبان کاوفد چار روزہ دورے پرناروے گیا ہے،افغان طالبان وفد کےناروے میں قیام میں توسیع کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اجلاس: قومی اسمبلی، سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد لانے پر مشاورت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینیر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد لانے پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا عبدالغفورحیدری، میر کبیر شاہی، احسن اقبال، حافظ عبدالکریم، سکندر شیر پاؤ شریک ہوئے۔
اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاری اور خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر غور اور پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی رپورٹ اور الیکشن کمیشن کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں منی بجٹ،ا سٹیٹ بینک ترمیمی بل اور ای وی ایم مشین کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جب کہ صدارتی نظام پر چھیڑی جانے والی بحث پر سفارشات تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ہم کام کرتے ہیں اور ہمارے کام بولتے ہیں،عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقی کے سفر میں اب ہر شہر اور ہر گاؤں شریک ہے، ہم کام کرتے ہیں اور ہمارے کام بولتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے سابق صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا گیلانی کی ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورترقیاتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سید علی رضا گیلانی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے دیپالپور کو ضلع بنانے کی درخواست کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس تجویز پر ہمدردانہ غور کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔

لاہور دھماکا: حکومت کا جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلیے امداد کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کردیا۔
لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ اور زخمی افراد کے لیے ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دھماکے کے شدید زخمی افراد کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا۔
وفاقی وزیر حماد اظہر، وزیر بلدیات محمود الرشید، ڈپٹی کمشنر لاہور نے میو اسپتال کا دورہ کیا اور شدید 5 زخمی افراد کو فی کس 5 لاکھ روپے کے چیک دیے۔
وزرا کی جانب سے تین معمولی زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے گئے، تین جاں بحق افراد کے لواحقین میں فی کس دس لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جو زخمی گھر جاچکے ہیں انہیں گھر جاکر چیک تقسیم کیے جائیں گے۔
واضح رہے انارکلی بازار میں دو روز قبل ہونے والے دھماکے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہوئے تھے، دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دو مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا ہے جبکہ واقعے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پی ٹی آئی نے احمد جواد کی پارٹی رکنیت ختم کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احمد جواد کی پارٹی رکنیت ختم کر دی۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق احمد جواد کی پارٹی رکنیت قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات پر ختم کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی قائم کمیٹی نظم و احتساب نے احمد جواد کی پارٹی رکنیت ختم کی ہے۔
پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا کہ احمد جواد کو صفائی کا موقع دیا، انہیں 12 اور 19 جنوری کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے۔ احمد جواد نے صفائی پیش کرنے کے بجائے الزامات کی نئی فہرست بھجوائی۔
پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا کہ شواہد اور احمد جواد کے تحریری جواب کی روشنی میں پارٹی رکنیت ختم کرنےکافیصلہ کیا گیا۔ قائمہ کمیٹی نظم و احتساب کی 2 رکنی ذیلی کمیٹی نے اس حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔

سندھ میں انسداد پولیو مہم کاآغاز 24 جنوری سے ہوگا

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں انسداد پولیو مہم کاآغاز 24 جنوری سے ہوگا، 20اضلاع میں 58 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ترجمان ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کراچی میں 20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم 30 جنوری تک جاری رہے گی۔
ترجمان ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں جولائی 2020 سے اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

ہمارے ہاں گیس کی قیمت 2019 سے نہیں بڑھی: حماد اظہر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں گیس کی قیمت2019 سے نہیں بڑھی۔
وفاقی وزیرتوانائی نے کہا ہے کہ گیس کے ذخائر9 فیصد کے حساب سے گررہے ہیں ، عالمی منڈی میں گیس کی قیمتیں 5 فیصد بڑھیں ، ہمارے ہاں گیس کی قیمت2019 سے نہیں بڑھی۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں چارجز پر لوگوں کو تشویش ہے ، بجلی اور گیس کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
حماد اظہر نے کہا ہے کہ گیس ،بجلی اور دیگر منصوبوں پر لاہور میں کام جاری ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم سازی کا مرحلہ شروع ہوا ہے ، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔ لاہور میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے۔ لاہور کو تحریک انصاف کا قلعہ بنائیں گے۔
وفاقی وزیرتوانائی نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں بڑھی ہیں،اعتراف کرتا ہوں ، آنے والے دنوں میں بجلی اپنے ذخائر سے بنے گی۔

عمران خان اتوار کو ”آپ کا وزیراعظم” میں براہِ راست فون کالز سنیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کل اتوار کی سہ پہر تقریباً تین بجے پروگرام ”آپ کا وزیراعظم” میں عوام کی براہ راست فون کالز سنیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سیاسی امور کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا عمران خان شہریوں کی شکایات اور تجاویز سنیں گے اور انہیں حکومت کے کیے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کریںگے۔

’نیب قانون میں ترمیم ایک گھنٹے میں منظور اور جنوبی پنجاب پر 3 سال بعد صرف خط؟‘

لاہور: (ویب ڈیسک) ن لیگ رہنما رانا ثنااللہ نے جنوبی پنجاب صوبےسے متعلق شاہ محمود قریشی کے خط کو سیاسی شعبدہ بازی قرار دے دیا۔
رانا ثنا نے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم ایک گھنٹے میں منظور اور جنوبی پنجاب پر 3 سال بعد صرف خط؟ یہ لوگ کسے بے وقوف بنا رہے ہیں؟ تین سال میں نالائق ٹولہ جنوبی پنجاب پر ڈرامے کرتا رہا۔
رانا ثنا نے کہا کہ عمران نیازی نے شہباز شریف کو کوئی خط نہیں لکھا، تین سال بعد جنوبی پنجاب کے عوام کو منجن بیچنے کی ضرورت نہیں، ترقی کرتے پنجاب کو تباہ کرکے بھی شعبدہ بازیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کو جو ترقی دی ہے، وہ نالائق حکومت کے منہ پر تھپڑ ہے، الیکشن اسٹنٹ اور سیاسی شعبدہ بازی سے صوبے نہیں بنتے۔

ایم کیو ایم کا سندھ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) بلدیاتی قانون کے خلاف ایم کیو ایم پہلے ہی میدان میں ہے جب کہ گزشتہ روز ٹنڈوالہیار میں کارکن کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس کنوینر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت کراچی میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مجموعی صورتحال پر غور کے بعد کل کارکنان کا ہنگامی جنرل ورکرز اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جسمیں مشاورت کے بعد بڑے اعلانات متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج اور سڑکوں پر آنے پر غور کیا گیا اور پارٹی کے تمام ذمے داران اور کارکنوں کو کل بہادرآباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی
ذرائع کے مطابق جنرل ورکرز اجلاس میں پی پی کی زیادتیوں سمیت بلدیاتی قانون پر اہم فیصلے کیے جائیں گے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں ریلیاں نکالنے اور دھرنے کی جگہ اور دن سے متعلق کارکنوں سے مشاورت کی جائیگی۔