All posts by Khabrain News

بی ایل اے کا کمانڈر رزاق مندلی عرف انجنئیر افغانستان میں مارا گیا

 اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق بلوچ لبریشن آرمی ( بی ایل اے ) کا دہشت گرد کمانڈر رزاق مندلی عرف انجنئیر مارا گیا، ذرائع نے بتایا ہشتگرد کمانڈر کو افغانستان میں مالی تنازع پر مارا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گرد نوشکی احمد وال کا رہائشی اور کافی عرصے سے افغانستان میں مقیم تھا اور کالعدم پارٹی کے لیے فنڈجمع کرتا تھا۔ذرائع کے مطابق مارے جانے والا کمانڈر اسلحہ بارود افغانستان سے پاکستان منتقل کرتا تھا ، بارود اور اسلحہ نوشکی کے راستے منتقل کیا جاتا تھا۔ذرائع نے بتایا دہشت گرد نے 2011میں کوئٹہ میں خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی جبکہ مختلف دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔یاد رہے رواں ماہ ہی پاکستان میں خودکش دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں مارا گیا تھا ، افغان صوبے میں کالعدم تنظیموں کے آپسی جھگڑے میں ایک گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا تھا، جس میں نور گل ، نائب امیرحاجی رشیدعرف ماماہلاک اور کمانڈر وحید گل زخمی ہوا تھا۔ذرائع کے مطابق نور گل پاکستان میں ہائی پروفائل دہشت گرد ی میں ملوث رہا، جبکہ دہشت گرد اسلام آبادہائیکورٹ خودکش حملے اور شاہ نورانی مزارپر خودکش حملوں کے ماسٹر مائنڈ بھی تھے۔

کوہاٹ میں خانہ بدوشوں کے خیمے پرآسمانی بجلی گرگئی

کوہاٹ: (ویب ڈیسک) کوہاٹ کے دور افتادہ علاقے پستہ ونی میں خانہ بدوشوں کے خیمے پرآسمانی بجلی گرگئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی سےجھلس کر 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
علاوہ ازیں پشاور کے متنی بازار کے قریب مکان کی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ جنہیں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مکان کی چھت بارشوں کے باعث بوسیدہ ہوچکی تھی۔ ریسکیو ٹیم کے مطابق ملبے تلے دبے دو زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

نوازشریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ 100 فیصد عمران خان کا تھا: اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہےکہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ 100 فیصد عمران خان کا تھا۔
ایک بیان میں اسد عمر نے کہا کہ جس میٹنگ میں نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ ہوا، میں اس میں شریک تھا، جس وقت یہ ڈسکشن ہوئی کمرے میں 6 سے 8 لوگ بیٹھے تھے جب کہ نواز شریف کو بھیجنے کا معاملہ پہلے کابینہ میں ڈسکس ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ 100 فیصد عمران خان کا تھا اور عمران خان نے یہ نہیں کہا کہ یہ فیصلہ ان کا نہیں تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ کمرے میں بیٹھی تھی اور نواز شریف کو باہر بھیجنےکے فیصلے پر سب کی رائے مختلف تھی۔
اسد عمر کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ جن میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر وہ فیصلہ کیاگیا وہ جھوٹی ثابت ہوئیں۔

جنوبی پنجاب صوبے پر آئینی ترمیم کیلئے بلاول اور شہبازشریف کو خط لکھا ہے، شاہ محمود

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانےکے لیے بلاول بھٹو اور شہبازشریف کو آئینی ترمیم کے لیے خط لکھ دیا ہے، اب دیکھیں اُن کی جانب سے کب جواب آتا ہے۔
ملتان میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں کامیاب ہوگئے تو اس کا کریڈٹ بھی دونوں کو جماعتوں کو دینے کے لیے تیار ہیں۔
شاہ محود قریشی نےکہا کہ آج بہاولپور اور ملتان میں سیکرٹریٹ تعمیر ہوچکےہیں، ہم نےفیصلہ کیا ہےکہ جنوبی پنجاب کا پیسا صرف جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہوگا، یوسف رضا گیلانی نےکہا ہمیں سیکرٹریٹ نہیں صوبہ چاہیے، وزیراعظم عمران خان کی اجازت سے پیپلزپارٹی کی قیادت کو خط لکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو خط لکھا کہ جنوبی پنجاب کے لیے ہم آگے بڑھنےکو تیار ہیں،کیا آئینی ترمیم کے لیے پیپلزپارٹی ساتھ دےگی؟ شہبازشریف کو بھی خط لکھا کہ ہم آگےبڑھنےکو تیار ہیں، لیکن کیا آئینی ترمیم کے لیے ن لیگ ساتھ دےگی؟ اگر آپ یہ آئینی ترمیم کرتے ہیں توہم یہ سہرا آپ کے سر باندھنےکو تیار ہیں،ہم آپ کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، صرف گفتگو سے یہ ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عاجزانہ طورپر درخواست کی ہےکہ آئیں ، مل کر آگے بڑھتے ہیں، جو بھی جواب دینا چاہتے ہیں، میں ان کے جواب کا منتظر ہوں، جنوبی پنجاب کے دیگر ایم این ایز سے درخواست ہےکہ ن لیگ اور پی پی قیادت سے بات کریں، درخواست ہے اس معاملے پر سیاست نہ کریں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ احتجاج پیپلزپارٹی کا حق ہے،27 فروری کو وہ وہاں سے نکلیں گے، ہم یہاں سے نکلیں گے، راستے میں ملاقات ہو جائےگی۔

کورونا کی نئی پابندیاں کا جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگا

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کا نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی اوسی) کا جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگا۔
این سی او سی کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک اور جعلی نوٹیفکیشن وائرل ہو رہا ہے جس میں کورونا وائرس کے باعث نئی پابندیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
این سی او سی کے بیان کے مطابق ایسا کوئی نوٹیفکیشن ادارے کی طرف سے جاری نہیں کیا گیا ہے۔

اداکار نسیم وکی، آغاماجد پر فائرنگ کا مقدمہ درج

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) معروف اداکاروں نسیم وکی اور آغاماجد پر فیصل آباد میں فائرنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ٹی وی اور سٹیج کے نامور مزاحیہ اداکار نسیم وکی اور آغا ماجد جمعرات کی شب سبینہ تھیٹرمیں پرفارمنس کے بعد لاہور جانے کے لئے راجباہ روڈ سے گزر رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی کار پر فائرنگ کر دی، واقعہ میں دونوں اداکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
نسیم وکی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں تھیٹر محفوظ نہیں اس تاثر کو ختم کرنے کے لئے پرفارم کرنے آیا فائرنگ کرنے والے لوگ کون ہیں نہیں جانتا۔
سی پی او فیصل آباد مبشر میکن نے اداکار نسیم وکی سے ملاقات کی اور انہیں جلد انصاف کا یقین دلایا۔
سی پی او کا کہنا تھا فیصل آباد کے تھیٹر کو محفوظ بنایا جائے گا۔
دوسری طرف واقعہ کا مقدمہ تھانہ ریل بازار میں درج کر کے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزموں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فیصل آباد میں مرد و خواتین سٹیج اداکاروں کے ساتھ تشدد اور فائرنگ کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں جس کی وجہ ایسے واقعات پر ملزموں کے خلاف کارروائی کا نہ ہونا ہے۔

لاہور دھماکا: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا ملزموں تک پہنچنے کا دعویٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لاہور دھماکے کے ملزموں تک پہنچنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے تمام اداروں کوالرٹ جاری کیا ہے، تمام اداروں کوکہا ہے جاگتے رہنا ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانی دی، جوہرٹاؤن کے بعد انارکلی میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے، بی این اے ایک چھوٹا سا گروپ ہے، پتا نہیں ابھی بی ایل اے نے انارکلی حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے یا نہیں۔ دھماکے میں ایک آدمی کے پیچھے ہیں، ابھی کچھ نہیں کہنا چاہتا ورنہ شام کوبھارتی میڈیا میرے پیچھے پڑ جائے گا، دہشت گرد کے قدموں کے چاپ کے پیچھے چل رہے ہیں۔
اپوزیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں اپوزیشن نے کہا اب دنوں کی بات ہے، عمران خان کہیں نہیں جارہا، عمران خان کی حکومت اپوزیشن کی جڑوں میں بیٹھ گئی ہے، جوکہہ رہے تھے حکومت جارہی ہے ان کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ پیپلز پارٹی کی ٹریکٹر ریلی دراصل ’ریڑھا ریڑھی مارچ‘ ہے۔
اپوزیشن کو تجویز دیتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اوآئی سی اجلاس 23 مارچ کو ہو گا، اپوزیشن 4 دن پہلے یا بعد میں احتجاج کرلے۔ اپوزیشن کوخود سوچنا چاہیے۔ اپوزیشن کے انجن میں دھواں پھنسا ہوا ہے، عدم اعتماد کی بات کرتے ہیں یہ منہ اورمسورکی دال؟ اپوزیشن والے کس منہ سے اسلام آباد آرہے ہیں، انہوں نے ملک کولوٹا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کومنظورہوا عمران خان پانچ سال پورے کرے گا، نا ہم جا رہے ہیں نا آپ اس قابل ہے کہ اسلام آباد آئیں گے، اگراپوزیشن نے کوئی ایسی غلطی کی توان کے گلے میں ڈھول ڈال کر پیٹا جائے گا، اپوزیشن بلاول کے ساتھ ملکراسلام آباد آجائے، اگریہ قانون کوہاتھ میں لیں گے تو پھرہم ان کوہاتھ میں لیں گے، ایمرجینسی، صدارتی نظام کا بڑا شورہے، کابینہ میں ابھی تک ایسی کوئی تجاویزنہیں آئی۔
اسلام آباد میں ناکوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جب تک میں زندہ ہوں اسلام آباد کے ناکے بحال نہیں ہوسکتے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی بھارت کواچھی نہیں لگتی، بھارت میں مسلمانوں کونشانہ بنایا جا رہا ہے، سیکولربھارت ختم ہو چکا، انتہا پسند بھارت بن چکا ہے۔ چین کی دوستی پرہمیں فخرہے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں چین سے دورنہیں کرسکتی۔ عالمی طاقتیں داسو، بھاشا، سی پیک کوروکنے کی سازشیں کر رہی ہے۔
کالعدم تحریک طالبان سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی شرائط ناقابل قبول تھی اس لیے بات چیت آگے نہیں بڑھی، سیزفائر کالعدم ٹی ٹی پی نے خود توڑی، ٹی ٹی پی اگرلڑے گی توان سے لڑیں گے، اگرمذاکرات کریں گے تودروازے کھلے ہیں، پچھلے 3 ماہ میں دہشت گردی کی لہرمیں اضافہ ہوا ہے۔ این ڈی ایس’’را‘‘کوافغانستان میں شکست ہوئی، ان کے چھوٹے موٹے گروپس پاکستان میں دہشت گردی کی فضا بنانا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کوشکست فاش ہو گی۔

جج کو اللہ کی ذات اور آئین کا ڈر ہونا چاہیے، جسٹس قاضی فائز عیسٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا ہے کہ جج کو اللہ کی ذات اور آئین کا ڈر ہونا چاہیے۔
قاضی فائز عیسی بغیر پروٹوکول کے پیدل لاہور ہائیکورٹ پہنچے اور بارش سے بچنے کیلئے چھتری بھی خود پکڑ رکھی تھی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے لاہور ہائیکورٹ بار میں عدلیہ کے موجودہ نظام میں بہتری کےلیے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج تقریب میں پیدل ہائیکورٹ آیا ہوں، لاہور کو پاکستان کا دل کہتے ہیں مگر آج مجھے بڑی تکلیف ہوئی، جی آر او سے آتے ہوئے دیکھا کہ بلاوجہ راستوں کو بند کیا ہوا ہے، گٹر کھلے ہوئے تھے اور ہر جگہ پانی کھڑا ہوا تھا، اگر یہ مال روڈ کی حالت ہے تو پھر باہر کی روڈز کا کیا حال ہوگا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ راستے میں ایک صاحب کا گیٹ تھا ، پتہ نہیں کتنا بڑا گیٹ تھا ، میں ان صاحب کا نام نہیں لو گا کیونکہ میں سیاسی نہیں ہوں، یہ سب کیا ہے باہر تو ایسا نہیں ہوتا، وہاں تو ایئر پورٹ پر وی آئی پیز کے اعلانات بھی نہیں کیے جاتے، یہاں پتہ نہیں کیا کیا ہورہا ہے، اہم شخصیات کو کیوں فوقیت ملتی ہے، ان کے لئے سائرن بجائے جاتے ہیں، شور کی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے، کیوں وہ جلدی پہنچیں، مجھے نہیں سمجھ آتا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ لاہور میں حال ہی میں بڑا افسوسناک سانحہ ہوا ہے، اگر میرے ساتھ پولیس ہوگی تو لوگوں کی حفاظت کون کرے گا، میرے ساتھ پولیس کے چلنے سے بہتر ہے وہ لوگوں کی حفاظت کرے، ہمیں قوانین پر عمل کرنا ہوگا، آئین اور قانون میں رہ کر فیصلے کرنے کو اچھا سمجھتاہوں، جج کو بہادر نہیں ڈرپوک ہونا چاہیے، جج کو اللہ تعالیٰ اور آئین کا ڈر ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وکلا کی ہڑتال کی سزا سائلین کو بھگتنا پڑتی ہے، جج اور عملے کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ انہیں اپنی تنخواہ ملتی رہتی ہے، سزا سائل بھگتتا ہے، سول اور ایڈیشنل سیشن ججز کی تقرری کیلئے امتحان ہو سکتا ہے تو ہائیکورٹ ججز کی تقرری کیلئے امتحان کیوں نہیں ہو سکتا۔

پاکستان نے عریبئن سی ٹائٹل باکسنگ چیمپئن شپ جیت لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے عریبئن سی ٹائٹل باکسنگ چیمپئن شپ جیت لی۔
عریبئن سی ٹائٹل فائٹ میں پاکستان کے باکسر مظفر خان اور افغانستان کے باکسر آغا سمیر مدمقابل ہوئے۔ پاکستان کے مظفر خان نے افغانستان کے آغا سمیر کو شکست دی۔
پاکستانی باکسر مظفرخان نے افغان باکسر کو 5ویں راؤنڈ میں شکست دی۔ 10 راؤنڈ کے مقابلے میں مظفر خان نے افغانی باکسر کو 5ویں راؤنڈ میں ہی ناک آوٹ کر دیا۔
پاکستان اور افغانستان کی ٹائٹل فائٹ سے قبل نمائشی مقابلے بھی ہوئے تھے۔
مظفر خان نے کہا کہ سپورٹ کرنے پر پاکستانی شائقین کا شکرگزار ہوں اور پاکستانی قوم کی دعاؤں کی وجہ سے یہ ٹائٹل جیتا ہوں۔

سعودی اتحادی فورسز کا یمن میں جیل پر حملہ، اقوام متحدہ نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا

نیو یارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے سعودی اتحادی فورسز کے یمن کی جیل پر فضائی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز سعودی اتحادی فورسز نے شمالی یمن کی ایک جیل پر فضائی حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں 80 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ متحدہ عرب امارات پر مشتبہ ڈرون حملے اور سعودی شہروں پر بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی فورسز نے یمن کے حوثیوں پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی اتحادی فورسز نے یمن کے شہر صعدہ کی جیل پر بمباری کی جس میں کم از کم 80 قیدیوں کی ہلاکت کی رپورٹس سامنے آئی ہیں جب کہ متعدد قیدی شدید زخمی ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ فورسز کے حملوں کے نتیجے میں صعدہ کے اسپتال میں 138 زخمیوں کو لایا گیا جب کہ دیگر شہروں کے اسپتالوں میں بھی زخمیوں کو پہنچائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سعودی اتحادی فورسز کے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہےکہ فوری طور پر مؤثر اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔
بین الاقوامی تنظیم ریڈ کراس کے ترجمان کا کہنا ہےکہ صعدہ کی جس جیل پر حملہ کیا گیا اس میں مہاجرین کی بھی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے، اس حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں اور ملبے سے مزید لاشیں نکالی جارہی ہیں۔