تازہ تر ین

بھارت کو ڈر ہے کہ نواز شریف گئے تو۔۔۔

پشاور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، ایجنسیاں) چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے خلاف کارروائی پر بھارت میں ایک کہرام برپا ہے اور اسے خدشہ ہے کہ اگر نوازشریف چلے گئے تو اس کا ایک اتحادی چلا جائے گا۔پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات سے پہلے ہمارا منشور تھا کہ ہماری حکومت آئی تو ہم سب سے پہلے تعلیم اور صحت کا نظام درست کریں گے اور جب ہم نے خیبرپختون خوا کا نظام سنبھالا تو ہم نے سرکاری اسپتالوں کو بہتربنانے کے لئے خاطرخواہ انتظامات کئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کے پی کا ہیلتھ بجٹ 18 سے 65 ارب روپے تک کیا گیا، صوبے میں مزید ساڑھے 6 ہزار ڈاکٹرز کا اضافہ کیا گیا اور اب 95 فیصد ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں بھی ڈاکٹرز ہیں جب کہ ڈاکٹرز اور دیگر اسٹاف کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے صوبے کی سب سے بڑی کامیابی ہیلتھ کارڈ ہے یہ کارڈ 18 لاکھ خاندانوں سے شروع کیا گیا اور آج 24 لاکھ خاندانوں تک پہنچ چکا ہے اور بہت جلد 70 فیصد آبادی کے پاس آجائے گا جب کہ 6 ماہ میں ہیلتھ کارڈ پر 70 کروڑ روپے خرچ کئے گئے اس کارڈ کے ذریعے ساڑھے 5 لاکھ روپے تک کا علاج مفت کرایا جاسکتا ہے۔چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک دم سب ٹھیک نہیں ہوگا لیڈی ریڈنگ پشاور سمیت دیگر بڑےاسپتالوں کی مینجمنٹ میں مسائل ہیں جب مینجمنٹ کی سیٹ خالی ہوگی تو اسپتال میں کام نہیں ہوگا اسپتال والوں کی پرانی عادتیں تبدیل کرنا ایک عذاب ہے تاہم ہم اسپتالوں کی منیجمنٹ کے حوالے سے عدالت میں جائیں گے۔ اسپتالوں میں چھاپا مارنا پڑا تو ہم میں اور شہبازشریف میں کوئی فرق نہیں رہے گا۔ پرائیویٹ اسپتال کو کمرشل بنا دینا پیسے بنانے کا آسان طریقہ ہے اور یہ کام وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں وزیراعظم جھوٹ بولنے پر استعفیٰ دے دیتے ہیں لیکن یہاں اقتدار بچانے کی کوشش میں جھوٹ نہیں جھوٹوں کی بارش ہورہی ہے، جب سے نوازشریف کے اقتدار کو خطرہ ہوا ہے اس وقت سے بھارت میں کہرام مچا ہوا ہے، بھارت کو خدشہ ہے کہ کہیں اس کا ایک اتحادی نہ چلا جائے کیوں کہ نوازشریف کے جانے سے پاکستانی فوج اور معیشت مضبوط ہوگی اور بھارت یہ نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا میں بھی نوازشریف کی حکومت کے حوالے سے چہ میگوئیاں ہورہی ہیں اور بھارتی اخبارات میں لکھا گیا ہے کہ نوازشریف کی حکومت نہ چلی جائے۔مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے بارے میں صرف اتنا کافی ہے نوازشریف پیسے بڑھاو¿ ہم تمھارے ساتھ ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کئے بغیر ان کو مضبوط نہیں بنایا جاسکتا ، شوکت خانم میں ایک سفارشی نہیں لگایا اور نہ کسی کی سفارش کی، ان کا کہنا تھا سسٹم کی درستی تک ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا اسلام نے تعلیم اور اساتذہ کو اہم مقام دیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر ہماری یونیورسٹیوں کو مقابلے کا سامنا ہے، جس کیلئے مضبوط ادارے بنانا اور اساتذہ کو پرکشش تنخواہیں دینا ہونگی، انہوں نے کہا اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہوگا ، طبقاتی تقسیم سے معاشرے میں امیر اور غریب بچے پیدا ہوتے ہیں جن کو عام پیاس ہوتی ہے ان کو اوپر لانا ناگزیر ہوتا ہے ، قومی ترقی کیلئے بچوں پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، بچوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو سخت سزائیں دی جائینگی۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیرمین ظفر حجازی کی برطرفی کا مطالبہ کردیا۔جمعرات کوتحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا شخص کیسے عہدے پر برقرار رہ سکتا ہے جس کے خلاف انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کی تحقیقات کی جارہی ہوں۔ عمران خان نے شدید حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیرمین ایس ای سی پی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں، اس کے باوجود ملزم کو عہدے سے نہ ہٹایا جانا ناقابل یقین ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے ظفر حجازی کو عہدے سے ہٹانے سے انکار کردیا ہے۔ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کے حکم پر شریف خاندان کے ریکارڈ میں رد و بدل کرنے کے الزام میں ایس ای سی پی کے چیرمین ظفر حجازی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جس میں سنگین نوعیت کے الزامات کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ جرم ثابت ہونے پر ظفر حجازی کو 14 برس تک قید کی سزا ہوسکتی ہے، تاہم وزارت خزانہ نے ظفر حجازی کو عہدے سے نہ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain