تازہ تر ین

جو کرنا ہے کرونگا ، کسی کی پرواہ نہیں

لاہور (نیوز ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں،کسی کی پروا نہیں جو مجھے کرنا ہے کروں گا اور ہر عمل قانون کے مطابق ہوگا ،ملک میں کرپشن دیمک سے آگے نکل چکی، معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہم سب کا کام ہے اور ہمیں ملکی ترقی کی فکر ذاتی چیزوں سے بڑھ کر ہونی چاہیے۔ ایوان اقبال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا پاکستان ہے تو ہم ہیں، اگر پاکستان نہیں تو ہم بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ پروردگار کی امانت میں خیانت نہیں ہونی چاہیے، انصاف دینا صرف جج کا یا میرا کام نہیں ہے، آپ سب لوگ محنت پاکستان اور ملکی مستقبل کے لیے کررہے ہیں۔معاشرے سے برائیوں کو ختم کرنا صرف چیئرمین نیب کا کام نہیں، معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہم سب کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ تمام ترجدوجہد پاکستان کیلئے کریں، ہمیں ملکی ترقی کی فکر ذاتی چیزوں سے بڑھ کر ہونی چاہیے، میں پوری طرح کوشاں ہوں کہ ملک کی خدمت کروں۔چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن نے اس ملک کی بنیاد کوکمزورکرنا شروع کردیا ہے، لوگ کہتے ہیں کرپشن دیمک ہے لیکن مسئلہ اب آگے نکل گیا ہے۔ کسی خوف، ڈر، سرزنش اور تنبیہہ کی پرواہ نہیں، جو مجھ کرنا ہے کروں گا، ہر عمل قانون کے مطابق ہوگا۔ یہ تاثرغلط ہے کہ نیب قومی ترقی میں حائل ہورہا ہے، نیب کسی بھی قسم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے، نیب اپنا کام کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا نیب ایک انسان دوست ادارہ ہے جو ملک کو کرپشن سے پاک کررہا ہے،ہروہ شخص جوایمانداری سے کام کرتاہے نیب اس کی معاونت کیلئے حاضر ہے۔بعد ازاں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نیب لاہور بیورو پہنچے جہاں ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم نے انکا استقبال کیا۔اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے چیئرمین کو زیر تفتیش کیسز پر بریفنگ دی گئی ،ڈی جی نے لاہور بیورو میں زیر تفتیش میگا کرپشن کیسز پر اہم پیشرفت سے آگاہ کیا،چیئرمین نیب کی جانب سے کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹنے کی تاکید کی گئی ۔چیئرمین نے ڈی جی کی سربراہی میں نیب لاہور کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور ڈی جی نیب لاہور کو کرپٹ عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ قوم کی دولت کسی کو لوٹنے نہیں دینگے،نیب افسران کسی بھی دباﺅ کو بالائے طاق اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کریں، نیب افسران ملک سے کرپشن کے خاتمہ میں مسلمہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میگا کرپشن کیسز میں تفتیش کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر قانون کی مطابق فوری مکمل کریں۔ جسٹس (ر)جاوید اقبال نے حکومت کی جانب سے امریکہ میں نامزد کئے جانے والے پاکستانی سفیر علی جہانگیر سے متعلق کیس کو انتہائی اہمیت کا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب لاہور نے علی جہانگیر کو بائیس مارچ کو انکوائری کیلئے طلب کررکھا ہے، علی جہانگیر انکوائری کیلئے پیش ہونگے تو ان سے مکمل تحقیقات کی جائے گی، بریفنگ کے دوران چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کے روئیے پر سخت ناراضگی کااظہار کیا ڈی جی نے چیئرمین کو بتایا کہ نیب لاہور کے پاس زیر تکمیل انکوائریوں کے حوالے سے پنجاب حکومت کے بعض محکمے تعاون نہیں کررہے نہ ہی ابھی تک متعلقہ اداروں نے نیب کو انکوائریوں سے متعلق ریکارڈ فراہم کیا ہے، ایل ڈی اے نے پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق تاحال ریکارڈ فراہم نہیں کیا ، آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم صاف پانی پروجیکٹ سمیت پنجاب کی چھپن اتھارٹیز اور کمپنیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھاکہ نیب احتساب پالیسی پر من و عن عمل پیرا ہے چیئرمین نے ڈی جی سے زیر تفتیش ریفرنسز کی انکوائریوں کو فوری طور پر مکمل کرنے کا حکم بھی جاری کیا اور اس حوالے سے ہدایات جاری کیں کہ نیب لاہور سے تعاون نہ کرنے والے سرکاری اداروں کے سربراہان سے متعلق پنجاب حکومت کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں کے سربراہان کو تحریری طورپر آگاہ کیا جائے۔ لائیو سٹاک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا پاکستان اس وقت94 ارب ڈالرکا مقروض ہے، انہوں نے کہا کہ نیب اپنے غیر سیاسی ہونے کے حوالے سے کئی بار یقین دہانی کروا چکا ہے اور آج میں دوبارہ یقین دہانی کرواتا ہوں کہ نیب کسی کیخلاف سیاسی انتقامی کارروائی کے طور پر کوئی کارروائی نہیں کریگا اور اپنے طے شدہ قواعد وضوابط کے مطابق کرپشن کے خاتمے کیلئے کوشاں رہے گا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی پنجاب سے ملاوٹ کے خاتمے کیلئے محنت سے کام کررہی ہے جبکہ پولٹری سیکٹر میں ہماری جیسی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ بھارت صرف پاکستان سے پولٹری و گوشت کی ایکسپورٹ سے خوفزدہ ہے نسیم صادق نے کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی پنجاب کے عوام و ان کے بچوں کی صحت کو سامنے رکھتے ہوئے کام کررہی ہے خوراک بہتر ہوگی تو ہمارے بچوں کی صحت تندرست ہوگی انہوں نے کہا کہ وہ پولٹری سیکٹر کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کے شکر گزار ہیں کہ عدالت عظمیٰ نے اس حوالے سے کچھ اقدامات اٹھائے ہیں انہوں نے کہا کہ پولٹری کی فیڈ میں پاکستان پولٹری ایکسپورٹ کرنے والا بڑا ملک ہے۔

 


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain