لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پہلی بار کوئی جیل گیا ہے تو فلموں کے سین شروع ہوگئے ہیں، 300ارب چوری کرکے باہر لیکر گیا اور نوازشریف کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ مل رہی ہے ، ایک بھائی اڈیالہ گیا تو فلموں کی طرح رونا دھونا کررہے ہیں، جلو موڑ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کہتا ہے اڈیالہ میں مچھر کاٹ رہے ہیں، آجکل شہبازشریف کی شکل دیکھ رہا ہوں، حالات اچھے نہیں ہیں، شہبازشریف کے چہرے پر خوف طاری ہورہاہے، شہبازشریف نے عابد باکسر کے ذریعے لوگوں کو قتل کروایا، خیبر پختونخوا میں لوگوں کو قتل کروایا گیا، عابد باکسر کہتا ہے شہبازشریف نے زمینوں پر قبضہ کا کہاتھا، عابد باکسر کہتا ہے کہ میں چیف جسٹس کے سامنے بیان دینے کو تیار ہوں، مجھ پر 32جھوٹے مقدمات بنائے گئے، موقع ملا تو پنجاب میں پولیس ٹھیک کرکے دکھاو¿نگا، شریف خاندان 30سال سے پنجاب پر قبضہ کرکے بیٹھا ہوا ہے ، جو پیسہ آپ پر خرچ ہونا تھا وہ چوری ہوکر باہر چلا جاتا ہے ، 25جولائی آپ کے بچوں کا مستقبل طے کریگی، انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہمارے الیکشن میں دھاندلی کی بڑی فکر ہے، بھارت کو پاکستان کی نہیں نوازشریف کی بہت فکر ہے ، بھارتی میڈیا جانتا ہے کہ میں کسی کا پتلا نہیں بن سکتا ، اس لئے خلاف ہے، نوازشریف نے ممبئی حملوں کی بات بھارت کو خوش کرنے کیلئے کی، 25جولائی کو آپ سب تیار ہو جائیں عوام انہیں شکست دیگی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ کسی بھی قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کا کبھی کبھی موقع دیتا ہے ،25جولائی کو پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ ہوگا ، کارکن جاگتے رہیں اس دفعہ دھاندلی نہیں ہونے دینی ،بھارتی حکومت نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے اور کہتے ہیں کہ پاکستان میں دھاندلی ہونے جارہی ہے ،نوازشریف کی ملک مخالفت سے بھارت خوش ہے ، شریف خاندان کی جانب سے مظلومیت کے ڈرامے کئے جارہے ہیں،باپ بیٹی کے مظلومیت والے اشتہارات سے ایسے لگ رہا ہے جیسے بالی وڈ کی فلم چل رہی ہو ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ این اے 128اور 125میں انتخابی مہم کے سلسلے میںجلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے کہا کہ خبیر پختونخواہ میں تعلیم کا بجٹ سب سے زیادہ رکھا گیا ، لاہور کا بجٹ خیبرپختونخوا ہ سے تین گنا زیادہ ہے، خیبر پختونخواہ میں تعلیم کانظام سب سے بہتر ہے، لاہور کاترقیاتی بجٹ 350 ارب روپے ہے، ہم نے 50 نئے کالجزاور 10 نئی یونیورسٹیاں بنائی ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے خیبرپختونخوا ہ کی عوام کے لئے کام کیا، پنجاب کی ساری ترقی اشتہاروں میں ہوئی ہے۔خیبر پختوانخواہ میں 3 ہزار ڈاکٹرتھے ، پی ٹی آئی حکومت نے 6 ہزار ڈاکٹر بھرتی کئے اور اب 9ہزار ڈاکٹر کا م کررہے ہیں ، ہم نے ایک ارب اٹھارہ کروڑ درخت لگائے تاکہ موسم گرم نہ ہو ، ملک میں پانی کا مسئلہ آنے والاہے ، پی ٹی آئی کی پہلی حکومت ہے جس نے درخت لگائے ،اسی پیسے سے ہم نے ڈویلپمنٹ کی ۔ انہوںنے شرکاءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں پاکستان کو تاریخ میں کبھی اتنے مشکل حالات کاسامنا نہیں کرنا پڑا، خیبر پختوانخواہ میں ساری جماعتیں ایک طرف اور تحریک انصاف ایک طرف اور بھرپور کامیابی حاصل کرے گی،خیبر پختوانخواہ میں پاکستان کی تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لے کر آئے ،اللہ نے کامیابی دی تو لاہور سمیت پاکستان میں بہترین بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے، پنجاب میں ساری ترقی اشتہاروں میں ہوتی ہے ۔شہبازشریف نے کہاتھا کہ لاہور کو پیرس بنا دوںگا لیکن یک بارش سے ہی پیرس بے نقاب ہوگیا، لاہور کی عوام کو پینے کاصاف پانی میسر نہیں، سیوریج سسٹم بہتر نہیں، عوام سوال کرتے ہیں پیسہ کہاں گیا ؟یہ صرف رائیونڈ اور جاتی امراءکوپیرس بنا رہے ہیں ۔ میں نے اتنی بے شرمی نہیں دیکھی،نوازشریف ان کی بیٹی مظلوم بنے ہوئے ہیں اورٹی وی پر اشتہار چل رہے ہیں ، ٹی وی پر ایسے لگ رہا ہے جیسے بالی وڈ کی فلم دیکھ رہے ہیں، تیس ہزار کروڑ روپیہ چوری کرکے بیرون ملک لے گئے ہیں، کبھی پاکستان کی جیلوں میں جاکر دیکھو قیدیوں کا کیاحال ہے، میں نے بھی جیل کاٹی میں نے کبھی نہیں کہاکہ واش روم صحیحِ نہیں۔ شریف خاندان نے تیس سال تک پنجاب کی حکمرانی کی ہے جیلیں ٹھیک نہیں کیں ،پنجاب کی جیلوں میں ایک بچہ جیل چلا جائے تو مجرم بن کر باہر نکلتاہے ،جیلوں میں چھوٹے چور جیلوں میں ہیں جبکہ بڑے تیس ہزار کروڑ چوری کرکے باہر لے گئے ہیں۔آج شہبازشریف کی شکل پر خوف طاری ہے ، شہبازشریف پولیس کے ذریعے لوگوں کو قتل کرواتا تھا،عابد باکسر کہتا نے ا ان کے پول کھول دئیے ہیں۔ میں چیلنج کرتا ہوں خیبر پختوانخواہ میں پانچ سال میں ایک آدمی کانام بتا دیں جسے پولیس نے قتل کیا ہو یا جھوٹی ایف آئی آرکٹوائی ہو۔انہوں نے میرے اوپر 32ایف آئی آردرج کروائی ہوئیں ہیں، پنجاب میں پولیس لوگوں کو تنگ کرتی ہے اگر 25 کو نکلے اور اللہ نے موقع دیاتو میںپولیس کو صحیح کرکے دکھاﺅں گا ، نوجوانوںکے لئے ٹیکنکل کالجز بنائیں گے جس سے نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی۔ انہوںنے کہا کہ اللہ کسی بھی قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کا کبھی کبھی موقع دیتا ہے ۔ یہ 1985 سے پنجا ب پر قبضہ کرکے بیٹھے ہیں ، ان کے بچے ،دماد اربوں پتی بن گئے ہیں جبکہ غریب غریب تر ہو رہا ہے۔اسحاق ڈار نے اپنے بیٹے دبئی میں بٹھائے ہوئے جواربوں پتی ہیں،نوازشریف نے اپنے بچے لندن میں بٹھائے ہوئے، صاف پانی ،سیوریج ، سکول صحیح کرنے کے لے جو پیسے تھے یہ لوٹ کر باہر لے جاتے ہیں، 25جولائی کو آپ کوپاکستان کی تقدیر کافیصلہ کرنا اور بلے کو ووٹ ڈالنا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے اور کہتے ہیں کہ پاکستان میں دھاندلی ہونے جارہی ہے ،بھارت یہ سن لو آپ کو پتہ ہے کہ عمران خان کسی کاپتلانہیں بن سکتا ، میں اپنی قوم کاسودانہیں کروں گا،ممبئی حملوں میں ساری دنیامیں مودی نے اپنامنہ کالاکروایا،نوازشریف کی ملک مخالفت سے بھارت خوش ہے ، مودی ہمارے کشمیریوں پرظلم کر رہا ہے ۔ انہوںنے شرکاءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 25تاریخ کے لئے آپ سب تیار ہو، اپنی بہنوں کو کہتاہوں کہ آپ نے گھرگھر جاناہے ،پولنگ ایجنٹوں کو کہتاہوں کل جلد سو جائےں 25جولائی آپ نے ووٹوں پر پہرہ دینا ہے اوردھاندلی نہیں ہونے دینی ۔عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے جنون نظر آرہا ہے ، آپ نے 25جولائی کو ملک کی تقدیر بدلنی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کو اڈیالہ میں مچھر کاٹ رہے ہیں ، کہتے ہیں گرمی لگ رہی ہے ، ائیر کنڈیشنڈ نہیںہے ۔آپ قوم کے اربوں روپے نہ لوٹتے اور نہ آپ کو جیل میں جانا پڑتا۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان تحریک انصاف کی فوج ہیں آپ نے اپنے والدین اور رشتہ داروںکو گھروں سے باہر نکال کر پولنگ اسٹیشن تک لاناہے اور بلے کو ووٹ دلوانا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اقلیتوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا ہے ۔ میرا رب سب انسانوں کا رب ہے ، میرے لیڈر قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں بسنے والوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ 25جولائی کو لاہور اور پنجاب کے عوام کو ظالمو ں سے نجات دلائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ نوجوان سب کو گھروں سے باہر نکالیں اور میرا دل کہہ رہا ہے کہ اب فرعونیت ختم ہوجائیگی یہ وقت کے فرعون ہیں جو عابد باکسر جیسے لوگوں سے قتل کرواتے تھے اب 25جولائی کو لاہور اور پورے پنجاب کو ان ظالموں سے نجات مل جائیگی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لوگ مہنگائی کی قیمت اپنے خون سے ادا کررہے ہیں دودھ، پانی، بجلی گیس کیا چیز ہے، مہنگی نہیں کردی گئی۔ ہمارا مقصد کمزور طبقے کی مدد کرنی ہے۔ جب سے (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی ہے عوام غریب ہوتی جارہی ہے۔ والٹن میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مجھ سے 5سال بڑا ہے میں پاکستان کے ساتھ ساتھ ہی بڑا ہوا ہوں۔ ہمارا خواب ہے ایک عظیم پاکستان بنے۔ ہمیں ایسا پاکستان بنانا ہے۔ جہاں انصاف کا نظام ہو نوازشریف خلائی مخلوق کی بات کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ عالمی مخلوق ملی ہوئی ہے۔ انڈیا سے پوچھتا ہوں کیوں نوازشریف معصوم بنایا ہوا ہے بھارتی میڈیا کو نوازشریف سے عشق کیوں ہوگیا ہے۔ نوازشریف سازش کے تحت ان کے ساتھ ملا ہوا ہے ان کا ایجنڈا ہے کہ پاکستان کو کمزور کیا جائے۔ عمران خان کہا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نوازشریف کی دھاندلی پر کیوں نہیں بولا۔ نوازشریف تو ان کا خاص لاڈلا تھا۔ 126دن کا دھرنا دیا تو عالمی میڈیا کو کیوں فکر نہیں ہوئی۔ ابھی الیکشن بھی نہیں ہوا اور سب کو خوف ہے سونامی آرہا ہے۔ بھارتی میڈیا میرے خلاف کیوں ہے میں نے تو کبھی نہیں کیا کہ بھارت کے ساتھ جنگ لڑنی چاہیے بھارت نوازشریف اور آصف زرداری کی طرح پتلے چاہتا ہے انہیں پتا ہے کہ نہ عمران خان کا اربوں ڈالر باہر پڑا ہے نہ وہ کنٹرول ہوسکتا ہے عمران خان اپنی قوم اور قوم کے مفاد کیساتھ کھڑا ہوگا۔ اور یہ ان کو نامنظور ہے انہوں نے کہا کہ کیا وہ وجہ تھی کہ نوازشریف نے خفیہ طریقے سے ختم نبوت کا حلف نکالنے کی کوشش کی یہ عالمی سٹیبلشمنٹ کو خوش کرنے کیلئے اور اپنے آپ کو بنانے کیلئے کہ میں آپ کا آدمی ہوں ختم نبوت کو تبدیل کیا۔ جب بھی انکوائری ہوئی یہ ثابت ہوگا نوازشریف نے یہ سب کروایا تھا۔





































