اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے قابل قدر کوششیں نہیں کی گئیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب ملیحہ لودھی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور انہیں عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملیحہ لودھی نے عمران خان کو مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا اور عالمی امور پر پاکستان کے کردار سے متعلق بتایا اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے قابل قدر کوششیں نہیں کی گئیں تاہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے اس دیرینہ مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اتوار کو بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ عمران خان نے ملیحہ لودھی کا استقبال کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا دونوں رہنماﺅں نے اقوام متحدہ کے امور پر بحث کی اور خارجہ پالیسی خطے کی صورتحال اور سفارتی شعبے سے متعلق بھی گفتگو کی۔

