ایل او سی پر اشتعال انگیزی، پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے خاتون کو شہید کرنے پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی کے مندل سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 33 سالہ پاکستانی خاتون شہید ہو گئی تھیں۔بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو تھمایا گیا۔ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جے پی سنگھ کو تھمائے گئے احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورس کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے اور 2018 میں بھارتی فورسز 1400 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو چکی ہے۔

11سال سے اپوزیشن میں ہوں کرپشن کیسے کر لی،عمران خان کے ساتھ ہوں اس لئے نشانہ بنایا گیا:عبد العلیم خان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ نیب میں تین بار پیش ہوچکا ہوں، تمام ثبوت فراہم کیے، میرا کیس سپریم کورٹ میں ہے، انھیں ہی فیصلہ کرنا ہے.عمران خان کےساتھ کھڑا تھا،اس لیے مجھے نشانہ بنایا گیا،جوزمین لیتا ہوں اس کا اسٹیٹس ہی تبدیل کردیا جاتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ حکومت سے کوئی مفاد نہیں لیا، سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گا، قبول کروں گا، دنیا میں میری ایک جائیداد بتا دیں، جومیں نے ڈکلیئرنہیں کی،علیم خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس 11 سال سے کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا، جب میں حکومت میں ہی نہیں تو کرپشن کیسے کر سکتا ہوں،انھوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحبان کو خواب میں بھی میرا چہرہ نظرآتا تھا، تین دن پہلے نیب کے نوٹس کی ٹائمنگ بہت اہمیت کی حامل ہے، اپنے آپ کو احتساب کے لئے سب سے پہلے پیش کیا ہے۔علیم خان نے کہا کہ کسی خاص شخصیت کو ٹارگٹ کرکے احتساب نہ کیا جائے، پاناما لیکس کمپنیوں میں میرا نام نہیں ہے، پاناما میں نام نہ ہونے کے باوجود انکوائری کیوں ہو رہی ہے، یہ نہیں جانتا، عمران خان کے ساتھ مل کرتبدیلی کی جنگ لڑرہا تھا، میں بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل دی، اپنے چاروں فلیٹس کے دستاویزات دیے،انھوں نے کہا کہ نیب میں تین بار پیش ہو چکا ہوں، تمام ثبوت فراہم کیے، نیب جب بھی بلائے گا، ضرور پیش ہوں گا۔

مینا کماری کی 85 ویں سالگرہ منائی گئی

ممبئی(ویب ڈیسک)یکم اگست کے روز مینا کماری کی 85 ویں سالگرہ منائی گئی۔اپنی سنجیدہ اداکاری سے ناظرین کے دلوں کو چھو لینے والی عظیم اداکارہ مینا کماری حقیقی زندگی میں ” ملکہ جذبات “ کے نام سے مشہور ہوئیں لیکن وہ چھ ناموں سے جانی جاتی تھیں۔ممبئی میں یکم اگست 1932 کو ایک درمیانے طبقے کے مسلم خاندان میں مینا کماری جب پیدا ہوئیں تو باپ علی بخش انھیں یتیم خانے چھوڑ آئے کیونکہ دو بیٹیوں کی پیدائش کے بعد اس بات کی دعا کررہے تھے کہ اللہ اس مرتبہ بیٹے کا منہ دکھادے تبھی انھیں بیٹی ہونے کی خبرآئی اور وہ بچی کو گھر لے جانے کی بجائے یتیم خانے چھوڑ آئے۔لیکن بعد میں ان کی بیوی کے آنسوﺅں نے بچی کو یتیم خانے سے گھر لانے پر مجبور کر دیا۔تقریبا ًچار سال کی عمر میں 1939میں بطور چائلڈ آرٹسٹ انھوں نے فلموں میں اداکاری شروع کر دی تھی۔

نگران وزیر خزانہ نے سابقہ حکومت کے آخری بجٹ کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیدیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر (ن) لیگ کی حکومت کے آخری بجٹ کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دے دیا۔ نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کیلئے کام جاری ہے، آنے والی حکومت کو آگاہ کر دیا جائے گا جب کہ سی پیک کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کو بیل آﺅٹ کہنا مناسب نہیں، فوری طور پر ادائیگیوں کیلئے کوئی دباﺅنہیں تاہم اگلی سہہ ماہی کیلئے ادائیگیاں کرنا ہوں گے۔شمشاد اختر نے (ن) لیگی حکومت کے پیش کردہ آخری بجٹ کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں پیش کردہ اعدادوشمار تشویشناک ہیں، مالیاتی خسارہ اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ اہداف سے آگے نکل گئے، ملک میں میکرو اکنامک استحکام لانے کی ضرورت ہے، ایس ڈی جیز اہداف حاصل کرنے کیلئے غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہوگی۔نگران وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔

میرا ہالی ووڈ جانے کیلیے ہر حربہ آزمانے کو تیار

لاہور(ویب ڈیسک)نامورپاکستانی اداکارہ میرا ہالی ووڈ جانے کے لیے بے چین دکھائی دیتی ہیں اور اس کے لیے وہ ہر حربہ آزمانے کے لیے تیار ہیں۔اداکارہ میرا اپنی حرکتوں کے باعث اکثر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں، دوروز قبل میرا نے خود کو بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا سے بڑی اداکارہ قراردے کر سب کی توجہ سمیٹ لی تھی اور اب وہ پریانکا ہی کی طرح ہالی ووڈ پراجیکٹ حاصل کرنے کے لیے بے چین ہیں۔اداکارہ میرا کا ایک ٹوئٹ سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”میں اپنی اداکاری کی صلاحیت کو مزید وسیع کرنا چاہتی ہوں اور آپ سب سے میری درخواست ہے میری حوصلہ افزائی کریں اور ہالی ووڈ فلم اینڈ انٹرٹنمنٹ کمپنی ’یونیورسل پکچرز‘کو ٹوئٹ کریں کہ وہ مجھے اپنے اگلے پراجیکٹ میں موقع دیں۔“ایک اور ٹوئٹ میں میرا نے کہا ”نئے پاکستان کے وعدے کے ساتھ میں بھی ہالی ووڈ میں نئی شروعات کرناچاہتی ہوں، مہربانی کرکے ہالی ووڈ میں میرے نئے سفر میں میرا ساتھ دیں۔“واضح رہے کہ حال ہی میں اداکارہ پریانکا چوپڑا کے حوالے سے خبر آئی تھی کہ وہ ہالی ووڈ فلم ”کاﺅبوائے ننجا وکنگ“میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں جس کے بعد اداکارہ میرا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پریانکا سے بڑی اداکارہ ہوں لہٰذا اس فلم میں مجھے لینے پر غور کیاجائے۔