شمالی کوریا نے 65 سال بعد امریکی فوجیوں کی لاشیں واپس کردیں

واشنگٹن(ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے جنگ کوریا میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی باقیات 65 سال بعد امریکی حکومت کے حوالے کردیں۔جنگ کوریا کے 65 سال بعد شمالی کوریا سے امریکی فوجیوں کی باقیات تابوتوں میں بند کرکے امریکا منتقل کردی گئی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امریکی فوجیوں کی باقیات واپس کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔ ہلاک فوجیوں کے تابوتوں کو اقوام متحدہ کے جھنڈے میں لپیٹا گیا ہے۔یہ باقیات امریکا روانہ کرنے سے قبل جنوبی کوریا کے شہر اوسان میں تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکا، اقوام متحدہ اور جنوبی کوریا کے 500 اراکین نے شرکت کی۔ کوریائی جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکیوں کی باقیات 55 تابوتوں میں امریکی ریاست ہوائی پہنچیں جہاں نائب امریکی صدر مائک پینس نے انہیں وصول کیا۔ اس موقع پر تقریب بھی منعقد ہوئی۔1950 سے 1953 تک شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان جنگ ہوئی تھی۔ اس جنگ میں شمال کو چین اور سوویت یونین جبکہ جنوب کو امریکا کی حمایت حاصل تھی۔پہلے کوریا ایک ہی ملک تھا جس پر 1910 سے 1945 تک جاپان نے حکومت کی۔ دوسری جنگ عظیم میں جاپان کی شکست کے بعد 1948 میں اسے دو حصوں شمال اور جنوب میں تقسیم کردیا گیا۔ شمالی کوریا سوویت یونین کے حصے میں اور جنوبی کوریا امریکا کو ملا۔اس کے نتیجے میں شمالی کوریا پر کمیونسٹ نظریات کا غلبہ رہا۔ ان دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان چپقلش شروع ہوئی جس کا نتیجہ جنگ کی صورت میں نکلا جس میں 12 لاکھ افراد ہلاک ہوئے جن میں 35 ہزار سے زیادہ امریکی فوجی بھی شامل تھے۔ اس جنگ کے نتیجے میں کوریا کی دونوں ریاستیں مکمل طور پر تباہ و برباد ہوگئیں۔

متفقہ امیدوار لانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں نے کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ہم خیال جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔کمیٹی میں مشاہد حسین سید،سعد رفیق، احسن اقبال، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ ،حاجی غلام احمد بلور، میاں افتخار حسین،مولانا عبدالغفور حیدری، اویس نورانی، لیاقت بلوچ بیرسٹر مسرور، عثمان کاکڑ، رضامحمد رضا، ملک ایوب اور سینیٹر میرکبیر شامل ہیں۔احسن اقبال نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدواروں کو حتمی شکل دے دی گئی۔احسن اقبال نے بتایا کہ ہم خیال جماعتوں نے تمام حل طلب معاملات پر اتفاق رائے کرلیا ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تمام جمہوری پارٹیوں کے درمیان اتحاد ہوگیا ہے، طے ہوگیا ہے کہ تمام جماعتیں پارلیمنٹ میں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بتائیں گے کہ حقیقی اپوزیشن کیا ہوتی ہے۔متحدہ اپوزیشن کی یہ اہم بیٹھک سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان نے شرکت کی۔پیپلزپارٹی کے وفد میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں جب کہ شہبازشریف اور نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو بھی اے پی سی میں شریک تھے۔اس کے علاوہ مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، لیاقت بلوچ، محمود اچکزئی اور اسفند یار ولی سمیت دیگر رہنما بھی اے پی سی میں شرکت کررہے ہیں۔اس سے قبل ہونے والی اے پی سی میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے قومی اسمبلی میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا تھا جب کہ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اتنے آرام سے وزیراعظم نہیں بننے دیں گے۔یاد رہے کہ 30 جولائی کو مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ مجلس عمل کے درمیان قومی اسمبلی میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام پر اتفاق ہوا تھا۔

نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں پاکستان کی رکنیت پر اعتراض نہیں، روس

اسلام آباد(ویب ڈیسک) روس نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اعتمادسازی کے فروغ اور طویل مدتی تعلقات کے لیے کوشاں ہے جن کامحورنہ صرف انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کافروغ بلکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی،توانائی اوربحری وفوجی شعبوں میں تعاون بڑھانابھی ہے۔اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں لیکچرکے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے روسی سفیر الیگزے وائی دیدوف نے کہاکہ روس انسداد دہشت گردی اور اسٹرٹیجک معاملات پرپاکستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کوتسلیم کرتے ہیں،ایس سی او کاحصہ بننے کے بعد روس کیلیے پاکستان کی ا ہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔روسی سفیر نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں آج پاکستان روس کاکلیدی شراکت دار ہے،دونوں ملکوں کے درمیان ملٹری تعاون ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے علاوہ بحری اور بری فوجی مشقوں تک وسیع ہو چکا ہے،روس اور پاکستان کے مابین تجارت، معیشت، سائنٹفک اور ٹیکنیکل تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کاروباری تعلقات کیلیے کوشاں ہے۔الیگزے وائی دیدوف نے کہاکہ روس اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ بین الحکومتی کمیشن اور دیگر دوطرفہ میکانزم میں ملکر کام کرنے سے دوطرفہ منصوبوں پرعملدرآمد میں تیزی آئیگی۔ انھوں نے دوطرفہ تجارت پرعدم اطمینان کا اظہار کیاجس میں گزشتہ سال 33 فیصد اور رواں سال کے کی پہلی ششماہی کے دوران 82فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا انھوں نے تجارت کودستیاب مواقع سے ہم آہنگ کرنے پرزوردیا۔انھوں نے کہا کہ روس توانائی، اسٹیل انڈسٹری،آپٹیکل فائبر، فارماسیٹوکل،واٹر اورسینی ٹیشن سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کیساتھ باہمی دلچسپی کے منصوبوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔دیدوف نے کہاکہ پاکستان اورروس کے مابین سائنس و ٹیکنالوجی،بنکنگ اور ایل این جی گیس پائپ لائن سمیت متعدد ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں۔ روس سٹیل ملزکی بحالی کے حوالے سے پاکستان کیساتھ تعاون کیلیے تیارہے تاہم حکومت کوملز کوپاس رکھنے یااسکی نجکاری کے حوالے سے اپنی سمت واضح کرنے کی ضرورت ہے۔افغانستان سے متعلق روسی سفیر نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان، روس اور چین کا کردارانتہائی اہم ہے، تینوں ممالک افغان تنازعہ کے پر امن حل کیلیے پر عزم ہیں۔روسی سفیر نے پاک چین دوستی کو انتہائی ٹھوس قرار دیا۔ روس کو نیو کلیئر سپلائیرز گروپ میں پاکستان کی رکنیت پرکوئی اعتراض نہیں ،کشمیر ایک پیچیدہ مسئلہ ہے اس پردونوں ممالک کو مذاکرات سے اس مسئلہ کا حل نکالنا چاہیے اگر دونوں ممالک روس کودرخواست کرینگے توروس مدد کریگا۔انھوں نے کہاکہ گوادر ایک اہم منصوبہ ہے جس سے دنیا کی معیشت جڑی ہو گی اور پاکستان کی معاشی حالت بھی اس سے بہتر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ روس کا بنیادی مقصد سپرطاقت بننے یا عالمی طاقت جیسا سلوک کرنے کے بجائے دنیا میں جیوپولیٹیکل استحکام قائم رکھنا ہے۔

امریکا بھارت پر مہربان؛ روس سے ہتھیاروں کی خریداری پر پابندی ختم

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی سینیٹ نے ایک بار پھر بھارت نوازی کا ثبوت دیتے ہوئے روسی ہتھیار خریدنے پر بھارت کے خلاف عائد پابندیاں ختم کرنے کا دفاعی بل حتمی طور پر منظور کرلیا ہے۔امریکی سینیٹ میں روسی ہتھیار خرید نے پر بھارت کے خلاف پابندیاں ختم کرنے کا دفاعی بل (نیشنل ڈیفنس آتھورائزیشن ایکٹ 2019) منظور کرلیا گیا ہے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دستخط کےلیے بھجوا دیا گیا ہے۔ قبل ازیں یہ بل امریکی ایوانِ نمائندگان سے منظور کیا جاچکا تھا۔
بھارت پر پابندیاں ختم کرنے سے متعلق بل کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا کہ وہ سینیٹ میں حزبِ اقتدار اور حزبِ اختلاف، دونوں کی جانب سے افہام و تفہیم کے ساتھ یہ بل منظورکرنے پر بے حد مسرور ہیں کیونکہ یہ بل امریکی اتحادیوں اور شراکت داروں کو سہولت فراہم کرنے کےلیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”یہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان پالیسیوں کو ذمہ دارانہ طور پر نافذ کرتے ہوئے اپنی کارکردگی اوراحتساب کی روایت پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں،“واضح رہے کہ امریکی دفاعی بل میں عسکریت پسندوں کے خلاف اپنے علاقے کا دفاع کرنے کےلیے افغان سیکیورٹی فورسز کی صلاحیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے حقانی نیٹ ورک کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔دوسری جانب دفاعی بل میں دوستانہ ممالک کو سرحدی سیکیورٹی آپریشن کےلیے دی جانے والی رقم کی شرائط بھی موجود ہیں، اس میں بتایا گیا ہے کہ امریکا مسلح فورسز کی صلاحیت کو بڑھانے اور ان کی حمایت کےلیے پاکستان کو سیکیورٹی رقم فراہم کرسکتا ہے تاکہ وہ سیکیورٹی میں اضافہ کرسکے۔

عامر خان نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار عامر خان نے متوقع وزیراعظم پاکستان عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی۔ عامر خان کا کہنا ہے کہ انہیں عمران خان کی وزارت عظمیٰ کے لیے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت اب تک نہیں ملی، اگر دعوت ملتی بھی ہے تو شرکت سے معذرت کرتا ہوں۔اداکار نے کہا کہ وہ ان دنوں پانی فاﺅنڈیشن کے ایک ایونٹ میں مصروف ہوں جس میں 10 ہزار کے قریب دیہاتی شرکت کریں گے۔دوسری جانب بھارتی سابق کرکٹر کپل دیو کا کہنا تھا کہ ’مجھے تقریب حلف برادری کے لیے مدعو نہیں کیا گیا اگرچہ مدعو کیا جائے گا اور بھارتی حکومت سے اجازت ملی تو پاکستان جا کر تقریب حلف برداری میں ضرور شرکت کروں گا‘۔بھارتی سیاست دان اور سابق کرکٹر و کامیڈین نوجوت سنگھ سدھو نے بتایا کہ عمران خان نے انہیں تقریب حلف برداری کے لیے مدعو کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک بہترین کردار کے مالک، بھروسے مند ہیں اور انہیں وہ امید کی کرن دیکھتے ہیں۔نوجوت سنگھ سدھو کا مزید کہنا تھا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ عمران خان نے مجھے ذاتی طور پر مدعو کیا ہے اور ان کی جانب سے دی گئی دعوت قبول کرلی ہے۔واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر کے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور وفاق میں حکومت سازی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی جس میں چند دوستوں کو بیرون ملک سے مدعو کیا جائے گا اور دوستوں کے علاوہ کسی بیرونی شخصیت کو دعوت نہیں دی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید کا کراچی تبادلہ

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید کا تبادلہ کراچی کردیا گیا ہے اور امکان ہے کہ ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کی خالی ہونے والی پوسٹ متوقع وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست ذاکر خان کو مل جائے۔ذاکر خان دو سال سے او ایس ڈی ہیں اور گذشتہ چند دنوں سے عمران خان اور کھلاڑیوں کی ملاقات کرانے میں پیش پیش ہیں تاہم اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کررہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلہ نجم سیٹھی کا صوابدیدی اختیار ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی کے ہائی پرفارمنس میں ڈائریکٹر ساﺅتھ کی نئی پوسٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور کراچی کی علاقائی کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹر ساﺅتھ کی حیثیت سے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور موجودہ ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید کی تقرری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہارون رشید ماضی میں پی سی بی میں ڈائریکٹر گیم اینڈ ڈیولپمنٹ سمیت کئی عہدوں پر کام کر چکے ہیں اور یہ عہدہ ملنے کے بعد وہ دوبارہ اپنے آبائی شہر کراچی آجائیں گے۔ ہارون رشید پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں اہم ترین عہدے پر تعینات تھے لیکن انہوں نے کراچی آکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جس کے بعد جلد ان کا تبادلہ لاہور سے کراچی کردیا گیا ہے۔اس سے قبل ماضی کے اسپنر اقبال قاسم کو کراچی میں ڈائریکٹر بنایا گیا تھا لیکن اقبال قاسم نے چند ماہ بعد نجم سیٹھی کی مشاورت کے بعد نیشنل بینک جوائن کرلیا تھا۔ اقبال قاسم کی جگہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے منیجرعبدالرقیب کو پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے بھی انکار کردیا جس اس کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر اعظم خان نےڈائریکٹر بننے میں دلچسپی ظاہر کی لیکن قرعہ فال ہارون رشید کے نام نکلا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں ہونے والی سیاسی تبدیلی اور پی سی بی ہیڈ کوارٹر کی سیاست سے تنگ آکر ہارون رشید کراچی آرہے ہیں جہاں ان کی نگرانی میں ہائی پرفارمنس سینٹر کو متحرک کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارون رشید پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے نگران تھے لیکن ان کے جانے کے بعد ڈائریکٹر کا عہدہ عملاً ختم ہوجائے گا۔ ہارون رشید کے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے معاملات جنرل منیجر عثمان واہلہ سنبھالیں گے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کا چارج شفیق احمد پاپا کو مل جائے گا۔ دونوں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو رپورٹ کریں گے۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارون رشید کی کراچی تقرری کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ کراچی کی اکیڈمی کو پاکستان خواتین ٹیم کے لیے مختص کردیا جائے گا۔ خواتین کرکٹ ٹیم کی ٹریننگ اور دیگر سیشن نیشنل اسٹیڈیم کراچی ہی میں ہوں گے اور اس سلسلے میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے دو غیر ملکی کوچز کی مدد لی جائے گی۔یہ دونوں کوچز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے تعلق رکھتے ہیں، ان کی مدد سے خواتین کرکٹ کے لیے ایک سسٹم بنایا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہارون رشید کی خواہش کے مطابق انہیں کراچی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے پھر ان کی مشاورت سے اس سینٹر کو متحرک کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارون رشید کی کراچی میں تنخواہ اور مراعات لاہور والی ہوں گی۔ پی سی بی کراچی کے علاوہ لاہور،ملتان ،پنڈی اور پشاور میں خواتین کرکٹ کی اکیڈمیز بنا رہا ہے۔ پشاور کی اکیڈمی کی خصوصیت یہ ہوگی کہ اس اکیڈمی کو خواتین ہی چلائیں گی۔ تمام کوچز اور دیگر اسٹاف میں اکثریت خواتین ہوں گی۔ خواتین اکیڈمیوں کے قیام کا مقصد ملک میں خواتین کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

پی سی بی نے فرسٹ کلاس کرکٹرز کے غیر ملکی معاہدے خطرے میں ڈال دیے

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا شیڈول تبدیل کر کے فرسٹ کلاس کرکٹرز کے غیر ملکی معاہدے خطرے میں ڈال دیے ہیں۔گزشتہ برس قائد اعظم ٹرافی 26 ستمبر سے شروع ہوئی تھی تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نے اس برس پریمیئر فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی یکم ستمبر سے شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔پی سی بی نے اس مرتبہ چار روزہ کرکٹ اور ون ڈے ٹورنامنٹ بھی ایک ساتھ شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی جلد شروع کرنے سے کھلاڑیوں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق درجنوں فرسٹ کلاس کرکٹرز کے انگلینڈ میں لیگ کرکٹ کے معاہدے ہیں لیکن فرسٹ کلاس سیزن جلد شروع کرنے سے کھلاڑیوں کے بیرون ملک معاہدے خطرے میں پڑ گئے ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے انہیں معاہدے ختم کرنا پڑیں گے۔

زمبابوے میں حالات کشیدہ: اپوزیشن کا انتخابی نتائج ماننے سے انکار

ہرارے(ویب ڈیسک) زمبابوے میں حکمران جماعت کی انتخابات میں کامیابی کے بعد اپوزیشن نے نتائج مسترد کرتے ہوئے دھاندلی کا الزام عائد کردیا جب کہ شدید احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ زمبابوے میں 30 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں سابق حکمراں جماعت زانو پی ایف پارٹی کی کامیابی کو مسترد کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد موومنٹ آف ڈیموکریسی چینج نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔دارالحکومت ہرارے میں شدید احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی اور توڑ پھوڑ بھی کی جب کہ سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جب کہ قائم مقام حکومت نے مظاہرین کو تشدد سے باز رہنے کی ہدایت کی ہے۔کشیدہ صورتحال کے باعث دارالحکومت ہرارے میں فوج طلب کرلی گئی اور فوجی اہلکاروں نے مختلف مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا۔اپوزیشن جماعت کے اتحاد موومنٹ آف ڈیموکریسی نے سابق حکمران جماعت زانو پی ایف پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کیا اور موجودہ صورتحال کا ذمہ دار قائم مقام حکومت کو قرار دیا۔اپوزیشن اتحاد کے ترجمان کولیلوکو سبندا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت میں فوج کی ٹینکوں کے ساتھ تعیناتی اور شہریوں پر براہ راست فائرنگ کی کوئی وجہ نہیں، انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔دوسری جانب صدر ایمونل منگاوا نے اپنے ویڈیو پیغام میں تخریب کاری کا ذمہ دار اپوزیشن اور ان کے حامیوں کو قرار دیا اور اپوزیشن رہنماوں پر زور دیا کہ وہ سڑکوں سے پرتشدد مظاہرین کو واپس بلائیں۔یاد رہے کہ زمبابوے میں پہلی بار 4 دہائی تک برسراقتدار رہنے والے سابق صدر رابرٹ موگابے کے بغیر 30 جولائی کو صدارتی اور پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے، انہیں گزشتہ سال جبری طور پر عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

لہنگا چولی اور پٹھانی شلوار کُرتہ، برائیڈل شو میں سلمان خان کی کترینہ کیساتھ انٹری نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

ممبئی(ویب ڈیسک)بالی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان اور خوبرو اداکارہ کترینہ کیف نے ایک ساتھ منیش برائیڈل کوچیور میں جلوہ گر ہوکر اسے چار چاند لگادیئے۔گزشتہ روز ممبئی میں مشہور بھارتی ڈیزائنر منیش ملہوترا کے برائیڈل کوچیور شو میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے بطور شو اسٹاپر ریمپ واک کی اور مداحوں سے خوب داد سمیٹی۔منیش برائیڈل شو میں کترینہ کیف نے خوبصورت لہنگا چولی کے ساتھ دوپٹے کے بجائے کیپ زیب تن کی اور منیش ملہوترا کی نئی عروسی کلیکشن ’زوئن‘ کی نمائش کی۔جب کہ دبنگ خان شو میں پٹھانی شلوار اور کرتا زیب تن کیے جلوہ گر ہوئے۔دونوں کی ریمپ واک کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے جس پر تبصرے کیے جا رہے ہیں کہ آخر کب سلمان خان شادی کی نوید سنائیں گے۔ ؟واضح رہے کہ سلمان خان اور کترینہ کیف کی جوڑی ایک مرتبہ پھر فلم ’بھارت‘ میں جلوہ گر ہوگی جس کا اعلان سلمان خان سوشل میڈیا پر کر چکے ہیں۔منیش برائیڈل شو میں سلمان اور کترینہ سمیت دیگر بھارتی اسٹارز نے بھی شرکت کی جن میں مادھوری ڈکشت، لارا دتا، سارہ علی خان، جھانوی کپور شامل ہیں۔

عمران خان کے وزیراعظم بننے سے پاک بھارت تعلقات بہتر ہوں گے، وسیم باری

 لاہور(ویب ڈیسک) وسیم باری نے کہا ہے کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے پاک بھارت کرکٹ تعلقات بہتر ہوں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم باری نے کہا ہے کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں بہتری کی امید ہے۔ انہوں نے عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بھارتی کرکٹرز اور شوبز دوستوں کو حلف وفاداری میں مدعو کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔ بھارت سمیت دنیا بھر میں عمران خان کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔ ہمسایہ ملک سے ان کے دوستوں کی آمد سے ایک مثبت پیغام جائے گا۔ عمران خان ایک ایسی شخصیت ہیں۔ جن کی خود اعتمادی اور بہادری کے سب قائل ہیں۔ خان صاحب نے کرکٹ کے میدان میں خود کو جس طرح منوایا ہے۔ یقین ہے کہ سیاست میں بھی ملک کی خدمت کرکے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اتریں گے۔