چالیس لاکھ فیس بک صارفین کے ذاتی ڈیٹا کا غلط استعمال

کیلی فورنیا(ویب ڈیسک) فیس بک نے اپنے 40 لاکھ صارفین کے ذاتی ڈیٹا کا غلط استعمال کرنے والی تھرڈ پارٹی ایپ ’مائی پرسنیلٹی‘ کو معطل کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بک کے پروڈکٹ پارٹنرشپ کے نائب صدر ائمی آرچی بونگ نے تھرڈ پارٹی کے طور پر فیس بک سے منسلک ایپ ’مائی پرسنیلٹی‘ اور دوسری سیکڑوں ایپس پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح اب تک ادارہ فیس بک 400 ایپس پر پابندی لگا چکا ہے۔فیس بک نیوز روم میں آرچی بونگ کی ایک تازہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہماری جانب سے مذکورہ ایپ کا آڈٹ کرانے کی درخواست پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا جس کے بعد یہ انتہائی قدم اٹھایا گیا ہے؛ کیونکہ واضح ہوچکا ہے کہ اس ایپ نے مناسب تحفظ کا اہتمام کیے بغیر ہی محققین اور دیگر کمپنیوں کو فیس بک صارفین کا ذاتی ڈیٹا فراہم کیا ہے، جس کی فیس بک نے سختی سے ممانعت کررکھی ہے۔فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ ذاتی ڈیٹا کے غلط استعمال سے متاثر ہونے والوں کو نوٹی فکیشن کے ذریعے باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا تاہم اس سے متاثرہ صارفین کے ’فرینڈز‘ کا ذاتی ڈیٹا اور معلومات کے غلط استعمال کا کوئی ثبوت نہیں ملا اس لیے متاثرہ صارفین کے فرینڈز کو اس معاملے پر کوئی نوٹی فکیشن نہیں دیا جائے گا۔واضح رہے کہ کیمبرج اینالیٹکا اسکینڈل سے 87 ملین صارفین کے متاثر ہونے کے بعد فیس بک نے تھرڈ پارٹی ایپس کی جانچ پڑتال سخت کردی تھی اور اس سلسلے میں اب تک معیار پر نہ اترنے والی 400 سے زائد ایپلی کیشنز کو معطل کیا جاچکا ہے۔البتہ، بعض ٹیکنالوجی ماہرین فیس بک کے اس فیصلے کو پراسرار بھی کہہ رہے ہیں کیونکہ ”مائی پرسنیلٹی“ ایپ، برطانیہ میں نفسیاتی تحقیق کے ایک ادارے نے تیار کروائی تھی جس کا مقصد نفسیاتی تجزیئے کی غرض سے، سوال و جواب کے ذریعے صارفین سے معلومات جمع کرنا تھا۔ یہ خالصتاً ایک تحقیقی منصوبہ تھا جس کے تحت مائی پرسنیلٹی ایپ 2007 سے 2012 تک فعال رہی۔ تب سے اب تک یہ ایپ مکمل طور پر غیر فعال ہے۔تاہم، گزشتہ دنوں یہ بات ضرور سامنے ا?ئی تھی کہ کسی نامعلوم تحقیق کار نے ”مائی پرسنیلٹی“ کا اچھا خاصا ڈیٹا ”گٹ حب“ (GitHub) نامی ہوسٹنگ سروس کی ویب سائٹ پر شیئر کرادیا تھا۔ یہاں عام طور پر کمپیوٹر کے ماہرین اور سافٹ ویئر انجینئر اپنے پروگرامز کا سورس کوڈ شیئر کراتے ہیں۔

پاک فوج کا اس بار یوم دفاع منفرد انداز سے منانے کا فیصلہ

راولپنڈی(ویب ڈیسک)پاک فوج نے اس بار یوم دفاع منفرد انداز سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قوم اس سال 6 ستمبر کو منفرد انداز میں اپنے شہدائ کو خراج تحسین پیش کرے گی۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آئی ایس پی آر، میڈیا اور دیگر قومی اداروں کے ہم آہنگ ہر پاکستانی اس منفرد ملک گیر مہم کا حصہ بنے گا۔رواں سال ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کے نام پر یوم دفاع و شہداء منایا جائے گا جس میں شہداءاور ان کے لواحقین کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید اور ان کے لواحقین قوم کے ہیرو اور سرمایہ ہیں اور زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو کبھی نہیں بھولتیں۔

 

ناریل کا تیل ’خالص زہر‘ ہے، امریکی پروفیسر کا انکشاف

ہارورڈ(ویب ڈیسک) امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں صحتِ عامہ کی پروفیسر کیرن مچل نے اپنی ایک حالیہ ویڈیو میں انکشاف کیا ہے کہ ناریل کا تیل صحت بخش نہیں بلکہ ایک زہر ہے۔
یوٹیوب پر شیئر کرائے گئے ایک ویڈیو لیکچر میں پروفیسر کیرن مچل نے خبردار کیا ہے کہ ناریل کا تیل مفید نہیں بلکہ کسی زہر کی مانند ہے جو انسانی صحت پر برے اثرات مرتب کرسکتا ہے۔ امریکی پروفیسر نے یہ حیران کن انکشاف اپنے ویڈیو لیکچر ’ناریل اور دیگر غذائی مغالطے‘ میں کیا۔کیرن یونیورسٹی آف فریبرگ، جرمنی کے شعبہ وبائی امراض کی ڈائریکٹر بھی ہیں اور ناریل کے تیل سے متعلق انکشاف پرانہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ امریکی پروفیسر نے اپنی تحقیق کے حوالے سے غذائی چارٹ اور دیگر شواہد بھی پیش کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناریل کے تیل میں سیرشدہ چکنائیوں (Saturated Fats) کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو صحت کے لیے زہر ہے۔اس قسم کی چکنائیوں میں بطورِ خاص ”ایل ڈی ایل“ بھی شامل ہے جسے طبّی ماہرین ”برے کولیسٹرول“ (bad cholesterol) کے نام سے جانتے ہیں کیونکہ یہی وہ چکنائی ہے جو رگوں کی اندرونی سطح پر جم کر انہیں تنگ کردیتی ہے اور خون کے بہاﺅ میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے کئی ایک امراضِ قلب لاحق ہونے کی وجہ بھی ہے۔
دوسری جانب ٹفٹ یونیورسٹی کے فوڈ سائنس ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ایلس لیکٹینسن نے پروفیسر کیرن کے ”انکشاف“ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی ڈیٹا یا سائنسی ثبوت موجود نہیں جس کی بنیاد پر ناریل کے تیل کو زہر قرار دیا جاسکے۔ البتہ ناریل کا تیل دل کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ضرور ثابت ہوسکتا ہے اور اسے محدود مقدار میں ہی استعمال کیا جانا چاہیے۔امریکی تنظیم برائے امراضِ قلب نے بھی ناریل کے تیل کو پکوان میں استعمال کرنے کے عمل کو دل کے لیے نقصان قرار دیا ہے۔ ناریل میں چربی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور طبی ماہرین ایک دن میں 6 فیصد سے زیادہ سیرشدہ چکنائیاں لینے سے منع کرتے ہیں جب کہ ناریل کے تیل میں سیرشدہ چکنائیوں کی مقدار 80 فیصد ہوتی تک ہے۔

اپنے پیروں کو پیچھے موڑ کر الٹا چلنے والا شخص

مشی گن(ویب ڈیسک) ایک امریکی شہری حیرت انگیز طور پر اپنے پاﺅں کو 180 ڈگری کے رخ پر موڑ کر الٹے قدموں چل سکتا ہے۔امریکی شخص موسس لینہم کو 14 سال کی عمر سے اپنے پاﺅں کو مخالف سمت میں موڑ کر پیدل چلنے پر ’مسٹر پلاسٹک‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے اور ایسی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ انہیں یہ انوکھی صلاحیت اس وقت حاصل ہوئی جب وہ ورزش کے دوران جم میں دو بلند دیواروں کے درمیان تنی ہوئی ایک رسی پر چلنے کی کوشش میں نیچے گرگئے تھے۔اس حادثے کے بعد موسس کو اپنے پیروں میں نمایاں تبدیلی محسوس ہوئی اور جلد وہ جان گئے کہ بغیر تکلیف کے وہ اپنی ٹانگوں کو 180 ڈگری کے زاویئے پر موڑ کر چل سکتے ہیں۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ایسا ٹانگوں، گھٹنوں اور کولہوں کے جوڑوں میں کارٹیلیج (کرکری ہڈی) کی دگنی مقدار کی موجودگی سے ہوتا ہے۔lenhimانسانی جسم کے جوڑوں میں ہڈیوں کے درمیان ایک نرم، چکنی اور لچک دار ہڈی ہوتی ہے جسے ”کرکری ہڈی“ یا کارٹیلیج کہا جاتا ہے۔ یہ کسی جوڑ پر ہڈیوں کے آپس میں ملنے والے مقام پر ہڈیوں کی سطح کو چکنا رکھتی ہے جس سے ہڈیوں کو حرکت اور موڑنے کے دوران تکلیف نہیں ہوتی اور ہم آسانی سے اٹھ بیٹھ سکتے ہیں۔ تاہم موسس میں کارٹیلیج اور متعلقہ بافتوں (ٹشوز) دگنی تعداد میں ہونے کی وجہ سے وہ اپنے پاﺅں کو گھٹنے سے 180 ڈگری زاویئے تک موڑ سکتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کے انتخابی شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتے ہوگا

لاہور(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابی شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔پی سی بی الیکشن کمشنر جسٹس(ر) افضل حیدر کی سربراہی میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان جو پی سی بی کے پیٹرن انچیف بھی ہیں، کی جانب سے 2 شخصیات کے نام آنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کے ساتھ مل کر پی سی بی کے الیکشن کا اعلان کر دیں گے۔اس سے قبل نجم سیٹھی کی جانب سے بطور پی سی بی چیئرمین استعفے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کو کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے نامزد کیا تھا۔ پی سی بی کے آئین کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا عہدہ خالی ہونے کے 4 ہفتوں کے اندر انتخابات کروانے کا پابند ہے جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے ممبرز کی تعداد 10 ہے جس میں سے 2 براہ راست وزیراعظم مقرر کرتا ہے اور دیگر 8 ریجنز اور ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے منتخب ہوکر بورڈ کا حصہ بنتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے احسان مانی کی بطور ممبر گورننگ بورڈ تعیناتی کا نوٹی فکیشن تاحال جاری نہ ہو سکا جس کے باعث چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کا معاملہ التواءکا شکار ہے جب کہ مستعفی ممبر اعجاز عارف کی جگہ بھی کسی کو ممبر گورننگ بورڈ بنانا ہے۔پی سی بی الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے 2 نامزدگیاں ہونے کے بعد چیئرمین کا انتخاب ہوگا اور چیف الیکشن کمشنر آئندہ ہفتے الیکشن شیڈول کااعلان کریں گے۔

 

اورنج لائن ٹرین منصوبہ مکمل نہ ہونے پر چیف جسٹس پاکستان برہم

لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان نے اورنج لائن ٹرین منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ اب کسی ٹھیکیدار کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے میگا پراجیکٹس کے بارے میں از خود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس پاکستان نے افسوس کا اظہار کیا کہ لاہور کے شہریوں نے بہت زیادہ مشکلات اٹھا لی ہیں، یہ منصوبہ ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوا۔ حبیب کنسٹرکشن کے نمائندے نے بتایا کہ منصوبے کا 90 فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی کام چینی کمپنی کو کرنا ہے جس میں تین سے چار ماہ لگ سکتے ہیں۔حبیب کنسٹرکشن کے نمائندے نے بتایا کہ آخری دو چیک باﺅنس ہوگئے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے حیرت کا اظہار کیا کہ ریاست کے چیک کیسے باﺅنس ہوسکتے ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نےچیک باﺅنس ہونے کے معاملے پر سیکرٹری فنانس کو طلب کر لیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے واضح کیا کہ انہیں ٹائم فریم چاہیے کہ کب تک لاہور کو اس مشکل سے آزاد کرائیں گے۔ حکومت کے نمائندوں سے بات کریں اور سب کو صاف بتا دیں کہ کچھ بھی ہو جائے یہ پراجیکٹ مکمل ہوگا۔ منصوبے کی تکمیل کے لئے ضمانت لی جائے گی اور اب کسی ٹھیکیدار کو بھاگنے نہیں دیا جائےگا۔

پاک فوج کے 6 لیفٹیننٹ جنرلز کے تبادلے و تقرریاں

راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاک فوج کے 6 لیفٹیننٹ جنرلز کے تبادلے اور تقرریاں کی گئی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں جس کے تحت لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کور کمانڈر کراچی جب کہ لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا آئی جی کمیونیکیشن و آئی ٹی مقرر کردیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو کور کمانڈر راولپنڈی اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کردیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف کور کمانڈر ملتان جب کہ لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر کو چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا تعینات کر دیاگیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا اس سے قبل کمانڈر فائیو کور، لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر چیف آف جنرل اسٹاف جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا پہلے کمانڈر ٹین کور تعینات تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر پہلے کمانڈر کور 2، لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز آئی جی کمیونیکیشن و آئی ٹی اور لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف چیئرمین ایچ ای ٹی تعینات تھے۔