سری لنکا : نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد کرفیو میں نرمی

سری لنکا میں نئے وزیر اعظم رانیل وکرماسنگھے کی جانب سے اپنی کابینہ کی تشکیل کے بعد گزشتہ روز ملک گیر کرفیو 12 گھنٹے کے لیے اٹھا لیا جس کے ساتھ سخت پابندیوں میں بھی نرمی کردی گئی ہے۔

 خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے کے حامیوں نے تجارتی دارالحکومت کولمبو میں ایک حکومت مخالف احتجاجی کیمپ پر حملہ، خیمے جلانے اور مظاہرین اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد حکومت کے خلاف ایک ماہ سے زیادہ کا پرامن احتجاج رواں ہفتے پرتشدد ہو گیا۔

پر تشدد واقعات اور حکومتی شخصیات کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں 300 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

کورونا وبا، تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور حکومت کی جانب سے ٹیکسز میں کٹوتیوں سے بری طرح متاثر سری لنکا 1948 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد اپنے بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے، قابل استعمال غیر ملکی ذخائر کم ہو گئے ہیں اور مہنگائی اور ایندھن کی شدید قلت نے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کردیا ہے۔

حکومت نے گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو اٹھا لیا تھا، پیر سے مکمل 24 گھنٹے کے لیے نافذ کیا گیا کرفیو جمعرات اور جمعے کو بھی چند گھنٹوں کے لیے اٹھا لیا گیا تھا تاکہ ضروری سامان کی خریداری کی اجازت دی جا سکے۔

پیر کے روز تشدد بھڑکنے کے بعد مہندا راجا پاکسے نے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم ان کے چھوٹے بھائی گوٹابایا راجہ پکسے صدر کی حیثیت سے برقرار رہے جب کہ 5 بار وزیر اعظم رہنے والے رانیل وکرماسنگھے کو جمعرات کو دوبارہ وزیراعظم مقرر کردیا گیا تھا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم کی کابینہ سے 4 وزرا کو اپنی کابینہ میں شامل کیا ہے، جس سے پارٹی کو اقتدار سے ہٹانے کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کو مطمئن کرنے کا امکان کم ہوگیا ہے۔

صدر دفتر کی جانب سے اعلان کردہ تقرریوں میں چیئرمین ایس ایل پی پی ’جی ایل پیریز‘ شامل ہیں جو استعفیٰ دینے سے قبل اس عہدے پر فائز تھے۔

روس یوکرین جنگ:ٹرننگ پوائنٹ اگست میں آئے گا،یوکرینی انٹیلی جنس

یوکرین : (ؤیب ڈیسک) یوکرین کی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ کیریلو بودانوف نے دعویٰ کیا ہے کہ 2022 کے اختتام تک روس یوکرین جنگ کی تمام کارروائیاں رک جائیں گی۔
برطانوی ٹی وی اسٹیشن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ تنازع کا ٹرننگ پوائنٹ اگست میں سامنے آئے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرننگ پوائنٹ کے نتیجے میں روسی قیادت میں تبدیلی ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ماسکو میں روسی صدر کا تختہ الٹنے کے لیے بغاوت کی کوشش کی جا چکی ہے۔روس کو اس جنگ میں بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یوکرین کی افواج ڈونباس اور قرم سمیت روسی فوج کے قبضے میں آنے والی تمام اراضی واپس لے گی۔
بودانوف یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی نفسیاتی اور جسمانی حالت نہایت خراب ہے اور وہ سرطان کے مرض میں مبتلا ہیں۔ تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری موقف سے تصدیق نہیں ہوئی۔

‘عدالتیں بے بس، شہبازشریف اور حمزہ کی ضمانتوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی’

لاہور: (ؤیب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ عدالتیں کتنی بے بس ہیں، اس کا اندازہ اس سے لگا لیں کہ پھر شہبازشریف سینئر اور جونیئرکی ضمانتوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
ٹویٹ میں فواد چودھری نے مزید کہا کہ وہ مصروفیات کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے تھے۔ کرائم منسٹر ایک ماہ کی حکومت میں چوتھے غیرملکی دورے پر ہیں۔ ایسےمجرم کو جو عبوری ضمانت پر ہے دنیا کیا عزت دے گی۔

کراچی میں بجلی کا تعطل برقرار، شہری 12، 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ سے اذیت میں مبتلا

کراچی: (ؤیب ڈیسک) کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سبب کئی علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم ہوگئے، 12 گھنٹوں سے زائد طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کام کاج پر جانے والے شہری اور گھریلو خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
کراچی کو بجلی کی فراہمی کے الیکٹرک کیلئے چیلنج بن گئی۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بارہ گھنٹوں سے تجاوز کر گیا۔ صبح دفاتر، سکول اور کام کاج پر جانے والےشہری بجلی کی بار بار بندش سے تنگ آگئے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے حالیہ گرمی کی لہر میں بھی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ شہری کہتے ہیں کے الیکٹرک کی جانب سے ہزاروں روپے کے
بلز تو بھیج دیے جاتے ہیں مگر بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔
کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق کراچی میں 400 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے۔ طلب 3500 اور رسد 3100 میگاواٹ ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے بجلی کی فراہمی بلوں کی ادائیگی سے مشروط ہے۔

سورج آگ اگلنے لگا، لاہور میں پارہ 46، اسلام آباد میں 43 تک جانے کا امکان

لاہور: (ؤیب ڈیسک) ملک کے بیشترعلاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا، میدانی علاقے ہیٹ ویو کے زیر اثر رہیں گے، رات کو خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے ملک میں ہیٹ ویو کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، لاہور میں درجہ حرارت 46 اور فیصل آباد میں سینتالیس، بہاولپور، ڈی جی خان ،سرگودھا ،ساہیوال میں پارہ اڑتالیس تک جانے کی پیشگوئی ہے۔
سندھ میں گرمی حدوں کو چھو رہی ہے، موہنجو داڑو، دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت پچاس سے بھی اوپر جانے کا امکان ہے، بلوچستان کے علاقے سبی میں بھی پارہ پچاس تک جانے کی توقع ہے۔

بھارت نے گندم کی برآمد پر پابندی عائد کر دی

نئی دہلی: (ؤیب ڈیسک) بھارت نے گندم کی برآمد پر پابندی عائد کر دی۔
بھارتی حکومت نے گندم کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی حکومت نے مہنگائی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔
یہ قدم ایک ایسے وقت پر اٹھایا گیا ہے۔ جب یوکرین جنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں گندم کی قلت دیکھی جا رہی ہے۔بھارت گندم پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔
تاہم رواں برس اپریل میں گندم کی قیمتیں پہلی بار گزشتہ ایک دہائی کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ بھارتی حکومت کو افراط زر کی شرح میں تشویشناک اضافے پر خدشات لاحق ہیں۔
واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ اور پابندیوں کے باعث دنیا بھر میں گندم کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔روس اور یوکرین دنیا میں گندم پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہیں۔
دنیا میں گندم کی مجموعی تجارت میں دونوں کا لگ بھگ دو تہائی حصہ ہے۔ روس دنیا میں گندم برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے تو یوکرین چوتھا بڑا ملک ہے۔

عمران خان نے جلسوں میں آمدورفت کے لیے سیکیورٹی مانگ لی

اسلام آباد : (ؤیب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے مختلف شہروں میں جلسوں کے لیے آمدورفت کے لیے سیکیورٹی مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سیکریٹریٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ دیا ۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔ سابق وزیر اعظم کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر انٹری اور ایگزٹ کے لیے چائنہ گیٹ کے استعمال کی اجازت دی جائے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اے ایس ایف سے بھی سابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کی درخواست کی گئی ہے۔

حج 2022 کی قرعہ اندازی آج اسلام آباد میں ہوگی

اسلام آباد : (ؤیب ڈیسک) سرکاری حج اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کے نام کا اعلان آج کیا جائے گا۔
حج 2022 کی قرعہ اندازی آج اسلام آباد میں ہوگی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابقپاکستان کیلئے حج کوٹہ 81 ہزار مقرر ہے۔ملک بھر سے سرکاری اسکیم کے لیے 63 ہزار سے زائد حج درخواستیں جمع ہوئیں۔
سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ 32 ہزار ہے ۔ٹوٹل کوٹہ میں 40فیصد سرکاری اور60 فیصد پرائیویٹ حج اسکیم کا ہے۔سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات سات سے دس لاکھ روپے ہوں گے

سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں دم توڑگئے

سڈنی: (ؤیب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں دم توڑ گئے، لیجنڈری کھلاڑی کی موت پر سابق کرکٹر اور شائقین کرکٹ نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر، سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ لیجندڑی کرکٹر کی کار کو حادثہ آسٹریلیا کے شہر ٹاؤنزویل کے قریب پیش آیا۔
46 سالہ کرکٹر نے 26 ٹیسٹ 198 ون ڈے اور 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، اینڈریو سائمنڈز نے انٹرنیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر6 ہزار 887 رنز اور 165 وکٹیں حاصل کیں۔ لیجنڈری آل راؤنڈر 2مرتبہ آسٹریلوی ورلڈ چیمپئن اسکواڈ کا حصہ بھی رہے۔
اینڈریو سائمنڈ کی موت پر سابق کرکٹرز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے کرکٹ کی دنیا کے لیے صدمہ قرار دیا ہے۔ کرکٹر ایڈم گلکرسٹ، جیسن گلیسپی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ یہ واقعہ تکلیف دہ ہے۔
افسوسناک واقعے پر پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اینڈریو سائمنڈز کی موت کا سن کر بہت اداسی ہوئی۔ بھارتی کرکٹرز ہربھجن سنگھ ، انیل کمبلے اور لکشمن نے بھی سائمنڈز کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔
سابق انگلش کپتان مائیل وون کا کہنا ہے کہ سائمنڈز کی موت کا یقین نہیں آرہا، اینڈریو سائمنڈز کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔

پنجاب کی تمام شوگر ملز کو چینی 70 روپے فی کلو میں فروخت کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف چینی کی قیمت میں کمی کے لیے متحرک ہوگئے، حمزہ شہباز نے تمام شوگر ملز کو چینی 70 روپے فی کلو میں فروخت کرنے کی ہدایت کردی

وزیر اعلٰی پنجاب کی ٹیم نے شوگر ملز ایسوسی ایشن سے مذاکرات ہوئے جس میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ حمزہ شہباز نے تمام شوگر ملوں کو چینی 70 روپے کلو فروخت کرنے کی تلقین کردی۔

اس حوالے سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو حتمی فیصلے کے لئے 24 گھنٹے کا وقت دے دیا گیا ہے، شریف فیملی کی شوگر ملز سے چینی 70 روپے فی کلو میں دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔