بھارت نے آبنائے ہرمز میں بھارتی بحری جہازوں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد دلی میں ایرانی سفیر کو طلب کر لیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے دلی میں ایرانی سفیر محمد فتح علی کو طلب کیا اور آبنائے ہرمز میں بھارتی تیل بردار اور تجارتی بحری جہازوں پر حملے پر احتجاجی نوٹ دیا۔
قبل ازیں ایران کی پاسداران انقلاب نے بھارت کے تیل بردار دو بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے سے روک دیا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق اس دوران ان پر فائرنگ بھی کی گئی، بھارتی بحری جہازوں میں وی ایل سی سی سپر ٹینکر بھی ہے، بھارتی بحری جہازوں میں 20لاکھ بیرل عراقی تیل لدا ہوا ہے۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے بھی تصدیق کی تھی کہ عمان کے شمال مشرق میں20 ناٹیکل میل دور ایک واقعے کی رپورٹ ملی ہے، پاسداران انقلاب کی گن بوٹس ٹینکر کی جانب آئیں۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کی گن بوٹس نے ٹینکر پرفائرنگ کی، ٹینکر اور عملہ محفوظ ہیں،آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کے دوران کم از کم دو تجارتی جہازوں پر بھی فائرنگ کی گئی ہے۔
شپنگ ذرائع کے مطابق فوری طور پر نقصان کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی۔






































