تازہ تر ین

قربانی کے جانوروں کی کھالوں کی وصولی سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری

حکومت سندھ نے عیدالاضحیٰ قربانی کے جانوروں کی کھالوں کی وصولی سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کردیا اور محکمہ داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے اور  اجازت نامے کےلیے نیکٹا کے  طریقہ کار پر سختی سے عمل کیا جائےگا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں، مدارس اور رفاہی تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے گی، کسی بھی کالعدم تنظیم کو کسی دوسرے نام کی آڑ میں اجازت یا کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

محکمہ داخلہ سندھ نے واضح کیا کہ کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانا اور بینرز آویزاں کرنا، کھالوں کی وصولی کے اعلانات کے لیے گاڑیوں یا عمارتوں پر جھنڈے اور اعلانات کے لیے لاؤڈ اسپیکر کا استعمال ممنوع ہوگا، اسی طرح زبردستی کھالیں جمع کرنا بھی ممنوع ہوگا۔

ضابطہ اخلاق میں بتایا گیا ہے کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامہ مقررہ مدت کے دوران ہر وقت ساتھ رکھنا لازمی ہوگا، شرائط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی کھالیں ضبط کر لی جائیں گی اور ضبط کھالیں ضلعی انتظامیہ عطیہ کرے گی یا مناسب طریقے سے تصرف میں لاتے ہوئے مجاز تنظیموں کے حوالے کرے گی۔

 

ضلعی انتظامیہ کی ہدایت یا اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر چیکنگ کر سکیں گے اور ضلعی انتظامیہ سائٹ انسپیکشن کا حکم دے سکے گی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری شدہ تمام لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کی اجازت 10 سے 12 ذوالحج تک معطل رہے گی۔

اسی طرح کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجتماعی قربانی کے اجازت نامے جاری کریں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے بتایا ہے کہ ان شرائط کی خلاف ورزی کرنے والے ہر شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ضابط فوجداری کے تحت اختیار دیا گیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain