تازہ تر ین

ایبولا کے پھیلاؤ کا خطرہ؛ ملک کے تمام ایئرپورٹس پر اسکریننگ کا عمل سخت

وزارت صحت پاکستان نے افریقہ میں ایبولا وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر کے ایئرپورٹس پر اسکریننگ کے اقدامات سخت کر دیے ہیں تاکہ وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

وزارت کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تمام ایئرپورٹس پر احتیاطی اسکریننگ پروٹوکول فوری نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ایبولا کا پھیلاؤ جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے اور محدود سفری روابط کے باعث پاکستان کو خطرہ نہایت کم ہے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹس آف ہیلتھ پاکستان اور عالمی ادارہ صحت کی پاکستان میں موجود ٹیم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ وزارت نے تمام صوبوں اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

حکام کے مطابق پاکستان میں ایبولا کی تشخیص کی صلاحیت موجود ہے اور ضروری تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے احتیاطی نگرانی بڑھانے کی سفارش کی ہے تاہم کسی قسم کی سفری پابندی کا مشورہ نہیں دیا گیا۔

وزارت صحت نے واضح کیا کہ پاکستان یا اس کے ہمسایہ ممالک میں اب تک ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ شہریوں کو افریقی ممالک کا سفر کرنے سے قبل متعلقہ ہیلتھ ایڈوائزریز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایبولا ایک مہلک وائرس ہے جو جسمانی رطوبتوں کے ذریعے پھیلتا ہے اور شدید خون بہنے اور اعضا کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔ موجودہ وبا ایبولا کے بنڈی بگیو سٹرین سے متعلق ہے، جس کی اس سے قبل دو بار، 2007 میں یوگنڈا اور 2012 میں کانگو میں وبا سامنے آ چکی ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، اسلام آباد کے پاس ایبولا ٹیسٹنگ کی سہولت موجود ہے اور ملک بھر کی ریفرنس لیبارٹریز کو بھی ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق افریقہ سے پاکستان آنے والی کچھ بحری جہازوں کی بھی اسکریننگ کی جا رہی ہے جبکہ طبی عملے کو ممکنہ کیسز سے نمٹنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain