ایران نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کے درمیان تصادم کے بعد ایک بلک کیریئر کے عملے کے 23 افراد کو بحفاظت بچا لیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق یہ واقعہ جزیرہ قشم کے شمال میں پیش آیا، جہاں جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں پانی بھرنا شروع ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق صورتحال خراب ہونے پر جہاز کے کپتان نے ہنگامی انخلا کا حکم دیا، جس کے بعد تمام عملے کو محفوظ طریقے سے نکال کر جزیرہ قشم منتقل کر دیا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز، جو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم بحری راستہ ہے، خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مسلسل توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ حالیہ دنوں میں اس علاقے میں بحری جہازوں کو درپیش خطرات اور سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

