ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبالر ڈئیگو میراڈونا کے مشہور ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول میں استعمال ہونے والی تاریخی گیند امریکا میں 33 لاکھ ڈالر (تقریباً 94 کروڑ پاکستانی روپے) میں نیلام ہوگئی۔ یہ نیلامی ہیریٹیج آکشنز کے ذریعے ہوئی، جبکہ بولی 25 لاکھ ڈالر سے شروع ہوئی تھی۔
یہ ایڈیڈاس ایزٹیکا گیند 1986 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں استعمال ہوئی تھی۔ اسی گیند سے میراڈونا نے پہلے متنازع ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول کیا اور چند منٹ بعد اسی مقابلے میں مشہور ’گول آف دی سنچری‘ بھی اسکور کیا۔ ارجنٹائن نے یہ میچ 2-1 سے جیتا تھا۔
میچ کے دوران تیونس کے ریفری علی بن ناصر نے میراڈونا کے ہاتھ سے گیند لگنے کے باوجود گول کو درست قرار دیا تھا۔ بن ناصر نے یہ گیند تین دہائیوں سے زائد عرصے تک اپنے پاس محفوظ رکھی اور 2022 میں اسے پہلی مرتبہ نیلام کیا گیا تھا۔
نیلامی سے قبل گیند کی قیمت ایک کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی توقع کی جارہی تھی، تاہم حتمی قیمت اس اندازے سے خاصی کم رہی۔ میراڈونا کی اسی میچ میں پہنی ہوئی شرٹ 2022 میں تقریباً 93 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
ہیریٹیج آکشنز کے مطابق گیند کی میچ سے مطابقت تصاویر اور آزادانہ تصدیقی عمل کے ذریعے ثابت کی گئی تھی، جس نے اسے فٹبال کی تاریخ کی انتہائی اہم یادگاروں میں شامل کردیا۔

