لاہور (جنرل رپورٹر)موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سرکاری سکولوں میں نئے داخل ہونے والے طلبا ء کو مفت درسی کتب کی عدم فراہمی کا سامنا ہے، جس پر والدین پریشان ہیں۔مفت درسی کتب نہ ملنے کے باعث داخلہ مہم بھی متاثر ہونے لگی ہے۔ پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلی منٹیشن یونٹ نے تمام ویئر ہائوسز میں دستیاب کتابوں کا ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے تمام ویئر ہائوسز میں موجود کتابوں کا ڈیٹا دو روز میں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق مفت درسی کتب کے اضافی سیٹ مختلف ویئر ہاسز میں موجود ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ویئر ہاسز سے درسی کتب اکٹھی کر کے سکولوں کو فراہم کر دی جائیں گی، جبکہ سکول سربراہان کو داخلوں کے مطابق کتابوں کی ڈیمانڈ پہلے ہی جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔محکمہ تعلیم کے مطابق مفت درسی کتب کی عدم فراہمی کی ذمہ داری متعلقہ سکول سربراہان پر عائد ہوگی۔
