یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائی کرنے والے سعودی قیادت میں اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائی دفاعی فورسز نے جنوبی سعودی عرب کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل اور 4 ڈرونز کو روک کر تباہ کردیا۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ایک بیلسٹک میزائل خمیس مشیط جبکہ دوسرا جازان کے اوپر روکا گیا، جبکہ چاروں ڈرونز خمیس مشیط کے اوپر تباہ کیے گئے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق ایک میزائل کے ملبے کے گرنے سے خمیس مشیط کے رہائشی علاقے میں کچھ عمارتوں اور گاڑیوں کو محدود نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سعودی اتحاد نے اس سے قبل مدینہ منورہ میں بجلی کے ایک اسٹیشن پر ڈرون حملے کا الزام بھی حوثیوں پر عائد کیا تھا۔ حوثی حکام نے مدینہ حملے سے متعلق سعودی دعوے کو مسترد کیا ہے۔
سعودی اتحاد کا حوثیوں کے 2 بیلسٹک میزائل اور 4 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ

