راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر کے قبرستانوں کو سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست بنانے کے لیے خصوصی شجرکاری مہم کے تحت پودے لگانے کا عمل بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مہم کا مقصد شہر کے قبرستانوں میں سبزہ بڑھانے، ماحول کو بہتر بنانے، درجہ حرارت میں کمی لانے اور شہریوں کو صاف ستھرا اور پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر شہر کے مختلف قبرستانوں میں شجرکاری اور گرین بیلٹس کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہارٹیکلچر ٹیموں کی جانب سے موزوں مقامات کی نشاندہی کرکے مختلف اقسام کے پودے لگائے جا رہے ہیں، جبکہ پہلے سے موجود سبزہ اور پودوں کی دیکھ بھال پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ہارٹیکلچر ایجنسی کے متعلقہ عملے کی جانب سے قبرستانوں میں پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی مناسب آبپاشی، نگہداشت اور افزائش کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شجرکاری مہم کے ثمرات دیرپا ہوں اور لگائے گئے پودے مستقبل میں گھنے اور صحت مند درختوں کی شکل اختیار کر سکیں۔اس موقع پر ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا کہ درخت اور پودے نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ شہری علاقوں میں خوبصورتی، سایہ اور ٹھنڈک کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ قبرستانوں میں شجرکاری ایک مثبت اور ماحول دوست اقدام ہے جس کے ذریعے ان مقدس مقامات کے ماحول کو مزید پرسکون، سرسبز اور خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے سرسبز اور صاف ستھرے شہروں کے وژن کے مطابق راولپنڈی میں شجرکاری گرین بیلٹس کی بحالی، پارکس کی خوبصورتی اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ہارٹیکلچر ایجنسی شہر کے مختلف علاقوں میں موجود سبزہ اور گرین اسپیسز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نئے مقامات پر بھی شجرکاری کو فروغ دے رہی ہے۔ایم ڈی نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ قبرستانوں سمیت شہر کے تمام گرین ایریاز میں لگائے جانے والے پودوں کی مناسب دیکھ بھال، بروقت پانی کی فراہمی اور ضروری ہارٹیکلچر سرگرمیوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ شجرکاری مہم کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔شہر میں جاری شجرکاری مہم محض پودے لگانے تک محدود نہیں بلکہ ان کی مسلسل نگہداشت اور افزائش بھی مہم کا اہم حصہ ہے۔ اس مقصد کے لیے فیلڈ اسٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے اور مختلف مقامات پر پودوں کی صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگرد موجود درختوں اور پودوں کی حفاظت میں ہارٹیکلچر عملے کے ساتھ تعاون کریں، قبرستانوں اور دیگر عوامی مقامات پر لگائے گئے پودوں کو نقصان سے محفوظ رکھیں اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سرسبز راولپنڈی، صاف ستھرا ماحول اور خوبصورت شہری منظرنامہ یقینی بنانے کے لیے شجرکاری اور ہارٹیکلچر سرگرمیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
