سعودی عرب میں حوثی حملوں کے بعد فضائی آپریشن متاثر ہونے لگا، جس کے اثرات متحدہ عرب امارات سے ریاض آنے جانے والی پروازوں پر بھی پڑے ہیں۔ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کے بعد اتحاد ایئرویز اور فلائی دبئی نے ریاض کی بعض پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا اعلان کیا۔
اتحاد ایئرویز کے مطابق ابوظبی سے ریاض جانے والی پرواز EY555 ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث طویل تاخیر کا شکار ہوئی، جبکہ واپسی کی پرواز EY556 بھی متاثر ہوئی۔
دوسری جانب فلائی دبئی نے دبئی سے ریاض اور ریاض سے دبئی جانے والی پروازیں FZ855 اور FZ856 8 اکتوبر کے لیے منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ فی الحال ریاض کے لیے اس کے دیگر شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کے بعد بڑے پیمانے پر پروازیں متاثر ہوئیں۔ جمعرات کو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے شیڈول تقریباً 40 فیصد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔
سعودی حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں، کیونکہ شیڈول میں مختصر نوٹس پر تبدیلی کا امکان موجود ہے۔

