اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے 12 باغی اراکین سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کا دروازہ توڑ دیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو اراکین اسمبلی سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
اسلام آباد میں سندھ ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد ہاتھوں میں لوٹے اٹھائے سندھ ہاؤس کے قریب پہنچ گئی، کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولتے ہوئے دروازہ توڑ دیا اور ہاؤس میں داخل ہو گئے۔ اس دوران کارکنوں نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
پی ٹی آئی کے کراچی سے ایم این اے فہیم خان بھی سندھ ہاوس کے باہر مظاہرے میں شریک ہیں۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کہا ہے کہ ہمیں عمران خان کی وجہ سے ووٹ ملا، منحرف ارکان غدارہیں، عقل کے ناخن لو، آج یہ ٹریلرہے، اگربازنہ آئے تو اندر گھس کر ماریں گے۔
رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ خان نے کہا کہ منحرف ارکان عمران خان کی وجہ سے ایم این اے بنے۔ پی ٹی آئی کا ورکر ان کا پیچھا کرے گا، انہیں چاہیے کہ واپس آئیں عمران خان سے معافی مانگیں، اگر انہیں شکایت ہے تو استعفیٰ دیں اور الیکشن لڑ کرآئیں، پہلے استعفے دیں پھر جو سیاست کرنی ہے کریں۔
اس دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو اراکین اسمبلی سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
پی ٹی آئی کارکن دروازہ توڑ کر سندھ ہاؤس میں داخل، دو اراکین اسمبلی سمیت متعدد گرفتار

