سابق بارسلونا اور ریئل بیٹس کے اسٹار ونگر کرسچن ٹیلو نے 35 سال کی عمر میں پروفیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
اسپین کے سابق فٹبالر نے 6 ستمبر کو سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام کے ذریعے کھیل کو خیرباد کہا۔ ٹیلو نے کہا کہ فٹبال نے انہیں بہت کچھ دیا، ناممکن دکھائی دینے والے خواب پورے کرنے کا موقع دیا اور ایسے لوگوں سے ملایا جنہیں وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
کرسچن ٹیلو نے اپنے کیریئر کا اہم حصہ بارسلونا، ایف سی پورٹو، فیورینٹینا اور ریئل بیٹس سمیت مختلف کلبوں میں گزارا۔ بعد ازاں وہ لاس اینجلس ایف سی، سعودی عرب کے الفتح اور العروبة جبکہ متحدہ عرب امارات کے پام سٹی ایف سی سے بھی وابستہ رہے۔
ٹیلو نے مجموعی طور پر 512 پروفیشنل میچز کھیلے اور 91 گول کیے۔ تاہم فرانسیسی اخبار L’Équipe کے مطابق ان کے آفیشل میچز کی تعداد 494 رہی، جبکہ انہوں نے 71 اسسٹس بھی فراہم کیں۔
بارسلونا کے ساتھ ٹیلو نے لا لیگا جبکہ ریئل بیٹس کے ساتھ کوپا ڈیل رے جیتا۔ وہ اسپین کی قومی ٹیم کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں اور 2013 میں ایک مرتبہ سینئر ٹیم کی نمائندگی کی۔
ٹیلو نے اپنے الوداعی پیغام میں کہا کہ اب بطور پروفیشنل فٹبالر ان کا وقت ختم ہو گیا ہے، تاہم فٹبال نے انہیں جو کچھ سکھایا وہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔

