لاہور (جنرل رپورٹر)ادارہ تعلیم و آگاہی (ITA) نے محکمہ پبلک لائبریریز پنجاب کے تعاون سے قائد اعظم لائبریری، لاہور میں ‘خواندگی کے لیے لائبریریاں: بنیادی تعلیم میں تیزی’کے عنوان سے بین الاقوامی خواندگی دن 2026 کا انعقاد کیا۔ اس تقریب
میں پالیسی سازوں، سکول کے سربراہان، کہانی کاروں اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی اور اس بات پر زور دیا کہ کس طرح فعال لائبریریاں پڑھنے کی عادت کو فروغ دے سکتی ہیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز ‘ڈیف ریچ’کے بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے قومی ترانے سے ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک لائبریریز پنجاب، کاشف منظور نے اپنے افتتاحی خطاب میں پنجاب کی بنیادوں کو مضبوط بنانے کے لیے لائبریریوں کو وسعت دینے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا، جس کے بعد ثدیہ سرمد اور وجیہہ کی قیادت میں بچوں کے لیے کہانی گوئی کے سیشنز منعقد کیے گئے۔ ادارہ تعلیم و آگاہی نے ‘روم ٹو ریڈ’ (Room to Read) اور محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے ساتھ مل کر 2020 سے اب تک پاکستان لٹریسی پروجیکٹ (PLP) کے تحت پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 70 سے زائد لائبریریاں قائم کیں، 1,300 سے زائد اساتذہ کو تربیت دی اور سکولوں میں 6 لاکھ 86 ہزار 400 سے زائد کتابیں تقسیم کیں۔ پروگرام کے آزادانہ معائنے اور سروے کے مطابق پروگرام والے سکولوں کے 94فیصد بچوں نے گھر پڑھنے کے لیے کتابیں حاصل کیں، جبکہ دیگر سکولوں میں یہ شرح صرف 6 فیصد تھی۔ اس کے علاوہ 80 فیصد بچوں نے سکول کے اوقات کے دوران اپنی مرضی سے کتابوں کا انتخاب کیا۔ مقابلے میں دیگر سکولوں کا تناسب 20فیصد رہا، 72 فیصد بچوں نے محض لطف اندوز ہونے کے لیے گزشتہ پانچ دنوں میں کوئی نہ کوئی کتاب پڑھی، جبکہ پروجیکٹ کی سپورٹ ختم ہونے کے ایک سال بعد بھی 85 فیصد سے زائد سکولوں میں کمیونٹی اور سکول کی مدد سے لائبریری کے اوقات کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ادارہ تعلیم و آگاہی کی سی ای او بعلہ رضا جمیل کی زیرِ صدارت ایک پینل ڈسکشن منعقد ہوئی جس میں عمر افتخار شیرازی (PMIU)، سیدہ بصارت کاظم (IBBY-Pakistan)، ریحانہ کوثر، سیدہ کنول بخاری، صالحہ ابرار احمد اور ڈائریکٹر ایکڈمکس PEC TAA ڈاکٹر زبدہ ضیا الرحمن نے تعلیمی اصلاحات اور لائبریریوں کے پائیدار قیام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
