لاہور (کورٹ رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نازیبا ویڈیو وائرل کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے
رجوع کرلیا،عظمیٰ بخاری نے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نازیبا ویڈیو وائرل کرنے سے متعلق کیس ٹرائل کورٹ میں زیرِ التوا ہے، صوبائی وزیر اہم عہدے پر فائز ہیں، جس کے باعث انہیں سکیورٹی خطرات لاحق ہیں،درخواست گزار کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث ٹرائل کورٹ میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ممکن نہیں، قانون میں ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے اور بیان ریکارڈ کرانے کی سہولت موجود ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست خارج کردی، عدالت سے استدعا ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت دی جائے۔
