راولپنڈی(عرفان چوہان سے)پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (PKLI&RC) راولپنڈی میں پہلی مرتبہ ایک گردے اور دو جگر کے کامیاب ٹرانسپلانٹ مکمل کر لیے گئے، جس کے بعد راولپنڈی میں جدید اعضا کی پیوند کاری کی سہولیات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ PKLI راولپنڈی کی یہ کامیابی بالخصوص گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور شمالی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جنہیں اب لاہور یا ملک کے دیگر دور دراز مراکز کا رخ کرنے کے بجائے راولپنڈی میں ہی پیچیدہ ٹرانسپلانٹ سہولیات دستیاب ہوں گی۔PKLI&RC کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر سعید اختر نے راولپنڈی میں پہلے گردہ اور جگر ٹرانسپلانٹ کی کامیابی پر ٹرانسپلانٹ ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے لاہور میں پہلا گردہ ٹرانسپلانٹ کرنے کے آٹھ سال بعد اب PKLI&RC راولپنڈی میں بھی پہلا گردہ ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی طبی ادارے کے لیے پہلا ٹرانسپلانٹ انتہائی اہم سنگِ میل ہوتا ہے اور راولپنڈی میں یہ کامیابی ٹرانسپلانٹ ٹیموں کی طویل عرصے سے جاری محنت، تجربے اور پیشہ ورانہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔پروفیسر سعید اختر نے کامیاب ٹرانسپلانٹس پر پروفیسر فیصل سعود ڈار، ڈین PKLI، ڈاکٹر احسان الحق، چیئرمین لیور ٹرانسپلانٹ، ڈاکٹر اسد بشیر، چیئرمین کڈنی ٹرانسپلانٹ اور ان کی ٹیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ PKLI کا مقصد جدید اور معیاری ٹرانسپلانٹ سہولیات کو زیادہ سے زیادہ مریضوں تک قابلِ رسائی بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ PKLI میں تقریبا 50 فیصد مریضوں کا علاج مکمل طور پر مفت کیا جاتا ہے جبکہ دیگر مریضوں کو بھی نمایاں رعایتی نرخوں پر علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ ادارہ وفات پانے والے عطیہ دہندگان سے گردوں کی پیوند کاری (Deceased-Donor Kidney Transplantation) کی سہولت کے قیام کے لیے بھی کام کر رہا ہے، جو دنیا بھر میں گردوں کی پیوند کاری کا ایک رائج طریقہ ہے۔چیئرمین بورڈ آف گورنرز کے مطابق PKLI منصوبے کی بنیاد 2016 میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکھی تھی، جسے بعد ازاں وزیراعلی پنجاب کے تعاون سے آگے بڑھایا گیا۔ انہوں نے ضرورت مند مریضوں کے علاج میں وزیراعلی پنجاب ٹرانسپلانٹ فنڈ کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ PKLI زکو اور عطیات کے ذریعے وسائل کو متحرک کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور اس تمام عمل میں شفافیت اور دیانت داری کو یقینی بنایا جائے گا۔PKLI راولپنڈی میں پہلی بار گردہ اور جگر ٹرانسپلانٹ کی کامیابی لاہور میں ادارے کے وسیع ٹرانسپلانٹ تجربے کا تسلسل ہے۔ PKLI لاہور میں اب تک 1,350 جگر، 1,250 گردے اور 22 بون میرو ٹرانسپلانٹس کامیابی سے کیے جا چکے ہیں۔ راولپنڈی میں ٹرانسپلانٹ سروسز کے آغاز سے خطے کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات تک رسائی مزید آسان ہونے کی توقع ہے، جبکہ یہ پیش رفت ملک میں اعضا کی پیوند کاری کے نظام کو وسعت دینے کی جانب بھی اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔
