بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے رائے گڑھ ضلع میں دیواگر ساحل پر پکنک کے دوران پونے کے ایک نجی کوچنگ ادارے کے 8 طلبہ سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ تمام لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق وِنرز اکیڈمی، آلندی، پونے سے 48 افراد پر مشتمل گروپ تفریحی دورے پر دیواگر پہنچا تھا، جس میں 25 لڑکے، 17 لڑکیاں اور 6 اساتذہ شامل تھے۔ جاں بحق ہونے والے طلبہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طالب علم تھے۔ اطلاعات کے مطابق 8 طلبہ سمندر میں اترے تو وہ پانی کی گہرائی اور تیز لہروں کا درست اندازہ نہ لگا سکے اور سمندری بہاؤ کی زد میں آکر ڈوب گئے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد، واٹر اسپورٹس کارکنوں اور ریسکیو ٹیموں نے تلاش شروع کی اور تمام لاشیں نکال لی گئیں۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے لاشیں طبی مرکز منتقل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ واقعے کے بعد ساحل پر طلبہ کی حفاظت اور انتظامات سے متعلق سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔
دیواگر ساحل پر پونے کے 8 طلبہ ڈوب گئے ریسکیو ٹیموں نے لاشیں نکال لیں

