راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کسان ونگ کے سیکرٹری اطلاعات خالد نواز سدھرائچ نے وفاقی حکومت کی جانب سے منظور کی گئی "نیشنل پالیسی فار ڈی ریگولیشن آف شوگر سیکٹر” پر شدید تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گنے کی سرکاری امدادی قیمت ختم کرنے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسان طاقتور شوگر مل مافیا کے رحم و کرم پر آ جائیں گے . ماضی کے تجربات گواہ ہیں کہ جب بھی ڈی ریگولیشن پالیسی اپنائی گئی اس میں کسان کا استحصال ہوا اور کسی نے اس کے سر پر ہاتھ نہیں رکھا.جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں کسان کمیونٹی کی طرف سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خالد نواز سدھرائچ نے کہاکہ بیرونی شرائط کو پورا کرنے کیلئے حکومت نے گنے کے کاشتکاروں سے ان کا سب سے بنیادی حق اور تحفظ یعنی کم از کم امدادی قیمت چھین لی ہے. انہوں نے کہا کہ ایک طرف شوگر ملوں اور برآمد کنندگان کو توسیع، تجارت اور منافع خوری کی کھلی چھٹی دی جا رہی ہے تو دوسری طرف محنت کش کسان کو بغیر کسی اسٹوریج، ٹرانسپورٹ یا سودے بازی کی طاقت کے کسانوں کو غیر متوازن منڈی کے حوالے کیا جا رہا ہے جو ہمیشہ کسان کا استحصال کرنے کی تاریخ رکھتی ہے . انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے فیصلوں کے نتائج ہمارے سامنے ہیں جن کے مطابق شوگر انڈسٹری کی بنیاد یعنی کسان کونقصان ہی اٹھانا پڑا. خالد نواز سدھرائچ نے کہا کہ گنا ایک ایسی فصل ہے جو کٹائی کے فوری بعد وزن اور مٹھاس کھونا شروع کر دیتی ہے. جب ملیں حکومتی پابندیوں سے آزاد ہو کر کرشنگ میں تاخیر کریں یا کم نرخ مقرر کریں تو ایک کسان قیمت کیلئے منصفانہ مقابلے کے انتظار میں اپنی فصل روک کر نہیں رکھ سکتا. انہوں نے کہا کہ تیسرے فریق کے ذریعے کانٹوں کی جانچ، سکروز ٹیسٹنگ اور ادائیگیوں میں تاخیر پر سود دینے جیسے وعدے محض کاغذوں تک محدود ہیں کیونکہ کاشتکار پہلے ہی برسوں سے واجبات کی عدم ادائیگی اور آڑھتیوں کے استحصال کا شکار ہیں جس کا نوٹس لینے کی بجائے حکومت یکسر لاتعلق ہو گئی ہے . انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کسان ونگ مطالبہ کرتا ہے کہ منڈی پر مبنی قیمتوں کے نفاذ سے قبل حکومت فوری اور ٹھوس اقدامات یقینی بنائے. خالدنواز سدھرائچ نے مطالبہ کیا کہ جب تک زمینی سطح پر حقیقی مسابقت اور شفاف منڈی کا نظام قائم نہیں ہو جاتا لاگت کے مطابق گنے کی منصفانہ کم از کم امدادی قیمت کا نظام بحال کیا جائے . ہر شوگر مل کے کانٹے اور سکروز ٹیسٹنگ لیب پر فوری طور پر آزاد اور غیر جانبدار نگران تعینات کیے جائیں اور وزن میں کٹوتی یا ادائیگی میں تاخیر کرنے والی ملوں کا سخت محاسبہ کرنے کے لئے موثر قانون سازی کی جائے . انہوں نے مزید کہا کہ رواں کرشنگ سیزن کے قواعد و ضوابط میں پائے جانے والے ابہام کو ختم کیا جائے اور چھوٹے کاشتکاروں کو بغیر کسی دفتری رکاوٹ کے براہِ راست بلا سود زرعی قرضے اور معیاری بیج فراہم کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے. خالد نواز سدھرائچ نے مزید کہا کہ ملکی زراعت کی ریڑھ کی ہڈی کو مافیا کی خوشنودی کے لیے قربان نہیں کیا جا سکتا.انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کسان ونگ ملک بھر کے ہر گنا کاشتکار کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کسانوں کو منصفانہ قیمت، شفاف تول اور بروقت ادائیگیوں کی ضمانت ملنے تک ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا،
