تازہ تر ین

دلہن جیسا سجنے والا قذافی سٹیڈیم آج پاکستانی امن دشمنوں کو واضح پیغام دیگا

لاہور (آئی ا ین پی) ملک میں ساڑھے آٹھ سال کے طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کا دنگل (آج) لگے گا‘ پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا‘ میچ مقامی وقت کے مطابق رات7بجے شروع ہوگا‘ سیکیورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کے اردگرد کی سڑکیں اور دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی میلہ سج گیا۔ 7 ممالک کے جگمگاتے کرکٹ اسٹارز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی مشن پر لاہور پہنچ گئے۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان منگل کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی دنگل لاہور میں ہوگا۔ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کو بھی پی سی بی نے میچز دیکھنے کی دعوت دے رکھی ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں۔ سٹیڈیم کے اردگرد کی سڑکیں اور دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ پولیس، فوج اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں۔ کمانڈوز بھی حفاظتی انتظامات میں شامل ہیں۔ آزادی کپ کے مزید 2 میچز بدھ اور جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی شائقین کرکٹ کا 8 سالہ انتظار بلآخرختم ہوگیا۔ پرستار ہوم گراﺅنڈ پر چوکوں اور چھکوں کی برسات کا نظارہ کریں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی سیریز کو آفیشل قرار دیا ہے۔ ایوارڈ یافتہ ایلیٹ پینل امپائرعلیم ڈار ہوم گرانڈ پر طویل مدت بعد میچ سپروائز کریں گے۔ ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ پہلے میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ میچز کے ٹکٹوں کے حصول کے لئے شائقین کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ پاکستان آنےوالی ورلڈ الیون کی قیادت پرفخر ہے، جنوبی افریقی کی ٹیم کو دورہ پاکستان پر آمادہ کروں گا۔ فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ خواہش تھی کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال ہو، دورہ پاکستان کے لیے فیملی نے بھی سپورٹ کیا، پاکستانی عوام کی میزبانی پر ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، خوشی ہے پاکستانی عوام اپنے ملک میں کرکٹ دیکھیں گے۔کپتان ورلڈ الیون کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اگر دستیاب ہوا تو پی ایس ایل تھری میں کھیلنا پسند کروں گا، ہم پاکستان میں محض کھیلنے نہیں بلکہ کچھ بڑا کام کرنے آئے ہیں، پاکستان خوبصورت ملک اور یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کے خلاف سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور شائقین کرکٹ کو کل اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ قذافی سٹیڈیم میں آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا جس میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈپلوسی اور قومی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلتے دیکھنے کے لئے شائقین پرجوش ہیں اور کل شام سات بجے دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا۔ آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ الیون کے خلاف قومی ٹیم کی قیادت کرنے پر بہت خوش ہوں اور شائقین کو اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ چیمپینز ٹرافی جیتنے کے بعد ہمارے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا لیکن اس کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے اور کوشش ہوگی کہ مخالف ٹیم کو ٹف ٹائم دے کر ایونٹ میں کامیابی حاصل کریں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عامر دستیاب نہیں لیکن ان کا متبادل موجود ہے تاہم کسی ایک بولر پر انحصار نہیں کررہا، ٹیم میں رومان رئیس اور شاداب خان جیسے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ احمد شہزاد سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن بنےگا اور ورلڈ الیون کے خلاف میچز کے لیے سب ہی پرجوش ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم بڑی نہیں ہوتی جو اچھا کھیلتی ہے وہ فاتح بنتی ہے اور محدود اوورز کی کرکٹ میں ہماری رینکنگ اچھی ہے کوشش ہوگی کہ پوزیشن برقرار رکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کی ٹیم میں شامل ہاشم آملہ ان کے فیورٹ کھلاڑی ہیں اور ورلڈ الیون میں بھارتی کھلاڑی بھی ہوتے تو خوشی ہوتی لیکن معلوم نہیں ان کی کیا پالیسی ہے۔ قومی ٹیم کے سابق آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے ورلڈ الیون کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈالیون کے دورے سے دنیا کو پتہ چلے گا پاکستان امن، پیار ومحبت کی جگہ ہے اور یہاں کے لوگ کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، ورلڈ الیون میں ایک، دو بھارتی کھلاڑی بھی ہوتے تو بہت اچھا ہوتا۔ لاہور آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلا میچ دیکھنے آیا ہوں، اس کے ساتھ ہی لاہور میں پاکستانی کراﺅڈ سے الوداعی ملاقات بھی ہو جائے گی۔ سابق آل رانڈر کا کہنا تھا کہ دنیا کو بتانا ہوگا کہ پاکستان ایک پر امن اور کرکٹ سے محبت کرنے والا ملک ہے اس لیے میں خود ورلڈ الیون کا پہلا میچ دیکھنے پہنچا ہوں۔ آفریدی نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار فون کر کے 12 ستمبر کو پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین ہونے والا پہلا میچ دیکھنے کے لیے مدعو کیا۔ اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ ورلڈالیون کا دورہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں اہم قدم ہے۔ ورلڈ الیون میں ایک، دو بھارتی کھلاڑی شامل ہوتے تو بہت اچھاہوتا، اس سے دنیا کو اچھا پیغام جاتا کیونکہ کھیلوں کے ذریعے بڑے بڑے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کوششیں کامیاب ہوتی نظر آرہی ہیں جس کا سہرانجم سیٹھی اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ کی محبت میں لاہور آئے ہیں اور پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 12 ستمبر کو ہونے والا پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ دیکھیں گے۔ یہ ہر پاکستانی کے لیے اہم موقع ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کے رکے ہوئے سلسلے کو دوبارہ جاری کرنے کی کوششیں کامیاب ہوتی ہوئی نظر آرہی ہیں جس کا سہرا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی اور ان کی پوری ٹیم کے سرجاتا ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمیں آئی سی سی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جس نے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مکمل حمایت کی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بالکل ہونی چاہیے۔ اس کی کمی یہاں شدت سے محسوس کی جارہی تھی اور یہاں کے گرانڈز صحیح استعمال نہیں ہورہے تھے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain