امریکہ کا شام پر مزید حملوں کا اعلان

لندن ، دمشق، ماسکو (نیٹ نیوز) اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ شام کے صدر بشار الاسد دوبارہ کبھی کیمیائی ہتھیاروں کو استعال نہ کر سکیں۔ امریکہ نے شام کے اس فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس پر شبہ ہے کہ وہاں سے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے گئے۔امریکی سفیر نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس کو بتایا ’ہم مزید حملوں کے لیے تیار ہیں تاہم امید ہے کہ اس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ واضح رہے کہ امریکہ نے شام میں باغیوں کے زیرِ اثر علاقوں میں شامی فوج کی جانب سے مشتبہ کیمیائی حملے کے جواب میں جمعے کی صبح مشرقی بحیرہ¿ روم میں موجود اپنے بحری بیڑے سے 59 ٹام ہاک کروز میزائلوں سے شام کے ایک فضائی اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔ روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شیرت فضائی اڈے پر امریکی میزائل حملے کے بعد شام کے فضائی دفاع کو مضبوط کیا جائے گا۔ روس کا مزید کہنا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ شام میں فضائی تحفظ کے معاہدے کو معطل کر رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق شام کے فوج اڈے پر جمعے کی صبح ہونے والے حملے میں کم سے کم چھ افراد ہلاک ہوئے جب کہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شامی فوجی اڈے سے کیے جانے والے کیمیائی ہتھیاروں کے حملے میں درجنوں شہری ہلاک ہوئے تھے۔ادلیب کی حزب اختلاف کا کہنا ہے خان شیخون میں مبینہ زہریلی گیس کے حملے میں 33 بچوں اور 18 خواتین سمیت کم سے کم 89 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ شام نے اس کی تردید کی ہے۔روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے دھمکی دی ہے کہ اگر اب شام پر حملہ ہوا تو امریکا کو پہلے روس کا سامنا کرنا پڑے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے شام پر حملے کے بعد ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے جنگی بحری بیڑا شام کی حفاظت کے لئے بحیرہ اسود روانہ کردیا۔ روس کا جنگی بحری بیڑا کروز میزائل اور سیلف ڈیفنس سسٹم سے لیس ہے جس کی قیادت ایڈمرل گرگرووچ کر رہے ہیں۔روسی جنگی بیڑا مشرقی بحیرہ¿ روم کے پانی میں تعینات ہوگا جہاں پہلے سے امریکا کے دو بحیری بیڑے یو ایس ایس روز اور یو ایس ایس پورٹر موجود ہیں جن سے شام پر حملہ کیا گیا۔واضح رہے کہ شامی فضائی حدود میں روس اور امریکا کے لڑاکا طیاروں کے آمنے سامنے آنے کے بڑھتے واقعات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 2015 میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے جس کے مطابق دونوں ممالک شام میں فضائی کارروائی سے قبل ایک دوسرے کو آگاہ کرنے کے پابند تھے۔
امریکا کے شام پر حملے کے بعد دنیا تقسیم ہوگئی، برطانیہ،جرمنی، کینیڈا، فرانس، اسرائیل، آسٹریلیا، سعودی عرب اور ترکی نے امریکی کارروائی کی حمایت کی ہے جبکہ ایران اور روس کی طرف سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شام کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔تباہ حال شام میں مزید تباہی ہوئی ہے، مبینہ کیمیائی حملوں کے جواب میں امریکا کے حملے سے سلامتی کونسل کے اجلاس میں دی گئی دھمکی حقیقت میں بدل گئی۔پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ایئربیس پر حملے میں ان مقامات کو نشانہ نہیں بنایا گیا جہاں روسی فوجی موجود تھے، کروزمیزائل حملوں سے پہلے روس کو آگاہ کیا تھا۔امریکی فوج کے مطابق امریکی میزائل حملے میں شامی طیارے، ہوائی اڈے پر بنیادی ڈھانچہ اورآلات بھی تباہ ہوئے۔شام کی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حملہ حمص شہر میں فوجی اڈے کے قریب کیا گیا جس میں 6افراد ہلاک ہوئے۔ ادھر پینٹاگون نے فوجی رابطے اور ہاٹ لائن برقرار رکھنے پر اصرار کیا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے روس اور امریکا سے کہا ہے کہ وہ شام کے معاملے پر تحمل سے کام لیں۔ دوسری جانب شام پر امریکی حملے کے خلاف نیویارک اور شکاگو، واشنگٹن سمیت کئی ملکوں میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا اور ٹرمپ مخالف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو شامی شہریوں پر بمباری کا حق نہیں اور بمباری سے انسانیت کی کوئی خدمت نہیں ہوتی ۔عالمی طاقتوں میں کشیدگی کے بعد ایشیائی سٹاک مارکیٹیں مندی کا شکار ہوگئیں جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں یک دم اضافہ ہوگیا۔تیل کی قیمت ماہ کی بلند ترین سطح 55.78 ڈالر فی بیرل تک جاپہنچی ہے اور ڈالر کی قیمت گرگئی جبکہ سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا۔جاپان سے باہر ایم ایس سی آئی کے ایشیا پیسیفک حصص کا انڈیکس اعشاریہ 5 فی صد گر گیا۔جاپانی ین کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

مناواں :مال روڈ دھماکے کے سہولت کار سمیت 10دہشتگرد ہلاک

لاہور(کرائم رپورٹر) مناواں کے علقہ میں پولیس مقابلہ میں سانحہ مال روڈ کے مرکزی سہولت کار سمیت 10 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق رات گئے۔ سانحہ مال روڈ میں ملوث زیر حراست ملزموں کو اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی کے لئے لیجایا جا رہا تھا کہ راستے میں چھپے دہشتگردوں نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کیلئے حملہ کر دیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق جوابی کارروائی میں دہشتگرد اور ان کے ساتھی مارے گئے۔ مارے جانے والوں میں سانحہ مال روڈ کا مرکزی ملزم انور الحق بھی شامل تھا جبکہ دیگر مارے جانے والے دہشتگردوں میں سے چار کی شناخت امام شاہ، عبداﷲ، عطا الرحمان اور عرفان کے نام سے ہوئی ہے، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مقابلہ میں مارے جانے والے دہشتگردوں کا تعلق لعدم جماعت الاحرار سے ہے۔

حیرت انگیز ٹیکنالوجی سے آراستہ الیکٹرک کار کی پاکستان آمد

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) مہنگے پیٹرول اور گیس کی عدم دستیابی میں گاڑی کیسے چلے، توجناب اس مشکل کا حل الیکٹرک کار کی صورت میں منظر عام پر آچکا ہے۔ایکسپو سینٹر میں جاری نمائش میں گاڑی کو پیش کیا گیا ہے، کار ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 8 گھنٹے تک چلتی ہے۔اسکی قیمت کا تعین حکومت سے مذاکرات ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا جبکہ گاڑی دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد ایکسپو سینٹر پہنچ رہی ہے۔گاڑی 2 اور 4 دروازوں کے2 ماڈلز میں پیش کی گئی ہے۔

فکسنگ سکینڈل کا اصل مجرم, تہلکہ خیز انکشافات

لاہور(آئی این پی)پی سی بی کے سابق چیئر مین اور پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے ٹربیونل کے رکن توقیر ضیا ءنے کہا ہے کہ پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل کااصل مجرم ناصر جمشید ہے، فکسنگ اسکینڈل میں انصاف کا تقاضہ ہے کہ لڑکوں کی بات سنی جائے،کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے سب کی بات سنیں گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی توقیر ضیا کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ کو پکڑنا بہت مشکل ہے۔ توقیر ضیا نے پی ایس ایل میں فکسنگ اسکینڈل میں اصل مجرم ناصر جمشید کو ٹھہرایا۔ کہتے ہیں ناصر کی بیرون ملک ہونیکی وجہ سے پکڑنا مشکل ہے۔ سابق چیئرمین نے لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم اور بولنگ کوچ مشتاق احمد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ابھی انہیں عزت مل رہی ہے پکڑ بھی ہو گی۔ توقیر ضیا نے کہا سابق فوجی ہونے کی وجہ سے کوشش تھی کہ پانچ چھ روز میں فیصلہ نبٹا دیں۔ انہوں نے کہا کہ فکسنگ اسکینڈل میں انصاف کا تقاضہ ہے کہ لڑکوں کی بات سنی جائے۔ پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل کے رکن توقیرضیاءنے کہا کہ انہوں نے جسٹس قیوم کی رپورٹ کوفائلوں میں نہیں دبایا، سزا کے طورپروسیم اکرم کواپنے دورمیں کپتان نہیں بنایا۔ اسپاٹ فکسنگ کیس میں کھلاڑیوں کیخلاف ثبوت ہونا ضروری ہیں، انصاف کا تقاضا ہے کہ کھلاڑیوں کی بات بھی سنی جائے۔ ٹربیونل کے پاس صرف خالد لطیف اورشرجیل خان کا کیس ہے، شاہ زیب حسن ابھی تک ٹربیونل میں نہیں آئے۔ پی سی بی کومشورہ دیا تھا کہ پانچ منٹ میں کیس کا فیصلہ کرکے کرکٹرزکوجوسزا دینی ہے دے دیں، اسپاٹ فکسنگ کیس کی قانونی کارروائی میں وقت لگے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دورمیں جسٹس قیوم رپورٹ کوفائلوں میں نہیں دبایا، کھلاڑیوں کیلئے جوسزائیں تجویزکی گئیں اس پرعمل درآمد بھی کرایا۔

قومی ائیرلائن کی نجکاری, اہم خبر آگئی

پشاور (این این آئی) وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ قومی ائیر لائن کی نجکاری نہیں ہورہی ہیں۔کرپٹ لوگوں کا احتساب کرکے ادارے کر دوبارہ آسمان پر پہنچائیں گے ۔ سردار مہتاب کا پشاور ائیر پورٹ میڈیا سے گفت گو میں کہنا تھا کہ ادارے کو چھبیس ارب روپے خسارے کا سامنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کالے بکروں کے صدقے کی نہیں بلکہ ادارے میں موجود کالی بھیڑوں کی قربانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی بہتری کے لیے کارپوریٹ کلچر متعارف کررہے ہیں ۔مجھے وزیراعظم نے قومی ائیر لائن کو بہترکرنے کی ذمہ داری سونپی ہیں انہوں نے کہا کہ ہوابازی کاشعبہ ریڑھ کی ہڈھی کی حیثیت رکھتا ہے۔ باچا خان ائیرپورٹ میں تین ارب روپے لاگت سے اپ گریڈیشن جاری ہے۔ مشیر ہوا بازی نے کہا کہ چھ نئے طیارے لیز کئے جارہے ہیں جسے جلد قومی ائیر میں شامل کیا جائے گا۔

وسیم اکرم نے پی سی بی کا ڈرامہ بے نقاب کر دیا

اسلام آباد: (نیوزایجنسیاں)سابق فاسٹ باو¿لر وسیم اکرم پاکستان کرکٹ بورڈ پر برس پڑے، کہتے ہیں پی سی بی میں کام منصوبہ بندی سے نہیں، اچانک فون آنے پر ہوتے ہیں، کرکٹ بورڈ کے امور ایک صحافی چلا رہا ہے جسے کرکٹ کا کچھ پتا نہیں۔بزنس کانفرنس سے خطاب میں وسیم اکرم نے کہا کہ اچھے نئے بیٹسمین سامنے نہ آنے کی وجہ فرسٹ کلاس کرکٹ کا نظام ہے۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نئے کپتان سرفراز احمد کو ٹپس دینے کو تیار ہوں لیکن کوئی طلب تو کرے؟ کتبہ لے کر بورڈ کے سامنے کھڑا نہیں ہو سکتا۔ وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ایک صحافی پی سی بی چلا رہا ہے جسے کرکٹ کا کچھ پتا نہیں،پی سی بی میں کام منصوبہ بندی سے نہیں،اچانک فون آنے پر ہوتے ہیں،پی ایس ایل میں کوئی ابھرتا بیٹسمین نظر نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ نئے کپتان سرفراز احمد کو ٹپس دینے کو تیار ہوں لیکن کوئی طلب تو کرے،پی ایس ایل میں کوئی ابھرتا بیٹسمین نظر نہیں آیا۔
، وسیم اکرم نے کہا کہ اچھے نئے بیٹسمین سامنے نہ آنے کی وجہ فرسٹ کلاس کرکٹ کا نظام ہے۔

”لالہ“ نے دوسری ٹیم جوائن کرلی, دیکھئے بڑی خبر

کراچی(نیوزایجنسیاں)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اسٹارکرکٹر شاہد آفریدی پشاور زلمی چھوڑ کر کراچی کنگز میں شامل ہوگئے۔شاہد آفریدی نے پشاورزلمی کو چھوڑ کر کراچی کنگز میں شمولیت اختیارکرلی ہے اور وہ کراچی کنگز فرنچائز کے صدربن گئے ہیں جب کہ اس حوالے سے انہوں نے فرنچائز کے مالک سلمان اقبال کے ساتھ معاہدے پر دستخط بھی کردیئے ہیں۔سلمان اقبال نے کرکٹ اسٹار کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور انہیں کراچی کنگز میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے لیجنڈ اور سپر اسٹار شاہد آفریدی کی کراچی کنگز میں شمولیت ہمارے لیے باعث مسرت و اعزاز ہے۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کے پہلے 2 سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی۔ پہلے سیزن میں انہوں نے کپتانی کے فرائض انجام دیئے جب کہ دوسرے سیزن میں انہوں نے خود ڈیرن سیمی کو کپتان بنانے کا کہا تھا۔

آرمی چیف نے افغانیوں کو اہم پیغام دیدیا۔۔۔

راولپنڈی(این این آئی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مجھے ہر پاکستانی کی طرح ہر افغان شہری بھی بہت عزیز ہے ، مجھے کسی افغان شہری کے دہشتگردی کا نشانہ بننے پر اتنا ہی دکھ ہوتا ہے جتنا کسی پاکستانی کیلئے محسوس کرتا ہوں۔جمعہ کو آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے صحافیوں کا 13 رکنی وفد پاکستان کے دورے پر آیا ہوا ہے وفد میں افغانستان کے معروف میڈیا اداروں سے تعلق رکھنے والے صحافی شامل ہیں ۔ وفد کے ارکان نے وزارت خارجہ ، وزارت سیفران ، وزارت تجارت، ہائر ایجوکیشن کمیشن، ہیڈ کوارٹر ایف سی خیبر پختونخوا، این ایس اے اور آئی ایس پی آر کا دورہ کیا ۔ دورے کا مقصد افغان میڈیا کو دہشتگردی ’ جو کہ دونوں برادر ممالک کیلئے مشترکہ خطرہ ہے ،کیخلاف جنگ کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔ وفد کے ارکان نے جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا دورہ کیا اس موقع پر پاکستانی میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے پاک افغان سرحد اور اس حوالے سے پاکستانی کوششوں کے بارے میں وفد کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ وفد کے ارکان کو دیگران وزارتوں کے سربراہوں کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی جن کا انہوں نے دورہ کیا ۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے برطانیہ میں افغان ڈیفنس اتاشی کے ساتھ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ برطانیہ کے موقع پر ہونیوالی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔ آرمی چیف نے افغان ڈیفنس اتاشی سے ملاقات کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ہر پاکستانی کی طرح ہر افغان شہری بھی بہت عزیز ہے ۔ مجھے کسی افغان شہری کے دہشتگردی کا نشانہ بننے پر اتنا ہی دکھ ہوتا ہے جتنا کسی پاکستانی کیلئے محسوس کرتا ہوں۔بیان کے مطابق وفد کے دورے سے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن اور استحکام کیلئے کی جانیوالی کوششوں اور نکتہ نظر کو افغان میڈیا کے ذریعے سمجھنے میں مدد ملے گی ۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشتگردی کی لعنت نے دونوں ممالک کو متاثر کیا ہے اور الزام تراشی کی بجائے باہمی اعتماد کی بنیاد پر وسیع تر تعاون کی ضرورت ہے ۔

یونس خان نے بھی ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔۔۔

کراچی(ویب ڈیسک) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے بعد تجربہ کار بلے باز یونس خان نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے کھیلنے کی کوشش کی اور یہی سوچا کہ کھیل کے دوران میرا سر فخر سے بلند رہے۔ ہرکھلاڑی کی زندگی میں ایسا وقت آتا ہے جب وہ اپنے جنون سے پیچھے ہٹ جاتا ہے اور میرا وقت بھی آگیا ہے، وہ اعلان کرتے ہیں کہ دورہ ویسٹ انڈیز ان کا آخری دورہ ہوگا ، اس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔یونس خان نے کہا کہ میرے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا احترام کیاجائے، مجھ سے جو غلطی ہوئی اسے نظر انداز کردیں، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پاکستان کو جب ضرورت پڑی میں حاضر رہوں گا۔واضح رہے کہ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 115 میچز کی 207 اننگز میں 53.06 کی اوسط سے 9977 رنز بنا چکے ہیں اور انہیں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے لئے صرف 23 رنز درکار ہیں۔ اگر یونس خان ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلتے ہیں تو اس بات کا قومی امکان ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بننے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

عالیہ بھٹ نے عامر خان کےساتھ کام سے انکار کردیا

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف ہیرو مسٹر پر فیکٹ کے ساتھ کون کام نہیں کرنا چاہتااور عامر کی نئی آنے والی فلم ٹھگز آف ہندوستان میں ہر ہیروئن کی کوشش ہوگی کہ وہ عامر کے مد مقابل کام کر سکیں لیکن عالیہ بھٹ نے عامر خان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے خود عالیہ کو ٹھگز آف ہندوستان میںکام کرنے کی پیشکش کی لیکن عالیہ نے صاف انکار کردیا۔ عالیہ کے مطابق میں کوئی ایسا کردار نہیں کروں گی جس میں میرا کام نہ ہونے کے برابر ہو ۔کہا جا رہا ہے کہ اگرچہ ٹھگز آف ہندوستان میں عالیہ کو کام کرنے کے لیے تو کہا گیا تھا لیکن فلم میں جو کردار عالیہ کو دیا جانا تھا وہ کچھ خاص نہیں تھا جس کی وجہ سے عالیہ نے انکار کردیا ۔ فلم ٹھگز آف ہندوستان میں عامر خان کے ساتھ امیتابھ بچن بھی کام کرہے ہیں اور فلم کے ہدایت کار وجے کرشنا ہیں ۔واضح رہے کہ پہلے اس فلم میں بطور ہیروئن شردھا کپور کا نام خبروں میں تھا۔