فیس بک استعمال کرنیوالوں کیلئے افسوسناک خبر

ڈھاکہ (نیٹ نیوز) بنگلہ دیش کی حکومت نے فیس بک پر رات کے اوقات میں چھ گھنٹوں کیلئے پابندی لگانے کے حوالے سے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی وزارت ٹیلی کام کو خط ارسال کیا گیاہے جس میں کہا گیاہے کہ فیس بک استعمال کرنے کی عادت طلبہ کی تعلیم پر اثر انداز ہو رہی ہے اور نوجوان نسل کے کام کرنے کی صلاحیت کو کم کر رہی ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیلی کام کے سیکریٹری شیام سندر نے کہاہے کہ اس حوالے سے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری اتھارٹی سے رائے مانگی ہے۔یہ تجویز گزشتہ سال ہونے والی ڈپٹی کمشنرز کے اجلاس میں سامنے آئی تھی۔

سندھ کابینہ کاہنگامی اجلاس …. آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ فارغ

کراچی (آئی ایف پی، مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کی صوبائی کابینہ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدئل کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کرنے پر کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے آئی جی سندھ کو تبدیل کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ کچھ روز پہلے سندھ حکومت نے آئی جی اے ڈی خواجہ کو تبدیل کردیا تھا تاہم سندھ ہائیکورٹ نے یہ فیصلہ واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ آئی جی کو ہٹانے کیلئے صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے۔ سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر صوبائی کابینہ سے آئی جی کو ہٹانے کی منظوری لے لی گئی ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں آئی جی سندھ کی تبدیلی کے کیس کی سماعت ہوگی جس میں سندھ حکومت کی جانب سے صوبائی کابینہ کا فیصلہ پیش کیا جائے گا۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ایک بار پھر سندھ حکومت کے سامنے ڈٹ گئے، عہدے سے ہٹائے جانے کے احکامات ماننے سے انکار کردیا اور کہا کہ عدالتی حکم یا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی منظوری پرچارج چھوڑ وں گا۔ بدھ کونجی ٹی وی کے مطابق بدھ کو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سندھ کابینہ کے احکامات ماننے سے انکار کردیا اور کہا کہ عدالتی حکم ملا تو چارج چھوڑ دوں گا،پھر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اگر منظوری دے گی تو فوری طور پر چلا جاﺅں گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ کابینہ نے اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کی منظوری دے دی تھی اور نئے آئی جی کیلئے سردار عبدالحمید دستی کے نام پر اتفاق کیا گیا۔قبل ازیں دو بار سندھ حکومت اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کی کوششیں کرچکی ہے مگر ہائیکورٹ نے انہیں دونوں بار عہدے پر بحال کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اے ڈی خواجہ سے سندھ حکومت کی نہیں بن رہی۔ اگر وہ اتنے اچھے افسر ہیں تو پنجاب میں تعینات کر دیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت نے 4سال کیا کیا صرف الیکشن کی تیاری کر رہی ہے۔ لاڑکانہ میں 90 ارب کے ترقیاتی فنڈ کی بات جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی خواجہ کی سندھ حکومت سے نہیں بن رہی انہیں ملازمتوں اور ترقیوں پر اعتراض تھا۔ اے ڈی خواجہ صوبائی حکومت کی پالیسی پر نہیں چل رہے تھے اگر وہ اتنے اچھے افسر ہیں تو پنجاب میں تعینات کر دیں۔

انٹیلی جنس رپورٹس کے باوجود دھماکہ کیسے ہوا ؟؟؟؟دیکھئے خبر

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے ٹیلیفونک رابطہ کرکے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے سول ملٹری تعاون پر مشاورت کی اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے لاہور بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر توجہ ہونی چاہئے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے باوجود واقعہ کس طرح ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے لاہور میں مردم شماری ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر داخلہ نے نادرا اور ایف آئی کو پنجاب حکومت اور ملٹری حکام کو واقعے کی تفتیش کے سلسلے میں فارنزک تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پاک فوج کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سویلین شہیدوں اور زخمیوں کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔ دوسری جانب چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دہشت گردی کے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سول ملٹری میں تعاون پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بات پر توجہ ہونی چاہیے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے باوجود واقعہ کس طرح ہوا۔

راحیل شریف کی تقرری ….فائدہ مند نہ ہوا تو واپس بلا سکتے ہیں

لندن (آئی این پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹرجنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان پراکسی وارپریقین نہیں رکھتااورنہ ہی وہ خطے میں کشیدگی چاہتاہے ،پانامہ کیس کا جو بھی فیصلہ آیا فوج سمیت سب کو قبول ہوگا، سعودی اتحاد میں جنرل (ر) راحیل شریف کی تقرری پاکستانی ریاست کا فیصلہ ہے ،سعودی اتحاد میں راحیل شریف کا تقرر فائدہ مند نہ ہوا تو واپس بلا سکتے ہیں، پاکستان سعودی عرب اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے،مسئلہ کشمیر اور جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا،مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل کرنا ہوگا ، اس کے حل کےلئے اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنا ہوگا، آپریشن ردالفساد دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف شروع کیا ،اس کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو ں گے ، پاک فوج نے دہشت گردی کو شکست دی،پاکستان میں طالبان کی عملداری والی کوئی جگہ نہیں ہے، داعش اور تنظیم الاحرار کا ہدف کم پڑھے لکھے لوگ نہیں، ان کی رسائی بڑے بڑے تعلیمی اداروں تک ہے، پاکستان کا غدار پاکستان میں نہیں رہ سکتا ۔ وہ بدھ کو یہاں پاکستانی ہائی کمیشن میں میڈیاکو بریفنگ دے رہے تھے ۔انہوںنے بتایا کہ پاکستان سعودی عرب اورایران کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے،سعودی اتحاد میں راحیل شریف کی تقرری پاکستانی ریاست کا فیصلہ ہے،پریشن ردالفساد کے تحت مدرسہ اصلاحات پرکام ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان اوربھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، پاکستان خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا، پاکستان پراکسی وارپریقین نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف شروع کیا اس کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو ں گے ، پاکستان آرمی نے دہشت گردی کو شکست دی ۔آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا دورہ برطانیہ کامیاب رہا ، پاکستان میں اب حالات بہتر ہو رہے ہیں مگر پاکستان اب بھی مشکل وقت سے گزررہا ہے ۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہم مغرب کے ڈارلنگ تھے ، ہمارے ایٹمی پروگرام کو نہیں روکا گیا ، پیسے بھی دیئے ، رفتہ رفتہ پاکستان کے ساتھ مغرب کا رویہ بدلنے لگا، پاکستان میں طالبان کی عملداری والی کوئی جگہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ داعش اور تنظیم الاحرار کا ہدف کم پڑھے لکھے لوگ نہیں، ان کی رسائی بڑے بڑے تعلیمی اداروں تک ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پانامہ کیس کا جو بھی فیصلہ آیا فوج سمیت سب کو قبول ہوگا ، فوج نے حکومت کے ساتھ مل کر معیشت کو مستحکم کیا ۔انہوں نے کہا کہ مدرسوں کے ساتھ تعلیمی اداروں پر بھی ہماری نظر ہے ، جہاں ضروری سمجھتے ہیں دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں کررہے ہیں ، سول وعسکری قیادت ایک ٹیم کی طرح کام کر رہی ہے ۔ آصف غفور نے کہا کہ بہتر مستقبل کےلئے ماضی کی غلطیاں ٹھیک کر رہے ہیں ، پاکستان کا غدار پاکستان میں نہیں رہ سکتا، اب ہمیں اپنی منزل نظر آرہی ہے ، دنیا میں ہمیں اب کوئی باقی بائی پاس نہیں کرسکتا ، سعودی اتحاد میں راحیل شریف کا تقرر فائدہ مند نہ ہوا تو واپس بلا سکتے ہیں ، ایک بریگیڈیئر کا بھی فیصلہ ہونا ہے مگر چیز فائنل نہیں ہوتیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور نیوکلیئر پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل کرنا ہوگا ، اس کے حل کےلئے اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنا ہوگا ، جس ملک کی فوج کمزور ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا۔حکومت سے لڑائی کا تاثر درست نہیں۔ متحدہ بانی، ڈان لیکس اور کل بھوشن کے معاملے کو لے کر رک نہیں سکتے، غدار کی ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ آرمی چیف کے دورہ برطانیہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کا دورہ برطانیہ کامیاب رہا اور پاکستان نے برطانیہ کو پاکستان دشمن تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ شروع میں ہماری نہیں تھی امریکہ نے رشیاءکے خلاف ہمیں استعمال کیا، طالبان بنائے گئے لیکن بعد میں حالات ٹھیک کیے بغیر امریکی چلے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ کی طرح ہمیں اب بھی اکیلا چھوڑ دیا ہے۔

ناقص منصوبہ بندی ، قومی خزانہ کے کروڑوں روپے ڈوب گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزارت ریلوے کے ایک بریج کی تعمیر کے منصوبے میں ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے قومی خزانے کے کروڑوں روپے ڈوب گئے، بغیر ڈیزائن منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا، ڈیزائن میں تاخیر کے سبب 10کروڑ کا نقصان اٹھانا پڑا، پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے ڈیزائن میں تاخیر کے ذمے داروں کے تعین کی ہدایت کرتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی، پی اے سی ذیلی کمیٹی نے ملک بھر میں ریلوے پھاٹک کی تنصیب کیلئے نجی تشہیری کمپنیوں سے بات کرنے کی تجویز دے دی، رکن کمیٹی رشید گوڈیل نے کہا کہ نجی اشتہاری کمپنیاں پھاٹک لگا کر اس پر اپنے بینرز لگا لیں، ان سے بدلے میں تشہیری ٹیکس اور سرچارج وصول نہ کئے جائیں، انکی تشہیر اور ریلوے کے پھاٹک لگ جائیں گے،دونوں کا فائدہ ہے، ریلوے حکام نے تجویز پر غور کی یقین دہانی کروا دی۔پارلیمنٹ کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا ذیلی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو عارف علوی کی کنونیئر شپ میں پارلیمنٹ ہاﺅ س میں ہوا جس میں وزارت ریلوے کے مالی سال2009-10 کے آڈٹ عتراضات کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی اجلاس میں ممبران عبدالرشید گوڈیل، شاہدہ اختر علی ، شیخ روحیل اصغر، وزارت ریلوے، خزانہ ، منصوبہ بندی، آڈٹ حکام سمیت متعلقہ افراد نے شرکت کی۔آڈٹ حکام نے بتایا کہ مالی سال 2006-07میں وزارت نے پشتوں کی کھدائی سے متعلق ایف ڈبلیو او سے دو معاہدے کئے جس میں پیپرا رولز کی دھجیاں اڑائی گئیں، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 36کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا، محکمانہ آڈٹ کمیٹی نے اس کا سخت نوٹس لیا، اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے پرنسپل اکاﺅنٹنٹ کی سطح پر انکوئری کی ہدایت کی اور ایک ماہ میں رپورٹ طلب کی۔ سیکرٹری ریلوے نے کمیٹی کا آگاہ کیا کہ یہ منصوبہ سابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے دور میں سنگل ٹینڈر کے ذریعے ایف ڈبلیو او کو دے دیا گیا، اس منصوبے کی وزیر اعظم سے منظوری لی گئی تھی۔ ذیلی کمیٹی نے ہدایت کی ایک ماہ کے اندار تحقیقات کی جائے کہ کس کی غفلت کی وجہ سے قومی خزانے کو نقصان ہوا، رپورٹ کمیٹی کو پیش کی جائے۔آڈٹ حکام نے بتایا کہ ریلوے کے خانیوال تا راولپنڈی سیکشن پر ایک بریج کی تعمیر 2006میں شروع کر دی گئی جب کہ اس منصوبے کا ڈیزائن ایک سال بعد 2007میں بنا، ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے اس منصوبے میں قومی خزانے کو 10کروڑ کا نقصان ہوا۔ریلوے حکام نے کہا کہ منصوبے کا ٹینڈر ہونے سے قبل ہی نجی کمپنی غلام سرور اینڈکو نے منصوبے پر کام شروع کر دیا۔ کنونیئر کمیٹی عارف علوی نے کہا کہ ٹینڈر اور ڈیزائن بعد میں بنایا گیا جبکہ کام پہلے شروع کر دیا گیا یہ تو اسی طرح ہے کہ عمارت کی تعمیر شروع کر دی جائے اور یہ نہ پتا ہو کہ کتنی منزلیں بنانی ہیں۔رکن کمیٹی رشید گوڈیل کے سوال پر ریلوے حکام نے بتایا کہ غلام سرور اینڈکو ریلوے کا ریگولر کنٹریکٹر ہے۔ذیلی کمیٹی نے ہدایت کی ڈیزائن بنانے میں کس نے تاخیر کی اس کے ذمے داروں کے تعین کیلئے انکوائری کی جائے اور رپورٹ ایک ماہ میں کمیٹی کو پیش کی جائے۔آڈٹ حکام نے آگاہ کیا کہ ریلوے نے 2007میں ٹریک میں لگانے کیلئے لکڑی خریدنے کا ایک ٹھیکہ کم بڈنگ والے ٹھیکیدار کو دینے کی بجائے تیسرے کم بڈنگ والے ٹھیکدار کو دے دیا، جس سے قومی خزانے کو 2کروڑ60لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ رکن کمیٹی شاہدہ اختر علی نے کہا کہ ریلوے کے پاس اپنی اتنی زمین ہے یہ خود لکڑے پیدا کریں، باہر سے خریدنے کی کیا ضرورت ہے۔ حکام نے بتایا کہ ٹریک میں شیشم اور چیڑ کی لکڑی استعمال پر پابندی ہے، اس لئے باہر سے خریدنا پڑی۔ ذیلی کمیٹی نے یہ معاملہ آڈٹ سے تصدیق کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے نمٹا دیا۔اجلاس میں رکن کمیٹی عبدالرشید گوڈیل ریلوے پھاٹک نہ ہونے کے باعث حادثات پر پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کوشش کر رہے ہیں، ریلوے پھاٹک پھر بھی نہیں لگ رہے، دو یا تین ملین کے آڈٹ اعتراضات پر ریلوے کی توجہ ہے، انسانی جانوں پر کیوں نہیں، انسانی جان اس سے کہیں قیمتی ہے۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں ریلوے پھاٹک لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم مشکلات کا سامنا ہے، ایک تو یہ صوبائی معاملہ ہے، دوسرا پھاٹک لگانے کیلئے فنڈ بھی نہیں ہیں۔ رشید گوڈیل نے کہا کہ کام کرنا ہو تو بہت سارے راستے، نہ کرنا ہو تو بہت سارے بہانے ہوتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ آپ اس سلسلے میں نجی اشتہاری کمپنیوں سے بات کریں ، وہ پھاٹک لگا کر اس پر اپنے بینرز لگا لیں، ان سے بدلے میں تشہیری ٹیکس اور سرچارج نہ وصول کریں، انکی تشہیر اور اپ کے پھاٹک لگ جائیں گے،دونوں کا فائدہ ہے۔ کنونیئر کمیٹی عارف علوی نے بھی رشید گوڈیل کی تجویز کی حمایت کی جس پر ریلوے حکام نے یقین دہانی کروائی کہ تجویز پر غور کریں گے ۔ عارف علوی نے سیکرٹری ریلوے سے کہا کہ آپ کی خوش قسمتی ہے سارے پیرے سیٹل ہوتے جا رہے ہیں، لیکن کہیں پر تو کسی کو پکڑنا پڑے گا۔

پی سی بی کا بھارتی بورڈ کے خلاف شکنجہ تیار

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈنے طے باہمی سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی)کےخلاف باقاعدہ قانونی چارہ جوئی کیلئے برطانوی وکلاء سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ ممکنہ طور پر آئی سی سی اور عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان دوہزار پندرہ سے دوہزار بائیس کے درمیان چھ باہمی سیریز کھیلنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔لیکن بھارتی بورڈ کے تاخیری حربوں کے باعث دو سیریزنہ کھیلی جاسکیں۔بھاری مالی نقصان نے پی سی بی کو بی سی سی آئی کے خلاف قانونی اقدامات کرنے پر مجبور کردیا۔پی سی بی کے قانونی مشیر سلمان نصیر لندن میں اس کیس کا جائزہ لیں گے اور آئی سی سی اور پھر عالمی ثالثی عدالت میں کیس دائر کریں گے۔سلمان نصیر لندن میں نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ ملاقاتیں کرکے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ ایشو پر بھی بات چیت کریں گے۔سابق اوپنر ناصر جمشید کو برطانوی پولیس نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں حراست میں لیا تھا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا پھر سے یو ٹرن ، پاکستان کو کورا انکار

ڈھاکا(نیوز ڈیسک)بنگلا دیش کر کٹ بورڈ(بی سی بی)بات بات پر پاکستان کو آنکھیں دکھانے لگا، بی سی بی نے قومی ٹیم کے بعد ہائی پرفارمنس سکواڈ پاکستان بھیجنے کی تصدیق سے بھی انکار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کولمبو میں بنگلہ دیشی بورڈ صدر نظم الحسن سے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ وہ اپنا ایک ہائی پرفارمنس اسکواڈ پاکستان بھیجنے پر راضی ہو گئے، یہ دورہ جولائی میں ہوگا جس میں مہمان سائیڈ پاکستان کی ہائی پرفارمنس ٹیم سے مقابلہ کرے گی، انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا تھا کہ اس ٹیم کے 1،2 ٹورز کے بعد بنگلا دیش اپنی سینئر ٹیم بھی پاکستان بھیجنے پر راضی ہوجائے گا، مگر اب بی سی بی نے جونیئر ٹیم بھیجنے کے معاملے پر بھی رنگ بدلنا شروع کردیا ہے۔بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری نے کہاکہ کولمبو میں ہمارے صدر نظم الحسن کی پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے ملاقات ہوئی جس میں انھوں نے واضح طور پر کہا کہ ہم اپنی قومی ٹیم کو سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان بھیجنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، جونیئر ٹیم کے ٹور پر بھی انہوں نے یہ کہا تھا کہ اس حوالے سے امکانات کا جائزہ لیں گے، ساتھ میں یہ بھی واضح کر دیا تھا کہ اس کا رواں سال جولائی میں پاکستان ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اداکارہ سنی لیون بارے دنیا کی مشہور کمپنی کا بڑا انکشاف

نئی دہلی(نیوز ڈیسک)اپنی متنازع اور فحش ویڈیو ز کی وجہ سے مشہور بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ،گوگل سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ ہونے والی شخصیت بن گئی ہیں۔ ± میڈیا رپورٹ کے مطابق سنی لیون نے سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ، گوگل سروے میں کہا گیا ہے کہ سنی لیون انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت ہے جبکہ سلمان خان دوسرے نمبر پر ہیں۔سروے میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ سنی لیون بھارت اور امریکا میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت ہے ، اداکار سلمان خان دوسرے نمبر پر ہیں جو بھارت پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں زیادہ مقبول ہیں۔بالی وڈ بادشاہ شارخ خان بھارت،پاکستان،یمن،مصر،اومان،بولیویا اور سعودی عرب میں زیادہ سرچ کیے جانے والی شخصیت ہے جبکہ پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈکون بھی انٹرنیٹ سیلی بریٹیز ہیں۔

شام :زہریلی گیس کے فضائی حملے ،بچوں سمیت 60شہری جاں بحق

دمشق /بیروت(آئی این پی)شام کے شمال مغربی صوبے اِدلِب میں زہریلی گیس کے فضائی حملے میں 9بچوں سمیت 60 افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے ،اپوزیشن نے اقوام متحدہ سے زہریلی گیس کے حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق شام کے شمال مغربی صوبے اِدلِب میں زہریلی گیس کے فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 60 ہو گئی ہے۔ الحدث نیوز چینل کے مطابق مقامی کارکنان نے بتایا ہے کہ خان شیخون شہر میں منگل کی صبح ہونے والے اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت شہریوں کی ہے۔ادھر شام میں انسانی حقوق کے مانیٹرنگ گروپ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ حملے میں کم از کم 35 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 9 بچوں سمیت زیادہ اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ رامی کے مطابق یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ زہریلی گیس کا حملہ کرنے والے طیارے شامی حکومت کے تھے یا روسی فضائیہ کے۔علاوہ ازیں اس فضائی بمباری کے سبب درجنوں افراد دم گھٹنے اور دیگر ابتر حالتوں کا شکار ہو گئے۔سوشل میڈیا پر اپوزیشن کارکنان کی جانب سے جاری تصاویر میں شہری دفاع کی ٹیموں کے اہل کار زمین پر لیٹے متاثرین پر پائپوں کے ذریعے پانی کا چھڑکا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ متاثرین کو اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے ۔شام میں بشارالاسد انتظامیہ کی فوجوں کے دمشق میں مخالفین کے زیر کنٹرول علاقوں میں شدید بمباری سے کم از کم 32 افراد ہلاک ہو گئے۔شہر کے مشرق میں واقع غوطہ اور کبون محلے پر کل صبح سے ابتک 60 سے زائد فضائی حملوں کا ہدف بنے ہیں۔

عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی بارے الیکشن کمیشن کا اہم اقدام منظر عام پر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)الیکشن کمیشن نے عمران خان اورجہانگیرترین کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پرسماعت بغیرکسی کارروائی کے 10مئی تک ملتوی کردی۔بدھ کو چیف الیکشن کمشنرسرداررضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اورجہانگیرترین کی نااہلی کیلئے طلال چوہدری اوردیگراراکین کی درخواستوں کی سماعت کی ¾مسلم لیگ ن کی جانب سے وکیل پیش نہ ہوسکا۔سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنرکا کہناتھا کہ پاناما کیس سے متعلق سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کررکھا ہے،ہم اس نوعیت کی دیگر درخواستیں غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کرچکے ہیں جس کے بعد الیکشن کمیشن نے بغیرکسی کارروائی کے سماعت 10مئی تک ملتوی کردی۔ عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف نااہلی کی درخواستیں ن لیگ کے ایم این اے طلال چودھری اور دیگر کی طرف سے دائر کی گئی ہیں ۔