نوازشریف سکیورٹی رسک….چین سے نہیں بیٹھیں گے

صادق آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شرےک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے قوم سے کئے گئے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہوئے۔ گزشتہ روز بلاول ہاﺅس کراچی میں پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم محمد ارتضیٰ ہاشمی اور ممبر صوبائی اسمبلی سردار رئیس ابراہیم خلیل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزےد کہا کہ پیپلزپارٹی پر کرپشن کے الزام لگانے والے نواز شریف اور ان کی فیملی کو سپریم کورٹ نے کرپٹ ثابت کر دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف سکیورٹی رسک بن چکا ہے اس کو گھر بھیجنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب کو صدر وزیراعظم سمیت اہم عہدے اور بیشمار ترقیاتی کام دیئے آئندہ بھی حکومت بنا کر جنوبی پنجاب سے احساس محرومی ختم کرینگے۔ جنوبی پنجاب کے حقوق غضب کر کے اپر پنجاب پر لگائے گئے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف مینار پاکستان میں کیمپ لگانے والے شہباز شریف میں اگر اخلاقی جرا¿ت ہے تو اب نواز شریف کے خلاف بھی مینار پاکستان میں کیمپ لگائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی ورکرز کے ساتھ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی۔ اس موقع پر مخدوم محمد ارتضیٰ ہاشمی اور رئیس ابراہیم خلیل نے آصف علی زرداری کو بھونگ آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

جب مشال کے کمرے کا تالہ توڑا تو وہ کیا کر رہا تھا ؟؟ جان کر آپ بھی رشک کریں گے

مردان (مانیٹرنگ ڈیسک) یونیورسٹی اساتذہ نے کہا ہے کہ جب مشال کو قتل کرنے کے لئے اس کے کمرے کادروازہ توڑا گیا تو اس نے بلند آواز میں کلمہ طیبہ پڑ ھنا شروع کردیا گیا تھا۔ مشال قتل کیس کا مرکزی ملزم مردان سے گرفتار کر لیا: ڈی آئی جی نجی ٹی وی چینل کے مطابق جب ہجوم نے ہاسٹل میں اس کے کمرے کا تالا توڑا تو وہ اپنے کمرے میں کلمے کا ورد کر رہا تھا اور بلند آواز میں ہجوم سے کہنے لگا کہ میں مسلمان ہوں، میں نے کوئی گستاخی نہیں کی خدارا مجھے ناحق قتل نہ کریں۔ واضح رہے کہ طالب علم مشال کو اس کے کلاس فیلو دوست عمران نے گولی ماری تھی جب کہ وہاں موجود پولیس نے ہجوم کی جانب سے مشال کی لاش کو جلانے سے روکا تھا۔

”ایک شاطر،دوسرا جھوٹا“

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایوان اقبال میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب کے دوران آصف زرداری اور تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر کڑی تنقید کی۔ وزیراعلیٰ نے سی پیک کے معاہدوں کا کریڈٹ لینے پر زرداری صاحب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ آپ کتنے شاطر ہیں اورآپ کے دل و دماغ میں کیا ہوتا ہے؟ اگر سی پیک کے معاہدے آپ نے کیے ہوتے تو آپ اس کی تختی لگائے بغیر نہ چھوڑتے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے عمران خان کی جانب سے 10ارب روپے کی پیشکش کے حوالے سے الزامات کو بے بنیاد اورجھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کیے ہیں، اگر یہ الزام غلط ہو تومیری سپریم کورٹ سے دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ صادق اورامین کا فیصلہ کردے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اشرافیہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اورکہا کہ اشرافیہ وسائل اپنا حق سمجھتی ہے لیکن وسائل پاکستان کے عوام کی امانت ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر کے دوران کئی مواقع پر جذباتی انداز میں خطاب کیا۔ ہال میں موجود طلباءو طالبات نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی تقریر کو بہت پسند کیا اور تقریر کے دوران بھر پورانداز میں تالیاں بجائیں۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ ”چھو لو آسمان ،تم ہو پاکستان“کا گیت بھی پیش کیا گیا۔

10 ارب کی پیشکش کا الزام …. حکومت کا عمران خان کیخلاف بڑا اقدام

اسلام آباد(آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے پانامہ کیس میں زبان بند رکھنے پر 10ارب روپے کی مبینہ پیشکش پر حکومت نے عمران خان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں حکومتی اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر وکلاءجلد عمران خان کو پہلے مرحلہ میں ہتک عزت میں ہرجانے کا نوٹس بھجوائیں گے اس کے بعد عدالت سے رجوع کیا جائے گا جبکہ اپوزیشن کی منفی سیاست کا مثبت اور مو¿ثر جواب دینے کیلئے بھی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری ذرائع نے آئی این پی کو بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی مری سے اسلام آباد واپسی کے بعد ایک اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال ‘ و زیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی ‘ سابق وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید ‘ وزیر اعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں عمران خان کی طرف سے 10 ارب روپے کی پیشکش کے الزام پر قانونی چارہ جوئی کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ قانونی ماہرین نے اجلاس میں بتایا کہ عمران خان اس سے پہلے بھی جھوٹی الزام تراشی کر چکے ہیں اور پانامہ کیس میں 10 ارب روپے کی پیشکش کا الزام ایسا ہے جس پر حکومت کو خاموش نہیں رہنا چاہیے اور اس پر قانونی چارہ جوئی کرنی چاہیے جس پر وزیر اعظم نے تمام شرکاءسے رائے لی اور کہا کہ مسلسل جھوٹ بول کر اداروں کو دباﺅ میں لانے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔ اس ضمن میں خاموش نہیں رہیں گے اور جھوٹ بولنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزراءنے کہاکہ عمران خان کے اس جھوٹے الزام کا مقصد پانامہ کیس کیلئے قائم کی جانے والی جے آئی ٹی اور قومی اداروں کو دباﺅ میں لانا ہے اور وہ اپنے انٹرویوز اور بیانات میں کہہ چکے ہیں کہ اگر وہ دباﺅ نہ ڈالتے تو سپریم کورٹ نے یہ کیس سننا ہی نہیں تھا۔ شرکاءنے کہا کہ عمران خان کو مزید جھوٹ بولنے کا لائسنس نہیں دیا جا سکتا لہٰذا حکومتی وکلاءاور (ن) لیگی قانونی ماہرین عمران خان کو ہتک عزت کے ہرجانے کا نوٹس بھجوائیں اور اس کے بعد ان کی طرف سے معافی نہ مانگنے کی صورت میں عدالت سے رجوع کیا جائے اور جھوٹے کو اس کے انجام تک پہنچایا جائے۔ ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین آئندہ چند روز میں عمران خان کو ایک قانونی نوٹس بھجوا دیں گے جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کی جانے والی جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی طرف سے حکومت پر بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈے کا میڈیا اور عوام میں بھرپور جواب دینے کیلئے بھی حکمت عملی بنائی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان کے بیان کو بے بنیاد قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ عمران خان سچے ہیں تو ثبوت پیش کریں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ کپتان نے اپنا دعویٰ سچ ثابت نہ کیا تو ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔ عمران خان ایسا نہ کر سکے تو آرٹیکل 62-63 کے تحت نااہل ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بھاری بھر کم میٹنگ میں پانامہ کیس پر بھی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جے آئی ٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جھوٹے الزام لگانے والوں کو پہلے بھی ناکامی ہوئی، آئندہ بھی ہو گی اور حکومت جے آئی ٹی میں اپنا بھرپور دفاع کرے گی۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ڈان لیکس سمیت اہم امور پر وزیراعظم کو بریفنگ دی ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیراعظم نے ڈان لیکس کمیٹی کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کچھ اہم قانونی اور انتظامی امور طے کرنا لازمی ہیں تاکہ کمیٹی کی سفارشات کا اعلان ہوتے ہی ان پر فوری عملدرآمد شروع ہو جائے۔ ملاقات کے دوران وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ آئندہ چوبیس سے چھتیس گھنٹوں میں ان امور پر کام مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد کمیٹی کی تمام سفارشات کا باقاعدہ عملدرآمد کے ساتھ اعلان بھی کر دیا جائے گا۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملاقات کی جس میں قومی ترقی کے عزم اور عدالتی فیصلوں کے احترام کا اعادہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ایوان وزیر اعظم میں ہونے والی ملاقات میں پانامہ فیصلے کے بعد ملکی سیاسی صورت حال بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو مل بیٹھ کر کردار ادا کرنا ہو گا ۔ پانامہ فیصلے پر اپوزیشن جماعتیں انتشار پھیلا کر قومی ترقی کی راہ اور جمہوریت کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہیں جو انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں لہٰذا دانشمندی اسی میں ہے کہ قومی ترقی اور جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے پانامہ پر عدالتی فیصلے کا خیر مقدم اور اس کو من و عن قبول کیا جائے۔

ریاستی دہشتگردی کا مسئلہ سلامتی کونسل لے جائیں

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پر مشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ کلبھوشن کے اعترافات کی روشنی میں ثابت ہوا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت تسلسل کے ساتھ ملوث ہے۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن کی گرفتاری پر انڈیا میں خوب شور شرابا ہوا جبکہ\سشما سوراج نے اسمبلی میں یہ کہا کہ وہ اپنے شہر ی کو ہر صورت پاکستان سے واپس لے کر آئیں گے۔ ان کے اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت یہاں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث ہے۔ حکومت پاکستان نے بھارت کے خلاف احتجاج تو کیا ہے لیکن یہ معاملہ یہاں نہیں رُکنا چاہئے، اس کو سلامتی کونسل میں اٹھانا چاہئے۔ ایک دوسرے کے جاسوس پکڑے جاتے رہتے ہیں، سربجیت سنگھ بھی پکڑا گیا تھا جس کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر رہا کر دیا گیا تھا۔ بھارت اور امریکہ حافظ سعید پر ممبئی حملوں سمیت دیگر دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات لگاتے رہتے ہیں لیکن حساس اداروں کو ان کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا جس کی بناءپر عدالت نے ان کو بری کر دیا اور اسی وجہ سے اب انہیں کوئی گرفتار نہیں کرتا۔احسان اللہ احسان کے الزامات سے افغان حکومت و فوج کے خلاف دہشتگردی میں ملوث ہونا ثابت پایا۔ افعان حکومت ہی نہیں بلکہ فوج بھی دہشتگردوں کو تحفظ دے کر افغانستان سے پاکستان بھیجتی ہے۔ جن دہشتگردوں کے پاس پاسپورٹ نہیں ہوتے افغان فوج ان کو اپنے ملک کا پاسپورٹ جاری کرواتی ہے۔ پاکستانی وفد نے دورہ افغانستان کے دوران یقینا اس معاملے پر بات چیت کی ہو گی جبکہ وزیراعظم سے بھارتی وفد کی ملاقات کے دوران یقینا یہ مسائل بھی زیر بحث آئے ہوں گے۔ ملکوں میں لڑائیاں، جھگڑے ہوتے ہیں لیکن مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں اگر نوازشریف اور نریندر مودی کے درمیان ملاقات ہوتی ہے تو اچھی بات ہے، یقینی طور پر وزیراعظم نوازشریف اپنے تمام خدشات مودی کے سامنے رکھیں گے۔ مذاکرات ہونا خوش آئند، ماضی میں بھی اس کی ضرورت پیش آتی رہی ہے۔ بھارت خود کو اپنے رقبے، آبادی اور فوج کے حجم کی وجہ سے طاقتور سمجھتا ہے لیکن اصل بات ٹیکنالوجی کی ہوتی ہے جس میں ہم آگے ہیں۔ دنیا پر واضح ہو چکا ہے کہ پاکستان میزائل ٹیکنالوجی میں بھارت سے آگے ہے۔ ہم نے جتنے میزائلوں کے تجربے کئے سب کامیاب رہے جبکہ عالمی میڈیا کے مطابق بھارت کے زیادہ تر میزائل تجربے ناکام رہے، یہی بات سابقہ و موجودہ حکمران اور آرمی چیف صاحبان متعدد بار کہہ چکے ہیں۔ تجزیہ کار نے کہا کہ بھٹو دور میں شاہ فیصل کی کوششوں کے ساتھ لاہور میں اسلامک کانفرنس ہوئی تھی، جس میں شریک تمام ممالک نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ عالمی سطح پر ایک ایسی نیوز ایجنسی قائم کی جائے جس کا سارا انتظام و انصرام اسلامی کانفرنس کے ہاتھ میں ہو تا کہ مسلم ممالک کے مسائل دنیا کے سامنے تسلسل کے ساتھ پیش کئے جا سکیں، آج تک یہ نیوز ایجنسی نہیں بن سکی۔ لندن سے ماہر قانون شمع جونیجو نے کہا ہے کہ پاکستان نے کلبھوشن جیسا مضبوط کیس اپنے ہاتھوں سے خراب کر دیا، کیس ملٹری کورٹس کے بجائے اگرعام عدالت میں جاتا تو پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوتی، جس پر دنیا کا کوئی ملک اعتراض نہیں کر سکتا تھا۔ کلبھوشن کا کیس بالکل اسی طرح عام عدالت میں چلنا چاہئے تھا جس طرح بھارت نے اجمل قصاب سمیت دیگر کیسز چلائے۔ بھارت کا پروپیگنڈا ہم سے بہت زیادہ مضبوط ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں کوئی انگریزی نیوز چینل ہی نہیں جو اپنا موقف پیش کر سکے۔ زیادہ تر اُردو چینل ہیں اور وہ بھی قومی مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احسان اللہ احسان کے معاملے میں بھی حکومت پاکستان نے بہت بڑی غلطی کی کہ یہ بھٹکا ہوا ہے۔ گڈ و بیڈ طالبان کا تصور ختم ہونا چاہئے، دہشتگرد دہشتگرد ہوتا ہے۔ ان کے خلاف مضبوط پالیسی ہونی چاہئے اور کوئی رعایت نہیں برتنی چاہئے۔ بلال اختر نے افغانستان کے دورے کے دوران کہا کہ افغان فوجیوں پر حملے میں پاکستان ملوث نہیں، انہوں نے یہ معاملہ اٹھایا ہی نہیں کہ احسان اللہ احسان آپ کے بارے کیا انکشافات کر رہا ہے۔ ہماری خارجہ پالیسی کا المیہ یہ ہے کہ سرتاج عزیز کا کچھ پتہ نہیں چلتا کہ کہاں ہیں جبکہ طارق فاطمی کے اوپر نیوز لیکس کی تلوار لٹک رہی ہے۔ جب تک ہم اپنا کیس مضبوطی کے ساتھ نہیں لڑیں گے۔ تب تک دنیا ہماری طرف توجہ نہیں دے گی ڈپٹی ایڈیٹر روزنامہ خبریں مظہر جاوید نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی سیاست میں دوبارہ واپسی سے پہلے خود پر لگا سزا کا لیبل ختم کروانا چاہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر ایسا نہ کیا تو ساری زندگی مجھے سزا یافتہ کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رحیم یار خان کے علاوہ پی پی کی قومی اسمبلی میں کوئی نشست نہیں، اس لئے ابھی گیلانی کو واپس قومی اسمبلی بھیجنا واضح نہیں ہو رہا البتہ معلوم ہوتا ہے کہ پی پی قیادت احمد محمود کے بیٹے کو ہٹا کر یوسف رضا گیلانی کے لئے قومی اسمبلی بھیجنے کا راستہ ہموار کرے گی۔

اسرائیل کا شام پر حملہ

دمشق(ویب ڈیسک ) اسرائیل نے دمشق میں فوجی ڈپو پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا جس کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے دمشق ایئرپورٹ کے قریب فوج کے اسلحہ ڈیپو پر 5 میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ شامی سرکاری ٹی وی کا فوجی ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی حدود سے دمشق ایئرپورٹ کے جنوب مغربی حصے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
اسرائیل کی جانب سے اس سے قبل جنوری میں میزی فوجی بیس کو نشانہ بنایا گیا تھا جب کہ 2015 میں اسرائیل نے گولن کی پہاڑیوں اور دارالحکومت دمشق پر حملہ کیا جس میں حزب اللہ کے 2 نامور کمانڈر مارے گئے تھے۔

وزیراعظم نوازشریف کا عمران خان کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیراعظم نوازشریف کے زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس ہو اجس میں عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماو¿ں کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر ارکان ، آئینی اور قانونی ماہرین نے بھی شرکت کی جب کہ اجلاس میں چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا گیا۔
قانونی ماہرین نے وزیراعظم نوازشریف کو عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ عدالت سے متعلق عمران خان کی زبان توہین کے زمرے میں آتی ہے جس پر وزیراعظم نے قانونی ٹیم کو عمران خان کے الزامات پر ان کے خلاف عدالتی کارروائی کے لیے تیاری کی ہدایت کردی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ججز سے متعلق توہین آمیز رویئے اور الزام تراشی پر توہین عدالت کے لیے رجوع کیا جائے گا اور عمران خان کے خلاف 10 ارب رشوت کے الزام پرہتک عزت کا دعویٰ بھی کیا جائے گا۔

مصباح کا ایک اور کارنامہ ، جاوید میانداد اور عمران خان کو پیچھے چھوڑ دیا

کنگسٹن(ویب ڈیسک )قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے ساتویں بیٹسمین بن گئے۔ مصباح الحق بطور کپتان 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی اور ایشیائی بلے باز بھی بن گئے،بیالیس سال کی عمر میں پانچ ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے معمر ترین کرکٹر کا اعزاز بھی مصباح کے نام ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرلیے جس کے بعد وہ پاکستان کے لیے یہ اعزاز حاصل کرنے والے ساتویں بیٹسمین بن گئے، انھوں نے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز سے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں حاصل کیا۔واضح رہے کہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین یونس خان ہیں، وہ 116میچز میں10035رنز اسکورکر چکے، جاوید میانداد 8832، انضمام الحق8829، محمد یوسف7530، سلیم ملک5768 اور ظہیر عباس 5062 رنز بنا چکے۔یاد رہے کہ اسی میچ میں مصباح الحق کے ہم وطن یونس خان نے دس ہزار ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا۔دوسری جانب مصباح الحق بطور کپتان پانچ ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان ہی نہیں بلکہ ایشیا کے پہلے اور دنیا کے نویں بلے باز بن گئے ہیں۔ جس میں ان کی دس شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں۔ مصباح الحق نے کیرئیر کے 73 ویں ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ بیالیس سال کی عمر میں پانچ ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے معمر ترین کرکٹر کا اعزاز بھی مصباح کے نام ہو گیا۔

اڑنے والی موٹر سائیکل کی حیران کن ایجاد

واشنگٹن (ویب ڈیسک ) ویسے تو اب تک اڑنے والی گاڑیاں ہی تیار کی جا رہی ہیں مگر گوگل کے شریک بانی لیری پیج اڑن موٹرسائیکل کو رواں سال کے آخر تک فروخت کے لیے پیش کرنے والے ہیں۔ گوگل کے شریک بانی لیری پیج کافی عرصے سے خاموشی کے ساتھ دو کمپنیوں کے ساتھ مل کر اڑنے والی سواریوں کی تیاری پر کام کر رہے تھے۔ اب ان میں سے کیٹی ہاک نامی کمپنی نے آخرکار پہلی اڑنے والی گاڑی یا یوں کہہ لیں موٹرسائیکل کا تجربہ کیا ہے اور یہ عام افراد کے لیے رواں سال کے آخر تک دستیاب ہوگی۔ کیٹی ہاک کے صدر سبسٹین تھرون نے ایک ٹوئیٹ میں اپنی کمپنی کے ویب سائٹ کا ایک لنک شیئر کیا جس میں فلائیر نامی اس سواری کے پروٹوٹائپ کی ویڈیو اپ لوڈ تھی۔ یہ پروٹوٹائپ ایک موٹرسائیکل جیسے برقی ایئرکرافٹ کا ہے جس کے حتمی ورژن پر ابھی کام جاری ہے جو اس سے کچھ مختلف ہوسکتا ہے۔ اس سواری کا وزن سو کلوگرام تک ہے اور یہ 25 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتی ہے۔

مشال خان پر فائرنگ کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

مردان(ویب ڈیسک)ڈی آئی جی مردان عالم خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مشال خان کے قتل کے مرکزی ملزم عمران کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی مردان عالم شنواری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عبدالولی خان یونیورسٹی میں طالب علم مشال خان پر فائرنگ کرنے والے عمران نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اوراس کے قبضے سے پستول بھی برآمد ہوا ہے جب کہ ملزم عمران نے مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم کرلیا ہے۔عالم شنواری کا کہنا تھا کہ مشال قتل کیس میں گرفتار تمام ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے، گرفتار ملزمان کےمطابق مشال پر گولیاں اس کے ہم جماعت عمران نے چلائیں جس کے بعد پولیس نے عمران کی گرفتاری کے لیے بہت سی ٹیمیں تشکیل دیں جو جگہ جگہ آپریشن اور کارروائیاں کررہی تھیں اور آج خفیہ اطلاع پر مرکزی ملزم کو مردان سے گرفتار کیا گیا۔