پنجاب اسمبلی میں گو گو، چور چور کے نعرے گونجنے لگے۔۔۔

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے، وقائع نگار) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پانامہ کے معاملے پر مسلسل دوسرے روز بھی حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے تمام اخلاقی قدروں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی کا سلسلہ جاری رکھی ،پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر نجی تعلیمی اداروںاور تمباکو کی فروخت سے متعلق ترمیمی مسودات قوانین ایوان میں پیش جبکہ فرائض منصبی سر انجام دیتے ہوئے جان قربان کرنے والے پولیس اہلکارو ں کو جاں بحق کی بجائے شہید لکھنے سمیت تین قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی اپنے مقررہ وقت ودس بجے کی بجائے ایک گھنٹہ 35منٹ کی تاخیر سے اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا ۔۔ قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے نقطہ اعتراض پر اسپیکر سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن کو وزیر اعظم نواز شریف کے مستعفی ہونے کے مطالبے پر مبنی قرارداد پیش نہیں کرنے دی گئی جبکہ حکومت نے رولز کو معطل کر اکے وزیر اعظم کے حق میں قرارداد منظور کرا لی جس پر اسپیکر نے کہا کہ یہ غلط ہے مجھے اپوزیشن نے رولز معطل کرنے کے حوالے سے درخواست نہیں دی ،قرارداد پیش کرنے کےلئے قواعد و ضوابط ہوتے ہیں اور میں نے انہیں دیکھنا ہے ۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہمارے ساتھ غلط ہوا ہے ہمیں یہ کہا گیا کہ قرارداد کےلئے دو ہفتے کا پراسس ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے استعفے کامطالبہ کل بھی کر رہے تھے آج بھی کرتے ہیں اورکرتے رہیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب اسمبلی کا بھی یہی مطالبہ ہے ۔ اس کے ساتھ اپوزیشن نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر نعرے بازی شروع کر دی اور اپوزیشن نے ایجنڈے کی کاپیاپھاڑکر ہوا میں اچھالتے ہوئے گو نواز گو ، گلی گلی میں شور ہے نواز شریف چور ہے ،مک گیا تیرا شو نواز گو نواز گو نواز،دو میں فیل تین میں کمپاٹ پپو پاس پپو پاس جبکہ حکومتی اراکین نے چرسی چرسی ،رو عمران رو ، چرسی بابا چور ہے ، بھاگ بھاگ چرسی بھاگ،بھنگی چرسی مردہ باد ، بھاگ چرسی شیر آیا ، وزیر اعظم نواز شریف ، میاں دے نعرے وجن گئے، قدم بڑھائے نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں کے نعرے لگاتے رہے جس کے باعث ایوان مچھلی منڈی میں تبدیل ہو گیا ۔ اس دوران اسپیکر دونوں طرف سے اراکین کو چپ کرانے کی کوشش کرتے رہے لیکن حکومتی اور اپوزیشن نے ان کی ایک نہ سنی ۔نعرے بازی کے دوران ہی اپوزیشن رکن آصف محمود نے کورم کی نشاندہی کر دی اور مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر اسپیکر نے پانچ منٹ کےلئے گھنٹیاں بجانے کا حکم دیا۔ اپوزیشن اراکین کے باہر جانے کے دوران حکومتی اراکین نے بھاگ بھاگ گئے کے نعرے لگائے جس پر اپوزیشن اراکین باہر جا کر فوری طور پر ایوان میں واپس آ گئے اورایک طرف سے چرسی چرسی اور دوسری طرف سے چور ہے چور ہے کے نعرے لگتے رہے ۔ اس دوران اسپیکر نے بتایا کہ تعداد پوری ہے اور کارروائی کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا۔ اسپیکر نے شور شرابے میں تحاریک التوائے کار پڑھنے کی ہدایت کر دی اور شور کے باعث کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی ۔ پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر حکومتی رکن اسمبلی گلناز شہزادی جیسے ہی نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے ترمیمی مسودہ قانون پیش کرنے لگیں تو اسی دوران اپوزیشن رکن اسمبلی عارف عباسی نے کورم کی نشاندہی کر دی اور گنتی کرانے پر تعداد پوری نہ تھی جس پر پانچ منٹ کے لئے گھنٹیاں بجائی گئیں۔ ایوان کی کارروائی معطل ہونے کے دوران حکومتی رکن اسمبلی عبد الرزاق ڈھلوں نے کہا کہ میں پرائیویٹ قرارداد پیش کرتا ہوں کہ بنی گالہ میں کوکین کی سپلائی اور اس کا کاروبار بند کیا جائے جس پر ایوان میں قہقے بلند ہوئے ۔ پانچ منٹ بعد گنتی کرائی گئی تو تعداد پوری ہونے پر کارروائی کا دوبارہ آغاز کیا گیا ۔ اپوزیشن اراکین جیسے ہی ایوان میں واپس آئے توحکومتی اراکین نے انہیں دیکھ کر چرسی چرسی کی نعرے بازی شروع کر دی ۔حکومتی رکن اسمبلی گلناز شہزادی نے مسودہ قانون (ترمیم ) (ترویج و انضباط )نجی تعلیمی ادارہ جات پنجاب2017ایوان میں پیش کیا جسے وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کمیٹی کے سپرد کرنے کی سفارش کی جسے اسپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی ۔اس بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کی طرف سے طلبہ و طالبات کے والدین کو مخصوص دکان ،یا مہیا کنندہ سے نصاب کتب ، یونیفارم یا دیگر میٹریل خریدنے کے لئے تقاضہ کیا جاتا ہے تو وہ ایسے جرمانے کا مستوجب ہوگا جو زیادہ سے زیادہ تیس لاکھ اور کم از کم دس لاکھ روپے ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی خرم جہانگیر وٹو نے مسودہ قانون ( ترمیم)بچہ شادی ممانعت پنجاب 2017ءایوان میں پیش کیا جس کی صوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ خان نے مخالفت کی اور کہا کہ یہ قانون پہلے ہی نافذ العمل ہے جس پرخرم جہانگیر وٹو نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ اس کو زیر غور لایا جائے تاہم وزیر قانون نے کہا کہ یہ پہلے ہی موجود ہے اور اس کے منظور ہونے سے قانون پیچیدگیاں پیدا ہو جائیں گی اوربعد ازاں ایوان نے اسے کثرت رائے سے مسترد کر دیا ۔حکومتی رکن اسمبلی فائزہ مشتاق نے (ترمیمی )تمباکو فروخت پنجاب2017بل پیش کیا اور اسے بھی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی گئی ۔مفاد عامہ کی قراردادوں میں پہلی قرارداد چوہدری اشرف علی انصاری کی طرف سے پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا تمام ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں فضلہ تلف کرنے کے لئے بتدریج انسنیٹرزفراہم کئے جائیں۔ارم حسن باجوہ کی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ڈیوٹی کے دورانن ملک اور قوم کے لئے جانیں دینے والے پولیس ملازمین کو جان بحق کی بجائے شہید لکھا اور پکارا جائے۔شہزاد منشی کی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ خصوصی طور پر ”رکشہ“کے پیچھے لگائے گئے غیر اخلاقی اور غیر مہذب اشتہارات کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔تینوں قراردادوں کو متفقہ طور پر منظورکر لیا گیا جبکہ اپوزیشن رکن ملک تیمور مسعود کی قراردادکوکثرت رائے سے مسترد کردیا گیاجبکہ شنیلہ رتھ کی قرارداد کو وزیر اور پارلیمانی سیکرٹری صحت کی ایوان میں عدم موجودگی کی وجہ سے موخر کردیا گیا ۔قبل ازیںپارلیمانی سیکرٹری نازیہ راحیل نے محکمہ ریو نیو جبکہ پارلیمانی سیکرٹری چوہدری زاہد اکرم نے محکمہ کالونیز سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ۔ اسپیکر نے محکموں کی طرف سے چار سوالات کے جوابات نہ آنے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹریز سے کہا کہ جواب لے کر ایوان کوآگاہ کریں اور ذمہ داران کے خلاف انکوائری کرکے انہیں سزا دیں اور مجھے بھی اس بارے بتائیں۔ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج صبح بدھ صبح 10بجے تک کے لئے ملتوی کردیا۔

ہیری اسٹائلز نے گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ سے محبت کا اعتراف کر لیا

لاس اینجلس (شوبز ڈیسک) ہالی وڈ گلوکار ہیری اسٹائلز نے گلوکارہ ٹیلر سویفٹ سے محبت کا اعتراف کر لیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ہالی وڈ گلوکار ہیری اسٹائلز نے حال میں میڈیا پر یہ اعتراف کر لیا ہے کہ انہیں گلوکارہ ٹیر سویفٹ سے محبت ہے اور وہ جلد ٹیلر سے منگنی کا بھی اعلان کریں گے فی الحال دونوں کی توجہ کیرئیر پر مرکوز ہے،دونوں کو مختلف تفریحی مقامات پر اور ہوٹلوں میں بھی اکٹھے دیکھا گیا ہے۔

سلمان خان پنجابی فلم میں کام کرنے کے خواہشمند

لاہور (شوبز ڈیسک) لگتا ہے کہ بالی ووڈ کے خانز کو ہالی ووڈ میں ذرا بھی دلچسپی نہیں ، اس حوالے سے سلمان خان کا کہنا ہے کہ وہ ہالی ووڈ کیلئے اپنا گھر (ہندوستان )نہیں چھوڑیں گے۔ ایک تقریب میں جب سلمان خان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ ہالی ووڈ جانے کے بارے میں سوچیں گے تو ان کا کہنا تھا نہیں ہالی ووڈ بہت دور ہے ، مجھے تو کام کے دوران اپنا گھر چھوڑنا بھی اچھا نہیں لگتا۔ جب سلمان خان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ پنجابی فلموں میں کام کرنا پسند کریں گے تو ان کا کہنا تھا یہ ان کی ایک بڑی خواہش ہے ، میں نے ایک فلم ہیروز کی تھی جس میں میں نے ایک سردار کا کردار ادا کیا تھا۔ میں نے بہت سے پنجابی کردار ادا کیے ہیں لیکن کبھی کسی پنجابی فلم میں کام نہیں کیا اگر مجھے موقع ملا تو میں ضرور پنجابی فلم کروں گا ، یہ بہت تیزی سے بڑھتی ہوئی انڈسٹری ہے اور میں اس کا حصہ بننے میں خوشی محسوس کروں گا۔

شردھا کپور کے بغیر فلم ”ہاف گرل فرینڈ“ کی تشہیری مہم شروع

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکار ارجن کپور نے ساتھی اداکارہ شردھا کپور کے بناءہی فلم ہاف گرل فرینڈ کی تشہیری مہم کا آغاز کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکار ارجن کپور نے ساتھی اداکارہ شردھا کپور کے بناء ہی فلم ہاف گرل فرینڈ کی تشہیری مہم شروع کر دی،اداکارہ شردھا کپور کی غیر موجودگی کی وجہ اداکار ارجن کپور سے اختلاف نہیں بلکہ ان کی بیماری ہے،شردھا کپور کو شدید نوعیت کا نزلہ و کھانسی ہے اس لئے ارجن نے خود ان کے ساتھ تعاون کیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک مکمل ٹھیک نہیں ہو جاتی وہ گھر پر آرام کریں۔وہ فلم کی تشہیر کی تب تک ذمہ داری اکیلے ہی سنبھال لیں گے۔

والدین مجھے ابھی بھی بچہ سمجھتے ہیں

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکار ورون دھون نے کہا کہ ان کے والدین اور بڑے بھائی انہیں ابھی بھی بچہ سمجھتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکار ورون دھون نے اپنے تازہ انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والدین اور ان کے بڑے بھائی ابھی بھی ان سے ایسے لاڈ پیار کرتے ہیں جیسے وہ چھوٹے سے بچے ہیں اور ان کے بارے ذیادہ محتاط رویے کے مالک ہیں،اداکار کی حال میں ریلیز ہونے والی فلم بدریناتھ کی دلہنیا ہے جس میں ان کی ہیروئن اداکارہ عالیہ بھٹ ہیں فلم نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا ہے۔

صنم بلوچ کی ڈرامہ ’استخارہ‘ کے ساتھ ٹی وی پر واپسی

کراچی (شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکار صنم بلوچ آخری مرتبہ ٹیلی فلم ’ایک تھی مریم‘ میں نظر آئیں تھی، اور اب وہ بہت جلد ’استخارہ‘ نامی ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔صنم بلوچ کا کہنا تھا کہ ’یہ ڈرامہ اداکار فہد مصطفیٰ کی پروڈکشن کمپنی بگ بینگ پروڈکشن کے بینر تلے بننے جارہا ہے، جس کی کہانی نائیلا انصاری نے تحریر کی‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’اس ڈرامے میں میرے ساتھ سرمد کھوسٹ مرکزی کردار ادا کریں گے، میں ایک ایسی لڑکی بنی ہوں جس کی کالج کی تعلیم مکمل ہوتے ہی شادی کردی جاتی ہے‘۔صنم بلوچ کے مطابق ’میں ابھی بہت زیادہ کہانی کے بارے میں نہیں بتاسکتی، بس یہ کہانی ایک ایسی لڑکی کی ہے جس کی شادی ایک بڑی عمر کے شخص سے کرائی جاتی ہے۔

امریکی صدر سے اہم پاکستانی شخصیت کی ملاقات, ٹرمپ کا بڑا اعلان

واشنگٹن (آئی این پی) امریکا میں تعینات پاکستان کے نئے سفیر اعزاز چوہدری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی اور پاکستانی قیادت اور عوام کی نیک خواہشات ان تک پہنچائیں،ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔وائٹ ہاﺅ س میں ہونے والی ملاقات کے دوران نئے پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے امریکی صدر کو اپنی سفارتی اسناد بھی پیش کیں۔ اس موقع پر اعزاز چوہدری نے پاک-امریکا تعلقات کی بہتری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام امریکا کے ساتھ 7 دہائیوں پر مشتمل تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں۔ملاقات میں اعزاز چوہدری نے ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان سے متعلقہ خدمات سے آگاہ کیا جس پر امریکی صدر نے اعزاز چوہدری کی خدمات اور اعلی کارکردگی کو سراہا۔دوران ملاقات امریکی صدر کا کہنا تھا پاکستان اور امریکا کے تعلقات اہم نوعیت کے ہیں ہم اس تعلقات میں بہتری کے خواہش مند ہیں۔خیال رہے کہ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کو رواں سال فروری میں امریکا میں پاکستانی سفیر تعینات کیا گیا تھا جبکہ مارچ سے انہوں نے نئے سفیر کا عہدہ سنھالا۔اعزاز چوہدری دسمبر 2013 سے سیکریٹری خارجہ کے عہدے پر تعینات تھے، اس سے قبل وہ وزارت خارجہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔قبل ازیں اعزاز چوہدری نیدرلینڈز میں پاکستانی سفیر بھی تعینات رہ چکے ہیں، وہ ‘پاکستان مررڈ ٹو ڈچ آئیز’ کے نام سے ایک کتاب کے مصنف بھی ہیں۔اس کے علاوہ اعزاز چوہدری اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔اعزاز چوہدری 27 فروری 1958 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے بیچلر آف سائنس جبکہ فلیچر اسکول آف لا اینڈ ڈپلومیسی، میڈ فورڈ، میساچیوسٹس سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے بھی امریکا کا دورہ کیا تھا۔

میری کامیابی کا راز

لاہور(شوبز ڈیسک)سینئر اداکارہ بشری انصاری نے کہا ہے کہ دوسروں کی کامیابی پر خوش اور کسی سے حسد نہیں کرتی اور یہی میری کامیابی کا راز ہے۔ایک انٹرویو میں سینئر اداکارہ نے کہا کہ ہمارے دور میں ٹی وی پر کام کرنے کو معیوب سمجھا جاتا تھا اور خاندان والوں کی طرف سے بڑی سختی کا سامنا کرنا پڑتا تھا، آج کل پڑھے لکھے اور اچھے گھرانے کے لڑکے اور لڑکیاں اس شعبے کی طرف آرہے ہیں جو خوش آئند ہے اور میں ان کا کام دیکھ کر خوش ہوتی ہوں۔اداکارہ نے کہاکہ ہم تین بہنوں نے ٹی وی پر کام کیا ہے اور میری ایک عادت ہے کہ میں سب کی کامیابی پر خوش ہوتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ محنت کیا ہوتی ہے اس لیے میں دوسروں کی کامیابی پر نہ صرف خوش ہوتی ہوں بلکہ ان کے کام کو سراہتی بھی ہوں۔

جان ابراہم ٹائیگر شیروف کے مداح نکلے

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکار جان ابراہم ٹائیگر شیروف کے مداح نکلے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جان ابراہم اور ٹائیگر شیروف کی ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ملاقات ہوئی تھی۔جان ابراہم نے ٹائیگر شیروف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کافی معاملہ فہم اور مستعد ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ان کی صحت مند طرز زندگی سے متاثر ہوئے ہیں اوران کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شاندار رہا۔جان ابراہم نے کہا کہ مجھے حال میں ماچھا گرین ٹی کے فوائد کے بارے میں پتہ چلا تو میں حیران ہوگیا۔یہ جسم، خاص طور پر جلد کے لئے اینٹی اکسائڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جاننا اچھا لگا کہ یہاں کچھ لوگ ایسے ہیں، جو جسم کو فعال اور جلد کو صحت مند رکھنے کے لئے مختلف طریقے اپناتے ہیں۔

عام انتخابات کب ہونگے؟, اہم شخصیت کا بڑا اعلان

اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کبھی اکھٹی نہیں ہوسکتی۔ ہر سیاسی جماعت کا اپنا اپنا ایجنڈا ہے اور ہر جماعت اپنا اپنا الیکشن ہی لڑے گی، انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز پارلیمنٹ ہا¶س کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کیا شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کہ اتحاد کے حوالے سے باتیں بے بنیاد ہے پی ٹی آئی اور پی پی پی یا دیگر سیاسی جماعتیں ایک ساتھ نہیں چل سکتیں ہر سیاسی جماعت کا الگ الگ ایجنڈا اور مقاصد ہیں اس لیے یہ ممکن نہیں کہ کوئی جماعت اپنا ایجنڈا چھوڑ کر کسی دوسری جماعت کا ایجنڈا اپنائے لہذا اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی باتیں مکمل بے بنیاد ہیں اور ہر سیاسی جماعت آئندہ عام انتخابات میں اپنے ایجنڈے کے مطابق الگ الگ الیکشن لڑے گی انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی محاذ گرم ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ آئندہ عام انتخابات 2017 میں ہی ہوں گے حکومت 2018نہیں دیکھے گی۔