سی پیک اور گوادر پورٹ کے اصل خالق ہم ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سی پیک اور گوادر پورٹ کے اصل خالق ہم ہیں ،نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کے دوران سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ جس وقت سی پیک کا معاہدہ طے پایا تھا اس وقت نواز شریف وزیر اعظم نہیں تھے ، انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کو میں نے اس بات پر قائل کیا تھا کہ گرم پانیوں تک رسائی دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے مفاد میں ہے اور اس سے دونوں کو معاشی ترقی حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں کہ سی پیک کیلئے پہلا بینک کب کھلا تھا اس سے لوگوں کو سی پیک منصوبے کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے کردار کا اندازہ ہوجائے گا ، دراصل ہر منصوبے کو اپنے نام کرنا شریف برادران کی عادت بن چکی ہے۔

تاریخ کا سب سے بڑا غیر جوہری بم

واشنگٹن /کابل(روزنامہ خبریں ویب ڈیسک)افعانستان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ننگرہار میں اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم کے ٹھکانے پر 9800 کلوگرام وزنی بم کے حملے میں کم از کم 36 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وادی مومند کے علاقے میں یہ بم گرایا گیا جہاں دولت اسلامیہ کے جنگجووں کا سرنگوں کا نیٹ ورک موجود ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ ہوا ہے۔دوسری جانب سابق افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی بم حملے کی مذمت کی ہے اور اس کو ‘غیر انسانی اور ہمارے ملک کا بدترین استعمال’ قرار دیا ہے۔امریکی فوج نے گزشتہ روز کی شام کو افغانستان میں اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم کے ٹھکانے پر 9800 کلوگرام وزنی بم گرایا ہے۔امریکی فوج کے مطابق یہ بم صوبہ ننگرہار میں واقع دولت اسلامیہ کا سرنگوں پر مبنی کمپلیکس پر گرایا گیا۔جی بی یو 43/بی نامی اس بم کو بموں کی ماں کہا جاتا ہے اور یہ تاریخ کا سب سے بڑا غیر جوہری بم ہے جو امریکہ نے کسی بھی کارروائی میں استعمال کیا ہے۔امریکی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ بم ننگرہار کے علاقے اچین میں شام کو گرایا گیا۔اس بم کا تجربہ پہلی بار 2003 میں کیا گیا تھا لیکن اسے کسی جنگ یا تصادم میں اس سے قبل استعمال نہیں کیا گیا۔وائٹ ہاوس کے ترجمان شان سپائسر نے کہا ‘ہم نے داعش کی سرنگوں اور غاروں کے نظام کو ٹارگٹ کیا جن کے ذریعے جنگجو آزادانہ طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو سکتے تھے۔ اور انھی سرنگوں کے باعث وہ آسانی سے امریکی مشیروں اور افغان فورسز کو نشانہ بنا سکتے تھے۔’انھوں نے مزید کہا کہ اس بات کی پوری کوشش کی کہ شہریوں کو نقصان نہ پہنچے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جس علاقے میں یہ بم گرایا گیا ہے وہ پہاڑی علاقہ ہے اور بہت کم آبادی ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بم کی آواز اتنی بلند تھی کہ اس کو دو اضلاع دور بھی سنا گیا۔اگرچہ امریکہ نے اب تک اس حملے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا لیکن مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کئی شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔امریکہ نے یہ کارروائی ایسے وقت کی ہے جب گذشتہ ہفتے ہی ننگرہار میں دولت اسلامیہ کے ساتھ جھڑپ میں امریکی سپیشل فورسز کا ایک فوجی ہلاک ہوا تھا۔

کرکٹ کی تاریخ میں انوکھا واقعہ ….!

نئی دہلی(ویب ڈیسک)ممبئی انڈینز اور سن رائزرز حیدر آباد میں میچ کے بعد سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر روی شاستری مین آف دی میچ ایوارڈ دینا ہی بھول گئے، فاتح کپتان کے ساتھ بات کرنے کے بعد انہوں نے تقریب کو سمیٹنا شروع کیا جس پر کمنٹری باکس میں موجود کیون پیٹرسن اور مرلی کارتھک بھی قہقہے لگانے لگے۔ شاستری کو غلطی کا جلد ہی احساس ہوگیا اور انہوں نے ممبئی انڈینز کے فاسٹ بالر جسپریت بمراہ کو ایوارڈ دیا۔ بعدازاں کیون پیٹرسن نے ٹویٹر پر انہیں چھیڑا جس پر روی شاستری نے جواب دیا کہ ایک مصروف ترین دن کے بعد آخر آپ کو ہنسی تو آئی۔

وہاب ،عامر سے خطرناک باﺅلر قومی ٹیم میں شامل

لاہور(ویب ڈیسک)راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے حسن علی کو محمد عامر اور وہاب ریاض سے بھی خطرناک بالر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حسن علی بہت ہی زیادہ بہترین بالنگ کر رہا ہے۔ حسن علی کو اب شہرت اور وکٹیں لینے کا مزہ آنے لگا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ حسن علی بہت ہی زیادہ بہترین بالنگ کر رہا ہے اور اس وقت وہ محمد عامر اور وہاب ریاض سے بھی زیادہ خطرناک نظر آ رہا ہے اور ان دونوں سے کہیں زیادہ اچھی کاکردگی دکھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ بہترین بالنگ ردھم میں ہے اور تسلسل کے ساتھ وکٹیں لے رہا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اب اسے جو شہرت ملی ہے اس کا مزہ آ رہا ہے اور وکٹیں لینے پر جس طرح پاکستانی قوم اور ماہرین کرکٹ کی جانب سے تعریف کی جاتی ہے، اس کی عادت ہو رہی ہے۔

یونس خان آخری”سٹاپ“پر جشن منانے کیلئے تیار

کنگسٹن(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر اور ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان اپنی آخری ٹیسٹ سیریز کو یادگار بنانے کیلئے تیار ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی کامیابی کے ساتھ اپنے دس ہزار رنز مکمل کر کے منفرد انداز سے جشن منائیں گے۔ جونیئر کھلاڑیوں کیلئے رول ماڈل بننے کی خواہش کا اظہار کرنے والے قومی بیٹسمین نے واضح کیا کہ وہ اپنی آخری سیریز میں کچھ منفرد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کایونی ویژن نیوز سے کہنا تھا کہ وہ نئے کھلاڑیوں کیلئے ایک ایسی مثال بننا چاہتے ہیں جسے دیکھ کر وہ اپنے کیریئر کے اہم اہداف کا تعین کر سکیں۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زائد ٹیسٹ رنز،سنچریوں اور کیچز کے مالک یونس خان کا کہنا ہے وہ جاتے ہوئے اپنا سر فخر سے بلند دیکھنا چاہتے ہیں۔

جرمنی اور برازیل کی ٹیمیں پاکستان کے دل ”لاہور“ میں فٹبال میچ کھیلیں گی

لاہور(روزنامہ خبریںویب ڈیسک) جرمنی اور برازیل کی ٹیموں کے درمیان لاہور میں میچ کرانے کے لیے کام شروع ہوگیا ، میچ کوعالمی میڈیا براہ راست دنیا بھر میں ٹیلی کاسٹ کریگا اور اس سلسلے میں جرمنی میں معاہدے پر دستخط ہوگئے۔واضح رہے کہ معاہدے کے تحت جرمنی اور برازیل کے ماضی کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بال کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں لاہور میں فٹ بال کا نمائشی میچ کھیلیں گی۔میچ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سید خرم کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو اس منصوبے کے حوالے سے پریزنٹیشن دیں گے۔

سندھ میں رینجرز اختیارات ختم ،ایک بار پھر ٹال مٹو ل

کراچی (ویب ڈیسک)سندھ میں رینجرز اختیارات ختم جمعہ کو ختم ہوگئے ، ماضی کی طرح ایک بار پھرصوبائی حکومت نے توسیع کرنے میں ایک بار پھر ٹال مٹول سے کام لینا شروع کر دی۔ رینجرز اختیارات جمعہ کو ختم ہو گئے ۔ محکمہ داخلہ سندھ نے پانچ اپریل کو اختیارات میں توسیع کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی تھی جس میں رینجرز اختیارات میں نوے روز کی توسیع کی سفارش کی گئی تھی لیکن سندھ حکومت تاحال شش و پنج کا شکار ہے جس کی وجہ سے سمری پر دستخط نہیں کیے جاسکے ۔

کراچی، ڈاکٹر کو گھر سے بلا کر قتل کردیا گیا

کراچی(ویب ڈیسک)کراچی کے علاقے کھارادر میں ڈاکٹر کو گھر سے بلا کرقتل کر دیا گیا۔ سول اسپتال میں سہولیات نہ ہونے پر اہلخانہ نے ڈاکٹر ذوالفقار کو نجی اسپتال منتقل کیا تھا جہاں وہ دوران علاج چل بسا۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز بغدادی تھانے کی حدود میں کھڈا مارکیٹ کھارادر کے رہائشی ڈاکٹر ذوالفقار کو 2نامعلوم ملزمان نے گھر سے باہر بلا کر نشانہ بنایا اور سر پر گولی مار کر فرار ہوگئے۔ڈاکٹر ذوالفقار کا کھارادر کھڈا مارکیٹ میں رہائش کے قریب ہی پرائیویٹ کلینک بھی ہے۔ زخمی ڈاکٹر کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال بعد ازاں نجی اسپتال منتقل کیا تھا۔پولیس کے مطابق واقعہ دہشت گردی ہے یا ذاتی دشمنی اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے اور جائے وقوعہ سے پولیس نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔

’سندھ حکومت نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا‘

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اپنے ہی صوبے کے عوام کو کچھ نہیں دیا اور ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

جیکب آباد میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ’لوگ میری شکل دیکھنے نہیں بلکہ کچھ امید لے کر اتنی گرمی میں یہاں آئے ہیں، جنہیں میں یقین دلاتا ہوں کہ حالات بدلیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سندھ حکومت نے اپنے ہی صوبے کے عوام کو کچھ نہیں دیا اور ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، یہاں کے عوام کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے، جیکب آباد میں ’ہیپاٹائٹس بی‘ کے سب سے زیادہ مریض ہیں، جبکہ جیکب آباد آج بھی سو سال پہلے جیسا ہے۔‘

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’جو ترقی پنجاب اور بلوچستان میں ہورہی ہے وہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی ہونی چاہیے، کراچی میں جائیں تو ہر طرف کچڑے کے ڈھیڑ نظر آتے ہیں، ہماری حکومت سے پہلے سندھ میں ڈاکو راج تھا، کراچی میں پہلے انتشار تھا اور امن و امان کی صورتحال بدتر تھی، لیکن ہم نے بھی تہیہ کیا تھا کہ کراچی کا امن بحال کرکے دم لیں گے، کاش ترقی کے حوالے سے بھی کراچی کا حال بہتر ہوتا۔‘

انہوں نے جیکب آباد کے لیے ایک ارب روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ رقم جیکب آباد کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے اور سڑکیں تعمیر کرنے میں خرچ کی جائے گی۔‘

وزیر اعظم نے جیکب آباد کے لیے بجلی کے 100 ٹرانسفارمر فراہم کرنے، خواتین کے لیے جدید ووکیشنل سینٹر بنانے، جیکب آباد کے عوام کے لیے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ملک میں جنگل کا قانون نہیں چل سکتا، عمران خان تلملا اُٹھے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)مردان میں عبدالولی خان یونیورسٹی میںگزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ پر پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون نہیں چل سکتا۔یواین پی کے مطابق عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ مردان واقعے پر آئی جی خیبر پختونخوا کے ساتھ رابطے میں ہوں، جنگل کا قانون نہیں چل سکتا، واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ اس کے علاوہ عمران خان نے امریکا کی جانب سے افغان صوبے ننگر ہار میں جی بی یو 43 بم گرانے کے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بم نے ایک میل کے علاقے میں تمام چیزوں کو تہس نہس کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مردان یونی ورسٹی میں طلبا کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق ہو گیا تھا۔