مردان یونیورسٹی ، توہین مذہب پر طالب علم قتل ، نعش جلانے کی کوشش

مردان (خصوصی رپورٹ) عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں توہین مذہب پر ہزاروں طلباءنے ساتھی طالب علم کو تشدد کرکے ہلاک کردیا۔ لاش کو جلانے کی کوشش۔ مشتعل طلباءنے ہاسٹل کے کمرے میں گھس کر عبداللہ اور مشال کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ 50 طالب علموں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ادھر انتظامیہ نے یونیورسٹی کو غیرمعینہ مدت کیلئے بند کردیا۔ ڈی آئی جی مردان عالم شنواری کے مطابق قتل ہونے والے طالب علم پر توہین ذہب کا الزام تھا۔ موقع پر موجود ایک عینی شاہد نے بتایا کہ مشال اور عبداللہ دونوں پر فیس بک پر احمدی فرقے کا پرچار کرنے کا الزام عائد کیا جارہا تھا۔ تاہم وہ احمدی فرقے کے ساتھ اپنے تعلق سے انکار کرتا رہا۔ عینی شاہد نے بتایا کہ مشتعل طلباءنے ہاسٹل کے کمرے میں عبداللہ کو گھیرے میں لے لیا اور اسے زبردستی قرآنی آیات پڑھائیں اور اس کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مشال زمین پر پڑا ہوا ہے اور اس کے اردگرد لوگ کھڑے تھے۔ مارے گئے طالب علم کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی نظر آئے جبکہ لوگ اسے لاتیں بھی مار رہے تھے۔ ویڈیو کے آخر میں ایک شخص طالب علم کے کپڑے بھی اتار دیتا ہے۔ ہاسٹل کے وارڈن محمد علی کے مطابق اس نے تین سے چار ہزار طالب علموں کو آتا دیکھ کر دروازے بند کردیئے تھے لیکن ہجوم نے دروازہ توڑ دیا اور اندر آگئے۔ محمد علی کے مطابق مشتعل طلباءنے مثال پر فائرنگ کی اور پھر اسے مارنا شروع کردیا۔ عبدالولی خان یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعہ کی رپورٹ گورنر اقبال ظفر جھگڑا کو ارسال کردی۔

پولیس کی بھرتیاں ایک دفعہ پھر کھول دی گئیں

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی حکومت نے موٹروے پولیس میں ہزاروں کی تعداد میں بھرتیوں کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد موٹرو ے پولیس کی تین ہزار اسامیوں کا اشتہار دیا جائے گا جس میں جونیئر پٹرولنگ آفیسر‘ پٹرولنگ آفیسر اور سینئر پٹرولنگ آفیسر کے عہدوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔

یہ کام جو روزانہ آپ گھنٹوں کرتے ہیں فوراً چھوڑیں ورنہ قبل از وقت بوڑھے ہو جائیں گے

لندن (خصوصی رپورٹ) اپنے کمپیوٹر اور موبائل فونز کی سکرین کے سامنے گھنٹوں گزارنا چہرے پر جھریوں کو وقت سے دس سال قبل ہی نمودار کرنے کا باعث بن سکتا ہے‘ یا یوں کہہ لیں کہ قبل از وقت بڑھاپا طاری ہو سکتا ہے۔ یہ انتباہ برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔ مپریل کالج لندن کی تحقیق کے مطابق گھنٹوں تک سکرینز کے سامنے وقت گزارنا نوجوانی میں ہی جھریوں کے سامنے آنے کا باعث بن سکتا ہے۔ آج کل نوجوانوں کے چہروں پر قبل از وقت بڑھاپے کے آثار نمودار ہونے کی ذمہ داری بہت زیادہ وقت سکرینوں کے سامنے گزارنا ہے۔ تحقیق کے مطابق بہت جلد وہ وقت آئے گا جب صرف 25 سال کی عمر میں ہی نوجوانوں کو جھریوں سے نجات کے لیے طبی مدد لینا پڑا کرے گی۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ایسے نوجوانوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جن کے چہروں پر جھریاں نمودار ہوچکی ہیں ۔

گرمی کیساتھ اندھیرے بڑھنے لگے

قصور‘ پھولنگر‘ کراچی (خصوصی رپورٹ) ملک کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث پارہ چڑھنے لگا جبکہ لوڈشیڈنگ نے بھی جینا دوبھر کر دیا۔ غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاجاً روڈز بلاک کر دیں۔ حکومت کے خلاف
شدید نعرے بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اور جنوبی پنجاب کی طرح کراچی بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ پارہ بھی مسلسل بڑھنے لگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوئیں بند ہونے سے میدانی علاقوں سے آنے والے ہوا کے گرم تھپیڑوں نے مسلسل تیسرے روز درجہ حرارت 40سے تجاوز کر گیا۔ شدید گرمی اور کے الیکٹرک کی جانب سے غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر کا درجہ حرارت 42ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے تاہم ہیٹ سٹروک کا خدشہ نہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن 12بجے تک حیدرآباد‘ رحیم یارخان اور شہید بینظیر آباد میں 43موہنجوداڑو‘ لاڑکانہ اور دادو میں 42‘ لسبیلہ اور سکھر میں 41‘ مٹھی 40جبکہ کراچی میں 39ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نوابشاہ میں پارہ 47ڈگری تک پہنچ گیا۔ حیدرآباد اور سبی میں درجہ حرارت 46ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ادھر قصور کے علاقے راﺅ خانوالہ میں محمدشفیق کونسلر کی زیرقیادت بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سینکڑوں شہریوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر قصور رائیونڈ روڈ کو بلاک کردیا جس پر سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ مظاہرین نے مقامی پولیس کی یقین دہانی پر ایک گھنٹے بعد مظاہرہ ختم کردیا اور مظاہرین پرامن منتشر ہو گئے۔ پھولنگر شہر اور قرب و جوار میں گزشتہ روز بھی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بغیر کسی وقفے کے جاری رہا اور ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ مرمت کے نام پر بھی مسلسل کئی کئی گھنٹے بجلی بند رکھنے کا سلسلہ بھی رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ گزشتہ روز بھی صفائی کے نام پر پھولنگر گرڈ سے بجلی فراہم کرنے والے درجن بھر فیڈر صبح 9بجے سے شام 5بجے تک بند رہیں گے۔ اس صورتحال پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
گرمی‘ لوڈشیڈنگ

دماغی صحت کیلئے یہ کام ضرور کریں

لندن(خصوصی رپورٹ) ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کنکریٹ سے بھرے مصروف شہری علاقوں کے مقابلے میں قدرے سبز اور درختوں والے مقامات پر وقت گزارنے اور چہل قدمی سے نہ صرف دماغی صلاحیت بہتر ہوتی ہےبلکہ مزاج بھی اچھا رہتا ہے ۔نیویارک یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ایڈنبرا کے ماہرین کا اصرار ہے کہ عمررسیدہ افراد اگر زیادہ وقت سرسبز و شاداب مقامات پر گزاریں تو اس سے ان کی کارکردگی، دماغی صلاحیت اور مزاج پر گہرے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ماہرین نے اس منصوبے کے تحت بیسیوں افراد کو سروے میں شامل کیا۔ تجربے میں بزرگ اور عمررسیدہ خواتین و حضرات کو شہری ماحول اور سبز ماحول سے گزرنے کو کہا گیا ۔

گرمی سے بچیں اور دوسروں کو بچائیں …. مفید معلومات

کراچی(خصوصی رپورٹ)ماہرین صحت نے شدید گرمی میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے ، گوشت سے پرہیز، پھل سبزیاں اور ہلکی غذا کھانے کا مشورہ دیا ہے۔ماہرین صحت نے عوام کو شدید گرمی میں انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے شدید گرمی اورتیز دھوپ کیساتھ جسم کے درجہ حرارت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے جس سے خون گرم ہونے لگتا ہے \اورخون میں موجود پروٹین بھی پکنے لگتے ہیں، جسم میں پانی کی کمی سے خون گاڑھا ہونے لگتا ہے جس کی وجہ سے متاثرہ افراد میں بلڈ پریشر کم ہونا شروع ہوجاتا ہے ، دماغ اور دل تک خون کی فراہمی بتدریج متاثرہونے لگتی ہے جس کی وجہ سے متاثرہ افرادکوما میں چلے جاتے ہیں جو ایک خطرناک صورتحال ہوتی ہے ۔ماہرین صحت نے بتایا کہ جسم کا درجہ حرارت بڑھنے پر اس کا کنٹرولنگ سسٹم متاثر ہونے لگتا ہے ، ایسی صورت میں متاثرہ افراد کو فوری ٹھنڈی جگہ منتقل کرنا چاہیے اور ڈراپس، پانی یا مشروبات کا فوری استعمال کرانا چاہیے ، جسم میں پانی کی کمی سے ہیٹ سٹروک لاحق ہوجاتا ہے لہذا شدید گرمی یا لوچلنے کی صورت میں پانی کا مسلسل استعمال رکھیں۔

5 ڈالر کے کوٹ نے ایک کروڑ 40لاکھ روپے کا مالک بنادیا

نیوجرسی(خصوصی رپورٹ) امریکہ میں ایک شخص نے آگوسٹا گالف کلب کی آفیشل سبز جیکٹ پرانے ملبوسات کی دکان سے 5 ڈالر میں خریدی لیکن اپنی تاریخی اہمیت کے لحاظ سے اب وہ ایک کروڑ 40 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی ہے ۔گرین جیکٹ آکشن کمپنی کے مطابق یہ کوٹ جارجیا گالف کلب کے ارکا ن پہنا کرتے تھے اور ہر سال یہ جیکٹ ایک ماسٹر ٹورنامنٹ جیتنے والے سب سے بڑے کھلاڑی کو پیش کی جاتی ہے ، اس جیکٹ کو 5 ڈالر میں خریدنے والے شخص کو اس کی اہمیت کا اندازہ ہی نہیں تھا۔ نیلام گھر نے اس کی فروخت 5 ہزار ڈالر سے شروع کی جو بڑھتے بڑھتے ایک لاکھ 39ہزار 349روپے تک جاپہنچی

سولو فلائٹ تیار ….

لاہور (ویب ڈیسک ) پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں نے پانامہ لیکس فیصلے کے بعد کی صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے حکمت عملی تیار کرنا شروع کر دی ۔ جبکہ پی ٹی آئی نے سولو فلائٹ کا فیصلہ کر لیا ۔ اس حوالے سے اہم اجلاس میں فیصلے کئے گئے جبکہ پنجاب میں مشترکہ سیاسی حکمت عملی کیلئے پی پی اور ق لیگ نے رابطے شروع کر دیئے ہیں ۔ پی ٹی آئی ، پی پی اور پی ایم ایل ( ق ) کی قیادت کا خیال ہے کہ پانامہ کا جو بھی فیصلہ آئے وہ اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کا آئندہ الیکشن کے حوالے سے نقطہ آغاز ہو گا لاہور میں تو بلاول ہاﺅس موجود ہے اب ملتان میں ایک نئے بلاول ہاﺅس بنانے کی تیاری ہے پنجاب میں مشترکہ سیاسی حکمت عملی کیلئے پی پی پی اور پی ایم ایل (ق )رابطے میں ہیں جبکہ پی ٹی آئی سولو فلائٹ کا رادہ رکھتی ہے ۔

اختیارات کی جنگ ….آئی جی سندھ آگ بگولہ

کراچی(ویب ڈیسک) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ صوبے کا آئی جی ہوں کلرک نہیں جو اختیارات نہیں دیے جا رہے جب کہ میری مرضی کے بغیر ڈی آئی جی ٹریفک لگادیا گیا۔کراچی کے علاقے فیروز آباد میں شہریوں کے لیے سہولت مرکز کے افتتاح کے موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے ہرضلع میں اس طرح کے سہولت مراکز قائم کئے جائیں گے جب کہ انہوں نے شہریوں سے پولیس کے رپورٹنگ سینٹر میں رضاکارانہ طور پرکام کرنے کی درخواست بھی کی۔ آئی جی سندھ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ تھانہ کلچر فوری تبدیل نہیں کیا جاسکتا جب کہ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ انہیں ڈی جی ایف آئی اے لگایا جارہا ہے۔

کلبھوشن یادیو پاکستان میں کس خطرناک مشن پر تھا سرتاج عزیز نے بھارتی مکرو چہرہ بے نقاب کر دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو اپنی کارروائیوں سے پاکستان میں خانہ جنگی کرانا چاہتا تھا اور اسے شواہد اوراعتراف جرم کے بعد قانون کے مطابق سزا سنائی گئی ہے۔اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران سرتاج عزیز نے کہا کہ کل بھوشن بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر اور”را “ کا ایجنٹ ہے، وہ کارروائیوں سے پاکستان میں خانہ جنگی چاہتا تھا اور اس کے لیے بلوچستان میں نوجوانوں کو ملک دشمن سرگرمیوں پر اکساتا تھا، اس نے جاسوس کی حیثیت سے پاکستان کی سلامتی کونقصان پہنچایا۔ وہ پاکستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث رہا ہے۔ اس کی دہشت گرد کارروائیوں میں کئی پاکستانی جاں بحق ہوئے۔کل بھوشن تک قونصلر رسائی نہ دیئے جانے سے متعلق سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ کل بھوشن کے پاس دو پاسپورٹ تھے ایک ہندو نام سے اور ایک مسلم نام سے، 23 جنوری کو بھارت سے معلومات کا تبادلہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔ بھارت نے بھی کئی پاکستانی قیدیوں کو قونصلر رسائی نہیں دی۔سرتاج عزیز نے کہا کہ کل بھوشن کو گزشتہ سال مارچ میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا، عدالتی کارروائی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا، اس دوران کل بھوشن کو قانونی معاونت بھی دی گئی۔ اسے پاکستانی قوانین کے مطابق شواہد اوراعتراف جرم کے بعد سزاسنائی گئی ہے، قانون کے تحت اسے 60 دن کے اندر اپنی سزا کے خلاف اپیلٹ کورٹ میں اپیل کرنےکا حق حاصل ہے۔