پاکستان کا اہم شہر بڑی تباہی سے بچ گیا

ایبٹ آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس نے ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں سر چ آپریشن کرتے ہوئے 22مارٹرگولوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے ایبٹ آباد میں دھمتوڑ، نوانشہر، ہرنوسمیت ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران22مارٹرگولے اور بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ تاہم پولیس نے بر آمدہونیوالے اسلحہ اور گولے اپنی تحویل میں لے کر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

امجد صابری کے اہلخانہ بارے افسوسناک خبر

کراچی (خصوصی رپورٹ)مقتول قوال امجد صابری کے اہل خانہ نے پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے امجد صابری کی والدہ اور بھائی طلحہ صابری نے کہا کہ مشکوک لوگ محلے میں میرے متعلق معلومات لے رہے ہیں اس سے پہلے کہ کچھ غلط ہو ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔ حکومت باہر جانے میں ہماری مدد کرے۔ والدہ امجد صابری نے کہا کہ میں مزید بچوں کو نہیں کھونا چاہتی۔ بہت سوچنے کے بعد ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے بھی لوگ ڈیفنس شفٹ ہونے کا مشورہ دیتے تھے لیاقت آباد سے محبت کی وجہ سے ڈیفنس شفٹ نہیں ہوئے تھے۔

17 لاکھ روپے کمائیں صرف 60 دن میں …. !

پیرس(خصوصی رپورٹ)فرانس کے ایک ادارے نے اپنی نوعیت کی انوکھی پیشکش کی ہے جس میں آپ اگر مسلسل 60 دن تک بستر پر پڑے پڑے آرام کرسکتے ہیں تو ادارہ آپ کو 16 ہزار یورو یعنی تقریبا 17 لاکھ پاکستانی روپے دیگا اور اس عرصے میں آپکے سارے اخراجات بھی اسی ادارے کے ذمے ہونگے ۔اس کیلئے شرط یہ ہوگی کہ 60 دن تک آپ کو مسلسل بستر پر ہی پڑے رہنا ہوگا اور کھانے پینے سے لے کر رفع حاجت تک، سب کچھ بستر ہی پر کرنا ہوگا جبکہ یہ انتظام بھی اسی ادارے کی جانب سے کیا جائیگا۔دراصل فرانسیسی خلائی تحقیقی ادارہ یہ جاننا چاہتا ہے کہ مستقبل کے کسی طویل خلائی سفر میں جب انسان کو مہینوں تک بے وزنی (مائیکرو گریویٹی) کی حالت میں بستر یا اس جیسی کسی جگہ پر پڑا رہنا پڑیگا تو جسم پر اسکے کیا اثرات مرتب ہونگے۔ اس قسم کا ایک تجربہ امریکی خلائی ادارے ناسا کے تحت 2014ءمیں کیا جاچکا ہے لیکن اس میں صرف ایک شخص شریک تھا۔فرانس کا مطالعہ اس لحاظ سے بہتر ہے کیونکہ اس میں 24 افراد کو شریک کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جنہیں پہلے 60 دنوں تک مسلسل بستر پر پڑے پڑے آرام کرنا ہوگا جبکہ بستر چھوڑنے کے مزید ایک ہفتے بعد تک انہیں خصوصی مشاہدے میں رکھا جائیگا۔ اس مطالعے میں شرکت کے خواہش مند افراد کیلئے ضروری ہے کہ وہ صحت مند ہوں، تمباکو نوشی نہ کرتے ہوں اور ان کی عمر 20 سے 45 سال کے درمیان ہو۔

زندگی کی داستان لکھی تو کئی لوگوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی …. معروف بھارتی ادکارہ کے چونکا دینے والے انکشافات

ممبئی(خصوصی رپورٹ)بالی ووڈ کی مایہ ناز اداکارہ روینہ ٹنڈن نے سیاست سے اپنی عدم دلچسپی ظاہر کردی۔ اداکارہ ان دنوں اپنی آنے والی فلمماترکے پروموشن میں مصروف ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اپنی بے باکی کے حوالے سے معروف اداکارہ سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ کبھی سیاست میں قدم رکھیں گی ؟ اس سوال کے جواب میں روینہ نے کہاکہ سیاست میں جانے کے لئے میں نے ابھی تک اپنا کوئی ذہن نہیں بنایا ہے۔سیاست شاید میرے جیسے صاف گو لوگوں کے لئے نہیں ہے۔ روینہ نے کہا کہ سیاست ایک بہت ہی گندا کھیل ہے اور میں بہت صاف گو ہوں، مجھے سب کچھ صاف صاف کہنے کی عادت ہے۔ لہذا میرا سیاست میں آنا اور وہاں ٹکنا مشکل ہوگا۔ایک اور سوال میں جن اداکارہ سے پوچھا گیا کے وہ دیگر فلم شخصیات کی طرح وہ بھی اپنی زندگی پر کتاب لکھیں گی تو انہوں نے یہ کہہ کر چونکا دیا کہ زندگی کی داستان لکھی توکئی لوگوں کو اپنا منھ چھپانے کے لیے کہیں جگہ نہیں ملے گی۔

سرکاری سکول میں داخلہ کیلئے نیاپلان سامنے آ گیا

لاہور (خصوصی رپورٹ) حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں میں نئے داخلوں کو سو فیصد یقینی بنانے کیلئے نئی حکمت عملی اپنا لی گئی ہے۔ اس تناظر میں داخل ہونے والے طالب علم کا مکمل ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر حکومت کو ارسال کیا جائے ا جس میں اس کے والدین کا پیشہ فون نمبرز‘ گھر اور آفس کا ایڈریس اور قریبی محلہ دار کا ایڈریس اور فون نمبرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری سکولوں میں نئے داخلوں کو بوگس انٹریوں سے محفوظ بنانے اور محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا بغور جائزہ لینے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں سرکاری سکولوں میں سکول کی حدود کا تعین کرتے ہوئے متعلقہ اساتذہ اور افسران اپنے سکولوں میں نئے داخل تمام بچوں کا مکمل ڈیٹا حکومت کو روزانہ کی بنیاد پر فراہم کریں گے جس میں طالب علم کا رہائشی پتہ‘ والدین کا پیشتہ‘ ان کے دفاتر کے ایڈریس اور قریبی محلہ دار کے ایڈریس اور نمبرز شامل کئے گئے ہیں جن سے تصدیق کی جائے گی کہ ان کا بچہ کون سے سرکاری سکول میں داخل ہوا۔

درست دودھ کا انتخاب کرنے کا آسان طریقہ

ڈبلن(خصوصی رپورٹ)ہمیں اس وقت بہت غصہ آتا ہے جب چائے اور کافی میں دودھ ڈالنے کے بعد اس کا پہلا گھونٹ بھرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ خراب دودھ نے مشروب برباد کردیا لیکن اب ماہرین نے اس کا بھی حل تلاش کرلیا ہے ۔ماہرین نے ایک ایسا نینو سٹیکر بنایا ہے جو فوری طور پر دودھ کے خراب معیار سے آگاہ کرسکتا ہے اور اس سے چائے اور کافی خراب ہونے سے بچ جائیگی خصوصا چھوٹے بچے خراب دودھ پینے سے محفوظ رہیں گے ۔ٹرینٹی کالج ڈبلن کے ماہرین نے اسے تیار کیا ہے اسے دودھ کے ڈبوں کے اندر لگا کر اس کی افادیت معلوم کی جاسکے گی۔ ماہرین کے مطابق ان کی مدد سے اشیائے روریہ کے سمارٹ پیکٹ، کرنسی نوٹ اور ای پاسپورٹ بھی بنائے جاسکتے ہیں۔ ماہرین پرامید ہیں کہ اس طرح کی باریک نینوپرتوں کو کئی اہم کاموں کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔

تمباکو نوشی کرنیوالے افراد کیلئے افسوسناک خبر

لاہور(نیٹ نیوز) سائنسدانوں نے ایک تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ پاگل پن کی شروعات میں سگریٹ نوشی ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔ تاہم اس مفروضے کی مکمل سائنسی صداقت کیلئے مزید ریسرچ کی ضرورت ہے ۔اس تحقیق میں سائنسدانوں نے پندرہ ہزار تمباکونوش اور دو لاکھ 73 ہزار نان سموکرز کا تجزیہ کیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ ان دونوں گروپوں میں سے کون سے گروپ میں شیزوفرینیا یا پاگل پن میں مبتلا ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔مکمل اور جامع تجزئیے کے بعد سائنسدان اس نتیجے پر پہنچے کہ تمباکونوش دراصل نان سموکرز کے مقابلے میں ابہام، وسوسوں اور غیر حقیقی خیالی تجربات کا زیادہ شکار ہو سکتے ہیں۔ گویا تمباکو نوشی شیزوفرینیا کی ان بنیادی علامات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔اس تحقیق کے بعد بھی محققین تمباکو نوشی اور پاگل پن کے مابین کوئی براہ راست تعلق ڈھونڈنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں تاہم انہوں نے یہ نوٹ کیا ہے کہ نان سموکرز کے مقابلے میں سگریٹ نوش افراد میں پاگل پن کا شکار ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔ اس تحقیق کے نتائج کے مطابق سائیکوسس کے پہلے مرحلے کا شکار ہونیوالے افراد میں 57فیصد سموکرز ہی تھے ۔نفسیاتی امراض کے ماہر جیمزمیکابے کے بقول تمباکو نوشی اور پاگل پن کے مابین براہ راست تعلق تلاش کرنا انتہائی مشکل ہے ۔ اس تحقیقی ٹیم کے سربراہ میکابے نے البتہ خبردار کیا کہ تمباکو نوشی کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے کیونکہ ممکنہ طور پر تمباکو نوشوں میں سائیکوسس کا شکار ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔ ماہر میکابے کے بقول تمباکو بہت سے دیگرعوامل میں سے ایک ہے جو انسان میں پاگل پن کی شروعات کا باعث بن سکتا ہے۔

شراب نوشی ، نیم برہنہ ڈانس …. پیسے کی چمک ، پولیس خاموش

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد میں امیر ترین گھرانوں اور با اثر افراد نے میرج ایکٹ کی دھجیاں بکھیرنے سلسلہ بدستور جاری رکھا ہوا ہے۔ حکومتی پابندی کو فائرنگ کی تڑتڑاہٹ، کریکر بموں کے دھماکوں میں اڑایا جا رہا ہے۔ آتش بازی کے مظاہرے اور مہمانوں کو ون ڈش کی بجائے انواع اقسام کے کھانے پیش کیے جا رہے ہیں۔ شراب کا بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے اور شادی بیاہ اس سے متعلقہ تیل مہندی کی رسومات کے موقع پر رقص و سرور کی محفلیں بھی سجائی جاتی ہیں اور نشہ میں دھت افراد و ڈانسریں آپے سے باہر ہو کر اخلاقیات کی تمام حدیں پھلانگ جاتے ہیں رقاصائیں نیم برہنہ ہو کر شرکاءکو خوش کرتی ہیں اور تماشبین رقصاﺅں پر بڑے بڑے نوٹ نچھاور کرتے ہیں اور اس رجحان میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس سے نوجوان نسل کے ذہنوں پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ شادی بیاہ اس سے متعلقہ رسومات کا سلسلہ ہوٹلوں اور شادی ہالوں میں علی الصبح تک جاری رہتا ہے مگر شادی آرڈیننس کی دھجیاں اڑانےوالوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مقامی انتظامیہ، اعلیٰ پولیس حکام، ضلع بھر کے 40سے زائد تھانوں چوکیوں کی پولیس اور ٹی ایم ایز نے”معنی خیز“ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ شادی سیزن شروع ہے۔ فیصل آباد یومیہ سینکڑوں کی تعداد میں شادیاں ہو رہی ہیں با اثر لوگ ون ڈش کی بجائے کئی کئی ڈشوں پر مشتمل کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کرتے ہیں۔ا ندھا دھند فائرنگ اور آتش بازی کے مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ رقص و سرور کا بھی انتظام کیا جاتا ہے ہونےوالی شدید فائرنگ اور آتش بازی کے مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور ہونےوالے کریکر بموںکے دھماکوں نے شہریوں اور گھروں سمیت ہسپتالوں میں مریضوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ ٹینٹ و شامیانے لگا کر اہم روڈ اور چوکوں کو بلاک کر دیا جاتا ہے۔ جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا اور ٹریفک آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور پابندی کے باوجود سرکاری سکولوں اور دیگر اداروں میں بھی شادیب بیاہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔اس امر پر شہریوں اور مذہبی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، ڈی سی، آر پی او اور سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کرنےوالوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔

” پاکستان فلم انڈسٹری “ ماہرہ خان نے دل کی بات کہہ دی

لاہور(نیٹ نیوز) نامور اداکارہ ماہر خان نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسڑی کو بھی کوبھارتی انڈسڑی جیساآباد دیکھنا چاہتی ہوں۔ اپنے ایک انٹر ویو کے دوران ماہرہ خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی کسی بھی شعبے میں اگر محنت اور ایمانداری سے کام کر یں تو انکو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی اور میری یہ دلی خواہش ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسڑی بھی بھارت کی فلم انڈسڑی جیسی شاد آباد ہوجائے مگر اس کیلئے ہمیں سب سے زیادہ سر مایہ کار کی ضرورت ہے جسکے لیے شوبز سے وابستہ لوگوں کو آگے آنا ہوگا ۔

مشروبات کے شوقین افراد احتیاط کریں ورنہ …. !

واشنگٹن(خصوصی رپورٹ)مشروبات میں چینی کی زیادہ مقدار کے باعث دل کی بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ تحقیق کے مطابق زیادہ میٹھے مشروبات کے باعث موٹاپے ، ہائی کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ایک دن میں خواتین کیلئے 6 چمچ چینی اور مردوں کیلئے 9 چمچ چینی کافی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چینی والے مشروبات کے صرف 2 ہفتے کے استعمال سے ہی دل کی بیماریاں پیدا ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں