پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رمضان کے بعد دھرنے دینے انتخابی مہم شروع کر نے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ گو نواز گو قومی نعرہ بن چکا ہے، کے پی کے سے شروع ہونے والا انقلاب پورے ملک میں پھیلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چار سال میں پی ٹی آئی کا ووٹ بینک اوپر گیا ، خیبر پختونخوا میں بھی ہم کلین سویپ کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے سابق رہنما نور عالم کی شمولیت پر انکا کہنا تھا کہ ہمارے ایم پی ایز نے نور عالم کو خوش آمدید کہا ، نور عالم کی شمولیت سے پارٹی مضبوط ہو گی۔انہوں نے کہا کہ بجٹ غریبوں کو مارنے کےلئے تیار کیا گیاہے۔ یہ عوام دشمن بجٹ ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ گو نواز گو پاکستانی قوم کا ترانہ بن چکا ہے ۔ نون لیگ کے اقتدار کا سورج ہمیشہ کے لئے غروب ہو رہا ہے اور حکمران ٹولے کی کرپشن کی داستان ہر شہری کی زبان پر آ چکی ہے۔ پی ٹی آئی پورے ملک میں بھاری اکثریت سے بر سر اقتدار آئے گی جبکہ پرویز خٹک اگلی بار بھی خیبر پختونخوا کے زیادہ مضبوط وزیر اعلیٰ ہونگے۔وہ پشاور کے نواحی گاو¿ں ہریانہ میں سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اس سینئر سیاستدان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا با ضابطہ اعلان کیا اور عمران خان کو پاکستان کے آئندہ وزیر اعظم بننے کی پیش گوئی کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنے علاقے اور پورے ملک کے عوام کی امنگوں کو دیکھتے ہوئے ہر دل عزیز قومی لیڈر عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیںاور اپنے سینکڑوں حامیوں کے ہمراہ اس پارٹی کے عظیم مقاصد کی تکمیل اور بین الاقوامی برادری میں ملک و قوم کے عزت و ناموس کی سربلندی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، صوبائی وزیر اطلاعات اور آبنوشی شاہ فرمان خان، ارکان صوبائی اسمبلی محمود جان، ارباب جہانداد خان، ضلع ناظم پشاور ارباب عاصم اور ناظم ٹاو¿ن ٹو فرید خان کے علاوہ دیگر ممتاز سیاسی عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن سے ن لیگ کے باضمیر ورکر بھی متنفر اور نالاں ہیں اور وہ بھی حکمران ٹولے کو ملک کیلئے سکیورٹی رسک سمجھتے ہیں جن کاکام بھارت سمیت دشمن ممالک سے بھی کاروباری مراسم قائم کرنا اور عوام کے سامنے صرف صرف شو بازی کرنا ہے ۔انہوںنے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بہتر کارکردگی کی بدولت خیبرپختونخوا میں عوام اور سیاستدانوں کے دل جیتے ہیں اور پی ٹی آئی کو صوبے میں مسلسل مقبول بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ پرویز خٹک زبردست صلاحیتوں کے حامل سیاستدان ہیں جنہوں نے ہر مناسب فورم پر صوبے کے حقوق کی آواز بلند کی اور پختونوں کا شملہ اونچا کیا جس پر انہیں بھی فخر ہے ۔عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی حکومت دنیا کی مثالی پاکستانی حکومت ہو گی جو اسلامی فلاحی معاشرے کی حقیقی تصویر سامنے لائے گی اور اس میں امن و سلامتی ، عدل و انصاف اور ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔ اس موقع پر ارباب نور عالم خان نے عمران خان کو شکاری بندوق کا ایک نادر تحفہ بھی پیش کیا۔






































