پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف نے سوات سے کامیاب امیدوار محمود خان کو وزیراعلیٰ کے پی کیلئے نامزد کر دیا۔ محمود خان کے پی 9 سوات سے ایم پی اے منتخب ہوئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کے پی کے سابق وزیر کھیل محمود خان کو وزیراعلیٰ کے لئے نامزد کر دیا گیا ہے۔ عمران خان نے انہیں وزارت اعلیٰ کیلئے منتخب کیا۔ نامزد وزیراعلیٰ کا تعلق سوات کے علاقہ مٹہ سے ہے۔ محمود خان 2005ءمیں یونین کونسل مٹہ سے یونین کونسل ناظم بھی رہے۔ خیبر پختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کی تکمیل کےلئے دن رات کام کروں گا، خیبر پختونخوا کے عوام کو مایوس نہیں کروں گا۔خیبر پختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ محمود خان نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا شکر گزار ہوں انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، عمران خان کا سپاہی ہوں، پی ٹی آئی کے منشور پر من و عن عمل کروں گا، خیبر پختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کو جو مینڈیٹ دیا اس کی پاسداری کروں گا، عمران خان کے ویژن کی تکمیل کےلئے دن رات کام کروں گا، خیبر پختونخوا کے عوام کو مایوس نہیں کروں گا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ماضی کی طرح صوبے میں بہترین کارکردگی دکھائے گی۔واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے طویل مشاورت اور انتظار کے بعد محمود خان کو وزارت اعلیٰ خیبرپختونخواہ کے لئے نامزد کیا۔

