تحریک انصاف کے امیدوارعارف علوی کی ایم کیو ایم رہنماﺅں سے صدارتی انتخاب پر گفتگو

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکز کا دورہ کیا اور ایم کیو ایم رہنماو¿ں سے صدارتی انتخاب کے حوالے سے گفتگو کی۔ملاقات کے بعد ایم کیو ایم رہنماﺅں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ایم کیو ایم رہنماﺅں سے سندھ اور کراچی کے مسائل پر بات کی، ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔عارف علوی نے کہا کہ ہم نے اپنی بات ایم کیو ایم کے سامنے رکھی ہے، نئے پاکستان سے متعلق عوام ہماری طرف دیکھ رہی ہے، کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہماری ضرورت ہے، بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق ایم کیو ایم کی پٹیشن کی مکمل حمایت کریں گے۔عارف علوی نے کہا کہ ماضی کے صدور کے مقابلے میں بہتر کارگردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، کراچی اور دیگر شہری مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئین کی عکاسی نہیں کرتا۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے، اپنے اپنے اصولوں کے ساتھ محدود رہ کر تعاون جارے رہے گا، امید ہے سندھ کے شہری علاقوں کو وسائل ملیں گے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عارف علوی کو پہلے مایوس کیا نہ ہی آئندہ کریں گے، وقت کے ساتھ ساتھ مسائل حل ہو جائیں گے، الیکشن سے متعلق ہمارے تحفظات پرہمیں حق حاصل ہے، ہم اپنے تحفظات ظاہر کرنے پر آزاد ہیں، الیکشن نتائج کے حوالے سے جو تحفظات ہیں اس پر قائم ہیں۔سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ بہتر پاکستان کے لیے مل کر کام کریں گے، کراچی کی بہتری ملک کی بہتری ہے، کراچی کو جو وسائل ملتے ہیں وہ لوٹ کر پورے پاکستان کو ملتے ہیں، بہتر کراچی ہی بہتر پاکستان ہے، ہمارا پی ٹی آئی سے تعاون آگے بھی جاری رہے گا۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اب تک تحریک انصاف کے ساتھ جو تعاون قومی اسمبلی میں کیا وہ ہر جگہ جاری رہے گا، دماغ سے زیادہ دل کہتا ہے حالات تبدیل ہورہے ہیں۔خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان وفاقی حکومت میں تحریک انصاف کی اتحادی ہے اور اس نے وزیراعظم کے لیے عمران خان کو ووٹ دیا تھا اور اب صدارتی انتخاب کے لیے بھی عارف علوی ایم کیو ایم کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بہادرآباد گئے تھے۔پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے تاہم ن لیگ نے اسے مسترد کردیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو ہوگی اور پولنگ کا وقت صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارت کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 27 اگست کو دن 12 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے جس کی جانچ پڑتال 29 اگست کو صبح 10 بجے ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 30 اگست کو دن 12 بجے تک واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست اسی روز دن ایک بجے جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ پارلیمنٹ ہاو¿س اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔یاد رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت 8 ستمبر کو مکمل ہورہی ہے۔

سرفراز احمد، سلمان خان جیسا دبنگ کردار کرنے کے خواہشمند

کراچی(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بالی وڈ اداکار سلمان خان کی 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دبنگ‘ جیسا کردار کرنے کے خواہشمند ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے فلموں میں کام کرنے سے متعلق سوال کیا تو وہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے مداح نکلے۔سرفراز احمد کا فلموں میں کام کرنے سے متعلق جواب میں کہنا تھا کہ اگر انہیں فلم میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ سلمان خان کا دبنگ جیسا رول کرنا چاہیں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان نے اپنی پسندیدہ ہیروئن کا نام بتاتے ہوئے کہا کہ اگر فلم میں چانس ملا تو ہیروئن کوئی اور نہیں بلکہ کترینہ کیف ہوں گی۔سلمان خان اور کترینہ کیف کی جوڑی بالی وڈ کی کامیاب ترین جوڑی ہے جس نے کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں جس میں ’میں نے پیار کیوں کیا؟‘، ’پارٹنر‘، ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ شامل ہیں۔یاد رہے کہ سلمان خان کی فلم ‘دبنگ‘ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں سلمان خان کا کردار ’چلبل پانڈے‘ پولیس افسر کا تھا جب کہ یہ فلم سلو میاں کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔ فلم ’دبنگ‘ کی کامیابی کے بعد سیکوئل بھی بنایا گیا تھا جو کہ 2012 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم نے بھی باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا۔

کورین ماں کی بیٹے سے 68 سال بعد ملاقات میں خوشی دیدنی

پیانگ یانگ(ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کی 92 سالہ ماں سنگ چول کی 68 سال قبل جدا ہونے والے بیٹے لیز سے شمالی کوریا میں ملاقات ہوئی۔ اس ’جذبات سے لبریز‘ ملاقات کا اہتمام شمالی کوریا کے سیاحتی مرکز ’کوہ ک±م گانگ‘ کے خوبصورت پہاڑوں کے درمیان ایک سیر گاہ میں کیا گیا۔ ماں بیٹا کوریا جنگ کے نتیجے میں شمالی اور جنوبی کوریا کی تقسیم کے باعث 68 سال قبل جدا ہوگئے تھے۔ ا±س وقت دکھی ماں کے 71 سالہ بیٹے کی عمر محض 3 سال تھی۔سرحدوں کی تقسیم کے نتیجے میں ایک دوسرے سے جدا ہونے والے ماں بیٹے کی ملاقات کے وقت لیز اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ موجود تھے۔ لیز نے اپنی زندگی کی 68 بہاریں شمالی کوریا میں دیکھیں اور ایک بار بھی جنوبی کوریا میں موجود اپنی والدہ سے ملاقات نہ کرسکے۔سنگ چول اور لیز ا±ن 89 خوش قسمت افراد میں سے ہیں جنہیں 57 ہزار سے زائد خاندانوں میں سے اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے موقع فراہم کیا گیا۔ منقسم خاندانوں کی ملاقات کی منظوری شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ا±ن نے جنوبی کوریا کے صدر سے اپنی تاریخی ملاقات کے بعد دی تھی۔ اب بھی شمالی و جنوبی کوریا کے 56 ہزار سے زائد خاندان سرحد کے ا±س پار اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔

بھارت کیخلاف سنچری یاد گار اننگز تھی، فخر زمان

کاٹلنگ(ویب ڈیسک) فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف سنچری کو یادگار اننگز قرار دیدیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر نے کہا کہ زمبابوے کیخلاف ڈبل سنچری، تیز ترین ہزار رنز اور ٹی ٹوئنٹی میں91 رنز کی اننگز سے بھی زیادہ خوشی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف سنچری بنانے پر ہوئی کیونکہ اس سے پاکستانی قوم کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے تھے اور اس کے بعد پاکستان ٹیم کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی.فخر زمان نے کہا کہ ایشیا کپ میں چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کے لیے تیاری جاری ہے۔ اپنی بہترین فٹنس کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اس کے لیے کوئی خاص نسخہ استعمال نہیں کرتا، نیوی کے سپاہی کی حیثیت سے ایکسرسائز معمول تھی جو اب بھی جاری ہے۔ کرکٹ ویسے بھی انسان کو فٹ رکھنے کے لیے کافی ہے۔ ٹی20 کے ابتدائی میچز میں اپنی پرفارمنس کے لیے فکر مند تھا تاہم اب 22 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکا ہوں اور اپنی پرفارمنس سے مطمئن ہوں۔اوپنر نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلیے بیتاب ہوں، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے پوری طرح تیار ہوں، موقع ملا تو توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ مردان میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے جسے آگے لانے کیلیے بھرپور کوشش کر رہا ہوں۔ لاہور قلندرز کی منیجمنٹ نے میری درخواست پر مردان میں ٹرائلز لیے، انضمام الحق، عاقب جاوید نے ایک ہزار سے زائد کھلاڑیوں میں سے 22 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا۔ امید ہے کہ اگلے پی ایس ایل میں مردان سے نئے چہرے شامل ہوں گے۔فخر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے، کھلاڑی محنت، جذبہ اور جنون کے ساتھ کھیل رہے ہیں، پاکستانی قوم کے کرکٹ کے ساتھ دلی لگاﺅ سے آگاہ ہوں، قوم کے جذبات اور توقعات پر پورا اترنے کیلیے بھرپور کوشش جاری رکھوں گا۔

افضل حیدر پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین بن گئے

کراچی(ویب ڈیسک) جسٹس (ر) افضل حیدر پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین بن گئے۔نجم سیٹھی نے گذشتہ روز اپنا اس وزیر اعظم و بورڈ کے سرپرست اعلیٰ کو ارسال کر دیا تھا جسے منظور بھی کر لیا گیا، عمران خان نے احسان مانی کو گورننگ بورڈ میں نیا حکومتی رکن نامزد کر دیا اور وہی نئے چیئرمین بنیں گے، فی الحال چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر پی سی بی کے قائم مقام سربراہ بن گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ آئین کے تحت جب چیئرمین نہ ہو تو چیف الیکشن کمشنر اس کی جگہ سنبھال لیتا ہے، وزیر اعظم نے احسان مانی کو گورننگ بورڈ میں نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے، اب عید کی تعطیلات کے بعد اگلا ورکنگ ڈے جمعہ ہوگا، اس روز ہم تمام ارکان کو باضابطہ طور پر تازہ پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا اجلاس طلب کریں گے، سب کی دستیابی یقینی ہونے پر الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا،امیدواروں کوکاغذات نامزدگی جمع کرانے ہوں گے پھر ان کی جانچ پڑتال ہوگی،چار ہفتے کے اندر ہمیں الیکشن کرانا ہوں گے،انھوں نے کہا کہ گذشتہ سرپرست اعلیٰ کی جانب سے نامزد کردہ دو ارکان کی جگہ ہی نئے ارکان آئیں گے باقی گورننگ بورڈ برقرار رہے گا۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی کے جانے پر میڈیا ، مارکیٹنگ اور بعض دیگر شعبوں میں ان کی قریبی شخصیات بھی عہدوں پر برقرار نہیں رہ سکیں گی، ان میں سے بیشتر ازخود جانے کا ارادہ کر چکے جو نہیں گیا اسے نئے چیئرمین شاید ہی عہدے پر برقرار رکھیں گے، احسان مانی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد تقریباً تمام شعبوں میں ٹاپ لیول پر تبدیلی متوقع ہے۔کبھی ٹویٹر کا استعمال نہیں کیا،نام سے موجود تمام اکاﺅنٹس جعلی ہیں، احسان مانی نامزد چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ انھوں نے کبھی زندگی میں ٹویٹر کا استعمال نہیں کیا، ان کے نام سے موجود تمام اکاﺅنٹس جعلی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے ابھی گورننگ بورڈ کا رکن نامزد کیا گیا ہے، انتخابات کے بعد ہی تفصیل سے اپنے آئندہ کا لائحہ عمل میڈیا کے سامنے پیش کروں گا۔واضح رہے کہ ٹویٹر پر احسان مانی کے نام سے کئی اکاﺅنٹس موجود ہیں جنہیں انھوں نے جعلی قرار دے دیا۔

بھارت کو اپنی جارحانہ پالیسی پر نظر ثانی کرنا چاہیے، وزیر خارجہ

ملتان(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں اپنے دل کی بات کی اور عوام نے ان کے خطاب کو خوب سراہا۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کررہے تھے،عمران خان کی ٹیم ان کا وڑن آگے بڑھائے گی۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ملک کے معاشی حالات کسی سے پوشیدہ نہیں، خارجہ مسائل بھی قوم کے سامنے ہیں۔سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سدھو بھارت کے نامور کھلاڑی ہیں، وہ عمران خان کی دعوت پر پاکستان تشریف لائے، سدھو نے برملا کہا کہ جو محبت لائے تھے اس سے کئی گنا زیادہ لے کر گئے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حالات بدلنے کیلئے جرات چاہیے ہوتی ہے اور سدھو نے جرات کا مظاہرہ کیا، ہر معاشرے میں تنگ نظر لوگ ہوتے ہیں، جو خوف میں مبتلا ہوتے ہیں، کچھ لوگ مثبت میں بھی منفی پہلو تلاش کرتے ہیں، سدھو نے جن جذبات کا اظہار کیا اسے سمجھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سدھو روانگی سے پہلے جو کچھ کہہ گئے اس پر غور کی ضرورت ہے، سرحد کی خلاف ورزی کسی کے مفاد میں نہیں، ایل او سی پرسیز فائر برقرار رہنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، جارحانہ گفتگو کرنے والے بتائیں مذاکرات کے علاوہ کوئی اور راستہ ہے؟شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پورے برصغیر میں پانی کا بحران جنم لے رہا ہے، پانی کے مسئلے پرمل بیٹھ کر حل تلاش نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟ کشمیر کا مسئلہ کس کو دیکھنا ہے، کس کی ذمہ داری ہے؟وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے، بھارت کی بھی ذمہ داری ہے، بھارت کا بڑا طبقہ سمجھتا ہے کہ بھارت کو اپنی پالیسی تبدیل کرنا ہوگی، بھارتی جارحانہ پالیسی سے نتائج حاصل نہیں ہوئے، بھارت کو اپنی جارحانہ پالیسی پر نظر ثانی کرنا چاہیے۔امریکا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کی لمبی تاریخ ہے، امریکا اور پاکستان ایک دوسرے کے بہت قریب رہے ہیں، پاک امریکا تعلقات میں اتار چڑھاﺅ رہا ہے، امریکا کے ساتھ اعتماد کی خلیج دور کرنا دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کیلئے پاکستان اہم ملک ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی تفصیلات جمع کررہے ہیں، افغانستان میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے۔

بیجنگ میں ورلڈ روبوٹ کانفرنس میں نت نئے روبوٹس متعارف

بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں چار روزہ ورلڈ روبوٹ کانفرنس 2018 کا رنگارنگ اختتام ہوگیا جس میں نت نئے روبوٹس متعارف کرائے گئے جنہیں دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔ورلڈ روبوٹ کانفرنس میں جہاں رقص کرتے ’ڈانسنگ روبوٹس‘ اور نغمے پیش کرنے والے ’روبوٹک بینڈ‘ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا تو وہیں ’ٹیچر روبوٹ‘ نے بچوں کو حقیقی استاد کی طرح پڑھایا اور ’ ڈاکٹر روبوٹ‘ نے حاضرین کا طبی معائنہ کیا۔ ’جنگجو روبوٹ‘ نے میدان جنگ کا منظر پیش کیا تو ’چمگادڑ روبوٹ‘ نے اپنی پرواز سے لوگوں کو حیران کردیا۔یہ احوال ہے بیجنگ میں 15 سے 19 اگست تک جاری رہنے والی کا جس کا اختتام اس ہفتے کے روز ایک پروقار تقریب کے ساتھ ہوا۔ دنیا کی اس انوکھی نمائش میں 166 مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنی 500 سے زائد تخلیقی مصنوعات کو نمائش کےلیے پیش کیا جسے شائقین نے خوب سراہا۔رقص کرتے روبوٹس نے نمائش میں آنے والوں کو خوش آمدید کہا اور اسٹیج پر دلکش رقص بھی پیش کیا جب کہ ایک روبوٹک بینڈ نے خود کمپوز کی گئی دھن پر نغمے پیش کیے۔ اس بینڈ میں آلاتِ موسیقی بجانے والے بھی روبوٹ ہی تھے۔ اسی طرح ایک کمپنی نے چمگادڑ کی ساخت والا روبوٹ متعارف کرایا جو تیز رفتار پرواز بھی کرسکتا ہے۔کانفرنس میں بچوں کو تعلیم دینے والے ’ٹیچر روبوٹس‘ بھی موجود تھے جو بچوں کی بنیادی تعلیم اور ذخیرہ الفاظ میں اضافہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکیں گے۔ اسی طرح جنگجو روبوٹ بھی سب کی توجہ کا مرکز تھے جو مکے مارنے، فائرنگ کرنے اور جنگ کے دوران ابتدائی طبی امداد فراہم کی صلاحیت سے مالامال تھے۔کانفرنس میں حاضرین کےلیے ذہنی و جسمانی آزمائش کے مقابلے بھی رکھے گئے تھے جب کہ چند مقابلوں میں روبوٹس نے بھی حصہ لیا جس سے شائقین محظوظ ہوئے۔ چین روبوٹ ٹیکنالوجی میں اپنا سکّہ جمانے کےلیے کوشاں ہے اور یہ کانفرنس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے

بگ ڈیٹا: کمپیوٹر الگورتھم سے بیک وقت پانچ امراض کی نشاندہی

میسا چوسٹس(ویب ڈیسک) امریکی سائنس دانوں نے ”بگ ڈیٹا“ کےلیے ایک نئے کمپیوٹر الگورتھم کی مدد سے لاکھوں انسانی جینوم کا تجزیہ کرنے کے بعد ایسے جینیاتی اشاروں کی نشاندہی کی ہے جو بیک وقت پانچ بیماریوں سے خبردار کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ”بگ ڈیٹا“ (Big Data) کمپیوٹر سائنس کا ایک ابھرتا ہوا میدان ہے جس میں مختلف حسابی تدابیر اختیار کرتے ہوئے نہایت کم وقت میں بہت بڑے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جاتا ہے؛ جبکہ یہ ڈیٹا اسٹاک مارکیٹ سے لے کر میڈیکل تک، کسی بھی شعبے کا ہوسکتا ہے۔سائنسی مجلے میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالے میں میساچیوسیٹس جنرل ہاسپٹل، ہارورڈ میڈیکل اسکول اور دوسرے تحقیقی اداروں سے وابستہ ماہرین نے بتایا ہے کہ ابتدائی آزمائشوں میں ان کے وضع کردہ الگورتھم نے جینیاتی (جنیٹک) ڈیٹا کھنگال کر مختلف افراد میں جن امراض کے خدشے کی نشاندہی کی ان میں ذیابیطس، دل کی شریانوں کی بیماری، چھاتی کے کینسر، معدے و آنتوں کی سوزش اور دل کی دھڑکنوں کی بیماری کی تشخیص کی جاسکے گی۔یہ تحقیق اس لیے اہم قرار دی جارہی ہے کیونکہ اس میں ایسے چار لاکھ افراد کے جینوم کھنگالے گئے جن کا تعلق الگ الگ نسلوں سے ہے۔ اب تک ایسا کوئی کمپیوٹیشنل الگورتھم موجود نہیں تھا جو مختلف النسل لوگوں کے جینوم کا جامع تجزیہ کرکے بہتر نتیجہ اخذ کرسکے۔ ان تمام افراد کا انفرادی جینیاتی ڈیٹا ”بایوبینک“ میں محفوظ ہے جسے کھنگالنے کےلیے انہوں نے خصوصی ’پولی جینک رسک اسکور الگورتھم‘ وضع کیا۔ ابتدائی مرحلے میں جب اس الگورتھم کو اس جینیاتی ڈیٹا پر آزمایا گیا تو پانچ امراض کی نشاندہی ہوگئی۔اگلے مرحلے پر اس الگورتھم کو اور بہتر بنایا جائے گا تاکہ اس کی کارکردگی اور رفتار میں اضافہ ہو، اور یہ امراض کی جینیاتی تشخیص کو روزمرہ علاج کی طرح ممکن بناسکے کیونکہ اب تک یہ کام بہت مہنگا ہے اور صرف ایک مرض کی جینیاتی تشخیص کےلیے لاکھوں روپے درکار ہوتے ہیں۔

عاطف اسلم کا ’دیکھتے دیکھتے‘ بڑی عید کا تحفہ

ممبئی (ویب ڈیسک)پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ کا گانا ’دیکھتے دیکھتے‘ ریلیز کر دیا گیا ہے جس پر گلوکار کا کہنا ہے کہ ’دیکھتے دیکھتے‘ عید کا مزہ دوبالا کردے گا۔عاطف اسلم نے گانا سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جس گانے کا انتظار تھا اب وہ ریلیز ہوگیا ہے، محسوس کریں اور عید کی خوشیاں دوبالا کریں‘۔ ’دیکھتے دیکھتے‘ درحقیقت استاد نصرت فتح علی خان کا گانا ہے جس کے دوبارہ لریکس منوج منتاشر نے لکھے ہیں اور عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں پیش کیا گیا ہے۔کچھ روز قبل فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا تھا جس کی حیران کن بات یہ ہے کہ فلم کا مرکزی خیال پاکستانی فلم ’ایکٹر ان لائ‘ کا چربہ ہے۔ٹریلر میں فلم کا مرکزی خیال، مکالمے اور کئی سین ’ایکٹر ان لائ‘ سے مماثلت رکھتے ہیں جن میں بظاہر معمولی سی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ 21 ستمبر 2018 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی اور اس میں اداکار شاہد کپور اور اداکارہ شردھا کپور مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔

بڑی عید پر کونسی فلم آگے رہے گی؟

کراچی(ویب ڈیسک) بڑی عید پر تین بڑی فلموں کا مقابلہ ہوگا جس میں ’لوڈ ویڈنگ‘، ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اور ’پرواز ہے جنون‘ شامل ہیں۔تینوں میں سے کون سی فلم کمائی میں اول آئے گی، اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت کرے گا لیکن فی الحال اوپننگ کے حساب سے اس عید ویک اینڈ پر 5 دن ہوں گے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق اس اوپننگ میں ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ سب سے آگے ہوگی اور اس کا بزنس 11 سے 12 کروڑ کے قریب ہوسکتا ہے۔دوسرے نمبر پر ’پرواز ہے جنون‘ رہے گی اور اس فلم کا بزنس لگ بھگ 8 سے 9 کروڑ کے قریب رہنے کی توقعات ہیں جب کہ تیسرے نمبر پر ’لوڈ ویڈنگ‘ کا بزنس رہے گا اور اس کا بزنس 8 کروڑ کے قریب رہنے کا امکان ہے۔یہ اندازہ صرف عیدویک اینڈ تک کیلئے ہے لہذا اس کے بعد کا بزنس فلموں کے میرٹ پر طے ہوگا جو فلم اچھی ہوگی وہی زیادہ دنوں تک سنیما گھروں میں ٹکی رہے گی۔سب سے زیادہ اوپننگ کے باوجود فلم ٹریڈ میں سب سے زیادہ خطرہ ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ کو ہی ہے اور ’لوڈ ویڈنگ‘ ان تمام فلموں میں اپنے بجٹ کی وجہ سے سب سے زیادہ محفوظ ہے۔ ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ کے گانوں کو بھی شہرت حاصل نہ ہوسکی جب کہ دوسری طرف ’لوڈ ویڈنگ‘ اور ’پرواز ہے جنون‘ کے گانے لوگوں کو زیادہ پسند آئے ہیں۔