فیس بک کی جانب سے صارفین کو 397 ڈالرز کیوں دیے جائیں گے؟

اِلینوائے: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست اِلینوائے کے رہائیشیوں کو اس ہفتے زر تلافی کی مد میں فیس بک کی جانب سے 397 ڈالرز دیے جانے متوقع ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کے نیٹورک نے گزشتہ برس 2015 میں درج ہونے والے کلاس ایکشن پرائیویسی کے مقدمے کو ختم کرنے کے لیے 65 کروڑ ڈالرز کی خطیر رقم کی ادائیگی کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی۔
مقدمے میں فیس بک پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ یہ صارفین کی اجازت کے بغیر ان کا بائیو میٹرک ڈیٹا اکٹھا کر رہا ہے اور اس ڈیٹا کو ذخیرہ کر رہا ہے۔
9 کروڑ 75 لاکھ ڈالرز وکلا کی فیس اور دیگر اخراجات کو ہٹا کر بچنے والی رقم کی تقسیم اِلینوائے کے ان فیس بک صارفین کے مابین تقسیم کی جائے گی جنہوں نے دسمبر 2020 تک دعویٰ دائر کیا تھا۔
اِلینوائے کے مقامیوں کو یہ رقم فیس بک کی جانب سے ریاست کے 2008 بائیو میٹرک انفارمیشن پرائیویسی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر دی جائے گی۔
ایکٹ کے تحت صارفین کمپنیوں کی جانب سے پرائیویسی کی پامالی یعنی انگلیوں کے نشان، ریٹینا اسکین، فیشل جیو میٹری وغیرہ بغیر اجازت حاصل کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ دائر کرسکتے ہیں۔
فیس بک کی جانب سے کی جانے والی رقم کی ادائیگی اِلینوائے قانون کے تحت اب تک کا سب سے بڑا تصفیہ ہے۔
امریکی شہری آزادی کی یونین نے بائیو میٹرک انفارمیشن پرائیویسی ایکٹ کو استعمال کرتے ہوئے نگرانی کرنے والی کمپنی کلیئر ویو اے آئی سے تصفیہ کرنے کی کوشش کی۔
مذکورہ کمپنی نے مبینہ طور پر دنیا بھر کی آن لائن پروفائلز سے 10 ارب سے زائد انگلیوں کے نشانات جمع کیے تھے اور ان کو اپنے گاہکوں کو بیچا تھا، جن میں ریاستی اور مقامی پولیس کے محکمے شامل تھے۔
فیس بک چہرے کی شناخت (فیشل ریکاگنیشن) کو 2010 سے استعمال کر رہا ہے جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تصاویر آسانی کے ساتھ کم وقت میں ٹیگ کردی جاتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کا فیصلہ شاندار، جمہوریت کو بچا لیا: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ شاندار ہے، قومی ادارے نے جمہوریت کو بچا لیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے 25 اراکین پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہی کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ وفاداریاں بدلنے والوں کیلئے عبرت کا نشان ہے، سب سےپہلےاللہ کاشکراداکرتاہوں۔ اپنے وکلاکی ٹیم اورچیف الیکشن کمشنرکا بھی شکریہ اداکرتاہوں جنہوں نےجمہوریت بچانےکیلئے کردار ادا کیا۔

اللہ جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت، عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بےشک اللہ الحق ہے، اللہ جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب سے تحریک انصاف کے 25 ارکان کے ڈی سیٹ کرنے کے فیصلے پر سابق وفاقی وزیر اسد عمرنے کہا کہ الیکشن کمیشن کےفیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، 25منحرف راکین ڈی سیٹ ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 25منحرف راکین سے اظہار ہمدردی کرسکتا ہوں، پیٹرول کی قیمت کے تعین کے لیے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانےکا کہا گیا، معیشت بیٹھ گئی ہے، معاشرے میں غیر یقینی صورتحال ہے۔
سابق وزیر قانون فواد چوہدری نے لکھا کہ آج پنجاب کی امپورٹڈ حکومت اب عملی طور پر ختم ہو چکی ہے، نام نہاد وزیرُاعلیٰ حمزہ شہباز کوئی شرم کریں اور آج الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد فوری استعفیٰ دیں، کوئی ایک ایسی روایت چھوڑیں جس پر انھیں کوئی تو مثبت کمنٹ دیا جا سکے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام کی جد وجہد ہے، پاکستان کی سیاست میں چھانگا مانگا کی منڈی بند ہوگئی، پنجاب کی حکومت فارغ ہوگئی ہے، اب وفاق میں بھی حکومت فارغ ہورہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ پنجابی لوٹے نااہل ہو گئے ہیں، جن کا ضمیر مردہ ہوا تھا آج سیاسی طور پر مردہ ہو گئے۔
فیصل جاوید ٹوئٹ کی کہ مبارک ہو پاکستان ! حق اور سچ کی فتح کا دن ہے، لوٹوں اور نوٹوں کو زبردست شکست – الحمدللہ – فوری طور پر انتخابات کا اعلان کیا جائے اور یہ ہی واحد حل تمام تر امپورٹڈ مسائل کا ، وقت آگیا ہے ، آج عمران خان ملتان جلسے میں اہم اعلان کرینگے۔

عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور متحدہ عرب امارات کے صدر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دورہ امریکہ میں اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات کی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے خطے میں امن کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یو این سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کی جبکہ بلاول بھٹو نے عالمی حدت، پانی اور خوراک کی کمی سمیت دیگر چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کردیا گیا۔
معاملے پر محفوظ فیصلہ چیف الیکشن کمیشنر سکند سلطان راجہ کی جانب سے سنایا گیا۔ جن 25 منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کیا گیا ان کے نام ملک غلام رسول، سعید اکبر خان، محمد اجمل، عبدالعلیم خان، نذیر احمد چوہان، محمد امین ذوالقرنین، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان اور زوار حسین وڑائچ شامل ہیں۔ دیگر ڈی سیٹ ہونے والے اراکین میں محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل، عظمیٰ کاردار، ملک اسد علی، اعجاز مسیح، محمد سبطین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم اور فیصل حیات اور شامل ہیں۔
سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کے صدارتی ریفرنس کے معاملے پر اپنی رائے میں کہا تھا کہ منحرف رکن اسمبلی کا پارٹی پالیسی کے برخلاف دیا گیا، ووٹ شمار نہیں ہو گا جبکہ تاحیات نااہلی یا نااہلی کے معیاد کا تعین پارلیمنٹ کی صوابدید پر چھوڑا گیا تھا ۔
خیال رہےکہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے 25 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس بھیجا گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف ارکان کیخلاف ریفرنس منظور ارکان نااہل، ڈی سیٹ کرنے کا حکم: الیکشن کمیشن کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے پنجاب کے25 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ سنادیا ہے اور پی ٹی آئی کے منحرف 25 اراکین پنجاب اسمبلی کو نااہل قرار دیتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے25 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا ہے اور انہیں ڈی سیٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پنجاب اسمبلی سے نااہل ہونے والوں میں علیم خان، راجا صغیر احمد، ملک غلام رسول، سعید اکبر خان، محمد اجمل، نذیر چوہان، زوار حسین وڑائچ، فدا حسین، زہرہ بتول محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل شامل ہیں۔

66سال پرانی کار، قیمت 29 ارب روپے

لاہور: (ویب ڈیسک) چھیاسٹھ سال پرانی کار دنیا کی سب سے مہنگی کار بن گئی۔ مرسڈیز بینز نے اپنی 1955 ماڈل کی کار نیلام کردی۔ کار 28 ارب 61 کروڑ روپے میں نیلام ہوئی۔ 1955 میں بنائی گئی اس کار کی دنیا کی سب سے خوبصورت کار کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
دنیا کی سب سے خوبصورت گاڑی نے نیلامی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔
جرمنی میں 1955 ماڈل کی مرسڈیز بینز کو گاڑیوں کے شوقین شہری نے 28 ارب 61 کروڑ روپے میں خرید لیا۔
اس گاڑی کے صرف دو ورژن موجود ہیں جس کا نام اس کے بنانے والے چیف انجینیئر کے نام پر رکھا گیا تھا۔
کار 180 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی تھی جو اس وقت بننے والی تیز رفتار کاروں میں سے ایک تھی۔
سوتھبے کمپنی کے مطابق گاڑی پچھلے ریکارڈ سے تقریباً تین گنا زیادہ قیمت میں فروخت ہوئی۔
گاڑی خریدنے والے شہری کے مطابق مرسڈیز بینز 1955 اہم مواقع پر عوامی نمائش کے لیے دستیاب رہے گی۔
نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا استعمال دنیا بھر میں مرسڈیز بینز فنڈ قائم کرنے کے لیے کیا جائے گا۔
جو ماحولیاتی سائنس اور ڈی کاربونائزیشن ریسرچ کے لیے فنڈ فراہم کرے گا۔

بھونڈا مذاق کتنے دن اور چلے گا ؟ اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ بھونڈا مذاق کتنے دن اور چلے گا ؟
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پنجاب میں یہ نہیں طے ہو رہا کہ وزیر اعلیٰ کون ہے اور بڑے صوبے میں تو یہ تک پتہ نہیں چل رہا ہے کہ گورنر کون ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق میں یہ نہیں پتہ چل رہا کہ فیصلہ سازی کا اختیار کس کے پاس ہے۔ ایٹمی ملک کے ساتھ یہ بھونڈا مذاق کتنے دن اور چلے گا ؟

پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے مابین قریبی تعلقات کی بہترین مثال ہے: وزیراعظم

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے مابین قریبی تعلقات کی بہترین مثال ہے، دونوں ممالک تاریخٰی اور بہترین تعلقات کی ڈور میں بندھے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے ملجم کلاس جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا کے دوران جہاز کی تیاری دونوں ممالک کی بڑی کامیابی ہے، پاکستان ترکی کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، مختلف شعبوں میں ترکی اورپاکستان کوبہترین معاونت حاصل ہے، دونوں ممالک بہترین تعلقات کی ڈور میں بندھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ پی این ایس بدرترکی کےایم ایس اسفات کےتعاون سےکراچی شپ یارڈپرتیارکیاگیا ہے، پاک ترکی اشتراک سے 2 کارویٹ جہازوں کی تعمیرپاکستان اور 2 کی ترکی میں کی جارہی ہے،جہازجدیدہتھیاروں اورسینسرزسےلیس ہوں گے۔ مقامی سطح پر جدید سٹیٹ آف دی آرٹ ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر ملکی شپ بلڈنگ اور ڈیزائننگ کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔
وزیراعظم ایک روزہ سرکاری دورے پر کراچی میں موجود ہیں، پی این ایس بدر کی لانچنگ تقریب کے بعد وہ کراچی کی معروف کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے جس کے دوران ملک کو درپیش معاشی مشکلات پر تجاویز دی جائیں گی۔

موجودہ حالات کی ذمہ داری ہم اکیلے نہیں اٹھا سکتے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کی ذمہ داری ہم اکیلے نہیں اٹھا سکتے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر سب مل کر ذمہ داری نہیں اٹھا سکتے تو پھر انتخابات میں جائیں کیونکہ موجودہ حالات کی ذمہ داری ہم اکیلے نہیں اٹھا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سخت فیصلے کرنے کا وقت ہے، سخت فیصلے بھی کریں اور اس کی ذمہ داری بھی لیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سارے سپورٹ بھی کریں اور سب اس میں حصہ بھی ڈالیں۔