کروندے کھائیں، یادداشت بڑھائیں اور کولیسٹرول گھٹائیں

لندن: (ویب ڈیسک) تھوڑی کھٹی اورکچھ تلخ کرینبیری کو اردو میں کروندے کہا جاتا ہے جن کے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ یادداشت بڑھاتے، ڈیمنشیا دور کرنے اور کولیسٹرول قابو کرنے میں انتہائی مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایسٹ اینجلیا (یو ای اے) سے وابستہ ڈاکٹر ڈاکٹر ڈیوڈ وازور اور ان کے ساتھیوں نے کروندوں کو دماغی محافظ قرار دیا ہے کیونکہ عمر کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہوئے دماغی زوال یعنی یادداشت میں کمی، بھول، نسیان، فوکس کرنے کی متاثرہ صلاحیت اور دیگر پیچدگیوں کو دور کرنے یا ٹالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
شائع شدہ تحقیق کے مطابق 50 سے 80 سال تک کے افراد کو روزانہ ایک کپ کرینبیری کھانے کو دیئے گئے تھے۔ کروندوں میں فلے وینوئڈ کی بڑی مقدار ہوتی ہے جبکہ اینتھو سیانِن اور پرواینتھوسائنائڈنز جیسے اہم غذائی اجزا بھی موجود ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی انفلیمینٹری (جلن دور کرنے والے) اجزا بھی موجود ہوتے ہیں۔
تمام شرکا سروے کے وقت تندرست تھے اور انہیں 12 ہفتوں کو کرین بیری کھلائی گئی جبکہ پہلے اور بعد میں کولیسٹرول بھی نوٹ کیا گیا تھا۔
کل 60 افراد کو دو حصوں میں بانٹ کر ایک کو کرینبیری پاؤڈر دیا گیا جبکہ دوسرے گروہ کو فرضی دوا دی گئی۔ اب جن افراد نے تین ماہ تک پاؤڈر استعمال کیا ان میں بصری، مختصرمدت اور دیگر اقسام کی یادداشت بہتر ہوئی۔
اس کے علاوہ کرینبیری استعمال کرنے والے افراد کے کولیسٹرول میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی جو فالج اور دل کے امراض کی بڑی وجوہ میں سے ایک ہے۔ ماہرین نے اس تحقیق کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے عمررسیدہ تندرست افراد کو بھی کروندے کھانے کا مشورہ دیا ہے۔

واٹس ایپ میں کاروباری افرادکیلئے جدید فیچرزمتعارف کرانے کا فیصلہ

سلی کون ویلی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا ایپلیکیشن واٹس ایپ میں کاروباری افرادکیلئے جدید فیچرزمتعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
میٹا پلیٹ فارمزکے سی ای اومارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ جلد واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے مزید کاروبار حاصل کرنے کے لیے مفت کلاؤڈ بیسڈ اے پی آئی سروسز متعارف کروا ئی جائیں گی۔
جدید سروسزکی بدولت واٹس ایپ پرکاروبارچلانے والے افراد کلاؤڈ اے پی آئی کا استعمال کر کے صارفین کیلئے اپنے جوابی وقت کو تیز کر سکیں گے۔

گھی اور خوردنی تیل مزید مہنگا ہوگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گھی اور خوردنی تیل ایک بار پھر مہنگا ہو گیا۔
ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ گھی اور خوردنی تیل مہنگا کر دیا گیا، گھی اور خوردنی تیل کے نرخ میں 10 روپے فی کلو اور فی لیٹر اضافہ کیا گیا، درجہ اول خوردنی تیل 510 روپے فی لیٹر، درجہ اول گھی 506 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔
درجہ دوم برانڈ خوردنی تیل 10 روپے اضافے سے 485 اور خوردنی گھی 482 روپے کلو ہو گیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی گھی اور خوردنی تیل 20 روپے فی کلو تک مہنگا ہوا تھا۔

حکومت قبل از وقت انتخابات کراسکتی ہے، خالد مقبول صدیقی

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم فریش مینڈیٹ کے حامی ہیں، حکومت قبل از وقت انتخابات بھی کراسکتی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کنوینئر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومت کی مدت 17 اگست 2023 تک ہے، حکومت کوعوام کی عدالت میں جانے کا اختیار ہے، اور ہم بھی فریش مینڈیٹ کے حامی ہیں، حکومت قبل از وقت انتخابات بھی کراسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جلسے جلوسوں سے کمزور حکومتوں پر دباؤ پڑتا ہے، اپنی سیاست کے لیے ملک کو معاشی بحران میں نہیں دھکیلنا چاہیے، پیٹرولیم مصنوعات عالمی منڈی کی وجہ سے متاثر ہیں، ہمارا موقف ہے کہ ایسے پالیسی اختیار کی جائے جس سے ملک معیشت اور غریب متاثر نا ہو۔ ہمارے اور سندھ حکومت کے درمیان معاہدہ نہیں ایک ورکنگ ریلیشن ہے۔

راولپنڈی میں زمین کے تنازعے پر بھانجے نے ماموں اور ممانی کو قتل کردیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں زمین کے تنازعہ پر سفاک بھانجے نے ماموں اور ممانی کو قتل کردیا۔
راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں زمین کے تنازعہ پر سفاک بھانجے نے فائرنگ کرکے ماموں اور ممانی کو قتل کردیا، اور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایس پی صدر احمد زنیر چیمہ نے بتایا کہ ملزم افسرعرف گورا نے زمین کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے اپنے ہی ماموں اور ممانی کو قتل کر دیا تھا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سفاک قاتل کو گرفتار کرلیا ہے اور ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔ ایس پی صدر کا کہنا تھا کہ اپنے ہی رشتہ داروں کو قتل کرنے والے سفاک قاتل کو قرار واقعی سزادلوائی جائے گی۔

یوکرین کے شہر لوہانسک میں روسی فوج کی فائرنگ سے 13 افراد ہلاک

کیف: (ویب ڈیسک) روسی فوجیوں کی یوکرین کے شہر لوہانسک میں فائرنگ سے 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صوبے لوہانسک میں باغیوں کی مدد سے روسی فوج کی پیش قدمی جاری ہے اور وہ دو دیگر شہروں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
لوہانسک کے گورنر نے بتایا کہ روسی فوج کی پیش قدمی میں یوکرین کے 13 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جس کے بعد روسی افواج لیسیچانسک اور سیورودونتسک میں داخل ہوگئیں۔
ادھر یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی فوج نے دونباس ریجن کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔ دونباس خطہ دونیسٹک اور بیسن نامی شہروں سے مل کر بنا ہے۔
یوکرین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ روسی حملوں کے نتیجے میں ہونے والی جنگ کے دوران 225 سے زائد بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔
دریں اثناء امریکی صدر نے یوکرین کو 40 ارب ڈالر کی مالی امداد دینے کی منظوری دیدی جب کہ یوکرین کو حال ہی میں ورلڈ بینک کی جانب سے 530 ملین ڈالر کی امداد موصول ہوئی ہے۔

خوراک کی شدید قلت کے باعث ہم بھوک سے مرنے والے ہیں، سری لنکن وزیراعظم

کولمبو: (ویب ڈیسک) شدید مالی اور معاشی بحران کے شکار سری لنکا کو خوراک کی قلت کا بھی سامنا ہے جس سے قحط سالی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے خبردار کیا ہے کہ مالی بحران اور ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک میں خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے، ہم بھوک سے مرنے والے ہیں۔
رانیل وکرماسنگھے نے اپنی سلسلہ وار ٹویٹ میں لکھا کہ امریکا نے دنیا میں خوراک کی کمی کی پیش گوئی کی ہےجس سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں سری لنکا اور افغانستان کو شامل کیا ہے۔
نو منتخب وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے اپنی حکومت کی زرعی پالیسی سے متعلق بتایا کہ آئندہ موسم کے لیے کافی کھاد خریدیں گے تاکہ خوراک کی کمی کو دور کیا جا سکے۔
خیال رہے کہ سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپاکسے نے گزشتہ برس تمام کیمیائی کھادوں کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی جس کی وجہ سے ملک میں اجناس کی پیدوار غیرمعمولی طور پر کم ہوگئی تھی۔
اجناس کی پیداوار میں غیر معمولی کمی کو دیکھتے ہوئے اُس وقت کی حکومت نے یہ پابندی ختم کر دی تھی تاہم ایک تو یہ فیصلہ دیر سے ہوا اور دوسرے کھادوں کی درآمدات میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوا تھا۔

شوٹنگ کے دوران پینے کا پانی بھی جم گیا، پرینیتی چوپڑا کی سخت سردی میں شوٹنگ کی ویڈیو وائرل

ممبئی: (ویب ڈیسک) پرینیتی چوپڑا نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ ہارڈی سندھو کے ساتھ فلم کے سیٹ پر نظر آرہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنی آنے والی نئی فلم کے سیٹ سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرینیتی اپنے ساتھی اداکار اور گلوکار ہارڈی سندھو کے ساتھ کسی اونچائی والے مقام پرموجود ہیں جہاں شدید ٹھنڈ ہے، وہ مائنس 12 ڈگری سیلسیس میں شوٹنگ کی جدوجہد کے بارے میں بات کرتےہوئے کہتی ہیں کہ ’یہاں اتنی سردی ہے کہ ہم شوٹنگ کے دوران پانی بھی نہیں پی سکے کیونکہ پینے کا پانی جم گیا ہے‘۔
اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’ہمارے ڈائریکٹر کی داڑھی سے لے کر شوٹنگ کے کیمرے تک سب جم گیا ہے اور ہارڈی اس وقت ہیٹر والے کمرے میں سو رہا تھا‘۔
اداکارہ نے برقہ اور اس کے اوپر گرم جیکٹ پہن رکھی ہے جبکہ ہارڈی بھی ہلکے کپڑوں کے اوپر صرف ایک جیکٹ پہنے ہوئے ہیں کیو نکہ وہ فلم کے کسی سین کی شوٹنگ کرنے والے تھے۔
انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے، پرینیتی نے کیپشن میں لکھا کہ، ’’مائنس 12 ڈگری سیلسیس میرا اب تک کا سب سے ٹھنڈا شوٹ ہے، مگر سب سے اچھی بات یہ تھی کہ میرے ہیرو کو بھی ایک پتلا لباس پہننا پڑا اور میرے ساتھ سردی محسوس کرنی پڑی‘‘۔
اداکارہ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ان کے مداحوں نے ان سے فلم کی معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی تاہم اداکارہ کونسی فلم کی شوٹنگ کر رہی ہیں اور فلم کب ریلیز ہوگی اس حوالے سے انہوں نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

نوجوان نے دستاویزی فلم کیلئے کارٹون میں دیکھی شارک آبدوز بناڈالی

لاہور: (ویب ڈیسک) شارک پر نئی دستاویزی فلم بنانے کے لیے فرانسیسی نوجوان نے کارٹون میں دیکھے آئیڈیا کو حقیقت کا روپ دے ڈالا۔
شارک کے ساتھ پنجرے میں غوطہ لگانے کے لیے انتہائی ہمت کی ضرورت ہوتی ہے لیکن انکی عکس بندی کی کوشش کرنا بنیادی طور پر کسی خودکشی سے کم نہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سمندر کے ماہر فیبین کوسٹیو نے شارک کی ایک نئی دستاویزی فلم بنانے کے لیے رابطہ کیا اور ٹنٹن کارٹون سے متاثر ہوکر (شارک آبدوز) بنانے کا ارادہ کیا۔
نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں بتایا کہ یہ ایک اچھا آئیڈیا تھا جبکہ شارکوں کے حقیقی رویوں کی آج تک عکس بندی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ شارک کا رویہ ان کا مشاہدہ کرنے کیلئے عام طور پر پنجرے کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے انکے فطری رویے کی نمائندگی نہیں ہوپاتی۔
فیبین نے اپنے خواب کو حقیقت بنانے کا ارادہ کیا اور واقعی ایک خوفناک آبدوز ڈیزائن کی جس کا نام اس نے ٹرائے رکھا، انہوں نے اسکے پیٹ کے اندر، مکمل ڈائیونگ گیئر میں نقل و حرکت کرنے اور سمندر میں شارک کے درمیان رہنے کے قابل تھی۔
ٹرائے کے اندر شارکوں کا مشاہدہ کرنے کے لیے خفیہ کیمرے جبکہ ایک لائیو مانیٹر بھی نصب تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیم کو جو فوٹیج ملی اس نے پہلی بار دنیا کو دکھایا کہ گریٹ وائٹ شارک کا رویہ ایسا نہیں تھا جیسا آج تک دکھایا گیا ہے۔
ٹرائے کی کامیابی کے باوجود اس کی تخلیق پر 200,000 یورو جبکہ 14 فٹ لمبی فائبر گلاس شارک کے اندر حیرت انگیز طور پائلٹ موجود تھا۔

ڈاکٹروں کا کارنامہ؛ مریض کے گردے سے 206 پتھریاں نکال دیں

نئی دیلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تلنگانہ میں ڈاکٹروں نے معمر شخص کے گردے سے 206 پتھریاں نکال لیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق میڈیکل کی تاریخ میں کسی انسان کے گردے سے سیکڑوں پتھریاں نکلنا انتہائی کم سامنے آنے والا کیس ہے، لیکن ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کا 56 سالہ شہری کے گردے میں سیکڑوں پتھریاں پائی گئیں۔
مریض کے گردے میں گزشتہ چھ ماہ سے شدید درد ہورہا تھا جو گرمی کی شدت میں اضافے سے مزید بڑھ گیا۔
56 سالہ ویرملّا رامالاکشیمایہ نے ڈاکٹر سے رجوع کیا تاہم ڈاکٹر کی دی ہوئی دوائیں کام نہ آئیں درد میں اضافہ ہوتا رہا، جس پر ڈاکٹروں نے مریض کے ٹیسٹ کیے۔
ٹیسٹ کی رپورٹ سے پتہ چلا کہ بھارتی شہری کے گردے میں 26 پتھریاں موجود ہیں جنہیں ایک گھنٹے کی سرجری کے بعد گردے سے نکالا گیا۔
یورولوجسٹ ڈاکٹر وینو ماننے کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث اکثر لوگ ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوجاتے اور پانی کم پینے کی وجہ سے ان کے گردے میں پتھری ہوجاتی ہے۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کرنا چاہیے یا دھوپ میں کم سے کم سفر کرنا چاہیے اور گرمی بڑھنے پر سوڈا پینے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔