صرافہ مارکیٹ میں سونے کے نرخ بڑھ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 13 ڈالر کے اضافے سے 1843 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 350 روپے اور 300 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 138700 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 118913 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
جبکہ اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1570روپے پر مستحکم رہیں اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1346.02 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

پی ٹی آئی کچھ بھی کرلے شیر سے پنجاب چھیننے کا خواب چکنا چور ہوگا، مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک)  مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کچھ بھی کر لے پنجاب چھیننے کا خواب چکنا چور ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کچھ بھی کر لے شیر سے پنجاب چھیننے کا خواب چکنا چور ہوگا، پنجاب کے عوام کو اپنے صوبے میں فرح گوگی کی لوٹ مار اور تباہی کے حوالے کر دینے پر شدیدغصہ ہے، پنجابی اپنے غصے کا حساب انتخابات میں چکتا کر دیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو دن رات گالیاں دینے والے عمران خان کو آج شرم تو آئی ہو گی، مگر کہاں۔

صدر جوبائیڈن کے دورے کے موقع پر شمالی کوریا جوہری تجربہ کرسکتا ہے، جنوبی کوریا

سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری تجربے کے لیے تیار ہے اور امریکی صدر جوبائیڈن کے ٹوکیو اور سیئول کے دورے کے دوران وہ جوہری تجربہ کرسکتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن رواں ہفتے ایشیائی ممالک کے دورے پر جائیں گے۔ صدر جوبائیڈن پہلے جاپان جائیں گے اور اس کے بعد جنوبی کوریا پہنچیں گے۔
امریکی صدر کے دورے سے قبل جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے ارکان اسمبلی کو ایک بریفنگ بھی دی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کورونا وبا کے دوران بھی شمالی کوریا نے جوہری تجربے کی تیاریاں جاری رکھیں اور اب صدر جوبائیڈن کے دورے کے دوران جوہری تجربہ کرسکتا ہے۔
اس حوالے سے جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ اس کا مطلب صدر جو بائیڈن کے دورے کے دوران مزید میزائل تجربات، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل ٹیسٹ یا جوہری تجربہ، یا واضح طور پر دونوں بھی ہوسکتے ہیں۔
جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی کے مطابق سیٹلائٹ کی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ شمالی کوریا اپنا ساتواں جوہری تجربہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ جو بشمول بین البراعظمی بیلسٹک میزائل اس سال اپنی لانچوں کے ریکارڈ توڑنے والے تجربات کو محدود کرے گا۔
اسی طرح سیجونگ انسٹی ٹیوٹ میں سینٹر فار نارتھ کوریا اسٹڈیز کے چیونگ سیونگ چانگ نے کہا کہ شمالی کوریا صدر بائیڈن کے دورے کے دوران جوہری تجربہ کر کے عالمی توجہ مبذول کرنا چاہے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے جنوبی کوریا میں تعینات تقریباً 30 ہزار اپنے ملک کے فوجیوں سے بھی خطاب کریں گے۔

سری لنکا : احتجاج کرنے والے طلبا پر پولیس کی شیلنگ، واٹرکینن کا بھی بھرپور استعمال

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں معاشی بحران پر جاری کشیدگی میں کمی نہ آ سکی۔ حکومت مخالف احتجاج کرنے والے طلبا پر پولیس نے آنسوگیس کے شیلز برسا دئیے، صدر گوتابایا راجا پکسے کے گھر جانے کی کوشش پر واٹر کینن کا بھی آزادانہ استعمال ہوا۔
معاشی بحران پر کشیدگی برقرار ہے، سری لنکا میں حکومت مخالف احتجاج میں طلباء بھی سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے پولیس کی شیلنگ سے سڑکیں میدان جنگ کا منظرپیش کرنے لگیں۔
احتجاج کرنے والوں نے بیرئیر ہٹا کر صدر کے گھر کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے واٹر کینن چلا دی۔
ملک کے دیوالیہ ہونے کے بعد سے مسلسل بڑھتی مہنگائی،بجلی کی طویل بندش اور پٹرولیم مصنوعات کی عدم فراہمی بھی عوامی غم وغصے کا باعث بنی ہوئی ہے۔

اداکارہ عائشہ خان کے ہاں بیٹے کی پیدائش

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ عائشہ عقبیٰ خان کے ہاں آج بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
پاکستان شوبز کی خوبرو اداکارہ عائشہ عقبیٰ خان نے مداحوں کو خوشخبری سُنا دی، 2018 میں میجر عقبیٰ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ کے ہاں آج بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
عائشہ خان نے اپنے مداحوں کو یہ خوشخبری فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے سنائی ، عائشہ عقبیٰ خان نے ایک تصویر پوسٹ کی جس پر ہلکے نیلے رنگ کے جوتے بنے ہوئے ہیں اور ساتھ ہی پیغام بھی لکھا ہےکہ’ہم اپنے بیٹے کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں‘۔
یاد رہے کہ اداکارہ کے ہاں سال 2019ء میں ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام ماہ نور ہے۔

ایشیاکپ ہاکی، پریکٹس میچ میں پاکستان کو کوریا کے ہاتھوں شکست

جکارتہ: (ویب ڈیسک) ایشیاکپ کھیلنےجانے والی پاکستان ہاکی ٹیم کو پریکٹس میچ میں کوریا نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق ہاکی ایشیاکپ کے پہلے پریکٹس میچ میں کوریا کے ہاتھوں پاکستان کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست ہوئی، قومی ٹیم کی جانب سے واحد گول علی شان نے پنالٹی کارنر پر کیا۔
دونوں ٹیموں کے مابین پہلا کوارٹر بغیر کسی سے گول کےبرابر رہا جبکہ دوسرے کوارٹر میں کوریا نے دو گول کر کے سبقت حاصل کرلی، تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے علی شان نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پھینک کر ایک گول کا خسارہ کم کیا، اس میچ میں دونوں ٹیموں نے اپنے پنالٹی کارنر ماہر کھلاڑیوں کو ریسٹ کرایا۔
قومی ٹیم اب ہفتے کو عمان کے خلاف اپنا دوسرا اور آخری پریکٹس میچ کھیلے گی، ایشیاکپ کا آغاز پیر سے ہوگا، قومی ٹیم بھارت کے خلاف پہلا میچ کھیلے گی۔
واضح رہے کہ ایشیاکپ کی چار بہترین ٹیمیں ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرلیں گی۔

پاکستان کیخلاف سیریز اور کامن ویلتھ گیمز کیلئے آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان

آسٹریلیا: (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف تین ملکی سیریز اور کامن ویلتھ گیمز کے لیے آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نےپاکستان کے خلاف تین ملکی سیریز اور کامن ویلتھ گیمز کے لیے آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
آسٹریلوی ٹیم میں میگ لیننگ کوکپتان برقرار رکھاگیاہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین ملکی سیریز آئرلینڈ میں کھیلی جائیں گی جبکہ پاکستان اور ٓآسٹریلیا کی ویمن ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 16 جولائی کو کھیلاجائے گا۔
رپورٹ کے مطابق کامن ویلیتھ گیمز میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تین اگست کو مدمقابل ہوں گی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کےخلاف پاکستانی ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔

چھ سو یوٹرن والی 75 کلومیٹر طویل سڑک

کاشغر: (ویب ڈیسک) اگر آپ دائیں بائیں مڑتی سواری میں بیٹھنے پر چکر آتے ہیں تو چین کی عجیب و غریب سڑک آپ کے لیے عذاب بن سکتی ہے کیونکہ کل 75 کلومیٹر طویل سڑک پر 600 سے زائد اتنے تنگ موڑ ہیں کہ انہیں بال پِن موڑ کہا جاسکتا ہے کیونکہ سانپ کی طرح بل کھاتا خمیدہ ترین راستہ اوپر سے دیکھنے پر بال پن کی طرح دکھائی دیتا ہے۔
یہی وجہ ہے ہم اسے یوٹرن سے بھرپور سڑک کہہ سکتے ہیں جسے پامیر پلیٹیو (سطح مرتفع) اسکائے روڈ کا نام دیا گیا ہے۔ صوبہ شنجیانگ کی پہاڑیوں پر واقع یہ سڑک دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتی ہے۔ تاہم اوپر سے دیکھنے میں لگتا ہے کہ کوئی بڑا سانپ اپنے جسم کو بل دے کر بیٹھا ہے۔
2019 میں افتتاح کردہ یہ سڑک کاشغر سے ایویغور خطے تک جاتی ہے اور اپنی پیچیدہ راہ کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد اسے دیکھنے آتی ہے۔ اس کے علاوہ تیزرفتار کار چلانے والے باہمت افراد بھی اسی سڑک پر اپنا ہنرآزماتے ہیں۔ لیکن گاڑیوں میں چکر محسوس کرنے والوں یا پھر کمزور دل کے حامل افراد اس سڑک سے دور رہیں۔
یہ سڑک سطح سمندر سے 4000 میٹر بلند ہے اور 36 کلومیٹر کی سڑک کو بڑھا کر 75 کلومیٹر تک بڑھایا گیا ہے۔ تاہم اب بھی یہ دنیا کے خطرناک ترین روڈ میں شامل نہیں۔

پُر اسرار ڈاک: نیویارک کی خاتون کو والدین کے 1960 میں لکھے خطوط موصول ہونے لگے

نیویارک: (ویب ڈیسک) خاتون کو اچانک 1960 کی دہائی میں لکھے پُر اسرار خطوط موصول ہونے لگےجو ان کی والدہ نے اپنے ہنی مون کے دوران بھیجے تھے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک میں رہنے والی کیرل ہوور نامی خاتون کو رواں سال اپریل میں ایک ایسا خط موصول ہوا جو دیکھ کر وہ ہکا بکا رہ گئیں۔
غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ اس خط نے انہیں اس لئے حیران کر دیا کیونکہ اس پر ان کی والدہ کا نام لکھا تھا اور وہ لکھائی بھی ان کی والدہ کی تھی۔
تاہم یہاں دلچسپ بات یہ ہےکہ خط پر 1960 کی مہر لگی ہے اور یہ خط کینیڈا سے بھیجا گیا ہے جو خاتون کو 62 سالوں بعد موصول ہوا ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ شاید اس وقت ان کے والدین ہنی مون پر کینیڈا گئے ہوئے تھے۔
پہلے تو ہوور نے سوچا کہ شاید ڈاک خانے کے سسٹم میں کوئی مسئلہ ہوا ہے اور اس لئے انہیں اتنا پُرانا خط موصول ہوا تاہم جب وہ اس خط کو لے کر نیویارک کے پوسٹل سروس گئیں توانہیں کچھ ایسا معلوم ہوا کہ وہ مزید حیرت میں پڑ گئیں۔
پوسٹل سروس کےنمائندے نے کہا کہ’’ ہم معذرت چاہتے ہیں۔کیا آپ جم اور پیگ کو جانتی ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے یہ ڈاک بھیجی۔ ہمارے پاس مزید دو اور خطوط موجود ہیں‘‘ خاتون نے کہا کہ ’’یہ میرے والدین ہیں مگر وہ سالوں پہلے ہی انتقال کر چکے ہیں‘‘۔
اور اس کے بعد ہووراور ان کی ایک کزن کے لیے مزید تاریخی پوسٹ کارڈز آنا شروع ہو گئے جنہیں ایک کارڈ منی سوٹا میں اپنے سابقہ خاندان کے گھر موصول ہوا۔
ان خطوط میں ہوور کے والدین نے اپنے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں اپنے حال سے آگاہ کیا ہے، تاہم پوسٹ آفس سمیت کسی کو یہ معلوم نہیں کہ یہ پوسٹ کارڈز انہیں کہاں سے پہنچ رہے ہیں انہیں کون اور کیوں بھیج رہا ہے۔
اگرچہ اس کی پیمائش کرنا مشکل ہے، لیکن اندازہ لگایا گیا ہے کہ ریاست ہائے متحدہ میں تین فیصد سے بھی کم میل ضائع ہو جاتی ہیں اگر تلاش کی درخواست دائر کرنے کے بعد کوئی پیکیج یا خط برآمد ہوتا ہے، تو یو ایس پوسٹل سروس میل کو دوبارہ بھیجتی ہے ۔
یاد رہے کہ یہ ایسے خطوط ہوتے ہیں جن کا شپنگ لیبل گر گیا ہو یا غلط پتہ درج ہو جس کی وجہ سے انہیں ناقابلِ ترسیل قرار دے کر ضائع کر دیا جاتا ہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ ان خطوط کو پراسرار قرار دیا جا رہا ہے تاہم وہ ان خطوط کو پڑھ کر بےحد لطف اندوز ہو رہی ہیں کیونکہ یہ ان کی والدہ کی طرف سے بھیجے گئے ہیں جو 2014 میں ہی انتقال کر گئیں تھیں۔
خاتون نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے خیال میں ان دنوں انسانی تعلق بہت قیمتی ہے، اور اگرچہ مجھے یقین ہے کہ اس راز کی کوئی وضاحت موجود نہیں ہے مگر ماضی کے ان پوسٹ کارڈز کو حاصل کرنا جوہمارےبچھڑے ہوئے پیاروں نے سالوں پہلے لکھے ہوں کائنات کی طرف سےہمارے لئے ایک تحفہ ہے‘‘۔

پانی میں تیرنے، ہوا میں اڑنے اور ’چمٹ جانے‘ والے ڈرون

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی ماہرین نے پانی میں تیرنے اور ہوا میں پرواز کرنے والا ایسا ڈرون بنایا ہے جس پر ایک چھوٹا ربر کا سکشن کپ لگا ہے جس کی بدولت وہ بڑے جانور سمیت کسی بھی جگہ پر مضبوطی سے چمٹ سکتے ہیں۔
اس طرح آبی ڈرون وھیل پر سوار ہوکر ان کی نگرانی کرسکتے ہیں یا خاموشی سے دشمن کی آبدوزوں سے بھی جڑسکتے ہیں۔ ڈرون کا سکشن پمپ ریمورا نامی مچھلی سے بنایا گیا ہے۔ یہ مچھلی بڑے جانوروں سے چمٹ جاتی ہے اور انہیں تنگ کرنے والے کیڑے مکوڑوں یا طفیلیوں کو کھاتی رہتی ہے اور اس کے بدلے مفت میں سواری کےمزے لیتی ہے۔ کارخانہ قدرت میں اس عمل کو ’ہم زیستگی‘ یا سمبوائیوسِس‘ کہا جاتا ہے۔
بیجنگ میں واقع بی ہینگ یونیورسٹی کے لائی وین کا روبوٹ نہ صرف پانی میں تیر سکتا بلکہ بڑے سمندری جاندار سےچمٹ جاتا ہے بلکہ یہ ہوا میں پرواز کے دوران بھی اڑنے والی شے سے چمٹ سکتا ہے۔ اس کےلیے ریمورا مچھلی کاسکشن نظام تھری ڈی پرنٹر سے چھاپا گیا ہے۔ ربر پر مشتمل اس پیڈ کے تمام حصے جب ملتے ہیں تو وہ نمی سے بھرپور سکشن کپ کی طرح کام کرتے ہیں اور کسی بھی شے سے جڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
لیکن پانی میں ڈبکی لگانے کے لیے ماہرین نے کنگ فشر پرندے سے مدد لی ہے جو خاص انداز سے اپنے بازو سکیڑ کر گہرائی تک جاتا ہے اور شکار پکڑ کر لاتا ہے۔ عین اسی طرح ڈرون کی پنکھڑیاں بھی سکڑ کر بند ہوجاتی ہیں اور یوں وہ پانی میں تیزی سے آگے بڑھتا ہے۔
اس کے بعد پانی سے فضا میں آنے کے لیے ڈرون کی پنکھڑیاں کھل جاتی ہیں اور وہ اس تیزی سے گھومتی ہیں کہ وہ پانی کو چھوڑ کر کامیابی سے فضا میں بلند ہوجاتا ہے اور پرواز کرتا رہتا ہے۔
تجربہ گاہ میں 40 سینٹی میٹر لمبے روبوٹ نے پانی میں جاکر اندر تیرتے تیزرفتار روبوٹ سے چپک جانے کا کامیاب عملی مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد وہ الگ ہوگیا لیکن روبوٹ سے جڑنے کے بعد اس نے صرف 5 فیصد توانائی ہی حاصل کی۔ یہ روبوٹ بار بار ہوا میں اڑسکتا ہے اور بار بار پانی کے اندر جانے کی مکمل قدرت رکھتا ہے۔
مزید بہتری کے بعد اسے ڈھائی میٹر گہرائی میں آزمایا گیا ہے۔ اس کےبعد دھیرے دھیرے بیرونی کنٹرولر سے اس کا رابطہ کمزور دیکھا گیا ۔ اب ماہرین اس کے بہتر مواصلاتی نظام پر کام کررہے ہیں اور توقع ہے کہ یہ مزید گہرائی تک کام کرسکے گا۔
کثیرالمقاصد ڈرون کو وائلڈ لائف سروے، سائنسی تحقیق، سمندری جانوروں کی بقا، جاسوسی اور دیگر کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے اندر جی پی ایس نظام بھی نصب ہے۔