فوجی افسروں اور جوانوں میں اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں اعزازات دینے کی تقریب ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد نے افسران اور اہلکاروں میں اعزازات تقسیم کئے۔
فوجی افسران اور جوانوں کو 89 تمغہ امتیاز ملٹری ، 36 ستارہ امتیاز ملٹری اور 19 تمغہ بسالت سے نوازا گیا، شہید ہونے والے جوانوں اور افسروں کے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کیے۔
تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران اور ایوارڈز حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔

آئی ایم ایف سے دوحہ میں مذاکرات، پاکستان نے پٹرول پر سبسڈی میں کمی کا پلان دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف سے دوحہ میں مذاکرات کے دوران پاکستان نے پٹرول پر سبسڈی میں کمی کا پلان دے دیا،اس دوران بجلی کے نقصانات کم کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دوحہ میں مذاکرات کے دوران پٹرول مرحلہ وار مہنگا کرنے کا پلان دیا گیا، ذرائع کے مطابق پٹرول کی سبسڈی کے غریب طبقات تک محدود کرنے کے لیے بھی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ مذاکرات کے دوران بجلی کے نقصانات کم کرنے پر بھی بات چیت ہوئی، بجلی مہنگی کرنے کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔
حکومتی اور آئی ایم ایف وفد نے بجٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کے ڈیٹا پر تفصیلی بات چیت کی، پاکستان نے آئی ایم ایف کو اخراجات میں کمی کے لیے پلان دیا ہے اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کے لیے مختلف تجاویز پر گفتگو ہوئی، ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

عمرانی سرکار عوام پر قہر بن کر ٹوٹی، حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران سرکار عوام پر قہر بن کر ٹوٹی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جن میں جگنو محسن، بلال اصغر وڑائچ اور معاویہ اعظم شامل تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارکان اسمبلی نے آٹے کی قیمت میں ریکارڈ کمی پر وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے اقدام کی تعریف کی۔
اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی کے 4 سالہ دور میں مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی اور عمرانی سرکار عوام پر قہر بن کر ٹوٹی۔ عوام کے لیے درد نہ رکھنے والا حکمرانی کا حق نہیں رکھتا۔
انہوں نے کہا کہ چند روز میں آٹے کی قیمت میں کمی کر کےعوام کی مشکلات کم کی گئیں اور ہماری سیاست کا محور مخلوق خدا کی خدمت ہے۔ 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 روپے کے بجائے 490 روپے میں ملے گا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عام آدمی کو 10 کلو آٹا کے تھیلے پر 160 روپے کا ریلیف دیا گیا ہے جبکہ چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ سے حلف نہ لینا عوامی خدمت کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے مترادف ہے اور میں جب تک وزارت اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوں، عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔

نیپرا نے آئیسکو پر 6 کروڑ سے زائد کا جرمانہ عائد کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے آئیسکو پر 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔
نیپرا میں جولائی 2019 سے جون 2021 کے دوران کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ نیپرا کے مطابق مذکورہ مدت 2 سال کے دوران بجلی سے 39 افراد کی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔
اتھارٹی نے ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے 2 اراکین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی اور نیپرا تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق 39 میں سے 25 اموات میں آئیسکو قصور وار قرار پایا تھا اور 25 اموات میں سے 10 آئیسکو کے ملازمین اور 15 عام شہری تھے۔
نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت آئیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور سماعت کا موقع بھی دیا لیکن آئیسکو حفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ناکام رہا۔
اتھارٹی نے آئیسکو کو متاثرہ خاندانوں کو 35 لاکھ روپے فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی اور معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اتھارٹی نے آئیسکو کو سوگوار خاندانوں کو ملازمت بھی دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کل منی لانڈرنگ کیس میں عدالت پیش ہونے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں کل عدالت پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے بعد منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت، اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کل عدالت پیش ہو ں گے۔ وکیل امجد پرویز نے وزیراعظم شہباز شریف کو عدالت میں پیش ہونے کی تجویز دی تھی جس پر انہوں نے عملدرآمد کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کا نیشنل آئیکون ہوں، سہواگ سوچ سمجھ کر بولیں، شعیب اختر

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق قومی فاسٹ بالر شعیب اختر نے سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کہ میں پاکستان کا نیشنل آئیکون ہوں اس لیے میرے بارے میں وریندر سہواگ سوچ سمجھ کر بولیں۔
انہوں نے کہا کہ سہواگ کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے اگر اُنہیں آئی سی سی کے قوانین سے زیادہ معلوم ہے تو میں ان کی رائے مان لیتا ہوں۔
تاہم یہ ان کی اپنی زاتی رائے ہے جس پر میں کچھ نہیں کہنا چاہتا، لیکن میری رائے ان سے بہت مختلف ہے میں ان کو ایک بڑا کھلاڑی مانا جو ہندوستان کے لیے میچ ونر ثابت ہوسکتا تھا۔
شعیب اختر نے مزید کہا کہ میں اپنی زندگی کے ایک ایسے موڑ پر ہوں جب مجھے اپنی باتوں اور بولنے کے بارے میں بہت خیال رکھنا پڑتا ہے، اور میں نے شہواگ کا انٹرویو نہیں دیکھا۔ مجھے معلوم نہیں ہے کہ جب اس نے یہ کہا تو وہ مذاق کر رہا تھا یا سنجیدہ تھا، وہ میرا قریبی دوست ہے۔ میں اس پر اس قسم کے ریمارکس نہیں دے سکتا، میں اس کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
دو روز قبل سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر وریندر سہواگ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے بولنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دیا تھا، کہا کہ کہ شعیب اختر بولنگ کراتے ہوئے ہاتھ چھپا کر بھاگتے تھے اور جھٹکا مارکر گیند کرواتے تھے۔
بھارتی ڈیجیٹل شو کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شعیب اختر کو بھی معلوم ہے کہ ان کا بولنگ ایکشن غیرقانونی تھا۔
شعیب اختر نے پاکستان کے لیے 46 ٹیسٹ، 163 ون ڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی کھیلے، جس میں مجموعی طور پر 400 سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے پاس اب تک کی تیز ترین کرکٹ ڈلیوری کا ریکارڈ بھی ہے۔

حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب رہیں گے یا نہیں؟ نظریں الیکشن کمیشن پر لگ گئیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی نا اہلی سے متعلق ریفرنس کا محفوظ فیصلہ آج سنائے گا۔ اس فیصلے سے حمزہ شہباز کی وزارت اعلی براہ راست متاثر ہو گی۔
حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب کے منصب پر رہیں گے یا نہیں؟ سب کو بڑے فیصلے کا انتظار ہے، نظریں الیکشن کمیشن پر لگ گئیں۔ پی ٹی آئی کے پچیس منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف نااہلی ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سہ پہر تین بجے سنایا جائے گا، منحرف ارکان نے حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کیلئے ووٹ دیا تھا۔
تحریک انصاف کے جن 25 اراکین کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کیا گیا ان میں ، محمد اجمل، عبدالعلیم خان، نذیر احمد چوہان، محمد امین ذوالقرنین، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان، ملک غلام رسول، سعید اکبر اور دیگر شامل ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے ریفرنس کی سماعت کے دوران موقف اختیار کیا گیا کہ منحرف اراکین نے پارٹی فیصلے کے برعکس مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کو ووٹ دیا لہذا منحرف اراکین آئین پاکستان کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ، انہیں سزا کے طور پر ڈی سیٹ کر دیا جائے۔دوسری جانب منحرف اراکین کا اپنے دفاع میں کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے حوالے سے تحریک انصاف کی قیادت نے کوئی ہدایات جاری نہیں کی تھیں۔
واضح رہے کہ حمزہ شہباز وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے کے باوجود تاحال اپنی کابینہ تشکیل نہیں دے سکے، ان کے بطور وزیراعلی انتخاب کے خلاف سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

تحریک انصاف کا آج ملتان میں پاور شو، شرپسندوں نے بینرز پر سیاہی پھینک دی

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے آج ملتان میں جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جلسے سے عمران خان خطاب کریں گے، شہر میں لگے بینرز پر شرپسندوں نے بینرز سیاہی پھینک دی۔
ملتان میں جلسے کے لیے پینڈال سجا دیا گیا ، کارکنان ابھی سے جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے۔ جلسے میں آئندہ کا لائحہ عمل بھی دیا جائے گا،جلسہ گاہ کے اطراف پنافلیکس اور پارٹی پرچموں کی بہار ہے جبکہ فضا پارٹی کے گیتوں سے گونج رہی ہے۔
قاسم باغ سٹیڈیم میں عمران خان کے جلسے سے قبل شرپسندوں نے غیر اخلاقی کارروائی کرتے ہوئے عمران خان کے بینرز پر سیاہی پھینک دی، پی ٹی آئی کارکنوں نے نامعلوم ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی روانہ

کراچی : (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے کیلئے کراچی روانہ ہو گئے۔
دورہ کراچی کے وفد میں وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیرِ آبی وسائل سید خورشید شاہ اور معاونِ خصوصی فہد حسین وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے میں شپ یارڈ کا دورہ اور تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے دورۂ کراچی کے موقع پر کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر خصوصی اجلاس بلائے جانے کا بھی امکان ہے۔

سپریم کورٹ کا حکم ، نیب نے تقرر و تبادلوں پر فوری پابندی لگا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے حکم پر چیئرمین نیب نے نیب میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر فوری پابندی لگا دی ہے۔
نیب اعلامیہ کے مطابق حال ہی میں کی گئیں پوسٹنگزاورٹرانسفرز پر عملدرآمد بھی فوری طور پر روک دیا گیا ہے، چیئرمین نیب کی نیب ہیڈکوارٹرزاوربیوروز کو عدالتی فیصلے پرمن وعن عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے تحقیقاتی اداروں کی تفتیش میں حکومتی مداخلت سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران ہائی پروفائل کیسز ،خصوصی عدالت اورنیب کیسز میں تقرری وتبادلوں سے روک دیا تھا۔
حکومتی ارکان کے خلاف تفتیش میں مبینہ حکومتی مداخلت پر ازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ کر رہا ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیب لاہور اور ایف آئی اے سے کئی افسران کا تبادلہ کیا گیا، ہائی پروفائل کیسز میں تبادلے اور تقرریوں پر تشویش ہے۔