نقل کرنے والوں پر 1 سے 3 سال پابندی لگانے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے نقل اور کسی اور فرد کو امتحان میں بٹھانے والوں پر ایک سے 3 سال پابندی کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ نقل اور کسی اور فرد کو امتحان میں بٹھانے والوں پر ایک سے 3 سال تک پابندی ہوگی، سندھ میں نقل روکنے کے لیے مزید سخت فیصلے لینے ہوں گے، بچوں کو نقل جیسی بیماری سے بچانا ہوگا۔
نقل کروانے والے اساتذہ، والدین اور مافیا کے خلاف ایکشن ہوگا، انہوں نے بتایا کہ سکھر کے امتحانی مراکز میں ایک دن میں400سےزائد موبائل فون پکڑے گئے، جبکہ کراچی، حیدرآباد اور رانی پور میں 196 طالبعلم نقل کرتے پکڑے گئے جبکہ 61افراد کسی اورکی جگہ امتحان دینے پرپکڑے گئے۔
میرپورخاص میں ایک بھی نقل کا کیس سامنے نہیں آیا، ٹیموں کوامتحانی مراکز میں الرٹ کردیا گیا ہے، ایسا قانون بنانے جارہے ہیں کہ سندھ سے مستقبل میں نقل کا خاتمہ ہوجائے۔

عمران خان آج ملتان جلسے میں اسلام آباد مارچ کی تاریخ دیں گے

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) عمران خان آج ملتان کے جلسے میں اسلام آباد مارچ کی تاریخ دیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ملتان کے جلسے میں تاریخ بتاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ تک انسانوں کا سمندر اسلام آباد سے نہیں جائے گا، ہم امپورٹڈ حکومت نہیں جلد الیکشن چاہتے ہیں، اسلام آباد مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے۔
گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتخابات کے ذریعے تبدیلی چاہتے ہیں اور جب تک ہمیں شفاف انتخابات کی تاریخ نہیں ملے گی ہم اسلام آباد سے جانے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ میں سب سے بڑا انسانی سمندر اسلام آباد آنے والا ہے اور اسلام آباد مارچ سے پہلے ملتان کا جلسہ آخری ہے اور اسلام آباد مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے۔ لوگ اسلام آباد مارچ کے لیے جوش اور توانائی بچائیں۔
عمران خان نے کہا کہ اپنی قوم کو دوسروں کے لیے قربان نہیں کیا جاسکتا اور ہم امپورٹڈ حکومت نہیں بلکہ جلد الیکشن چاہتے ہیں۔

کینیڈا میں پاکستان کے نئے سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

کینیڈا : (ویب ڈیسک) ظہیر اسلم جنجوعہ نے کینیڈا میں بطور سفیر سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں، اس سے پہلے ظہیر اسلم جنجوعہ یورپین یونین، بیلجئیم اور لکسمبرگ میں سفیر رہ چکے ہیں۔
ظہیر اسلم جنجوعہ وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری برائے یورپ کی حیثیت سے خدمات سر انجام چکے ہیں۔ رشین فیڈریشن اور ریپبلک آف بیلاروس میں بھی پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔
نئے سفیر نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں اور پاکستان نژاد کینیڈینز کی خدمت کو اپنا مشن قرار دیا۔

ٹیکساس: آگ لگنے سے 7 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلا جنگل جل کرراکھ

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں آگ سے سات ہزار ایکڑ رقبے پر مشتمل جنگل جل کر راکھ ہو گیا۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق آگ کی شدت سے ساٹھ گھر بھی نذر آتش ہوئے۔ امریکی نیشنل ویدرسروس نے تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ کے مزید پھیلنے کا خدشہ ظاہرکرتےہوئے سولہ کاؤنٹیز میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم تاحال کامیابی نہیں مل سکی۔

فیفا مینز فٹبال کپ میں پہلی مرتبہ خواتین ریفریز خدمات نبھائیں گی

دوحہ: (ویب ڈیسک) فیفا مینز فٹبال کپ میں پہلی مرتبہ خواتین ریفریز خدمات نبھائیں گی۔
قطر فیفا ورلڈ کپ دو ہزار بائیس کا آغاز اکیس نومبر سے شروع ہو گا جس میں پہلی مرتبہ تین خواتین ریفریز اور تین اسسٹنٹ ریفریز خدمات سر انجام دیں گی۔
فیفا نے آفیشلز کی لسٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق مجموعی طور پر چھتیس ریفریز، انسٹھ اسسٹنٹ اور چوبیس ویڈیو آفیشلز میچز کے دوران فرائض سر انجام دیں گے۔

میکسیکو : خوفناک بس حادثے میں 14 افراد ہلاک، 20 زخمی ہو گئے

میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) میکسیکن ریاست جالسکو میں خوفناک بس حادثے میں 14 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بس بیری پروڈیوسنگ کمپنی کے ورکرز کو لے کر جا رہی تھی کہ ہائی وے پر بریک فیل ہونے کی وجہ سے پہاڑ سے ٹکرا گئی۔ شدید ٹکرکی وجہ سے بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
حادثے میں چودہ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ زخمی ہونے والے 20 افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

کراچی: پولیس اور متعلقہ اداروں کی مبینہ بھتہ خوری،تجاوزات مافیا کو کھلی چھوٹ مل گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں پولیس اور متعلقہ اداروں کی مبینہ بھتہ خوری کے سبب شہر کےمصروف مقامات اور چھوٹی بڑی شاہراہوں پر تجاوزات مافیا کو کھلی چھوٹ مل گئی۔ ٹھیلے اور پتھاروں کی بھرمار کے باعث شہری فٹ پاتھ پر پیدل چلنے کے حق سے بھی محروم ہیں۔
شہر قائد سے تجاوزات کا خاتمہ کڑا چیلنج بن گیا، کئی سالوں سے انسداد تجاوزات کارووائیاں جاری ہیں مگر متعلقہ اداروں کو کامیابی نہ مل سکی۔ شہر کی سڑکوں اور مصروف مقامات پر تجاوزات کی بھرمار سے ٹرِیفک مسائل اور حادثات معمول بن گئے، شہری فٹ پاتھ پر چلنے کے حق سے بھی محروم ہیں۔
شہر میں تجاوزات کی بھرمار متعلقہ اداروں کی مبینہ ملی بھگت کو ظاہر کر رہی ہے، شہری کہتے ہیں کہ پولیس اور ٹریفک پولیس سمیت تمام متعلقہ ادارے تجاوزات کو تحفظ دینے اور بھتہ وصولی میں ملوث ہیں۔
سڑکوں پر ٹھیلے اور پتھارے لگانے والے افراد بھی پولیس اور متعلقہ اداروں کے عملے کی بھتہ خوری پر پھٹ پڑے۔ کہتے ہیں کہ آمدنی ہو یا نہ ہو بھتہ دینے پر مجبور ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب بھی تجاوزات کا کوئی حل نہ نکال سکے، کہتے ہیں کہ شہری ساتھ دیں تو اس مسلہ سے نمٹا جاسکتا ہے۔ پولیس اور متعلقہ عملے کی مبینہ ملی بھگت کے باعث شہر میں تجاوزات کم ہونے کے بجائے بڑھتی جارہی ہیں جس سے مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

قرضوں کی تفصیلات پر سٹیٹ بینک کی رپورٹ تحریک انصاف کے خلاف چارج شیٹ ہے: شیری رحمن

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر اور وفاقی وزیرسینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ قرضوں کی تفصیلات تحریک انصاف حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ ہے
شیری رحمن نے اپنے بیان میں کہاکہ اسٹیٹ بینک کی تفصیلات کے مطابق گزشتہ 70 سال میں ملک کے مجموئی قرضے 29 ہزار ارب روپے تھے، بحران خان نے پونے چار سال کی بدترین حکومت میں ملکی مجموعی قرضے 53 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگئے۔
عمران خان کہتے تھے خودکشی کرلوں گا قرضہ نہیں لونگا، اقتدار میں آکر عمران خان نے 23 ہزار ارب روپے سے زائد قرضے لیے، شیری رحمان نے کہا کہ آج کل عمران خان جلسوں میں ماضی کی حکومتوں پر ملک کو قرضوں میں دھکیلنے کا الزام دے ہے۔
پاکستان کو غیر ملکی قرضوں کی دلدل میں پھنسا کر آزادی اور خود داری کے نعرے لگا رہے، تحریک انصاف کا دوہرہ معیار اب بے نقاب ہو چکا ہے۔

ملکی سیاست میں آج اہم دن ، افواہوں کا بازار گرم وزیراعظم شہباز شریف کا قوم سے خطاب

وزیر اعظم شہباز شریف کا ایک روزہ دورۂ کراچی

وزیر اعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔

وزیر اعظم کراچی شپ یارڈ اور انجینئیرنگ ورکس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

پاکستان ٹیلی ویژن تقریب کی کاروائی براہ راست نشر کرے گا۔

اس موقع پرترکی کے وزیر دفاع عزت مآب جناب خلوصی آقار بھی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔

بعد ازاں وزیر اعظم کراچی کی معروف کاروباری شخصیات سے ملیں گے، اور ملک کو درپیش مشکل معاشی حالات سے نمٹنے کے لیے ان کی تجاویز سنیں گے۔

ڈالر کی اڑان جاری، انٹر بینک میں مزید 40 پیسے مہنگا

کراچی : (ویب ڈیسک) ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے، انٹر بینک میں مزید 40 پیسے مہنگا ہو گیا۔
انٹربینک میں ڈالر40 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 200 روپے 40 پیسے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر202 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ نئی حکومت کے دور میں ڈالر 17 روپے 47 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔