پرویز الٰہی نے وزیر اعلٰی پنجاب کا انتخاب لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعلٰی پنجاب کا انتخاب چیلنج کر دیا۔
درخواست میں سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حمزہ شہباز کے پاس مطلوبہ نمبرز نہیں ، درخواست کے حتمی فیصلے تک حمزہ شہباز کو بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کام سے روکا جائے۔
عدالت نے حمزہ شہباز سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 مئی کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی دی۔

عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر کےعہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست پر لارجر بنچ بناتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کردی.
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پر رجسٹرار آفس اعتراضات کے ساتھ سماعت کی ،عمر سرفراز چیمہ وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں حاضر ہوئے۔
وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رجسٹرار آفس نے دو اعتراض عائد کئے ہیں، کہا گیا برطرفی کے نوٹیفکیشن کی وٹس ایپ کاپی لگائی گئی ہے، دوسرا اعتراض لگایا گیا کہ یہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، نوٹیفکیشن ہمیں نہیں دیا گیا تھا اس لیے نہیں لگا سکے
اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ صدر کا کیا اختیار ہے اور کہاں ان پر بائنڈنگ ہیں یہ سب طے شدہ ہے یہ پارلیمانی نظام حکومت ہے صدارتی نظام حکومت نہیں، گورنر کو تو ڈی نوٹی فائی وفاق نے کیا ہے۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پر لارجر بنچ تشکیل دیتے ہوئے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

بجلی صارفین کے لئے بری خبر، قیمت 4 روپے 5 پیسے مزید بڑھنے کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی سے پستے عوام کے لئے ایک اور بری خبرسامنےآ گئی، بجلی 4روپےپانچ پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا 31 مئی کو سماعت کرے گا۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی ہے، اپریل میں 13 ارب 55 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی پیدا کی گئی جس کی فی یونٹ پیداواری لاگت 10 روپے 66 پیسے فی یونٹ رہی۔ اپریل کے لئے ریفرنس لاگت 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، نیپرا اتھارٹی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔
اضافے کااطلاق کے الیکڑک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا، سی پی پی اے کے مطابق اپریل میں پانی سے 18.55 فیصد کوئلے سے 16.74 فیصد اور فرنس آئل سے 12.07 فیصد بجلی پیدا کی گئی ،فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ لاگت 28 روپے 19 پیسے فی یونٹ رہی ، اپریل میں مقامی گیس سے 9.85 فیصد ،درآمدی ایل این جی سے 19.42 فیصد، جوہری ایندھن سے 17.37 فیصد اور ہوا سے 3.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

خیبرپی کے حکومت کا غریب گھرانوں کو مفت راشن کی فراہمی کیلئے سکیم کا اجراء

پشاور : (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے کم آمدنی والے گھرانوں کو مفت راشن کی فراہمی کے لئے فوڈ کارڈ سکیم کا اجراء کردیا ،50 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ سکیم کے تحت 25 ہزار سے کم ماہانہ آمدنی والے گھرانوں کو بنیادی اشیائے خورو نوش کی خریداری کے لئے نقد رقم فراہم کی جائے گی، انصاف فوڈ کارڈ سکیم کے ذریعے مستحق خاندانوں کو ماہانہ 2100 روپے دیئے جائیں گے، وزیراعلیٰ کہتے ہیں سکیم سے دس لاکھ خاندان مستفید ہونگے۔ دوسری جانب شہریوں نے بھی فوڈ کارڈ سکیم کو سراہا، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے کم آمدن والے افراد کی مشکلات میں کمی ہو گی۔ فوڈ کارڈ سکیم پر سالانہ 26 ارب روپے لاگت آئے گی، رواں سال جولائی سے اس کا اطلاق ہو گا جبکہ اگلے مرحلے میں مزید خاندانوں کو بھی سکیم میں شامل کیا جائے گا۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ مقامات پر بارش کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشترعلاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کچھ مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور اسلام آباد میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جنوبی پنجاب میں موسم شدید گرم رہے گا، ملتان میں درجہ حرارت پینتالیس، بہاولپورمیں چھیالیس، ڈیرغازی خان میں انچاس تک جانے کی پیشگوئی ہے۔ سندھ میں موہنجو داڑو، مٹھی اور نوابشاہ میں درجہ حرارت اڑتالیس، دادو میں انچاس تک جانے کا امکان ہے۔

پاکستانی ارب پتی محمد ظہور نے یوکرین کو 2طیارے عطیہ کئے

پاکستانی ارب پتی محمد ظہور کی جانب سے یوکرین کو روس کے خلاف جنگ کے لیے دو لڑاکا طیاروں کی خریداری میں مدد کی گئی ہے۔

برطانوی نژاد پاکستانی تاجر، محمد ظہور نے یوکرین کو دو لڑاکا طیارے روس سے جنگ میں مدد کے لیے دیئے ہیں کیونکہ تا حال روس کی جانب سے یوکرین پر حملے جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد ظہور یہ مدد یوکرینی عوام کے جنگ زدہ یوکرین سے محفوظ انخلاء کے لیے کر رہے ہیں۔

محمد ظہور کی اہلیہ، یوکرینی گلوکارہ، کمالیہ ظہور کا اس سے متعلق کہنا ہے کہ ’میرا شوہر اور دیگر امیر دوست مل کر روس کے خلاف جنگ میں خاموشی سے یوکرین کی مدد کر رہے تھے، میرے شوہر نے یوکرین کی فضائیہ کے لیے دو جیٹ طیارے خریدنے میں بھی مدد کی ہے۔‘

کمالیہ ظہور کا مزید کہنا ہے کہ ’ میرے شوہر نے مجھے یہ بتانے کے لیے گرین سگنل دیا ہے کیوں کہ اس سے قبل وہ یہ مدد راز رکھنا چاہتے تھے۔‘

پاکستانی عازمین حج کیلئے چھ کورونا ٹیسٹ لیبارٹریزکی فہرست جاری کسی اور لیبارٹری کا سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوگا

کراچی : سعودی حکومت نے رواں برس پاکستانی عازمین حج کے لیے کورونا ٹیسٹ کرنے کی مجاز چھ لیبارٹریز کی فہرست جاری کر دی ہے۔

پاکستان میں موجود سعودی سفارتخانے کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پاکستانی عازمین حج جو کسی بھی ایئرپورٹ سے مکہ یا مدینہ روانہ ہونگے ان کے لیے لازم ہوگا کہ وہ صرف منتخب شدہ چھ لیبارٹریز سے ہی کورونا ٹیسٹ اور اس کی رپورٹ جمع کروائیں کسی اور لیبارٹری کا سرٹیفکیٹ کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔

3جون ،ملکہ برطانیہ کی پلاٹنیم جوبلی ،نیشنل یونین آف ریل میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹر کا ہڑتال کا اعلان

ملکہ الزبتھ دوئم کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات کے دوران ہی برطانیہ کی نیشنل یونین آف ریل، میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹر (RMT)نے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، نیشنل یونین آف ریل، میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹر(RMT) کو ہڑتال کا اعلان کرکے ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات میں خلل ڈالنے پر سخت ردِ عمل کا سامنا ہے۔

ایک شاہی مبصر نے ہڑتال کے اعلان کو مکمل طور پر ’اشتعال انگیز سلوک‘ قرار دیا ہے اور ساتھ ہی یہ مطالبہ بھی کیا کہ ہڑتال کرنے کے فیصلے کے ذمہ داران کو برطرف کیا جانا چاہیے۔

یہ ہڑتال 3 جون کو مقرر کی گئی ہے جوکہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر ہوگی اور 24 گھنٹے جاری رہے گی۔

اس حوالے سے آر ایم ٹی (RMT) کے جنرل سیکرٹری مک لائنچ نے کہا کہ’ہیوسٹن اور گرین پارک ٹیوب (ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم) کے عملے کو ایک مینیجر کی طرف سے کئی سالوں سے مسلسل زیادتیوں اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے جس کی وجہ سے ماحول بہت خراب ہوگیا ہے۔‘

پریم ناتھ کی سپرسٹار بینا رائے سے شادی،راجکپور، دلیپ کمار کی بطور باراتی شرکت

بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار، ہدایت کار اور ماضی کے ہیرو پریم ناتھ کی شادی اپنے عہد کی بڑی ہیروئن بینا رائے سے 1952 میں ہوئی۔

واضح رہے کہ بینا رائے نے انارکلی، گھونگٹ اور تاج محل جیسی ہٹ فلموں میں کام کرکے شہرت حاصل کی۔

اپنے وقت کی فلمی دنیا کی اس بڑی شادی کی تقریب میں پریم ناتھ کے بہنوئی راج کپور (یاد رہے کہ پریم ناتھ کی بہن کرشنا، راج کپور کی اہلیہ تھیں)، لیجنڈری اداکار دلیپ کمار (یوسف خان) اور ان کے خاندانوں نے بطور باراتی شرکت کی۔

گزشتہ برس ایک تصویر جس میں راج کپور ان کے بیٹے رندھیر کپور اور دلیپ کمار نمایاں تھے آن لائن شیئر ہوئی، جس نے ان عظیم شخصیات کے پرستاروں کو ماضی کی یاد دلادی۔

اس تصویر میں پریم ناتھ گھوڑے پر بیٹھے نظر آرہے ہیں جبکہ کمسن رندھیر کپور شہ بالا بنے ماموں کے پیچھے بیٹھے ہیں جبکہ راج کپور اور دلیپ کمار نے بطور باراتی گھوڑے کی لگام تھام رکھی ہے۔

فٹ بال ورلڈکپ کیلئے ریفریزکے پینل کا اعلان پہلی بار 6 خواتین ریفریزبھی شامل

رواں سال نومبر اور دسمبر میں قطر میں کھیلے جانے والے فٹبال ورلڈکپ 2022 کے لیے ریفریز پینل کا اعلان کردیا گیا، 6 خاتون ریفریز اور اسسٹنٹ ریفریز بھی پہلی مرتبہ ورلڈکپ فٹ بال کی تاریخ میں میچز سپروائز کریں گی۔

فٹبال ورلڈکپ کے لیے ریفریز کے پینل کا اعلان فیفا ریفریز کمیٹی کے چیئرمین پیرلیوگی کولینا نے کیا۔

فٹبال ورلڈکپ کی 92 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تین خاتون ریفریز اور تین خاتون اسسٹنٹ ریفریز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

خاتون ریفریز میں فرانس کی اسٹیفنی فریپارٹ، روانڈا کی سلیمہ موکنسانگا اور جاپان کی یوشیمی یامشیتا شامل ہیں۔

میگا ایونٹ کے پینل میں مجموعی طور پر 36 ریفریز، 69 اسسٹنٹ ریفریز اور 24 میچ وڈیو فیشلز شامل کیے گئے ہیں