کھارادر بم دھماکے میں استعمال موٹر سائیکل کا پتہ لگا لیا گیا

کراچی : (ویب ڈیسک) کھارادر بم دھماکے میں مبینہ طورپراستعمال موٹر سائیکل کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
تحقیقاتی افسران کے مطابق تباہ شدہ موٹر سائیکل کا چیسز،انجن اور رجسٹریشن نمبر مل گیا۔ذرائع کے مطابق مبینہ طورپر دھماکے میں استعمال موٹر سائیکل ماضی میں ایک بار چوری ہوئی پھر مل گئی تھی۔
موٹر سائیکل شیخ پرویز رحمان نامی شخص کی نام پر رجسٹرڈ ہے۔ جس جا 6 ماہ قبل انتقال ہوچکا ہے۔ پرویز رحمان کے انتقال کے بعد موٹر سائیکل انکے نوکر صابر کو دی گئی تھی۔
صابر نامی شخص کی گرفتاری کیلئے گلستان جوہر کے ایک گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی تاہم صابر چھاپے سے قبل ہی فرار ہوچکا تھا ۔
تحقیقاتی اداروں کی صابر نامی شخص کی تلاش میں مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ تحقیقاتی اداروں نے موٹر سائیکل کا سراغ تباہ شدہ چیسسز کے حصے جوڑ کر لگایا ۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اپنی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ کاغذی بازار بولٹن مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے میں چار سے ساڑھے چار کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل کی سیٹ کے نیچے نصب کیا گیا تھا۔
دھماکے میں کمرشل ایکس پلوسیو استعمال کیا گیا، واقعے میں استعمال ہونے والے بال بیئرنگ صدر دھماکے میں بھی استعمال ہوئے تھے۔

کھارادر دھماکے میں جاں بحق خاتون دوپٹے سپلائی کرنے بازار گئی تھیں

کراچی : (ویب ڈیسک) کھارادر دھماکے میں جاں بحق خاتون دوپٹے سپلائی کرنے بازار گئی تھیں۔
کراچی کے علاقے کھارادر میں ہونے والے بم دھماکے میں جاں بحق خاتون گارڈن شو مارکیٹ کی رہائشی تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق خاتون گھر میں دوپٹے کی تیاری کے بعد کاغذی بازار میں سپلائی کرتی تھی۔
دھماکے کے وقت خاتون مال کی سپلائی کے لئے جائے وقوعہ پر رکشے میں موجود تھی۔جاں بحق خاتون 4 بچوں کی ماں تھی۔
خاتون کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر شو مارکیٹ کے قریب ادا کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی میں کاغذی بازار کے قریب دھماکہ ہوا ، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جب کہ تین پولیس اہلکاروں سمیت گیارہ افراد زخمی ہو گئےتھے۔

چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، چین کی ویکسین کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، احسن اقبال و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، وزارت داخلہ اور سیکیورٹی ادارے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔
ادھر وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سائنو ویک کے وفد نے بھی ملاقات کی اور وزیرِاعظم کو ویکسینیشن مہم کے دوران سائنو ویک کی فراہمی پر بریفنگ دی۔ کمپنی نے پاکستان میں بیماریوں کی تشخیص، بچاؤ اور علاج میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا، جس پر وزیراعظم نے چینی کمپنی کی طرف سے سرمایہ کاری کی اس پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ صحت کو معاملہ پر ایک ٹاسک فورس بنانے اور فوری کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے پر کام شروع کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان کورونا کے دوران چینی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

کنگنا رناوت بالی ووڈ فلموں کی مسلسل ناکامی پر شدید برہم

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت جنوبی بھارتی فلموں کے سامنے بالی ووڈ فلموں کی مسلسل ناکامی پر شدید برہم ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کو ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کنگنا نے کہا کہ وہ محسوس کرتی ہیں کہ کس طرح ہندی فلموں کے اداکاروں کے بچوں کو فلموں میں موقع دیکر باصلاحیت لوگوں کو محروم رکھا جاتا ہے۔
اداکاروں کے بچوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے بالی ووڈ کوئن کا کہنا تھا کہ ان کا اپنے فن کے سلسلے میں فلم بینوں سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اور یہی وجہ ہے کہ ہندی فلمیں ساتھ کی فلموں کا مقابلہ نہیں کر پارہی ہیں۔
کنگنا کا کہنا تھا کہ جنوبی بھارت کے اداکار اپنی فلم کی کہانی اور فلم بینوں کے ساتھ مکمل طور پر جڑے ہوتے ہیں، جبکہ ہندی فلموں کے اداکاروں کے بچے ابلے ہوئے انڈوں کی طرح ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان فلموں کے ہندی ترجمہ والی فلموں نے بھی بالی ووڈ فلموں کو پچھاڑ کر رکھ دیا۔

پی سی بی نے محمد حسنین کا دوبارہ بائیومکینک ٹیسٹ کرا لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پی سی بی نے فاسٹ بالر محمد حسنین کا دوبارہ بائیو مکینک ٹیسٹ کروالیا ہے۔
پی سی بی محمد حسنین کی بالنگ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کرے گا۔ محمد حسنین کے پہلے بائیو مکینک ٹیسٹ میں بازو کا خم 15 ڈگری کی حد کے اندر پایا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی فاسٹ بالر کا ایکشن بھی ری ماڈل کیا گیا ہے۔

قومی کرکٹرز کے کنڈیشنگ کیمپ کا پہلا مرحلہ شروع

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹرز کے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر (این ایچ پی سی) لاہور میں کنڈیشنگ کیمپ کا پہلا مرحلہ شروع ہو گیا ہے، کپتان بابر اعظم بیرون ملک ہونے کی وجہ سے شریک نہیں۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں کنڈیشنگ کیمپ کا آغاز ہوگیا، کیمپ کے ابتدائی روز تعارفی سیشن میں کوچز نے لیکچرز دئیے، لیکچرز میں قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف، باؤلنگ کوچ شان ٹیٹ اور فیلڈنگ کوچ عبدالمجید نے کھلاڑیوں کو کیمپ کا مقصد واضح کیا۔
سابق کرکٹر مشتاق احمد اور این ایچ پی سی کے کوچ عمر رشید نے بھی تعارفی سیشن میں شرکت کی اور اس موسم میں کھلاڑیوں کو کنڈیشنگ کیمپ کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو مرحلوں میں کنڈیشنگ کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے پہلا مرحلہ 25 مئی تک جاری رہے گا جس میں 27 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

حنیف عباسی کو عوامی عہدہ رکھنے سے روک رہے ہیں: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ حنیف عباسی کو عوامی عہدہ رکھنے سے روک رہے ہیں، امید ہے حنیف عباسی آئندہ سماعت تک عوامی عہدہ استعمال نہیں کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی حنیف عباسی کے خلاف شیخ رشید احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ حنیف عباسی کی جانب سے احسن بھون ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا اگر کوئی سزا یافتہ ہو تو وہ پبلک آفس ہولڈ نہیں کر سکتا۔ وکیل احسن بھون نے کہا کہ میں عدالت کی معاونت کروں گا کہ معاون خصوصی کا عہدہ دیگر پبلک آفسز جیسا نہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا شیخ رشید صاحب، آپ بھی وزیر داخلہ رہے ہیں، ابھی مسنگ پرسنز کے کیسز چل رہے تھے، عدالت کیا کرے؟۔

لاہور: شہریوں کا خوب امتحان لینے کے بعد دوسری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں جاری دوسری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا۔ آج بھی درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات نے بدھ سے تیسری ہیٹ ویو شروع ہونے کے امکانات ظاہر کر دئیے۔
شہریوں کا خوب امتحان لینے کے بعد دوسری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ پیر کی طرح آج بھی لاہور میں بادلوں کی موجودگی اور ہوا نے گرمی کو پچھلے قدموں پر دھکیل دیا ہے۔ آج بھی شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ماہرین موسم اِس وقتی کروٹ کو نعمت قرار دے رہے ہیں۔
ایک طرف سے اگر دوسری ہیٹ ویو کمزور پڑ گئی ہے تو دوسری جانب تیسری ہیٹ ویو بھی آنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ سے لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں تیسری ہیٹ ویو شروع ہونے کے قوی امکانات ہیں جو زیادہ شدید ہوگی۔ خدشہ یہ بھی ظاہرکیا جا رہا ہے کہ آنے والے سالوں کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

سی ٹی ڈی کی مردان میں کارروائی، 9 دہشتگرد گرفتار

سی ٹی ڈی مردان ریجن نے ضلع مہمند میں کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

محکمہ انسداد دہسشتگردی مردان ریجن کے مطابق ضلع مہمند میں دہشتگردوں کی تخریب کاری کی غرض سے موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی جس میں 9  دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے 2 عدد خود کش جیکٹ، ایک عد د کلاشنکوف بمعہ 3 عدد میگزین، ایک پستول 9MM، دو عدد ہینڈ گرینڈ ،4 عدد راکٹ لانچر کےگولے اور بارودی مواد برآمد کیے گئے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہےکہ ملزمان سی ٹی ڈی کو اہم دہشتگردی کے مقدمات میں مطلوب تھے

پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت چینی شہریوں کی سکیورٹی کے معاملے پر اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ کے حکام، چیف سیکرٹریز، سکیورٹی اور سی پیک کے حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت  کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امن کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے بھی فوری اقدامات کیے جائیں اور سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کسی طرح بھی قابل قبول نہیں۔