کویت میں مٹی کا طوفان، پروازیں معطل، بندرگاہ بند

کویت میں مٹی کے طوفان کے باعث ایئرپورٹس اور بندرگاہوں پر آپریشنز معطل کر دیے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق کویت کو گرد و غبار کے طوفان نے لپیٹ میں لے رکھا ہے جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ پروازیں معطل کر دی گئی ہیں اور بندرگاہوں پر میری ٹائم آپریشنز روک دیے گئے ہیں۔فضائی امور ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے نیا شیڈول صورتحال بہتر ہونے پر جاری کیا جائے گا۔طوفان کی وجہ سے حدنگاہ کم ہونے سے نظام زندگی متاثر ہوا ہے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں کمی آئی ہے اور فضائی آپریشن معطل ہونے سے پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہوئی ہے جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

 

صومالیہ میں امریکی فوج دوبارہ تعینات، جوبائیڈن نے احکامات جاری کر دیئے

موغادیشو: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوزف بائیڈن نے صومالیہ میں امریکی فوج کی دوبارہ تعیناتی کے احکامات جاری کر دیے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی فوج صومالیہ میں دہشت گرد تنظیم الشباب کے خلاف مقامی فورسز کو مدد فراہم کرے گی۔ اس مقصد کے لیے پانچ سو امریکی فوجی صومالیہ میں تعینات رہیں گے۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صومالیہ سے تمام امریکی افواج کو واپس بلا لیا تھا۔ اس وقت وہاں سات سو امریکی فوجی تعینات تھے۔

نیٹو کی توسیع سے نہیں بلکہ پڑوس ممالک میں فوجی تنصیبات سے خطرہ ہے، پوٹن

ماسکو: (ویب ڈیسک) صدر ولادمیر پوٹن نے کہا ہے کہ اگر سویڈن اور فن لینڈ نیٹو میں شامل ہوتے ہیں تو روس کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تاہم نیٹو کی فوجی تنصیبات ان ممالک میں نہیں ہونی چاہیے۔
رائٹرز کے مطابق پوٹن نے خبردار کیا کہ امریکی قیادت میں اگر نیٹو نے فن لینڈ یا سویڈن میں فوجی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی کوشش کی تو روس بھرپور جواب دے گا۔
پوٹن جنہوں نے حالیہ مہینوں میں مغرب کو جوہری حملوں کی دھکمی سے جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کے فیصلوں پر غیرمعمولی طور پر اطمینان کا مظاہرہ کیا ہے۔
پوٹن نے کہا کہ روس کو فن لینڈ اور سویڈن کے نیٹو میں شامل ہونے پر کوئی اعتراض نہیں، لہٰذا ان ممالک کی شمولیت سے (نیٹو کی) توسیع بھی روس کیلئے فوری خطرے کا باعث نہیں ہے لیکن ان ممالک میں نیٹو کی فوجی تنصیبات یقینی طور پر ہمارے ردعمل کو بھڑکا دے گی۔

وائٹ ہاؤس دوبارہ میرا گھر بنے گا، میلانیا ٹرمپ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ دوبارہ خاتول اول بننے کے لیے پُر امید ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میلانیا ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں امید ظاہر کی ہے کہ وائٹ ہاؤس دوبارہ ان کا گھر بنے گا اور وہ ایک بار پھر بحیثیت خاتول اول اپنے فرائض انجام دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹرمپ انتظامیہ کے چار سالہ دورہ اقدار میں بہت کچھ حاصل کیا، میں نے تنقید کے باوجود اپنی ذمے داری نبھائی، ڈونلڈ ٹرمپ 2024 کے صدارتی انتخابات کی بھرپور مہم چلائیں گے، ہمارے پھر سے اقتدار میں آنے کے امکانات ہیں۔
میلانیا نے کہا کہ اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں ںے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 21 ویں صدی میں امریکا میں بچوں کے خوراک کے مسائل ہیں، ان کے لیے غذا موجود نہیں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا میں موجودہ مسائل کی ذمے دار جوبائیڈن انتظامیہ ہے۔

امریکی ٹرانسپورٹ کمپنی کا روبوٹ کے ذریعے کھانے کی ترسیل کا تجربہ

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) امریکی ٹرانسپورٹ کمپنی اوبر روبوٹ اور خودکار گاڑیوں کے ذریعے کھانے کی ترسیل کا تجربہ کررہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ خودکار نظام ( آٹومیشن) مستقبل میں منافع حاصل کرنے کا بہترین طریقہ ہے اس لیے کپمنی امریکی شہر لاس اینجلس میں دو تجرباتی پروگرام شروع کررہی ہے جس میں مختصر سفر کے لیے چار پہیوں والے روبوٹ اورطویل فاصلے طے کرنے کے لیے خود کار ڈرائیونگ والی کاریں شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پیر سے شروع ہونے والے اس تجربے کے بعد سے زیادہ تر لاس ایجنلس کے Uber Eats کے صارفین کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنے آرڈرز روبوٹس کے ذریعے حاصل کرسکیں۔
اس تجربے کی سربراہی کرنے والے کمپنی کے رکن نوح زیچ کاکہنا ہے کہ ‘یہ اوبر پر ڈیلیوری کرنے والی خود کار گاڑیوں کا پہلا باب ہے’۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق Uber کی مالیاتی ترقی کے لیے خوراک کی خودکار ترسیل بہت اہم ہے۔
واضح رہے کہ بہت سی کمپنیاں صارفین تک اشیاء پہنچانے کے لیے روبوٹ استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ،جیسے کے ایمازون اور ڈومینوز جیسی بڑی فرمز نے اس ٹیکنالوجی میں اپنا ہاتھ ڈال دیا ہے۔

کاؤنٹی کرکٹ کے میچ میں شہد کی مکھیوں نے حملہ کر دیا

لندن: (ویب ڈیسک) کاؤنٹی کرکٹ کے میچ میں شہد کی مکھیوں نے حملہ کر دیا جس سے کھلاڑیوں اور امپائر نے زمین پر لیٹ کر جان بچائی۔
بابائے کرکٹ انگلینڈ میں جاری کاؤنٹی چیمپئن شپ میں لیسسٹر شائر اور سسیکس کے دوران میچ کھیلا جا رہا تھا کہ شہد کی مکھیوں نے حملہ کر دیا جس سے بچنے کے لیے کھلاڑی اور امپائر زمین پر لیٹ گئے۔
کمنٹری کرنے والوں نے بھی خوب قہقہے لگائے جس سے کرکٹ شائقین بھی محظوظ ہوئے، کچھ ہی دیر کھیل رکنے کے بعد کھیل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرسکتے ہیں، ہر شخ پر نظر رکھنا ناممکن ہوتا ہے: سعید غنی

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم سب مل کر ہی دہشت گردی کا مقابلہ کرسکتے ہیں، اتنے بڑے شہر میں ہر شخص پر نظر رکھنا نا ممکن ہوتا ہے۔
کاغذی بازار بولٹن مارکیٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد جائے وقوع اور اسپتال میں پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وقار مہدی کے ہمراہ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ لگتا یہی ہے کہ دھماکہ پلانٹڈ تھا اور بظاہر پولیس موبائل ٹارگٹ تھی تاہم حتمی طور پر تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ کے بعد ہی کچھ کہنا ممکن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں ملک کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتی ہیں، جامعہ کراچی اور صدر دھماکے کی تحقیقات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور پولیس ان دونوں کیسز میں مجرمان تک پہنچ جائے گی۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں رینجرز اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو اعتماد دینا چاہیے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے اس عزم کا بھی اظہا رکیا کہ انشا اللہ پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف جہاد کرے گی اور بیگناہ شہریوں کے قاتلوں کو عبرتناک انجام تک پہنچائے گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی: دو لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ٹی سی پی کو مؤخر ادائیگی پر دو لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ای سی سی نے یہ اجازت وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں دی۔اجلاس میں وفاقی وزرا، وفاقی وزرائے مملکت، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کے پرائس ڈیفریشیل کلیمز کی ادائیگی کی سمری پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ای سی سی نے سمری کی تحت 55 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی، سپلنٹری گرانٹ مئی 2022 کے پہلے 15 دن کے لیے منظور کی گئی۔
ای سی سی کے اجلاس میں وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے یوریا کی درآمد سے متعلق سمری پیش کی جس پر ٹی سی پی کو مؤخر ادائیگی پر دو لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بروز منگل طلب کرلیا ہے۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی سے متعلق یادگاری نوٹ جاری کرنے کی منظوری شامل ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کامرس ڈویژن کی جانب سے درآمدات، برآمدات اور تجارتی خسارے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں آئی ٹی برآمدات، کارکردگی اور متوقع شرح نمو سے متعلق بریفنگ بھی شامل ہے۔

ماحولیات سے متعلق گزشتہ حکومت کے پراجیکٹس نہیں روکے جائيں گے: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقى وزیر موسمیاتی تبديلى شيرى رحمان نے کہا کہ ماحولیات سے متعلق گزشتہ حکومت کے پراجیکٹس نہیں روکے جائيں گے، ہيٹ ويو پر ٹاسک فورس قائم ، سندھ اور پنجاب میں ہزار سے زائد ہیٹ ویو سینٹر بنا دیئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہیٹ ویو پر اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹاسک فورس بنانے کا حکم دیا ہے، پاکستان دنیا کے دس ممالک میں شامل ہے جس میں موسمیاتی تبدیلیاں تیزی سے ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کاپ کانفرنس بہت ضروری ہوتی ہے جس میں ملکوں کا معائنہ کیا جاتا ہے کہ ہم نے لوگوں کا تحفظ کرنا ہے، پاکستان میں 30 سے 31 برفانی جھیلیں ايسى ہیں جو متاثر ہوسکتی ہے، سندھ اور پنجاب میں ہزار سے زائد ہیٹ ویو سینٹر بنا دیئے ہیں۔
چیئر مین این ڈی ایم اے اختر نواز نے کہا محکمہ موسمیات کم مشينرى کے باوجود بہت اچھا کام کر رہا ہے، پہلے سے الرٹ جارى کرنے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ماحولياتى تبديلى سے متعلق عوام کو آگاہى دينا ضرورى ہے۔