ماریوپول کے اسٹیل ملز میں زخمی فوجیوں کے انخلاء کیلئے جنگ بندی پر اتفاق

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین کے شہر ماریوپول کے اسٹیل ملز میں محصور زخمی فوجیوں کے انخلاء کے لیے عارضی جنگ بندی پر اتفاق رائے ہو گیا۔
روسی وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق زخمی یوکرینی فوجیوں کو مقامی ہستپال پہنچانے کے لیے محفوظ راستہ دیا جائے گا۔
ایزوستال سٹیل ورکس میں موجود یوکرینی اہلکار کئی ہفتوں سے روسی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ہتھیار ڈالنے سے انکاری ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بھی متعدد بار ایزوستال میں محصور افراد کے انخلاء کی کوشش کر چکے ہیں۔

لندن میں نواز شریف سے اداکار عدنان صدیقی کی ملاقات

لندن: (ویب ڈیسک) لندن میں سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے اداکار عدنان صدیقی نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے حوالے سے عدنان صدیقی کا کہنا تھاکہ لندن میں فلم کی تشہیر کر رہے ہیں اور سابق وزیراعظم کو فلم دیکھنے کی دعوت دینے آیا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف سے ملاقات بہت زبردست رہی اور انہوں نے ملاقات میں انڈسٹری کی بہتری کیلئے اقدامات کا بتایا۔
عدنان صدیقی کا کہنا تھاکہ ملاقات میں فلم پالیسی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔
خیال رہے کہ نواز شریف نومبر 2019 سے لندن میں زیرعلاج ہیں اور ان سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات ملتی رہی ہیں۔

کراچی میں بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکا، خاتون جاں بحق اور 12 افراد زخمی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکےمیں خاتون جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایم اے جناح روڈ پر نیومیمن مسجد کے قریب گودام میں دھماکا ہوا جس کے بعد آگ لگ گئی، دھماکا اقبال مارکیٹ کے گودام میں ہوا۔
دوسری جانب ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کاعملہ بھی وقوعہ پر پہنچ گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق بم موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ علاوہ ازیں پولیس نے کہا کہ دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں منتقل کیا جارہا ہے جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی آصف زرداری اور فضل الرحمان سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی گہما گہمی کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے کی۔
وزیراعظم اور سابق صدر کے درمیان ملاقات میں موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شہباز شریف نے لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آصف علی زرداری کو اعتماد میں لیا۔
دوسری طرف وزیراعظم سے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مولانا کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

مہمند میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 9 دہشت گرد گرفتار، بھاری تعداد میں بارود برآمد

پشاور: (ویب ڈیسک) محکمہ انسداد دہسشتگردی مردان ریجن نے مہمند ایجنسی میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گرد مجرم اشتہاری محب اللہ ،احسان اللہ دہشت گردی کے اہم مقدمات میں سی ٹی ڈی مردان ریجن کو مطلوب تھے۔
اس حوالے سے حکام نے بتایا کہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ضلع مہمند میں دہشت گرد تشکیل کی صورت میں موجود ہیں، ملزمان کے قبضے سے 2عدد خود کش جیکٹ ،ایک عد د کلاشنکوف مع 3 عدد میگزین، ایک پستول 9MM، دو عدد ہینڈ گرینڈ، 4 عدد راکٹ لانچر کےگولے اور بارودی مواد برآمد کیا ہے۔
حکام کے مطابق زیر حراست دہشت گردوں کی شناخت محب اللہ، احسان اللہ، افتخار، سمیع اللہ، عرفان، عصمت اللہ ، فرہاد علی، اشتیاق اور عبدالرازق شامل ہیں۔ علاوہ ازیں حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش جاری ہے جن سےمزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

امیتابھ بچن کا تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کو سوشل میڈیا پر بڈھا کہنے اور تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب مل گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سینئر اداکار نے سوشل میڈیا پر صبح ساڑھے گیارہ بجے ’صبح بخیر‘ لکھ کر پوسٹ شیئر کی جس پر ایک صارف نے انہیں طعنہ دیتے ہوئے کہا آپ نے بہت جلدی ’گڈ مارننگ وش‘ نہیں کردیا؟۔
امیتابھ بچن نے جواب دیا کہ میں ساری رات کام میں مصروف تھا اسی لیے دیر سے اٹھا اور مداحوں کو صبح بخیر کہا، اگر اس سے آپ کی دل آزاری ہوئی ہے تو معافی چاہتا ہوں۔
دریں اثنا ایک اور صارف نے بالی ووڈ کے شہنشاہ پر نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے تنقید کی کہ ’ابے بڈھے، یہ گڈ مارننگ کا وقت نہیں، دوپہر ہوچکی ہے۔‘ جس پر امیتابھ بچن نے کہا میری دعا ہے جب تم معمر ہوجاؤ تو تمہارا کوئی مذاق نہ اڑائے۔
لیجنڈری اداکار کی جانب سے اس شاندار جواب پر مخالفین کا منہ بند ہوگیا، اس موقع پر امیتابھ کے مداحوں نے ایسے ردعمل کی تعریف کی۔

امپورٹڈ حکومت بری طرح پھنس چکی، بہت جلد انتخابات دیکھ رہا ہوں: محمود خان

ایبٹ آباد: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت بری طرح پھنس چکی ہے، بہت جلد انتخابات دیکھ رہا ہوں۔
ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کو کامیاب بنانے میں ایبٹ آباد سمیت پورے خیبر پختونخوا کا سب سے اہم کردار ہوگا، اس ماہ کے دس دن اہم ہیں، بہت جلد انتخابات ہوتا دیکھ رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے انتخابات میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی، زرداری انتخابی اصلاحات کی بات کر رہا ہے، وہ پہلے سندھ میں اصلاحات تو کرے، جس پر فرد جرم عائد ہونا تھا وہ ملک کا وزیراعظم بن گیا، نااہلوں کو پتہ بھی نہیں کہ وہ کس دلدل میں پھنس گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تناول انٹرچینج کا منصوبہ حویلیاں ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور رابطہ سڑکوں کے منصوبے بھی اگلے بجٹ شامل کریں گے۔

سارے مجھے ہرانے کیلئے اکٹھے ہوگئے، سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا:عمران خان

صوابی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے، صرف الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں۔ سارے مجھے ہرانے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، انشااللہ ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا۔
پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صوابی والوں آپ اسلام آباد کے قریب ہو، یہاں دلیر نوجوانوں سے اسلام آباد ملنا چاہتا ہوں، ملک کی حقیقی آزادی کے لیے آپ نے اسلام آباد آئیں گے، جواسلام آباد نہیں آئے گا وہ صوابی میں نکلے گا، غلامی اور امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت منظور نہیں کریںگے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی جنگ میں 80 ہزارپاکستانیوں نے قربانیاں دیں، جنگ میں قبائلی علاقوں کے لوگوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ 80ہزارلوگ قربان کردیئے کیا امریکا نے شکریہ ادا کیا؟ ہمارے فوجیوں کی امریکا سے تین گنا زیادہ شہادتیں ہوئیں، یاد رکھوغلاموں کی کوئی عزت نہیں ہوتی، امپورٹڈ حکومت امریکی سازش کے تحت مسلط کی گئی، کسی صورت امریکا کے غلام، چوروں، ڈاکوؤں کو تسلیم نہیں کرنا۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ زرداری، شریفوں نے 10 سال حکومت کی، دس سال ڈیزل ان کے ساتھ فٹ ہوا تھا، تھری سٹوجز نے 10سال حکومت کی تو 400 ڈرون حملے ہوئے، چارہزارمیل دوربیٹھ کرقبائلی علاقوں میں ڈرون حملے کیے گئے۔ اس دوران بچے، بزرگ مرے، باجوڑ کے مدرسے میں 64 بچے شہید ہوئے، وزیرستان میں ڈرون حملوں میں 60 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے، وزیرستان میں جب لوگ بچانے آئے تو دوسرا ڈرون حملہ کر دیا گیا، شادیوں، جنازوں میں ڈرون حملے ہوئے، زرداری ،گیدڑنوازشریف نے ایک بارپھی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج نہیں کیا۔ کیا امریکا اپنے ملک میں دہشت گرد کومارنے کے لیے ڈرون حملہ کرے گا؟ کیا برطانیہ ہمیں متحدہ بانی جیسے دہشت گرد کومارنے کے لیے ڈرون کی اجازت دے گا؟
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان دوخاندانوں کواس لیے مسلط کیا گیا ان میں جرات نہیں ہے، دونوں خاندان پیسے کی پوجا کرتے ہیں، یہ کبھی پاکستانیوں کے حقوق کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے، یہ کبھی اپنے آقاؤں کے سامنے زبان نہیں کھولیں گے اس لیے مسلط کیا گیا، ان کوپتا تھا عمران کبھی بیس نہیں دے گا۔ ان کوپتا ہے عمران خان کا جینا مرنا پاکستان ہے، اس لیے یہ سازش کی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ 30 سال سے دو خاندان ملک میں حکمرانی کر رہے ہیں، شہباز شریف کہتا ہے ہم تو بھکاری اس لیے غلام ہیں، ان کا ایک وزیر کہتا ہے ہم تو امریکا کی غلامی کرنے پر مجبور ہیں، پاکستانیو!یہ دو بت کی پوجا کرتے ہیں، ایک پیسے اور دوسرا خوف کا بت ہے، ہمارے نبیﷺ نے پہلے لوگوں کو خوف سے نجات دلائی تھی، ہم نے علامہ اقبال کا شاہین بننا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایف آئی اے ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو رہا ہے، شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے نے بڑی محنت سے کیس بنائے تھے، اور 24 ارب کا کیس پکڑا، ایف آئی اے کا ایک افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گیا، ایف آئی اے پر اب ایک قاتل کو بٹھا دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ساتھ اب وہی ہو گا جو ایم کیو ایم نے آپریشن کرنے والے پولیس والوں کے ساتھ کیا، ایم کیو ایم کی کارروائیوں کے بعد آج تک سندھ پولیس اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکی اور صوبے میں رینجرز بلانا پڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاپان پرایٹم بم گرا لیکن اپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے، افغانستان میں 40 سال سے انتشار ہے لیکن پھربھی قوم تگڑی ہے، جب قوم کی اخلاقیات ختم کردی جائے توقوم مرجاتی ہے، قوم پہلے اخلاقی پھر معاشی طور پر مرتی ہے، 60 فیصد کابینہ کے لوگ ضمانتوں پر ہے، کرائم منسٹراوران کے بیٹوں کے خلاف 24 ارب کے کیسز ہیں، کرائم منسٹر کا بھائی مفرور، چور، ڈاکو اور جھوٹا ہے، مفرور کی بیٹی سزا یافتہ اس کو رینجرز کا پروٹوکول مل رہا ہے، جب ایسے لوگوں کو بڑے عہدوں پر بٹھادیا جائے توملک کی اخلاقیات تباہ ہوجاتی ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے 450 وزیروں کو کرپشن کے خلاف پکڑا، ہمارے نبی ﷺ نے مسلمانوں کو کہا، اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، اللہ کا حکم ہے برائی کے خلاف جہاد کرو، جب بڑے، بڑے مجرم اقتدارمیں آجائے تو اس معاشرے کا کوئی مستقبل نہیں، آپ نے اسلام آباد پہنچنا ہے گرمی اوربارش کو نہیں دیکھنا، ہم دنیا کے سب سے عظیم نبی ﷺ کے امتی ہیں، ہمیں کوئی خوف نہیں ہے، ہم چوروں، غلاموں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، ہم صرف ایک چیزچاہتے ہیں الیکشن کراؤ، تاکہ عوام فیصلہ کریں کہ ملک کی قیادت کون کرے گا۔ ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے۔ اوپر بیٹھے ہوئے جاوروں سے بھی گرے ہوئے لوگ ہیں، میں بتاؤں گا وہ کونسا زہر ہے جو کھانے میں ملاؤ تو ہارٹ اٹیک ہوتا ہے۔
جلسے کے دوران کارکنوں کی طرف سے ڈیزل کے نعرے لگائے جانے کے بعد مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیزل خود کو بڑا اسلام کا ٹھیکے دارسمجھتا تھا، میں سمجھا تھا ڈیزل تعلیم کی وزارت لے گا لیکن اس نے کمیشن بنانے والی وزارت کولیا، سارے مجھے ہرانے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، انشااللہ ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا، صوابی کے لوگوں کوجنون وشعورپرخراج تحسین پیش کرتا ہوں، صوابی کے لوگ برے وقت میں بھی میرے ساتھ کھڑے رہے۔

برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے فرنچ اوپن میں نمائندگی سے دستبردار

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے سیزن کے دوسرے گرینڈ سلیم ’’فرنچ اوپن‘‘ میں نمائندگی سے دستبردار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق 35 سالہ ٹینس پلیئر اینڈی مرے نے خراب طبیعت کے باعث میڈرڈ اوپن کو ادھورا چھوڑ دیا تھا۔
اب انہوں نے فٹنس کو مزید بہتر بنانے اور ٹینس سیزن کے تیسرے گرینڈ سلیم ’’ومبلڈن چیمپئن شپ‘‘ سمیت آئندہ ایونٹس میں جیت پر نظریں جماتے ہوئے رواں ماہ 22 تاریخ سے پانچ جون تک جاری رہنے والے فرنچ اوپن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

فیس بک کا ہیک اکاؤنٹ بحال کرنے کا طریقہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی سب سے مشہور ویب سائٹ فیس بک کو دنیا بھر کے اربوں لوگ استعمال کرتے ہیں، جہاں اس پر کچھ کمپنیاں اور نوجوان پیسے کما رہے ہیں تو وہیں فیس بک پر کافی عرصے سے ایک نت نیا سر درد سب کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے، فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد اُسے بحال کرنے کا طریقہ ہر کوئی جاننا چاہتا ہے۔
یہ جاننا ایک خوفناک احساس ہے کہ جس کو آپ نہیں جانتے اس نے آپ کا فیس بُک اکاؤنٹ ہیک کرکے تصویروں اور پیغامات تک غیر قانونی رسائی حاصل کرلی تو آپ کو اپنا اکاؤنٹ بحال کرنے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔
آپ کا فیس بک اکاؤنٹ آپ کی ذاتی جگہ ہے جس تک آپ کی اجازت کے بغیر رسائی حاصل نہیں کرنی چاہیے۔ تاہم، فیس بک اکاؤنٹس کے ہیک ہونے کے واقعات غیر معمولی نہیں ہیں لیکن اب آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ایسے طریقے ہیں جن کے ذریعے آپ اپنا اکاؤنٹ واپس حاصل کر سکتے ہیں۔
فیس بک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ آپ کے پاس ورڈ کا اندازہ لگانا یا ان کی ہیکنگ کی مہارتوں کو استعمال کرنا ہے۔ جب آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہوجائے تو آپ کو سب سے پہلا کام یہ کرنا چاہیے کہ آپ کو اپنا پاس ورڈ تبدیل کرنا ہے۔
اس کے بعد آپ کو ’پاس ووڈ اور سکیورٹی‘ والے آپشن پر جائیں، وہاں سے آپ یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ آپ کا اکاؤنٹ کہاں کہاں لاگ اِن ہے۔ اگر آپ کو کوئی ایسا سسٹم نظر آتا ہے جو آپ کا نہیں ہے لیکن وہاں آپ کا اکاؤنٹ لاگ اِن ہے تو آپ کو فوری طور پر اس سسٹم سے اپنا اکاؤنٹ ہٹا دینا چاہیے۔
• Suspicious لاگ اِن پر کلک کریں۔
• Secure اکاؤنٹ منتخب کریں۔
پھر ان اقدامات پر عمل کریں جو فیس بک دکھائے گا جب آپ اپنے اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے آگے بڑھیں گے۔
• آپ سپورٹ پیج کے ذریعے فیس بک سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
• پاس ورڈ اور سیکیورٹی والے آپشن پر جائیں۔
• ’Get Help‘ پر کلک کریں۔
• پھر رپورٹ کریں کہ آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔
اگر ہیکر نے آپ کو آپ کے فیس بک اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ کر دیا ہے، تو Facebook.com/ hacked پر جائیں۔ آپ سے اپنا فون نمبر درج کرنے کو کہا جائے گا جو آپ کے فیس بک اکاؤنٹ سے منسلک ہے۔
اگر آپ کا درج کردہ نمبر آپ کے رجسٹرڈ نمبر سے لنک کرتا ہے، تو فیس بک آپ کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔