وزیراعظم شہبازشریف کا چینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف کا چینی وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے،دونوں وزرائے اعظم نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک پارٹنر شپ کونقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دینگے۔
پاک چین وزرائے اعظم نے دوطرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اوراتفاق کیا کہ پاک چین شراکت داری کو عوامی مفادات کے ساتھ امن و استحکام کےلیے جاری رکھنا چاہیے،دو طرفہ تعاون کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے رابطے بڑھائیں گے۔
وزیراعظم نے جامعہ کراچی حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پراظہارافسوس بھی کیا اوردہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک چینی شہریوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کااظہارکیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجرمانہ فعل کی مکمل تحقیقات کر کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لائیں گے،پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ حکومت پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی۔
وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت پراظہارتشکرکرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں گے،سی پیک کی وجہ سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل فعال کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے میں کردار ادا کرنے والے چینی حکام کے تجربے سے سیکھنا چاہتے ہیں،دونوں ممالک کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبوں بالخصوص ایم ایل ون پرکام کرینگے۔
اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون،تجارت کو بڑھانے اورسرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے تیار ہیں۔

سی این جی ایسوسی ایشن کا اسٹیشنز بند کرنے کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) سی این جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور عدم دستیابی پر سی این جی ایسوسی ایشن نے غیر معینہ مدت تک کے لیے اسٹیشنز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرس میں سی این جی ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ انکو مجموعی گیس میں سے صرف اعشاریہ 5 فی صد دی جارہی تھی جس کی قیمت میں 3 سو روپے فی کلو پر پہنچا دی گئی ہے، ملک بالخصوص سندھ میں سی این جی سیکٹر کو سازش کے تحت تباہ کیا گیا ہے۔
سی این جی ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ فرٹیلائزر، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں کی طرح انکے سیکٹر کو بھی رعایتی نرخ پر گیس دی جائے تو ملکی معیشت کو خاطر خواہ فائندہ پہنچ سکتا ہے۔
نمائندوں کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایس ایس جی سے کے لائن لاسز 18 فی صد اور ایس این جی پی ایل کے 8 فی صد ہیں جو کہ دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، ان اداروں کی نااہلی کی سزا بھی انکے شعبے اور عوام کو اٹھانا پڑ رہی ہے۔

دنیا کی طویل العمر خاتون کی عمر کتنی ہے؟ بڑا دعویٰ

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقی خاتون جوہاننا مازیبوکو نے دنیا 128 ویں سالگرہ منانے کے بعد دنیا کی معمر ترین خاتون کا اعزاز حاصل کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون جوہاننا مازیبوکو نے 128 ویں سالگرہ مناکر نیا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا ہے تاہم ابھی تک گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے جوہاننا کے دنیا کے معمر ترین خاتون ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔
معمر ترین خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں دودھ اور جنگلی پالک کے کثرت سے استعمال سے انہیں 128 سال تک پہنچنے میں مدد کی۔
اپنی 128 ویں سالگرہ کے موقع پر جوہاننا نے اپنی شناختی کاغذات تھام رکھے تھے جس پر ان کی تاریخ پیدائش 1894 درج تھی۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کی معمر ترین خاتون ہونے کی دعویدار خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی پیدائش کے بعد برطانوی استعمار کے مظالم، نسل پرستانہ فسادات اور دو عالمی جنگیں بھی دیکھیں۔
خاتون کے پچاس سے زائد پوتے پوتیاں اور پر پوتے پوتیاں و نواسے نواسیاں ہیں۔

عمران خان کے دو فون چوری کرلیے گئے، شہباز گل کا دعویٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے الزام عائد کیا ہے کہ سیالکوٹ جلسے کے بعد ائیرپورٹ سے سابق وزیراعظم عمران خان کے دو فون چوری کرلیے گئے۔
اپنے بیان میں شہباز گل کا کہنا تھاکہ سیالکوٹ میں جان بوجھ کر عمران خان کو سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کے دو فون چوری کرلیے گئے ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھاکہ عمران خان کے جلسہ گاہ سے جانے کے بعد ائیرپورٹ سے فون چوری کروائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ آپ تو بالکل بوکھلا گئے ہیں، عمران خان نے جو ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا، وہ ان فونز سے نہیں ملنا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کیا تھا۔

حسن شیخ محمد صومالیہ کے نئے صدر منتخب

موغا ديشو: (ویب ڈیسک)صومالیہ میں ایک سال بعد بالآخر ارکان اسمبلی کی رائے دہی کے ذریعے ملک کے نئے صدر کا انتخاب ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ میں سیاسی بحران اب ختم ہوتا نظر آتا ہے۔ ملک کے نئے صدر کے طور پر قانون سازوں نے موجودہ صدر محمد عبداللہی کے مقابلے میں حسن شیخ محمد کا انتخاب کرلیا ہے۔
نومنتخب صدر حسن شیخ محمد 2012 سے 2017 تک ملک کے صدر رہے ہیں۔ صدر کے عہدے کے لیے 36 امیدوار دوڑ میں شامل تھے جس میں حسن شیخ محمد کو سب سے زیادہ (165) ووٹ ملے۔
ملک میں صدارتی الیکشن ایک سال سے تعطل کا شکار تھے جس میں عوام کی رائے دہی سے صدر کا انتخاب کرنا تھا لیکن سیاسی جماعتیں الیکشن کے طریقہ کار پر متفق نہ ہوسکی تھیں تاہم اب قبائلی رہنماؤں کی جانب سے منتخب کردہ ارکان اسمبلی اور سینیٹرز نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔
صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں نئے صدر کے اعلان پر ہوائی فائرنگ کر کے جشن منایا گیا۔ نومنتخب صدر حسن شیخ محمد ملک کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب کریں گے۔
سیاسی عدم استحکام اور حکومت سازی میں رکاوٹوں کے بعد نئی حکومت کی تشکیل امکان پیدا ہپوگیا ہے تاہم اس نئی حکومت کو سیکیورٹی، دہشت گردی اور خوراک کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہوگا۔

سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں چودہ امریکی ڈالر کی گراوٹ دیکھی گئی اور نئی قیمت 1799 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔
تاہم عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود ملکی صرافہ مارکیٹوں میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک لاکھ 36 ہزار 600 روپے ہو گئی ہے۔
یہ پاکستان میں سونے کی اب تک کی بلند ترین قیمت ہے۔
اُدھر 10 گرام سونے کی قیمت 600 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 17 ہزار 112 روپے ہوگئی ہے۔

ن لیگ کا عثمان بزدار کیخلاف محکمہ اینٹی کرپشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی مبینہ کرپشن کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ چیئر مین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان اقتدار سے نکلنے کے بعد پارسائی کے دعوے کر رہے ہیں، عمران خان ایسا تاثر دے رہے ہیں، جیسے ان سے صاف آدمی ملک میں کوئی نہیں ہے۔ گزشتہ حکومت میں عمران خان نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ سال 2019 میں ایمنسٹی کے ذریعے بلیک منی کو وائٹ کروایا گیا، ایمنیسٹی اسکیم ان کے قریبی لوگوں کے لیے تھی، ایمنیسٹی اسکیم کے ذریعے عمران خان کے قریبی لوگوں کی کرپشن چھپانی گئی۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ عثمان بزدار کے خلاف پنجاب اینٹی کرپشن میں درخواست دائر کریں گے، پنجاب میں ایک ایک پوسٹنگ پر کروڑوں روپوں کا ریٹ لگایا گیا، عثمان بزدار کا 4 ایکڑ کا ملتان میں اسپینش ولا ہےجس کی مالیت 70 کروڑ روپے ہے، عثمان بزدار نے تونسہ کے قریب 5 ارب روپے کی زمین لی۔ عثمان بزدار ڈمی وزیر اعلیٰ تھے جن کے ذریعے کرپشن کروائی گئی، پنجاب میں ایک ایک پوسٹنگ پر کروڑ کا ریٹ لگایا گیا، کرپشن کا منصوبہ بنی گالہ سے چلایا جاتا رہا ہے، عثمان بزدار اور ان جیسے لوگوں کو صرف کرپشن کے لیے لایا گیا، عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ بننے سے پہلے چند کروڑ کے اثاثے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ٹیکسٹائل مل میں 12 کروڑ کی سرمایہ کاری ہے، عثمان بزدار کو لگانے کا مقصد ایسا ڈمی لگانا تھا جو خود بھی مال کمائے، بنی گالا میں بھی دے، عثمان بزدار کے ذریعے 10 ارب روپے کے ناجائز اثاثے بنائے گئے۔ پی ٹی آئی کے جلسوں اور عمران خان کے سفر پر خرچوں کے پیسے کہاں سے آئے؟ عثمان بزدار نے غریب عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا، بزدار نے ملک کے وسائل کو بےدردی سے لوٹا، عمران خان نے سہولت کار کا کام کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عثمان بزدار نے 10 ارب کے اثاثے کیسے بنائے؟ عثمان بزدار کے فرنٹ مین بھی ملک کو لوٹنے میں مصروف رہے، عمران خان کے دور میں کسان نے 10 گنا زیادہ قیمت پر کھاد خریدی، عثمان بزدار کو تمام کرپشن کا جواب دینا ہوگا۔

آئینی ادارے اپنی ذمہ داری ادا کریں اور ملک میں الیکشن کرائیں، فرخ حبیب

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مطالبہ کیا ہے کہ آئینی ادارے اپنی ذمہ داری ادا کریں اور ملک میں الیکشن کرائیں، انتخابات کے انعقاد میں جتنی تاخیر ہوگی اتنا پاکستان کا نقصان ہو گا۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے الزام عائد کیا کہ حکومت ملک کو قحط کی طرف لے جارہی ہے اور کشمیریوں پر سودے بازی کی جا رہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ لٹیروں اور ڈاکوؤں کی حکومت کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، ان کے پاس مقصود چپراسی کے نام پر پیسہ چوری کرنے کے علاوہ کوئی مہارت نہیں۔ انہوں ںے کہا کہ 24 لوگوں پر قتل کا مقدمہ ہے، پاکستان کو مذاق نہ بنایا جائے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کے دور میں لوگوں کا علاج مفت شروع ہو رہا تھا، مفتاح اسماعیل کہہ رہا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام اچھا پروگرام ہے، ہمارے پیکجیز کے باعث ایکسپورت میں 26 فیصد اضافہ ہوا، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 26 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان کی جان صرف عمران خان کی نہیں 22 کروڑ عوام کی ہے، حکومت سیکیورٹی کے نام پر ٹوپی ڈرامہ نہ کرے، عمران خان امت مسلمہ کی آواز ہیں، عمران خان کی سیکیورٹی پر کمپرومائز نہیں ہونے دیں گے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ہم انہیں انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے، حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے والے پی ٹی آئی ارکان نااہل ہوں گے، یہ سارے ملک کو لوٹ کر کھا گئے ہیں۔

CIRCLEاور L’Oréal Fund for Women کے درمیان کم آمدن والی5ہزار خواتین میں ڈیجیٹل خواندگی اور مالیاتی مہارت کے فروغ کیلئے شراکت داری

لاہور: (ویب ڈیسک)خواتین کی زیر قیادت غیر منافع بخش ٹیک اسٹارٹ اپ CIRCLEنے
L’Oréal Fund for Womenکے ساتھ شراکت کا اعلان کیا ہے،تاکہ خواتین کو ڈیجیٹل خواندگی اور کاروباری مہارتوں کے ذریعے کمزور حالات میں مضبوط بنانے کے اس کے مشن کی حمایت کی جاسکے۔
پاکستان میں آن لائن آبادی میں 36فیصد کی شرح سے اضافہ ہورہا ہے،جس میں آج70ملین سے زائد فعال سوشل میڈیا صارفین ہیں،تاہم ملک کو بڑھتی ہوئی صنفی ڈیجیٹل تقسیم کا سامنا ہے،جس میں زیادہ خواتین کے پاس ڈیجیٹل ٹولز سیکھنے اور فوائد اٹھانے کی کمی ہے،جو ان کی آمدن کو بڑھا سکتے ہیں۔پاکستان میں خواتین کی لیبر فورس میں شرکت کی شرح 25فیصد کے ساتھ دنیا میں سب سے کم ہے،جس میں 8فیصد خواتین چھوٹے کاروباروں سے منسلک ہیں،جو کوویڈ19کے باعث معاشی طور پر کمزور ہوگئی ہیں،جس نے نہ صرف موجودہ عدم مساوات کو بڑھا دیا ہے بلکہ خواتین اور سماجی اور اقتصادی طور پر غیر متناسب سطح پر متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو زیادتی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
صنفی مساوات کے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے سرکل کے نئے ڈیجیٹل خواندگی پروگرام کا مقصد 5ہزار پاکستانی خواتین کیلئے ڈیجیٹل خواندگی کی تربیت کو تیز کرنا اور اسے بڑھانا ہے۔پائلٹ ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام سے350سے زائد گریجوئٹ خواتین اپنے چھوٹے کاروباروں کو آن لائن شروع کرنے کے قابل ہوئیں،جن کی ماہانہ آمدن میں 5تا20ہزار روپے اضافہ کی اطلاعات ہیں۔ایک مطالعہ کے مطابق معاشی طور پر بااختیار عورت پورت خاندان اور برادری میں مثبت مشاہدہ کا باعث بنتی ہے۔
سرکل کی شریک بانی صدف عابد کا کہنا ہے کہ”پاکستان میں خواتین کے موبائل انٹرنیٹ کے استعمال اور موبائل منی اکاؤنٹ(جی ایس ایم اے)کی ملکیت کا امکان49فیصد کم ہے،انٹر نیٹ تک رسائی اور بنیادی ڈیجیٹل خواندگی ایک انسانی حق ہے،ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک خواتین کی رسائی،کاروبار اور معلومات کے تبادلہ کیلئے موبائل والٹ ان کو معاشی با اختیار بنانے اورسماجی بہبود کو کافی حد تک ممکن بنا سکتے ہیں۔ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کو یواین وویمن کے تعاون سے وبائی مرض کے مطابق ڈیزائن اور پائلٹ کیا گیا،یہ پروگرام
L’Oréal for Women Fund کے تعاون سے ملک بھر میں 5ہزار کم آمدن والی خواتین تک اختراعی ڈیجیٹل خواندگی کے پروگرام کو فروغ دے گا۔“
اس شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے L’Oréal for Women Fund کے منیجنگ ڈائریکٹر جنید مرتضیٰ نے کہا کہ ”ہم ہمیشہ سے ایسے مواقعوں کی تلاش میں رہتے ہیں،جہاں ہم خواتین کی زندگیوں میں تبدیلی لاسکیں،پاکستا ن عالمی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سیایک ہے،تاہم یہاں لیبر فورس میں خواتین کی شرکت 25فیصد اور انٹر پرینیور شپ میں محض ایک فیصد ہے،ہم مزید خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے تعاون کرینگے،سرکل کے ساتھ ہماری یہ شراکت داری کم مراعات یافتہ پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ڈیجیٹل دنیا تک رسائی حاصل کرنے کے قابل بنائے گی،اور ان کی روز مرہ کی ضروریات جیسے تعلیم،قانونی حقوق،صحت اور بچوں کی دیکھ بھال میں مدد کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی مہارتوں کے حصول میں بھی مدد فراہم کرے گی،جو ڈیجیٹل معیشت اور کمائی کا لازمی حصہ ہیں۔
L’Oréal پاکستان کا مقصد اس شراکت داری کے ذریعے کم آمدن والے خاندان کی خواتین کو ڈیجیٹل خواندگی اور بنیادی مہارتوں کے ساتھ با اختیار بنانا ہے،تاکہ وہ غربت سے لڑنے،سماجی اور پیشہ وارانہ انضمام حاصل کرنے اور عدم مساوات کے نتیجہ میں ہونے والے ممکنہ نقصانات سے خود کو محفوظ رکھنے میں مدد حاصل کرسکیں،مزید بر آں یہ پروگرام خواتین کی اپنی کمیونٹی کے درمیان اور دیگر اداروں کے ساتھ روابط استوار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،جو ان کے کاروباری منصوبوں میں ان کی مدد کرسکتے ہیں۔
CIRCLEاور L’Oréal Fund for Women کے درمیان یہ شراکت داری اقوام متحدہ کی جانب سے متعین پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs)کا احاطہ کرے گی،خاص کر SDG 5(صنفی مساوات)،SDG 8(شمولیاتی اقتصادی ترقی)،اور
SDG 17 (شراکت داری)۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کا دستخط شدہ جواب الجواب قبول کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پنجاب کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس میں تحریک انصاف کا جمع کرایا گیا دستخط شدہ جواب الجواب قبول کر لیا۔
‏چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن پی ٹی آئی کے 25 ‏منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنسز پر سماعت کی، تحریک انصاف نے ‏دستخط شدہ جواب الجواب جمع کرا دیا۔ منحرف ارکان کے وکیل شہزاد شوکت نے کہا کہ ‏دستخط شدہ اور بغیر دستخط شدہ جواب الجواب مختلف ہے، نیا جواب الجواب مسترد کیا جائے۔
وکیل پی ٹی آئی فیصل چودھری نے کہا کہ یہ ٹیکنیکل خامی کے پیچھے چھپنے کی کوشش ‏کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا ‏جمع کرایا گیا جواب الجواب قبول کرلیا، منحرف ارکان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کے ‏تحت پارلیمانی پارٹی ارکان کو ہدایات جاری کرتی ہے، ممبرسندھ ناصردرانی نے ‏استفسار کیا ‏کہ کیا پارلیمانی پارٹی کا لیڈر بھی پالیسی جاری کرسکتا ہے۔
وکیل نے کہا کہ پارٹی چیئرمین ‏ہدایات جاری نہیں کرسکتا، عمران خان نے پی ٹی آئی ارکان پنجاب ‏اسمبلی کو چار اپریل ‏کو خط کے ذریعے پرویزالٰہی کو ووٹ دینے کی ہدایت دی، آج جو جواب الجواب جمع کروایا ‏گیا ‏اس میں بیان حلفی عمران خان کا نہیں سبطین خان کا ہے۔
عمران خان بیان حلفی دینے ‏سے ہچکچا کیوں رہے ہیں، انہیں پتا ہے کہ جھوٹے بیان حلفی پر کارروائی ہوسکتی ‏ہے، الیکشن کمیشن نے سماعت کل دن 12 بجے تک ملتوی کردی۔