عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات میں بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کے بجائے عمران خان سیاسی مخالفین کو ہٹ کریں، عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کوانٹرویو دیتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جب بھی عمران خان کے پاس جاتا ہوں تو یہی کہتا ہوں ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی نہیں کرنی بلکہ ہمارا ہدف ہمارے سیاسی مخالفین ہونے چاہئیں، اسٹیبلشمنٹ کی اس سے زیادہ ‘نیوٹریلٹی’ کیا ہو گی کہ ایک وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی اور اسٹیبلشمنٹ نے اس دوران کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پونے چار سالہ دورِ اقتدار میں خارجہ پالیسی کے محاذ پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اُن کے تعلقات میں اُونچ نیچ آتی رہی اور معاملات حل بھی ہوتے رہے، کوشش ہے دونوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوں، ہم عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں بہتری کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں قومی اسمبلی کے لیے فوری انتخابات ہوں اور صوبائی حکومتیں اپنی مدت پوری کریں، عمران خان جو دباؤ ڈال رہے ہیں اور لانگ مارچ کا عندیہ دے رہے ہیں وہ اسی لیے ہے کہ جلد سے جلد نئے الیکشن ہوں۔
پرویز الہی نے کہا کہ شہباز شریف اب کیوں بیساکھیاں تلاش کررہے ہیں، اب یہ کیوں کسی کو ملوث کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اب یہ حکومت کریں اور ڈلیور کر کے دکھائیں، اشیا کی قیمتیں نیچے لے کر آئیں اور بجلی کا مسئلہ ٹھیک کریں، پاکستان کی معیشت کو اگر فوری طور پر سہارا نہ ملا تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شریف برادران کے ساتھ ہمارا ٹریک ریکارڈ اتنا اچھا نہیں تھا، اُنہوں نے ہر موقع پر ہمیں دھوکا دیا، ہم 22 برس تک مسلم لیگ (ن)کے ساتھ رہے اور کئی مواقع پر وزارتِ اعلیٰ کے وعدے کے بعد بھی ہمیں دھوکا دیا گیا، شجاعت حسین اور اُن کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے، طارق بشیر چیمہ بھی موجودہ حکومت میں وزیر ہیں، لیکن وہ مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں، جیسے ہی وزارتیں ختم ہوں گی تو سب گھر واپس آ جائیں گے۔

صوبے کے عوام کے لئے آٹا ، چینی اور گھی سستا کرنے کا فیصلہ کر لیا:وزیر اعلی پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کریں گے، صوبے کے عوام کے لئے آٹا ، چینی اور گھی سستا کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے متحرک ، ان کا کہنا تھا کہ میرے بھائی بہن مشکل میں ہیں، فوری ریلیف ان کا حق ہے۔ خصوصی ریلیف پیکیج سے عام آدمی کی مشکلات میں کمی ہو گی۔ قیمتوں میں اتنی کمی کی جائے جس سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ صوبے کے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔ 15 روز گزر چکے، ریلیف پیکیج کو آج ہی حتمی شکل دی جائے۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے مانیٹرنگ کا فول پروف میکنزم تشکیل دیئے کی ہدایت بھی دی۔
وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں چیف منسٹرز ریلیف پیکیج کو حتمی شکل دینے کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اراکین پنجاب اسمبلی سردار اویس لغاری، خواجہ عمران نذیر، بلال یاسین، رمضان صدیق بھٹی، ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان، مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، محکمہ زراعت، خوراک، صنعت اور خزانہ کے سیکرٹریز و متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

قوم کے مجرم اور بڑے فتنے کو اوقات سے باہر نہ کریں: مریم کی عمران خان پر تنقید

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ سیکیورٹی دیں لیکن قوم کے مجرم اورسب سے بڑے فتنے کو اوقات سے باہر نہ کریں۔
مریم نواز نے ٹوئٹ میں وزیرداخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ رانا ثناء اللہ صاحب قتل کی سازش کے ویڈیو ثبوت لئے بغیر عمران خان کو مت چھوڑنا تاکہ اس کے نئے شوشے اور جھوٹ کو ایکسپوز کیا جائے۔
ن لیگی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی دیں مگر قوم کے مجرم اور سب سے بڑے فتنے کو اس کی اوقات سے باہر مت کریں۔ چار سال کے دوران عوام کے پیسے پروٹوکول کی جولت گئی ہے یہ وہی مانگ رہا ہے۔

بگڑتی معاشی صورتحال کا چیلنج، وزیراعظم نے اتحادیوں کو عشائیے پر مدعو کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بگڑتی معاشی صورتحال کے بڑے چیلنج پر مشاورت کیلئے اتحادی جماعتوں کے قائدین کو عشائیے پر مدعو کرلیا، انتخابات کرائے جائیں یا اسمبلیوں کو مدت پوری کرنے دی جائے، بڑی بیٹھک میں بڑے فیصلے متوقع ہیں۔
اتحادیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم حکومت کے مستقبل سے متعلق فیصلہ آج کریں گے، شہباز شریف حکومتی مستقبل سے متعلق آپشنز اتحادی جماعتوں کے قائدین کے سامنے رکھیں گے۔ تمام اتحادی جماعتوں کی منظوری کے بعد ہی حکومت حتمی فیصلہ کرے گی۔
اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر مشاورت ہو گی۔ وزیر اعظم کابینہ کو بھی معاملے پر اعتماد میں لیں گے، ملکی مستقبل سے متعلق نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر بھی مشاورت ہو گی۔ وزیر اعظم بعد ازاں کابینہ کو بھی معاملے پر اعتماد میں لیں گے۔

آرٹیکل 63 اے کسی سیاسی جماعت کو نہیں سسٹم کو بچاتا ہے: سپریم کورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ آرٹیکل تریسٹھ اے کسی سیاسی جماعت کو نہیں سسٹم کو بچاتا ہے، یہ کیس آئینی تشریح کا بڑا اہم مقدمہ ہے، کل صدارتی ریفرنس کی کارروائی مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اشتر اوصاف اور مسلم لیگ ن کے وکیل مخدوم علی خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو چیف جسٹس نے کہا اٹارنی جنرل نے خود پیر کے روز دلائل میں معاونت کی بات کی تھی جبکہ مخدوم علی خان کو بھی آج دلائل دینے کیلئے پابند کیا تھا. لگتا ہے اس معاملے میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں. عدالت نے دیگر مقدمات قربان کر کے سماعت کیلئے مقرر کیا ہے. آرٹیکل 63 اے اہم ایشو ہے، اس کا فیصلہ دینا چاہتے ہیں۔
عدالت نے کہا مخدوم علی خان پیش نہیں ہوتے تو تحریری دلائل دے دیں۔ بی این پی کے وکیل مصطفی رمدے نے دلائل میں کہا کہہ یہ ضروری نہیں ہر انحراف کسی فائدے کیلئے ہو، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین سازوں نے ڈی سیٹ کی سزا رکھی ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ہر رکن اپنی مرضی کرے گا تو جمہوریت کا فروغ کیسے ہوگا، آرٹیکل 63 اے کے تحت انفرادی نہیں پارٹی کا حق ہے. کیا دس پندرہ ارکان سارے سسٹم کو تبدیل یا ڈی ریل کرسکتے ہیں، انحراف سے بہتر ہے استعفیٰ دے دیں جس سے سسٹم بھی بچ جائے گا۔ ضمیر کے مطابق بھی کوئی انحراف کرے تو ڈی سیٹ ہوگا۔
وکیل مصطفی رمدے نے کہا ہر مرتبہ عدالت کے کندھے استعمال ہوتے ہیں، یہ کام پارلیمنٹ کا ہے وہ خود کیوں نہیں کرتے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ہمارے کندھے اتنے کمزور نہیں بلکہ آئین پاکستان ہیں۔ عدالت کا کام آئین کا تحفظ اور تشریح کرنا ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ دنیا کے دو سو ممالک میں سے 32 ملکوں میں انسداد انحراف قانون ہے مگر اس پر عمل 6 ملکوں نے کیا ہے. چیف جسٹس نے کہا بحث سے ایک بات سمجھے ہیں کہ پارٹی کے سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کو ختم کر سکتا ہے، عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

یوکرینی فوج خارکیف میں روسی فوجیوں کو پیچھے دھکیلتے ہوئے سرحد تک پہنچ گئی

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرینی فوج نے روسی فوج کے زیر تسلط شہر خارکیف میں فتح حاصل کرتے ہوئے روسی فوج کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی فوج نے خارکیف میں روسی فوج کا قبضہ واگزار کرالیا ہے اور روس کی سرحد تک پہنچ گئے ہیں۔
یوکرین کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یوکرینی فوجی پیلے اور نیلے رنگ سے بنائیں گئی سرحدی حدود کی نشانی کے قریب جمع ہیں جس کے بعد روس کی حدود شروع ہوجاتی ہیں۔
ادھر صدر وولودیمر زیلنسکی نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی فوج نے اپنے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں کے زیر تسلط یوکرین کے شہر لوہانسک میں فائرنگ کر کے دو شہریوں کو قتل کردیا ہے۔
دوسری جانب یوکرین کی فوج نے دونیسک میں روسی فوجیوں اور ان کے حمایتی علیحدگی پسندوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
واضح رہے کہ روس نے عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 26 فروری کو یوکرین پر حملہ کردیا تھا اور روسی فوجیں یوکرین میں داخل ہوکر دارالحکومت کیف اور دوسرے بڑے شہر خارکیف پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا۔

انڈونیشیا میں سیاحوں کی بس بل بورڈ کے کھمبے سے ٹکرا گئی، 14 ہلاک

جاوا: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں سیاحوں کی بس سڑک کنارے نصب بل بورڈ کے کھمبے سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے کے صوبے جاوا میں معروف تفریح گاہ ڈینگ پلوٹو سے لمبی اور تھکا دینے والے سفر سے واپسی پر ڈرائیور کو اونگھ آگئی اور بس کھمبے سے جا ٹکرائی۔
مسافر بس کے بل بورڈ کے کھمبے سے ٹکرانے کے باعث 14 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
زخمیوں میں سے 5 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں مقامی اور غیرملکی سیاح بھی شامل ہیں۔
ہلاک ہونے والے سیاحوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ بس حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

تربت: سکیورٹی فورسز کی کارروائی، مبینہ خودکش بمبار خاتون گرفتار

تربت: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع تربت میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق تربت کے علاقے ہوشاب میں سی ٹی ڈی اور خواتین پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر مبینہ خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کر لیا، خاتون کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔
مبینہ بمبار خاتون سے دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوا ہے، خاتون سی پیک روٹ پر چینی قافلے کو نشانہ بنانا چاہتی تھی، تربت میں نیٹ ورک کو پکڑنے کے لئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

روپیہ کی بدترین گراوٹ، ڈالر مزید مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 65 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 192 روپے 53 پیسے سے بڑھ کر 194 روپے 18 پیسے ہو گئی ہے۔
جب گزشتہ ماہ11 اپریل کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں مخلوط حکومت نے اقتدار سنبھالا تو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 182.3 روپے تھی، تب سے روپیہ 11 روپے 40 پیسے یا 6.2 فیصد قدر کھوچکا ہےاور ڈالر مہنگا ہونے سے قرضوں کے بوجھ میں 1500 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔
روپے کی قدر میں کمی کی ایک وجہ درآمدی بلوں میں بے قابو اضافہ ہے جو کم برآمدات سے منسلک ہے، جو کہ تجارتی خسارے کی عکاسی کرتا ہے، جولائی سے اپریل کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 39 ارب ڈالر پر جا پہنجا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ایندھن اور توانائی میں سبسڈی کی فراہمی اور آئی ایم ایف کے قرض پروگرام میں تاخیر بھی روپے کی قدر میں کمی کا سبب بن رہے ہیں۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 819.14 پوائنٹس کی بڑی مندی کے بعد 42667.32 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.88 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔
رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران 13 کروڑ 47 لاکھ 52 ہزار 455 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 150 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔