سپریم کورٹ: پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی۔
سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کے دوران جسَٹس اعجازالحسن نے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودری کو بطور وکیل بات کرنے سے روک دیا۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ پہلے درخواست کو نمبر لگنے دیں بعد میں نوٹس جاری کرنے کے معاملے کو دیکھا جائے گا-
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ کیا حلقہ بندیوں کے خلاف درخواست میں کوئی ترمیم کی گئی ہے۔ کیا ترمیمی درخواست میں گراونڈز اور استدعا میں بھی کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔
وکیل پی ٹی آئی ایڈوکیٹ فیصل چودھری نے کہا کہ ترمیمی درخواست میں صرف فریقین کو تبدیل کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو نوٹس کر دیں۔ الیکشن کمیشن آرٹیکل 51 کے تحت نئی حلقہ بندیاں شروع کر چکا ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کے عمل کا آغاز ہونے سے کیا فرق پڑتا ہے۔ پہلے درخواست کو نمبر تو لگ لینے دیں۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 2ہفتوں کے لیے ملتوی کردی-

الیکشن یا آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات، 31 مئی تک اہم فیصلے ہو جائیں گے: شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا ہے کہ نگران حکومت آنی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ پٹرول گیس بجلی بڑھانی ہے یا الیکشن کرانے ہیں، ،ان حالات پر 31 مئی تک اہم فیصلے ہو جائیں گے۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈیفالٹ ہونے سے بچنے کے لیے عبوری معیشت دان زیر غور ہیں، نگران حکومت آنی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ پٹرول گیس بجلی بڑھانی ہے یا الیکشن کرانے ہیں، ان حالات پر 31 مئی تک اہم فیصلے ہو جائیں گے۔

بڑے چیلنجز کا سامنا، وزیراعظم نےاتحادی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس بلا لیا

حکومت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم نےاتحادی جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس آج بلا لیا، سیاسی، معاشی صورتحال اور انتخابی اصلاحات پر مشاورت ہو گی، حکومت کے مستقبل کے حوالے سے اہم بھی متوقع ہیں۔
وزیراعظم حکومت کے مستقبل سے متعلق فیصلہ آج کریں گے، شہباز شریف حکومتی مستقبل سے متعلق آپشنز اتحادی جماعتوں کے قائدین کے سامنے رکھیں گے۔ تمام اتحادی جماعتوں کی منظوری کے بعد ہی حکومت حتمی فیصلہ کرے گی۔
اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر مشاورت ہو گی۔ وزیر اعظم کابینہ کو بھی معاملے پر اعتماد میں لیں گے، ملکی مستقبل سے متعلق نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بھی متوقع ہے۔

شوگر ملز اور حکومت پنجاب کے مذاکرات ناکام، چینی کی 70 روپے فروخت سے انکار

لاہور: شوگر ملز  ایسوسی ایشن اور حکومت پنجاب کے درمیان معاملات طے نہیں پاسکے۔

ترجمان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے چینی کسی بھی صورت 70 روپےفی کلو نہیں دےسکتے، اس سے شوگر انڈسٹری تباہ ہوجائےگی۔

چینی کی قیمت پر حکومت پنجاب اور شوگرملز مالکان کے مذاکرات آج پھر متوقع  ہیں۔

روم ویمنز ٹینس؛ ایگا نے میدان مارلیا، لگاتار پانچویں ٹرافی پر قبضہ

ایگا سوائیٹک نے روم ویمنز ماسٹرز میں اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے لگاتار پانچویں ٹرافی اپنے نام کرلی۔
اٹالین ایونٹ کے فائنل میں ورلڈ نمبرون ایگا نے تیونس کی اونس جبیور کی کہانی ختم کی، ان کی جیت کا اسکور 2-6 اور 2-6 رہا، یہ ان کی لگاتار28 ویں میچ فتح بھی شمار ہوئی جس کے بعد انھوں نے مسلسل میچز جیتنے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، گزشتہ دنوں انھوں نے سرینا کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔
دوسری جانب ناکامی کے ساتھ اونس کی لگاتار 11 میچز فتوحات کا سلسلہ رک گیا، انھوں نے میڈرڈ ویمنز ٹینس ٹرافی جیتی تھی، سوائیٹک سیزن میں چار ماسٹرز ٹائٹل جیتنے والی دوسری خاتون پلیئر بنیں، سرینا ولیمز نے 2013 میں 5 ماسٹرز ٹائٹلز جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔
سوائیٹک نے گزشتہ برس روم میں کیریئر کا پہلا 1000 ماسٹرز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، وہ روم میں لگاتار دو ٹائٹل جیتنے والی نویں کھلاڑی اور 2 ٹرافیاں نام کرنے والے تیسری نوعمر پلیئر بھی بنیں، ان سے قبل یہ منفرد کارنامہ کرس ایورٹ اور گیبریلا سباٹینی نے انجام دے رکھا ہے۔

نئے کیسز رپورٹ ہونے پر 23 مئی سےانسدادپولیو مہم چلانے کا اعلان

پولیو کے نئے کیسز کے پیش نظر 23 مئی سے 29 مئی تک پورے ملک میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گا۔
ترجمان وزارت صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ یہ مہم پہلے چند علاقوں تک محدود رکھی گئی تھی مگر اب یہ پورے ملک میں چلائی جائے گی۔حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اور مربوط حکمت عملی تشکیل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو پولیو سے پاک بنانے کیلئےبھرپور جدوجہد کررہی ہے۔والدین سے اپیل ہے اپنے بچوں کو پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سول سوسائٹی، میڈیا، علماء کرام بھی پولیو کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کریں۔پولیو کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔پولیو کا خاتمہ ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس پاکستان میں پولیو کے 3 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ڈالر مزید مہنگا، ریٹ 193 روپے تک پہنچ گیا، سٹاک مارکیٹ ایک ہزار پوائنٹس گر گئی

سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران بڑی مندی دیکھی گئی،100 انڈیکس ایک ہزار پوائنٹس سے زائد گراوٹ کا شکار ہو گیا۔ دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر ریٹ بڑھ کر 193 روپے تک پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے آغاز میں ہی سٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان دیکھا گیا، ایک ہزار زائدپوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس 42 ہزار 424 پر پہنچ گیا۔دوسری جانب امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، انٹربینک میں ڈالر 47 پیسے اضافے سے 193 روپے پر ٹریڈ کرنے لگا۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، امریکی کروڈ آئل کی قیمت میں 1.57 فیصد کمی سے قیمت 108.8 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی، برطانوی خام تیل کی قیمں میں 1.73فیصد کمی سے فی بیرل قیمت 109.6 ڈالر ہو گئی

کیلیفورنیا، چرچ میں فائرنگ ، ایک شہری ہلاک، 5 زخمی

کیلیفورنیا کے لگونا ووڈز کے چرچ میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ چار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ امریکا میں ایک ہفتے میں یہ دوسرا فائرنگ کا واقع ہے۔
لگونا ووڈز 16 ہزار پر مشتمل ایک قصبہ ہے، جہاں 55 سال اوراس سے زائد عمر کے لوگوں کی ریٹائرمنٹ کمیونٹی رہائش پزیر ہے جسے کبھی لیزر ورلڈ کہا جاتا تھا۔
حکام نے بتایا کہ اتوار کے روز 30 سے ​​40 لوگ صبح سے چرچ میں موجود تھے، جس کے بعد وہ دوپہر کے کھانے کے لیے جمع ہوئے تبھی دوپہر 1.30 بجے سے کچھ دیر پہلے فائرنگ شروع ہوئی۔
ایک زخمی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ چار افراد شدید زخمی جبکہ ایک شخص کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ اورنج کاؤنٹی کے محکمہ نے بتایا کہ تمام متاثرین بالغ تھے اور انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص، 60 سالہ ایشائی شخص ہے، جسے حراست میں لیا جا چکا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے دو ہینڈگنیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
فوری طور پر فائرنگ کرنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی کوہ پیما عبدالجوشی نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لی

پاکستانی کوہ پیما عبدالجوشی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لی۔
عبدالجوشی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والے آٹھویں پاکستانی ہیں جبکہ آٹھ ہزار میٹر سے بلند دنیا کی چودہ چوٹیوں میں سے یہ ان کی دوسری چوٹی ہے، وہ اس سے قبل اناپورنا کو بھی سر کر چکے ہیں ۔
ہنزہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما نے گزشتہ برس گلگت بلتستان میں واقع مشکل ترین پاسو کونز کو سر کیا تھا، وہ پاسو کونز کو سر کرنے والے پہلے ماونٹینر ہیں۔

عمران خان کی سیکیورٹی کیلئے پولیس، ایف سی کی بھاری نفری تعینات

وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کی جانب سے عمران خان کی فُول پروف سیکیورٹی کے لیے واضح احکامات کر دئیے گئے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے بنی گالہ ہاوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کے 94 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، عمران خان کے بنی گالہ ہاوس کی سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد پولیس کے 22 اور ایف سی کے 72 اہلکار تعینات ہیں۔
خیبرپختونخوا پولیس کے 36 اورگلگت بلتستان کے6 اہلکاربھی عمران خان کی سیکیورٹی کےلیے تعینات ہیں، ایس ایم ایس سیکیورٹی کے 26 اور عسکری سیکیورٹی کے 9 اہلکار بھی بنی گالا ہاوس کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران موومنٹ عمران خان کے ساتھ اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں اور23 اہلکار، رینجرز کی گاڑی اور 5 اہلکار ہوتے ہیں، اب تک عمران خان کی سیکیورٹی کیلئے تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کے دو اجلاس ہوئے جس پر ان کی سیکیورٹی بڑھائی گئی ہے۔